Tag: rangers

  • کراچی میں پولیس مقابلہ: پانچ ملزمان مارے گئے،اسلحہ برآمد

    کراچی میں پولیس مقابلہ: پانچ ملزمان مارے گئے،اسلحہ برآمد

    کراچی : پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں کے دوران پانچ ملزمان مارے گئے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    ناظم آباد دو نمبر میں پولیس اور رینجرزکی مشترکہ کارروائی کےدوران ملزمان اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کےدرمیان فائرنگ کےتبادلے میں ایک ملزم ماراگیا۔

    سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کےقریب رینجرز کی چھاپہ مارکارروائی میں دو طرفہ فائرنگ کےنتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی،ملزمان کےقبضےسےاسلحہ بھی ملا ہے۔

    لیاری کےعلاقےبغدادی میں لیاری گینگ وار ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نےسرچ آپریشن کیاجس کےدوران گینگ وار ملزمان اور پولیس کی جانب سےفائرنگ کےتبادلے میں گینگ وار کے تین ملزمان مارےگئے۔

    ہلاک ملزمان کی شناخت عبدالرحمان عرف لمبا،سبحان عرف گرنیڈاور علی شان عرف شان کےناموں سےکی گئی۔

    پولیس کےمطابق ہلاک ملزمان تیس سےزائد افرادکی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اوراغوا برائےتاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ملزمان کے قبضے سےایوان لانچر،سولہ گولےاور اسلحہ بھی ملاہے۔پراناگولیماربلوچ پاڑہ کےقریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سےہارون نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔

  • کراچی: فرقہ وارانہ اور سیاسی ٹارگٹ کلنگ میں تیزی

    کراچی: فرقہ وارانہ اور سیاسی ٹارگٹ کلنگ میں تیزی

    کراچی: شہر قائد میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں یکایک تیزی آگئی،فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کا اہم رہنمااور کارکن سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

    کراچی میں پولیس اور رینجرزکے ٹارگٹڈ آپریشن، ٹارگٹ کلرز کو لگام دینے میں ناکام نظرآتےہیں، شہر میں ایک بارپھر فرقہ واریت ٹارگٹڈ کلنگ میں تیزی آگئی ہے۔

    شیرشاہ میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ڈاکٹر فیاض اور محمد عارف کے نام سے ہوئی ہے، مقتولین کا تعلق اہلسنت والجماعت سے تھا۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد مختلف علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے ۔ترجمان اہلسنت کے مطابق ڈاکٹر فیاض جماعت کے اہم رہنما تھے۔

    اس سے قبل مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایڈوکیٹ علی حسنین بخاری کوقتل کردیا تھا، گزشتہ چارروز کے دوران فرقہ واریت ٹارگٹ کلنگ کے دوران چھ افراد جاں بحق ہوگئے، جن کا تعلق مختلف مذہبی جماعتوں سے تھا۔

  • بھارتی فوج کی ہرپال سیکٹر اورنکیال سیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ

    بھارتی فوج کی ہرپال سیکٹر اورنکیال سیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ

    سیالکوٹ: ہرپال سیکٹراور نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جوابی کارروائی سے بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، نکیال سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے بارہ سالہ لڑکی زخمی ہوگئی۔ چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فائرنگ کا واقعہ ہرپال سیکٹر میں پیش آیا جس کے بعد چناب رینجرز کی طرف سے بھرپور جوابی کاروائی کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ کاسلسلہ شام سےجاری ہے، بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

  • کراچی،رینجرز کا سیاسی جماعت کے دفترپرچھاپہ

    کراچی،رینجرز کا سیاسی جماعت کے دفترپرچھاپہ

    کراچی : رینجرزنے کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک سترہ میں ایک سیاسی جماعت کے دفترپر چھاپہ مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا،جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں قیام امن کے لئے رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔ رینجرزنے کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک سترہ میں ایک رہائشی عمارت میں کارروائی کرتے ہوئے ایک سیاسی جماعت کے دفترپر چھاپہ مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ۔جنہیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔

    آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بند کردیا گیا اور کسی شخص کو عمارت کے اندر آنے یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

    علاوہ ازیں رکن صوبائی اسمبلی ایم کیوایم ارتضیٰ فاروقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرزنے تلاشی کے بعد عمارت کو کلئیر قرار دے دیا اورکسی شخص کو بھی حراست میں نہیں لیا گیا۔

