Tag: rangers operation

  • سی ٹی ڈی اور رینجرز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 2 ملزمان گرفتار

    سی ٹی ڈی اور رینجرز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: کیماڑی کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی اور رینجرز کی جانب سے انفارمیشن بیسڈ آپریشن کیا گیا، سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق ملزم جمیل اور امیر حاتم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، ملزم امیرحاتم کالعدم تنظیم کے دہشتگرد محمد نعیم عرف خاکسار کا بھائی ہے۔

    سرچ آپریشن کے دوران تلاش ایپ ڈیوائس کا استعمال کیا گیا، جبکہ آپریشن میں 30مشتبہ افراد کی تلاش ایپ کے ذریعے تصدیق کی گئی۔ ملزمان کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں مقدمات درج کرلئے گئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے، فائرنگ کاواقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پرپیش آیا۔

    اوکاڑہ میں شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا

    فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت فدا حسین اور طارق کے ناموں سے ہوئی، جبکہ ایک ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت شیر علی کے نام سے ہوئی ہے جس کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی: منشیات فروشی میں ملوث افغان ڈکیت گرفتار

    کراچی: منشیات فروشی میں ملوث افغان ڈکیت گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مختلف وارداتوں اور منشیات فروشی میں ملوث 2 افغان ڈکیت گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ میٹروول میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائی میں انتہائی مطلوب خیالو ڈکیت گروپ کے 2 کارندے گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزم خلیل احمد اور حیات اللہ کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزمان نے مختلف علاقوں میں وارداتوں اور منشیات فروشی کا اعتراف کیا ہے۔

    ملزمان نے 5 جون کو میٹروول میں موبائل شاپ پر واردات کی تھی، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈکیتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • رینجرز کا سندھ کی بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن، خطرناک اشیاء برآمد

    رینجرز کا سندھ کی بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن، خطرناک اشیاء برآمد

    کراچی/ حیدر آباد / سکھر : سندھ رینجرز نے صوبے کی اہم جیلوں میں سرچ آپریشن کرکے قیدیوں کے زیر استعمال ممنوعہ اور خطرناک اشیاء برآمد کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے سینٹرل جیل کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں سرچ آپریشن کیا ہے، ڈی جی سندھ رینجرز کی سربراہی میں پورے جیل میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

    آپریشن کے دوران جیلوں کو مکمل بند کردیا گیا اور کسی قید کو بیرک سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی جب کہ قیدیوں سے طے شدہ ملاقاتیں بھی منسوخ کرادی گئیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق جیلوں میں اپنی نوعیت کا یہ منفرد آپریشن کافی عرصے بعد کیا گیا جس کے دوران قیدیوں کی بیرکوں سمیت جیل کے ہرحصے کی تلاشی لی گئی۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مذکورہ آپریشن میں رینجرز کے مختلف ونگز نے حصہ لیا، تینوں جیلوں کے تمام بیرکس اور سیلز کی مکمل تلاشی لی گئی، بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کے عملے اور سونگھنے والے کتوں کی مدد سے مکمل سرچ آپریشن کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق تلاشی کے دوران مختلف ممنوع اشیابرآمد کی گئیں، ٹیلی ویژن،بریکٹ فین، فریج، ایئر کولر، ناخن کٹر برآمد ہوئے، اس کے علاوہ قینچی، لائٹرز، سٹیپلرز، دستی گھڑی، گولڈ کی چینز بھی بیرکوں میں موجود تھیں۔

    ریجنرز ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی اشیاء میں پیڈسٹل فین اور اسٹیبلائزر بھی شامل ہے، سرچ اینڈ کامبنگ آپریشن دہشت گردی اور درپیش خطرات کے پیش نظر کیا گیا۔

