Tag: Rare Animals

  • سعودی عرب: نایاب نسل کے درجنوں جانور رکھنے والا شہری گرفتار

    سعودی عرب: نایاب نسل کے درجنوں جانور رکھنے والا شہری گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں معدوم ہوجانے والے نایاب نسل کے 43 جانور رکھنے والے شہری کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں خصوصی ماحولیاتی فورس نے ریاض ریجن میں ایک مقامی شہری کو پرمٹ کے بغیر 43 جانور رکھنے پر حراست میں لیا ہے۔

    اسپیشل فورس نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ایسے جانوروں کو نجی ملکیت میں رکھنا جن کی نسل معدوم ہو رہی ہو قابل سزا جرم ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس پر 30 ملین ریال تک کا جرمانہ اور 10 سال تک کی قید ہے، دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔

    حکام کے مطابق سعودی شہری ریاض ریجن میں ایسے 43 جانور اور درندے اپنے یہاں رکھے ہوئے تھا جن کی نسل معدوم ہورہی ہے، اس نے پرمٹ بھی نہیں حاصل کیا تھا جبکہ جانوروں کی نمائش بھی کی جارہی تھی۔

  • سعودی عرب : ریاض سفاری آنے والوں کیلیے خوشخبری

    سعودی عرب : ریاض سفاری آنے والوں کیلیے خوشخبری

    ریاض : سعودی عرب میں ریاض سیزن کے شائقین کی دلچسپی کے لیے دنیا بھر سے منتخب 700 سے زائد جانور ریاض سفاری میں لائے گئے ہیں۔

    ریاض سفاری دیکھنے والے اپنی نوعیت کا منفرد تجربہ کررہے ہیں اور اس میں غیرمعمولی دلچسپی لے رہے ہیں۔ریاض سیزن کے شائقین کی دلچسپی کے لیے دنیا بھر سے منتخب جانور ریاض سفاری میں لائے گئے ہیں، سعودی عرب میں ریاض سفاری سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

    ریاض سفاری میں شیر اور چیتے کی نایاب نسل کے ساتھ زرافہ ، ہیرن، ہاتھی اور 700 سے زائد جانور موجودہیں۔ برڈز گارڈن میں رنگ برنگے پرندے سب کا دل جیت رہے ہیں۔

    ریاض سفاری میں لوگوں کے استقبال کے لیے افریقن آرٹسٹ کی جانب سے ورائٹی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہےجس کو دیکھ کر بچے اور بڑے سب لطف اندوز ہو رہے ہیں، ریاض سفاری میں جھیل بھی بنائی گئی ہے جہاں ہرعمر کے لوگوں کی دلچسپی کا خیال رکھا گیاہے۔

  • نایاب جانوروں کی افزائش نسل کیلئے سعودی حکومت کا اہم اقدام

    نایاب جانوروں کی افزائش نسل کیلئے سعودی حکومت کا اہم اقدام

    ریاض : سعودی حکومت کی جانب سے جنگلی حیات کے تحفظ اور ان کی افزائش نسل کیلئے نایاب جانوروں کو ایک محفوظ جنگل میں چھوڑ دیا گیا تاکہ ان کی نسل کو معدوم ہونے سے بچایا جاسکے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی العلا رائل اتھارٹی اور فروغ جنگلی حیاتیات کے قومی مرکز نے العلا کے محفوظ قومی جنگل شرعان میں متعدد نایاب جانور چھوڑ دیے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق نایاب جانوروں کے تحفظ اور افزائش پروگرام کے تحت 25 جنگلی پہاڑے، الریم نسل کے 50 ہرن، عام 20 ہرن، الوضیحی نسل کے 10عرب نژاد ہرن جنگل میں آزاد چھوڑدیے گئے ہیں۔

    نایاب جانوروں کی نسل کو فروغ دینے کے اس پروگرام میں العلا کے شہریوں، نجی تنظیموں کے نمائندوں اور کئی عہدیداروں میں تعاون کیا ہے۔

    یہ اقدام اس لیے کیا گیا ہے کہ ماضی قدیم میں یہاں یہ جانور اچھی خاصی تعداد میں پائے جاتے تھے تاہم اب وقت کے ساتھ ساتھ ان کے وجود کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

    سینٹر کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمد قربان نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون اور اشتراک سے اس طرح کے اور بھی مزید جانور جلد ہی جنگل میں چھوڑے جائیں گے۔

  • امریکی طوفانوں کے دوران چڑیا گھروں سے نایاب جانور چوری ہوگئے

    امریکی طوفانوں کے دوران چڑیا گھروں سے نایاب جانور چوری ہوگئے

    امریکی ریاستوں کو بدترین تباہی سے دو چار کرنے والے یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے ایک طرف تو لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا، تو دوسری طرف بدنیت افراد اور چور اچکوں کی بھی چاندی ہوگئی جو ایسے موقع پر بھی ہاتھ دکھانے سے باز نہ آئے۔

    ایسا ہی کچھ کیریبیئن جزائر کے سنیٹ مارٹن جزیرے میں ہوا جہاں ایک چڑیا گھر سے نایاب اور قیمتی جانوروں کو چرا لیا گیا۔

    چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق طوفان کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے بعد انہیں علم ہوا کہ چڑیا گھر سے نہایت نایاب نسل کے جانوروں کے 6 جوڑے غائب ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق وہاں موجود جانوروں نے طوفان کے دوران بھاگنے سے گریز کیا اور اپنی جگہ ڈٹے رہے جنہیں بعد ازاں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان جانوروں کی تعداد 300 کے قریب بتائی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: مشرق سے مغرب تک تباہ کن سیلاب اور طوفان

    ان کا کہنا تھا کہ طوفان کے دوران کچھ جانوروں کی ہلاکت بھی ہوئی جن میں ایک بڑی چھپکلی بھی شامل تھی۔ اس جانور کی موت طوفان کے دوران صدمے سے واقع ہوئی۔

    طوفان کے دوران 225 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے بند پنجروں کو توڑ دیا جس کے بعد تمام خطرناک جانور بھی پنجروں سے نکل آئے اور ایک مگر مچھ نے ایک نایاب نسل کے خرگوش اور ٹوکان نامی نایاب پرندے کا شکار بھی کرلیا۔

    ان کے علاوہ بھی کئی جانور تاحال لاپتہ ہیں۔ بعض جانور ادھر ادھر گھومتے ہوئے بھی پائے گئے جس کے بعد مقامی افراد نے انہیں پکڑ کر ان کے لیے مخصوص کی گئی جگہوں تک پہنچایا۔

    مقامی افراد اس چڑیا گھر کی تباہ حالی سے نہایت افسردہ نظر آئے۔ یہ سینٹ مارٹن جزیرے کا واحد چڑیا گھر تھا اور مقامی افراد اور ان کے بچوں کے لیے تفریح کا بہترین اور واحد ذریعہ بھی تھا۔

    چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود چڑیا گھر کو دوبارہ اصل حالت میں واپس لانا اب ناممکن ہے۔

    واضح رہے کیریبیئن جزائر بحر اوقیانوس میں آنے والے طوفانوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے سینٹ مارٹن جزیرے کا 95 فیصد انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