Tag: rape

  • بھارت میں دلت بہنوں کا ریپ اور قتل، 6 افراد گرفتار

    بھارت میں دلت بہنوں کا ریپ اور قتل، 6 افراد گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں 2 دلت لڑکیوں کو زیادتی کے بعد قتل کردینے اور ان کی لاشیں درخت سے لٹکا دینے کے بعد ایک بار پھر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے اب تک 6 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں نچلی ذات سے تعلق رکھنے والی 2 لڑکیوں کے ریپ اور قتل کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ ان دو دلت لڑکیوں کی لاشیں درخت سے لٹکی ہوئی ملی تھیں۔

    مقامی پولیس کے مطابق 15 اور 17 سالہ دو لڑکیوں کی لاشیں بھارت کی سب سے زیادہ گنجان آباد ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھم پور کھیری سے ملی ہیں۔

    مقامی پولیس کے عہدے دار سنجیو سمن نے بتایا کہ ملزمان میں سے چار افراد لڑکیوں کو جھانسہ دے کر کھیتوں میں لے گئے اور وہاں ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔

    سنجیو کے مطابق واقعے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ لڑکیوں کو گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد ان کے ڈوپٹوں کے ساتھ انہیں درخت سے لٹکا دیا گیا۔

    بھارت میں ابھی تک ذات پات کا نظام قائم ہے اور بالخصوص کمتر سمجھی جانے والی ذاتوں کی خواتین پر تشدد کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔

    دوسری جانب مقتولہ لڑکیوں کے خاندانوں نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ان لڑکیوں کو موٹر سائیکل سواروں نے اغوا کیا، اس کے بعد ان کا ریپ کر کے انہیں قتل کر دیا۔

    اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ براجیش پاتھک نے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اس قسم کے واقعات کو بہت سنجیدہ لیتی ہے، ہم قانون کے مطابق سخت ترین ایکشن لیں گے۔

  • مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوگیا، 8 سالہ بچی سے مبینہ اجتماعی زیادتی سمیت ریپ کے کئی واقعات سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا جس کی تفصیلات مقامی پولیس نے جاری کی ہیں۔

    مظفر گڑھ کے علاقے ٹبہ کریم آباد میں 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد 3 میں سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں مبارک پور میں رکشے میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    ایک اور واقعے میں شہر کے وسط میں کار سوار ملزم نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا، واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

    اس سے 2 روز قبل خان گڑھ میں دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کی گئی تھی جس کے ملزم تاحال نہ گرفتار ہوسکے۔

  • پنجاب میں اجتماعی زیادتی سمیت خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    پنجاب میں اجتماعی زیادتی سمیت خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں ہولناک اضافہ

    لاہور: پنجاب پولیس نے گزشتہ 3 برسوں میں خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کے اعداد و شمار جاری کردیے، سنہ 2021 میں گزشتہ 2 سالوں کے مقابلے میں زیادتی کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں 3 سال کے دوران خواتین کے قتل، ریپ اور اغوا کے 87 ہزار واقعات ہوئے، پولیس ریکارڈ کے مطابق صرف سنہ 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کے 20 ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے۔

    پنجاب پولیس کے ریکارڈ کے مطابق سنہ 2019 میں گھریلو تشدد میں 413، اور غیرت کے نام پر 197 خواتین کو قتل کیا گیا۔

    اس سال 3 ہزار 881 خواتین زیادتی کا نشانہ بنیں جبکہ 190 خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے ہولناک واقعات پیش آئے۔

    صوبے میں سنہ 2020 میں گھریلو تشدد میں 376، اور غیرت کے نام پر 237 خواتین کو قتل کیا گیا، دیگر واقعات میں 502 خواتین قتل ہوئیں۔

    اس سال زیادتی کے 3 ہزار 773 اور اجتماعی زیادتی کے 219 واقعات رونما ہوئے۔

    سنہ 2021 میں گھریلو تشدد میں 444 اور غیرت کے نام پر 197 خواتین قتل ہوئیں، دیگر واقعات میں 451 خواتین کو قتل کیا گیا۔

    پولیس ریکارڈ کے مطابق خواتین سے زیادتی کے 4 ہزار 329 اور اجتماعی زیادتی کے 269 واقعات پی شاائے۔