  • کراچی میں رینجرزکی کارروائی: ایم کیوایم لندن کا اسلحہ برآمد

    کراچی میں رینجرزکی کارروائی: ایم کیوایم لندن کا اسلحہ برآمد

    کراچی : رینجرز نے کارروائی کرکے ایم کیوایم لندن کا اسلحہ برآمد کرلیا۔ محمود آباد کے قریب ڈاکو شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز کی تابڑ توڑکارروائیاں جاری ہیں۔ رینجرز نے نارتھ کراچی میں کارروائی کرکے چھپایا گیا اسلحے کا ذخیرہ برآمد کرلیاجو نارتھ کراچی عید گاہ گراؤنڈ میں واقع ایک کمرے اور اس سے متصل کچرا کنڈی میں چھیا یا گیا تھا۔

    اسلحے میں ایل ایم جی،ایس ایم جی،آوان بم اور گولیاں شامل ہیں، ترجمان رینجرز کے مطابق یہ اسلحہ ایم کیوایم (لندن) سیکریٹریٹ کے شرپسند عناصر نے شہر میں بدامنی پھیلانے کے لیے چھپایا تھا۔

    علاوہ ازیں ماہ رمضان میں اسٹریٹ کریمنل بھی سرگرم ہیں۔ محمود آباد میں مسلح افراد نے شہریوں کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا۔


    مزید پڑھیں : رینجرز اور رکن قومی اسمبلی پر حملے میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا کارکن گرفتار


    پاکستان بازار میں پولیس نے کارروائی کرکے تین ملزمان کو دھرلیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ برآمد کیا گیا، ملزم کی گرفتاری پر پولیس نے پانچ لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔


    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم لندن کے چار ٹارگٹ کلر گرفتار،اسلحہ برآمد


    ملزم سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہواہے۔ گرفتار ملزم قتل، پولیس مقابلوں، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔

  • کراچی: کومبنگ، ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 50افراد گرفتار

    کراچی: کومبنگ، ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 50افراد گرفتار

    کراچی : پولیس اور رینجرز نے کراچی کے بعض علاقوں میں کومبنگ اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پچاس افراد کو حراست میں لے کرتفتیش شروع کردی۔

    کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کاروائیاں جاری ہے، رات گئے پولیس نے سرجانی ٹاؤن کی خدا کی بستی میں کومبنگ آپریشن کے دوران بیالیس افراد کو حراست میں لے لیا، ایس پی اورنگی ٹاؤن علی آصف کے مطابق کومبنگ آپریشن میں ویسٹ زون پولیس کی بھاری نفری اور ریزرو پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

    دوسری جانب پی آئی بی کے علاقے غوثیہ کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران چار افراد کو حراست میں لے لیا، رینجرز نے ناظم آباد میں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مزید چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن داخلی راستے سیل کرکے گرفتار افراد کی نشاندہی پر کیے جارہے ہیں جبکہ زیرحراست افراد سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • فوجیوں کی شہادت کے بعد رینجرز کی کارروائیاں 10 افراد گرفتار

    فوجیوں کی شہادت کے بعد رینجرز کی کارروائیاں 10 افراد گرفتار

    کراچی : صدر پارکنگ پلازہ کے قریب دو فوجیوں کی شہادت کے بعد رینجرز کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن 10 افراد زیر حراست تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو فوجیوں کی شہادت کے بعد رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ تیز کردیا گیا۔ رات گیے رینجرز کی بھاری نفری نے لائنزایریا کے علاقے جیکب لائن اور دھوبی گھاٹ کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، گرفتار کیے گیے افراد میں ایک سیاسی جماعت کا سابق عہدیدار بھی شامل ہے۔

    دوسری جانب بریگیڈ تھانے کی حدود میں لائنزایریا کے علاقے جٹ لائن دھوبی گھاٹ میں رات گئے نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پڑھیں :  کراچی: دہشتگردی کے واقعے میں شہید فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا

    زخمیوں کی شناخت فیصل اور گووند کے ناموں سے ہوئی اور دونوں کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا گیا ہے جبکہ گلستان جوہر میں فائرنگ سے شہزاد اور میاں آصف نامی شخص زخمی ہوئے۔

