Tag: rangers raid at 90

  • کراچی: رینجرز کی ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر دوبارہ کارروائی

    کراچی: رینجرز کی ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر دوبارہ کارروائی

    کراچی:  رینجرز نے متحدہ قومی مومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر دوبارہ چھاپہ مار کر رابطہ کمیٹی کے انچارج کیف الوریٰ اور قمر منصور کو حراست میں لے لیا جبکہ ایم کیوایم رہنماء حیدر عباس رضوی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر ایک بار پھر کارروائی کی، رات گئے رینجرز کی بھاری نفری نے تمام داخلی وخارجی راستوں کو سیل کرکے علاقہ مکین سمیت کسی کو بھی اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔

    رینجرز نے خورشید بیگم میموریل ہال میں داخل ہوکر انچارج رابطہ کمیٹی کیف الوریٰ ،عظیم فاروقی، سفیان یوسف اور قمر منصور کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا تاہم عظیم فاروقی ، سفیان یوسف کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا، جبکہ قمر منصور اور کیف الوریٰ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ رینجرز اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے بغیر کسی وارنٹ ایم کیوایم کے مرکز پر کارروائی درست نہیں۔

    ندیم نصرت نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی جارہی ہیں، میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے تاہم ایم کیوایم ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی رینجرز نے مارچ میں ایم کیو ایم کے مرکز پر چھاپا مارکر ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان سمیت درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا تھا۔

  • نائن زیرو کے قریب رینجرز کی کارروائی، ایک شخص زیر حراست

    نائن زیرو کے قریب رینجرز کی کارروائی، ایک شخص زیر حراست

    کراچی: ایم کیو ایم کےمرکز نائن زیرو کے قریب رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے کارکن معظم علی کو حراست میں لے لیا۔

    رینجرز نےعلی الصبح ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مارا، زرائع کے مطابق کارروائی کے دوران رینجرز اہلکاروں نے معظم نامی شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے، ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے شخص کا تعلق سیاسی جماعت سےہے۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر اپنے ایک بیان میں اس بات کی کھلے الفاظ میں وضاحت کی ہے کہ میڈیا پرآنے والی اطلاعات کے مطابق عزیز آباد میں بوتراب امام بارگاہ کے سامنے واقع گھر سے گرفتار کئے جانے والے دو افراد جنہیں رینجرز کی بھاری نفری کی موجودگی میں گرفتار کیاگیا ہے ان کا ایم کیوایم سے دور دور کا بھی کوئی واسطہ نہیں ہے ۔

     رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یہ لوگ عزیز آباد میں کئی سالوں سے مقیم تھے تو ایم کیوایم کے کسی کارکن کی ذاتی طور پر تو ان سے سلام علیک ضرور ہوسکتی ہے لیکن ایم کیوایم کے ذمہ داریاکارکن کی حیثیت سے ان کا ایم کیوایم سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا ۔

  • ایم کیوایم کے کارکنوں کوانسان سمجھا جائے، فیصل سبزواری

    ایم کیوایم کے کارکنوں کوانسان سمجھا جائے، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنماء فیصل سبزواری نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے کارکن کے جاں بحق ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکن کو پوائنٹ بلینک گولی ماری گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سے جتنا بھی اسلحہ برآمد ہوا ہے سب کے لائسنس موجود ہیں اور جو ممنوعہ بور کا اسلحہ ہے اس کے پرمٹ وزارتِ داخلہ کی جانب سے دئیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نا ئن زیرو کے لئے حکومت اور انٹیلجنس اداروں کی جانب سے سیکیورٹی وارننگ ماضی میں جاری کی جاتی رہیں ہیں اورہمیں کہا جاتا رہا ہے کہ اسلحہ رکھا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ 1992سے آج تک یہی کیا جاتا رہا ہے جھوٹے سچے جناح پور کے نقشے بنائے جاتے رہے ہیں اور اب یہ اسلحہ دکھایا گیا ہے، اگررینجرزچاہے توہم انہیں سب کے پرمٹ اورلائسنس دکھا سکتے ہیں۔

    انہوں نے مبینہ طور پررینجرز کی فائرنگ کے نتیجے میں اے پی ایم ایس او کے کارکن وقاص علی شاہ کی ہلاکت پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے ترجمان نے خود کہا ہے کہ کسی قسم کی مزاحمت نہیں ہوئی اس کے باوجود ہمارے کارکنان پرتشدد کیا گیا ، خواتین کو مارا گیا اور نوجوان کارکن کو پوائنٹ بلینک گولی ماردی گئی۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ میڈیا کے کیمروں نے سارا منظرریکارڈ کیا ہے اورنجی ٹی وی کا کیمرہ مین بھی زخمی ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے نواحی علاقوں سے ایک لاش ملتی ہے تو ایم کیو ایم کے تمام لاپتہ کارکنوں کے گھر میں کہرام مچ جاتا ہے ایسی صورتحال میں ہم احتجاج بھی نہ کریں تواورکیا کریں؟۔

    انہوں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ رینجرز کے چھاپے کے دوران بے گناہ کارکن کی ہلاکت اور خواتین پرتشدد کا جواب دیا جائے۔

    انہوں وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرکے کہاکہ’’کراچی کو صرف سڑکیں نہیں بلکہ سڑکوں پر انسانوں کو بھی ضرورت ہے‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اپنے قائد کے کہنے پرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن احتجاج کررہے ہیں، خدارا ایم کیو ایم کے کارکنوں کو انسان سمجھاجائے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سیاسی مرکز نائن زیرو پر رینجرز کی جانب سے رات گئے چھاپہ مارا گیا اور اسلحہ برآمد کیا گیا ، ساتھ ہی ساتھ ایم کیو ایم کے رہنماء عامرخان کو چند مشتبہ افراد کے ساتھ پوچھ گچھ کے لئے لے گئے ہیں۔