  • ملک بھر میں 56 لاکھ مشکوک موبائل فون سمز بلاک

    ملک بھر میں 56 لاکھ مشکوک موبائل فون سمز بلاک

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی نےملک بھر میں چھپن لاکھ مشکوک موبائل فون سمز بلاک کردیں، چھبیس فروری سےغیرتصدیق شدہ سمزکی بندش کا پہلا مرحلہ شروع ہوجائیگا۔

    پی ٹی اے نےچھپن لاکھ مشکوک موبائل فون سمزکوبلاک کردیا ہے، ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہےکہ موبائل فون سمزکی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں ہوئی، 26فروری سےغیرتصدیق شدہ سمزکی بندش کا پہلا مرحلہ شروع ہوجائیگا۔

    14اپریل تک تمام غیرتصدیق شدہ سمزبلاک کردی جائیں گی، پہلےمرحلےمیں3سےزائد سمیں رکھنےوالے صارفین کی غیرتصدیق شدہ سمز بند ہوں گی، پی ٹی اے کےمطابق جنوری میں ہوئےمعاہدے کےتحت سمزکی تصدیق کیلئے90دن رکھےگئےتھے۔

    اب تک 4کروڑ 74 لاکھ سمزکی بائیو میٹرک تصدیق کرلی گئی ہے، جو3کروڑ 56 لاکھ شناختی کارڈ پر جاری ہوئیں، ملک میں موبائل فون صارفین کی مجموعی تعداد 13کروڑ 57 لاکھ 60 ہزار ہے جبکہ 8کروڑ 83 لاکھ سمزکی بائیو میٹرک تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

  • کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی : انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بارہ مئی کے ملزم عبدالرفیق راجپوت کو تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت نوے دن کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا، ملزم ایم کیو ایم محمود آباد کا سیکٹر انچارج ہے۔

    بارہ مئی قتل وغارتگری کے الزام میں گرفتار ایم کیوایم کے سیکٹر انچارج رفیق راجپوت کوانسدادِ دہشت گردی کراچی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا، ملزم کو اسپیشل ٹاسک فورس نےعدالت میں پیش کیا، عدالت نے ملزم کو ترمیمی شق کے تحت نوے روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق رفیق راجپوت اسٹیٹ بینک میں اٹھارہویں گریڈ کا افسر ہے، رفیق راجپوت پر سانحہ بارہ مئی سمیت ٹارگٹ کلنگ کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا الزام ہے۔

    گزشتہ روز بارہ مئی کے پُرتشدد واقعات کا ایک ملزم سات سال بعد گرفتارکرلیا گیا، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم عبدالرفیق عرف کائیں ایم کیوایم محمودآباد سیکٹر کا انچارج اور بارہ مئی کے واقعات میں ملوث ہے، جس کا وہ اعتراف بھی کرچکا ہے، ملزم ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور زمینوں پرقبضے کے مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ عبدالرفیق نے رئیس مما سمیت دیگر ٹارگٹ کلرز کو تحفظ دینے اور ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والے اسلحہ چھپانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

  • رینجرز نے گینگ وار کے 5، پولیس نے ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گرد مار گرائے

    رینجرز نے گینگ وار کے 5، پولیس نے ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گرد مار گرائے

    کراچی: شہر کے نواحی علاقے ملیرمیں رینجرز سے مقابلے میں لیاری گینگ وار کے نامی گرامی ملزم شیرازکامریڈ اوریوسف پٹھان سمیت پانچ ملزمان ہلاک جبکہ منگھو پیرمیں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے چاردہشت گرد مارے گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق علی الصبح ملیرندی کے قریب رینجرز نے گینگ وار کے ٹھکانے پرکاروائی کی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پرملزمان کے گرد گھیرا ڈالا تو گینگ وار کارندوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی کاروائی میں لیاری گینگ وارکے پانچ انتہائی مطلوب کارندے مارے گئے۔