    قبل ازیں رینجرز نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شاہ فیصل اور برنس روڈ سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے، رینجرز حکام نے مزید کہا ہے کہ زمین میں مودفون اسلحہ شہر میں بد امنی کے لیے چھپایا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں : سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ

    یاد رہے گزشتہ روز صدر میں آرمی ملٹری کی وین کو پارکنگ پلازہ کے قریب نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دو فوجی جوانوں شہید ہوئے تھے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق کارروائی کے وقت جائے وقوعہ کے خفیہ کیمرے بند تھے اور حادثے کے مقام سے خول برآمد نہیں ہوسکے، شبہ ہے کہ ملزمان کارروائی کے بعد خول جمع کرکے اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہوگیے۔

  • جامعہ کراچی کے2ملازم سابق پولیس افسر کے قتل میں ملوث

    جامعہ کراچی کے2ملازم سابق پولیس افسر کے قتل میں ملوث

    کراچي : جامعہ کراچی کے دو ملازم سابق پولیس افسر توفیق زاہد کے مبینہ قاتل نکلے، گلبرگ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پوليس اور رينجرز نے کارروائياں مزيد تيز کرديں، گلبرگ انوسٹي گيشن زون نے کارروائی کرکے سابق انسپکٹر توفیق زاہد کے قتل ميں ملوث دو ملزمان دھرليے ، گرفتار ملزمان کا تعلق سياسي جماعت سے ہے، ذرائع کے مطابق ملزم ريحان اور ذيشان کراچی يونيورسٹی ميں ملازم بھی ہيں۔

    دوسری جانب کراچی ميں لياری کے مختلف علاقوں ميں رينجرز نے سرچ آپريشن کيا، گھر گھر تلاشي کے دوران گينگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے سات کارندے اسلحہ سمیت گرفتار کرليے گئے ،رينجرز ذرائع کے مطابق ملزمان سے تفتيش کی جارہی ہے۔

    کراچی کے علاقے ناظم آباد ميں پوليس نے مقابلے کے بعد ملزم محمد پرويز کو گرفتار کرليا،ملزم نے اسٹريٹ کرائم کي درجنوں وارداتوں کا اعتراف کيا ہے۔

  • کراچی : رینجرزکی کارروائی، زمین میں دفنائی گئی 2000سےزائد گولیاں برآمد

    کراچی : رینجرزکی کارروائی، زمین میں دفنائی گئی 2000سےزائد گولیاں برآمد

    کراچی : کراچی کےعلاقے لائنز ایریا میں رینجرز نے کارروائی کے دوران بھاری مشینری سے زمین کی کھدائی کرکے اسلحے کی دو ہزارگو لیاں برآمد کر لیں۔

    کراچی میں قیام امن یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی فورسز دن رات متحرک ہیں، لائنز ایریا میں رات گئے رینجرز نے کارروائی کی ،اس دوران بھاری مشینری کے ذریعے زمین کی کھدائی کر کے ایس ایم جی ، جی تھری اورنائن ایم ایم کی دو ہزار سے زائد گو لیاں برآمد کر لی گئیں۔

    ذرائع کے مطابق کارروائی سیاسی جماعت کے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی۔

    دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب دوموٹر سائیکل پر سوار چار ملزمان نے سی ٹی ڈی کے اہلکار سے لوٹ مار کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ کر دی، جس سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شنا خت عبداللہ کے نام سے ہوئی۔

  • ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، حیدرعباس رضوی

    ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، حیدرعباس رضوی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں اور کارکنان کراچی میں رینجرزکے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جسے نمائش پرروک دیا گیا جہاں ریلی کے شرکا سےخطاب کرتے ہوئے حیدرعباس رضوی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

    ایم کیو ایم رہنماوٗں کے پولیس حکام سے مذاکرات ہوئے جس کے بعد رہنماوٗں نے ریلی کے شرکا سے خطاب کیا جس کے بعد ڈاکٹرفاروق ستارکارکنان کو پر امن طور پر منتشر ہونے کی ہدایت کردی۔

     


    ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی

    حیدرعباس رضوی


     

    ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہ ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ بےگناہ کارکنان کودفاتر سے گرفتار کیا جارہا ہے جس کے سبب عوام میں خوف وہراس پھیل رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کبھی بھی جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے سے کسی کو نہیں روکا۔


    ہمارا اتحاد کراچی کے عوام کے ساتھ ہے

    ڈاکٹر فاروق ستار


    ڈاکٹر فاروق ستار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اوراحتجاج کے لئے ہم نے سیاسی طریقہ کار اپنایا ہے۔

    فاروق ستار نے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ ’’ہم پرامن لوگ ہیں اگر چاہتے تو تمام رکاوٹیں عبورکرکے رینجرزہیڈ کوارٹرپہنچ جاتے‘‘۔

    انہوں نے یہ بھی کہاکہ ہم رینجرزہیڈکوارٹرجاکر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کرنا چاہتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری مخالف جماعتیں آپس میں اتحاد کرتی ہیں لیکن ہمارا اتحاد کراچی کے عوام کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کی ریلی پانچ دمسبرکی فتح کےجشن کی ریہرسل ہے۔


     

    ایم کیوایم کی ریلی


    ایم کیوایم کے کارکنان کی ریلی لیاقت آباد نمبردس سے برآمد ہوئی جس کی منزل ڈاکٹرضیاالدین روڈ پرواقع رینجرزہیڈ کوارٹرہے۔

    اس وقت پولیس افسران اور ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار اور وسیم اختر کے درمیان ریلی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔

    ایم کیوایم کی ریلی کو پولیس کی جانب سے نمائش چورنگی پرروک دیا گیا ہے جس کے سبب شہرکی مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کو نمائش تک آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرمظاہرین نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں کو انہیں روکنے کے لئے کاروائی کرنا ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے تحت کراچی کے ریڈ زون میں داخلے پرپابندی ہے اوررینجرزہیڈکوارٹر گورنرہاوٗس اور وزیراعلیٰ ہاوٗس کے قریب ہی واقع ہے جس کے سبب ایم کیوایم کے ارکان کو ریڈ زون میں داخلےکی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    ڈی آئی جی ساوٗتھ کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو روکنے کے لئے واٹرکینن اور آنسو گیس شیلنگ کا انتظام موجود ہے لیکن یہ ذرائع استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

    ایم کیوایم کا موقف ہے کہ کراچی میں جاری رینجرزآپریشن کے دوران 5 دمسبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی کاروائیوں میں مصروف ان کے کارکنان کو بلاجوازگرفتارکیا گیا۔

    پارٹی کا موقف ہے کہ وہ رینجرزہیڈ کوارٹر کے سامنے پرامن احتجاج رجسٹر کرانا چاہتے ہیں اوران کے کارکنان کی جانب سے کسی بھی غیرسیاسی رویے کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔


    قانون شکنی نہیں چاہتے، عامرخان


    ایم کیوایم کے سینئرلیڈرعامر خان نے اے آروائی نیوز کے نمئاندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت قانون کی پاسداری کرے گی اورکسی بھی صورت شہرکاامن برخاست نہیں کیا جائے گا۔

  • پرانی سبزی منڈی کے قریب رینجرز کاسرچ آپریشن، 30 گرفتار

    پرانی سبزی منڈی کے قریب رینجرز کاسرچ آپریشن، 30 گرفتار

    کراچی : پرانی سبزی منڈی کے قریب رینجرز نے سرچ آپریشن کرکے تیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرسرچ آپریشن کیا۔

    علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے جبکہ گھر گھر تلاشی کے دوران تیس مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے۔

    رینجرز نےجرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں کو بھی مسمار کردیا۔ آپریشن کے باعث حسن اسکوائر سے لیاقت آباد جانے والی سڑک بندکردی گئی۔

    گھر گھر تلاشی کے عمل میں خاتون رینجرزاہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ گزشتہ روز ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اجلاس کے دوران رینجرز کو شہر میں آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