  • سپریم کورٹ میں زیادتی کے ملزم کی ضمانت کالعدم، ملزم دوبارہ گرفتار

    سپریم کورٹ میں زیادتی کے ملزم کی ضمانت کالعدم، ملزم دوبارہ گرفتار

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے زیادتی کے ملزم کی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ اگر لڑکی ہوٹل میں گئی تو اس کا مطلب ہے کہ زیادتی کر کے تصاویر بنا لی جائیں؟

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں زیادتی کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار خاتون نے ملزم فرحان پر تھانہ صادق آباد میں زیادتی کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔

    دوران سماعت عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ملزم اور تفتیشی افسر نے مل کر تمام شواہد ضائع کر دیے، متاثرہ لڑکی کا اب تک میڈیکل ہو سکا نہ ہی بیان ریکارڈ کیا گیا۔

    جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کا حقائق کی موجودگی میں ملزم کو ضمانت دینا حیران کن ہے، تفتیش کے لیے کسی خاتون افسر کو ٹیم کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا؟

    سی پی او راولپنڈی نے بھی تفتیشی افسر کی جانب سے شواہد ضائع کرنے کا اعتراف کرلیا۔

    جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ لڑکی کے مطابق تفتیشی افسر بھی رات کو بلا کر ہراساں کرتا رہا۔

    سی پی او نے کہا کہ از سر نو تحقیقات میں لڑکی کے الزامات درست ثابت ہوئے، تفتیشی افسر شہزاد انور کی تنزلی کی جاچکی ہے اور اس کی سزا میں اضافے کی سفارش بھی کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ از سر نو تحقیقات کے بعد چالان جمع کروا دیا ہے۔

    دوران سماعت ملزم کے وکیل نے کہا کہ خاتون خود لڑکے کے ساتھ ہوٹل میں گئی جس پر جسٹس اعجاز نے کہا کہ ہوٹل میں جانے کا کیا مطلب ہے زیادتی کر کے تصاویر بنائی جائیں؟

    ملزم کے وکیل نے مزید کہا کہ لڑکی کا ملتان میں نکاح ہو چکا ہے جس پر بینچ میں شامل جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ کیا شادی شدہ ہونا زیادتی کا لائسنس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ملزم پولیس پر اثر انداز ہو سکتا ہے وہ متاثرہ لڑکی پر کیسے نہیں ہوگا۔

    عدالت نے ملزم کی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، ضمانت منسوخ ہونے پر راولپنڈی پولیس نے ملزم فرحان کو گرفتار کر لیا۔

  • ‘اگر زیادتی کا شکار ہونا ناگزیر ہو جائے تو’ … بھارتی سیاست دان نے حد کر دی

    ‘اگر زیادتی کا شکار ہونا ناگزیر ہو جائے تو’ … بھارتی سیاست دان نے حد کر دی

    نئی دہلی: ایک طرف بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات وبا کی طرح پھیلے ہوئے ہیں، دوسری طرف آئے روز سیاست دانوں کی جانب سے ریپ سے متعلق انتہائی بے حسی پر مبنی بیانات سامنے آتے رہتے ہیں۔

    تازہ ترین واقعہ بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کا ہے، جہاں رکن اسمبلی اور سابق اسپیکر کے آر رمیش کمار نے جمعرات کے روز ریپ کے حوالے سے متنازعہ بیان دے دیا۔

    کرناٹک اسمبلی میں ایک بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے رکن رمیش کمار نے کہا ‘لوگ کہتے ہیں کہ اگرریپ ہونا ناگزیر محسوس ہوتو آرام سے لیٹ جانا اور اس سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔’

    بیان تو تھا ہی افسوس ناک تاہم اس کے بعد ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آ گیا، اس بیان پر اسمبلی کے اسپیکر نے کوئی اعتراض نہیں کیا بلکہ ہنستے رہے، اور دیگر اراکین بھی بیان سے محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔

    جب سوشل میڈیا پر رمیش کمار کے خلاف سخت رد عمل سامنے آیا، متعدد خواتین تنظیموں اور خواتین سیاست دانوں نے بھی اس پر سخت اعتراض کیا، تو رمیش کمار نے جمعے کے روز اسمبلی میں اپنے بیان پر معذرت کی، اور اس کے بعد ہی کانگریس پارٹی نے بھی بیان پر ناراضی کا اظہار کیا۔