    کاروائی میں گینگ وار کے دو اہم کمانڈرشیرازعرف کامریڈاوریوسف پٹھان بھی نشانہ بنےجبکہ دیگرتین کارندوں میں اکبرملیری، خالدلاشاری اورگلاب حسن عرف پیرو شامل ہیں، ہلاک ہو نے والے افراد دہشتگردی، قتل و غارت گری، بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے اورملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    اس سے قبل رات گئے منگھو پیر میں کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد سی آئی ڈی پولیس کی شکنجے میں پھنس گئے۔پولیس کے مطابق منگھو پیر کے علاقے غازی ٹاوٴن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرکارروائی کی گئی۔

    کاروائی کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پرفائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان کے چاردہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان شیرزمان گروپ سے بتایا جاتا ہے۔

  • احمد چنائے نے خود کو جھوٹا ثابت کردیا ہے، ترجمان ایم کیوایم

    احمد چنائے نے خود کو جھوٹا ثابت کردیا ہے، ترجمان ایم کیوایم

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ احمد چنائے نے اپنے گھر پر رینجرز کے چھاپے پر اپنا موٴقف تبدیل کرکے خود کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔

    سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے کے گھر پر رینجرز کے چھاپے کی خبر نے شہر میں ہلچل سی مچادی اور چند گھنٹوں میں اس خبر نے کئی رخ اختیار کیے۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے احمد چنائے کے گھر پر رینجرز کے چھاپے کی شدید مذمت کی مگر اسی دوران احمد چنائے نے گورنر ہاوس میں ایک پریس کانفرنس میں اس معاملے کو کچھ کا کچھ کردیا، جس پر ایم کیو ایم نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

      ترجمان ایم کیو ایم نے احمد چنائے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیوایم نے تو زیادتیوں اور ناانصافیوں پر کھل کر آواز احتجاج بلند کی لیکن آپ نے نامعلوم وجوہات کی بنیاد پراپنے تمام بیانات کو یکسر تبدیل کردیا ۔

    ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ احمد چنائے نے اپنے موٴقف کو یکسر تبدیل کرکے اپنے آپ کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ بہتر تھا کہ احمد چنائے پریس کانفرنس ہی نہ کرتے اور اگر کرتے تو اس میں حقائق بیان کرتے اور احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان بھی کرتے۔

  • کراچی : فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق، پانچ ملزمان گرفتار

    کراچی : فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق، پانچ ملزمان گرفتار

    کراچی : شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد جاں بحق، لانڈھی میں رینجرز نے کارروائی کے دوران پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ناظم آباد نمبر تین کے قریب موٹر سائیکل سوارملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسجد کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی دیتے دوپولیس اہلکارجاں بحق ہوگئے ۔

    مقتول پولیس اہلکار ناظم آباد تھانے میں تعینات تھے جن کی شناخت ہیڈ کانسٹبل عبدالغفور اور سپاہی فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے ، گلبرگ بلاک بارہ میں کلینک بند کرکے گھر جانے والے ڈاکٹر فاروق احمد شیخ کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردی۔

    پولیس کے مطابق مقتول ڈاکٹر فاروق گلبرگ بلاک تیرہ کے رہائشی تھے اور انہیں گھر واپسی پر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا،پاپوش نگر ریلوے پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد نے پینتالیس سالہ ریحان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    گذشتہ روزقائد آباد کے علاقے میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے حنیف نے رات گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، دوسری جانب لانڈھی 89 میں رینجرز نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    زیر حراست افراد میں سے تین کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، زیر حراست افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

  • کراچی میں رینجرز کی کارروائی،نوملزمان گرفتار

    کراچی میں رینجرز کی کارروائی،نوملزمان گرفتار

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں  نے کاروائیاں تیز کردی ہیں، اس حوالے سے کراچی میں  رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران ٹارٖگٹ کلرسمیت نو ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیاں بھی تیزی سے جاری ہیں ۔

    رینجر ترجمان کا کہنا ہے کہ سعیدآباد، فرنٹیئرموڑ ،نارتھ ناظم آباداور گلبرگ میں جھاپے مارے گئے۔ کارروائیوں کے دروان نو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔

    رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلرزبھی شامل ہیں جبکہ ملزمان کے پاس سےایس ایم جیز،آوان بم، جی3 فائفلز، دستی بم اور گولیاں بھی برآمد کی گئی۔گرفتار شدگان کیخلاف مقدمات درج کر کے تفتیش جاری ہے۔