    تاہم بھارت میں پیش آنے والا یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے، ماضی میں متعدد اہم سیاست دان خواتین اور بالخصوص ریپ کی متاثرین کے لیے بے حسی کا اظہار کر چکے ہیں۔

    اس حوالے سے سب سے ‘مشہور’ بیان سابق وزیر دفاع اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کا ہے، جنھوں نے ریپ کے لیے سزائے موت کی مخالفت کرتے ہوئے 2014 میں کہا تھا، ‘لڑکے ہیں، غلطی ہو جاتی ہے، لڑکیاں پہلے دوستی کرتی ہیں، اختلاف ہو جاتا ہے، تو اسے ریپ کا نام دے دیتی ہیں۔’

    ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالا نے لڑکیوں کو ریپ سے بچانے کے لیے ان کی شادی 16 برس میں ہی کر دینے کا مشورہ دیا تھا اور کہا تھا، ‘لوگ مغلوں کی زیادتی سے اپنی بیٹیوں کو بچانے کے لیے کم عمر میں شادی کر دیتے تھے، ریاست میں بھی یہی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔’

  • گیم میں دوستی پھر شادی کا جھانسہ، لڑکی مبینہ زیادتی کا شکار

    گیم میں دوستی پھر شادی کا جھانسہ، لڑکی مبینہ زیادتی کا شکار

    لاہور : نوجوانوں نے پب جی گیم کے دوران لڑکی سے دوستی کی اور پھر شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جنسی زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، تھانہ نارتھ کینٹ کی حدود میں تین نوجوانوں نے لڑکی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مبینہ زیادتی کے مقدمے میں تین نوجوان حارث، حسن اور وحید کو نامزد کیا گیا۔

    متن کے مطابق حارث نامی نوجوان کی پب جی کے دوران کراچی سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے دوستی ہوئی جس کے بعد حارث نے لڑکی کو شادی کے بہانے لاہور بلایا۔

    حارث نے لڑکی کے لاہور پہنچنے پر اسے نجی ہوٹل میں تین روز تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر اسے چھوڑ کر چلا گیا جب لڑکی واپس جانے کےلیے ریلوے اسٹیشن پہنچی تو وہاں اس کی حسن اور وحید سے ملاقات ہوگئی۔

    دونوں ملزمان نے لڑکی کو لاہور میں ہی نوکری کا جھانسہ دیا اور ایک گھر میں لے جاکر اپنی جنسی حوس پوری کی، مقدمے کے متن کے مطابق کراچی سے آئی لڑکی نے بھاگ کر جان بچائی۔

  • مظفر گڑھ میں لیڈی سب انسپکٹر کے ساتھ زیادتی

    مظفر گڑھ میں لیڈی سب انسپکٹر کے ساتھ زیادتی

    مظفر گڑھ: صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں پولیس کی لیڈی سب انسپکٹر کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں پولیس کی لیڈی سب انسپکٹر کو مبینہ اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زیادتی کا شکار سب انسپکٹر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، لیڈی انسپکٹر کو تھانہ صدر کے قریب سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا، سب انسپکٹر کیس کی تفتیش کے لیے رکشے میں تھانے آرہی تھیں۔

    پولیس کے مطابق کاشف نامی مسلح ملزم لیڈی انسپکٹر کو چمن بائی پاس کے قریب باغات میں لے گیا جہاں اس نے انسپکٹر کو زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا، بعد ازاں ملزم زخمی لیڈی انسپکٹر کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی کار برآمد کرلی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔

  • اجنبی شخص کی دروازہ کھٹکھٹا کر خاتون کو سرعام ریپ اور قتل کی دھمکیاں

    اجنبی شخص کی دروازہ کھٹکھٹا کر خاتون کو سرعام ریپ اور قتل کی دھمکیاں

    امریکا میں ایک نامعلوم شخص ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر اندر موجود خاتون کو زیادتی اور قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا، پولیس نے جلد ہی مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر لاس ویگس میں پیش آیا جو خاتون کے دروازے پر لگے رنگ کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔ مذکورہ شخص امانڈا نوواک نامی خاتون کے دروازے پر کھٹکھٹاتا رہا اور بار بار کہتا رہا کہ اسے ان سے کچھ سوالات کرنے ہیں۔

    خاتون دروازے کے سامنے سے ہٹ کر چھپ گئیں اور 911 کو کال کی، ان کے شوہر گھر پر موجود نہیں تھے تاہم انہوں نے انٹر کام کے ذریعے اس شخص سے پوچھا کہ وہ کیا چاہتا ہے۔

    جس پر اس شخص نے نہایت پرسکون انداز میں بتایا کہ وہ اندر موجود لڑکی کا ریپ اور قتل کرنا چاہتا ہے، اس نے اعتراف کیا کہ اس کے پاس ایک پستول اور چاقو بھی ہے۔

    بعد ازاں پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ خاتون نے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ اب یہ شخص کسی کو نقصان پہنچانے کے قابل نہیں رہا۔

  • میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی، مقدمات درج

    میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی، مقدمات درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی کا واقعہ سامنے آگیا، ملزمان نے ویڈیو بنائی بعد ازاں ایک سال تک بلیک میل کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں 3 بچوں سے زیادتی کی ایف آئی آرز سامنے آگئیں، ملزمان زیادتی کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔

    پہلی ایف آئی آر کے مطابق ملزمان سرفراز اور خرم نے گھر لے جا کر زیادتی کی، ملزمان نے ویڈیو بنائی بعد ازاں ایک سال بلیک میل کرتے رہے۔

    دوسری ایف آئی آر میں درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ 10 سالہ بیٹے سے ذیشان، حسن اور حمزہ نے زیادتی کی کوشش کی، ملزمان نے بیٹے کو برہنہ کر کے ویڈیو بھی بنائی۔

    تیسری ایف آئی آر میں 9 سالہ لڑکے سے 2 ملزمان پر زیادتی کا الزام لگایا گیا، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ملزمان حسن اور ذیشان نے 9 سالہ بیٹے سے زیادتی کی۔

    پولسی کا کہنا ہے کہ زیادتی کے تینوں واقعات تھانہ موچھ کی حدود میں پیش آئے، 2 واردتوں میں حسن اور ذیشان نامی ملزم نامزد ہیں، مذکورہ دونوں وارداتیں ذیشان اور حسن کی بیٹھک پر ہوئیں۔

  • بھارت: بچے کی گردن پر چھری رکھ کر ماں کے ساتھ اجتماعی زیادتی

    بھارت: بچے کی گردن پر چھری رکھ کر ماں کے ساتھ اجتماعی زیادتی

    نئی دہلی: بھارت میں اجتماعی جنسی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ پیش آگیا، ملزمان نے بچے کی گردن پر چھری رکھ کر ماں کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کے علاقے بلدیو نگر میں خاتون نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ وہ امتحانات کی تیاری کے لیے بلدیو نگر سے باڑمیر کے لیے اپنے بچے کے ساتھ روانہ ہوئیں۔

    راستے میں 3 افراد نے انہیں لفٹ کی پیشکش کی، اس کے بعد وہ انہیں اور ان کے بچے کو ایک سنسان مکان میں لے گئے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ان کے بچے کی گردن پر چاقو رکھ دیا اور اس کے بعد انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا ہے، معاملے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے اور پولیس ملزمان کی تلاشی کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

    یاد رہے کہ اسی ماہ ریاست راجستھان کی مقامی عدالت نے 5 سال کی بچی کو جنسی زیادتی کا شکار بنانے والے ملزم کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔

    اس سے قبل ہریانہ میں ہی 16 سالہ لڑکی کے ساتھ 7 افراد کی 6 ماہ تک اجتماعی زیادتی کا واقعہ بھی سامنے آیا جس کے ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے۔

    بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق خواتین سے جنسی زیادتی بھارت کا چوتھا بڑا اور عام جرم بن چکی ہے، سنہ 2019 میں ملک بھر میں زیادتی کے 32 ہزار 33 واقعات رپورٹ کیے گئے، یعنی روزانہ 88 خواتین / بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    غیر رپورٹ شدہ واقعات کی تعداد اس کے علاوہ ہے جو ریکارڈ پر نہیں آسکے۔