Tag: rasheed Godial

  • ایم کیو ایم پاکستان کےعبد الرشید گوڈیل نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلی

    ایم کیو ایم پاکستان کےعبد الرشید گوڈیل نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے متحدہ قومی موومنٹ کی ایک اور پتنگ کاٹ دی، سابق ممبر قومی اسمبلی عبد الرشید گوڈیل ایم کیو ایم پاکستان کو خیر باد کہہ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا, عمران خان کی جانب سے انہیں پارٹی مفلر بھی پہنایا گیا ،رشید گوڈیل نے عمران خان اور پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہارکیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ اب کراچی کی سیاسی ترجیحات مختلف ہیں، پی ٹی آئی کراچی کے مسائل کوسمجھتی ہے، اسی لیے آج پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کاانجن ہے، اس شہر کو پھرترقی کی راہ پرلانا ہے، کراچی خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی فیصلہ کرے گی میں کس حلقے سےالیکشن لڑوں گا،۔

    ملکی سیاست کو بدلنا پڑے گا، ہمیں قوم بن کر ملک کو ترقی کی جانب لےجانا ہے، سیاسی جماعتوں کا اثرو رسوخ رہتا ہے اور رہنا بھی چاہئے، پاکستان کی بات کرنے والوں کو فری ہینڈ دیں، بدنصیبی ہے ملک میں جتنے بھی واقعات ہوئے آج تک نہیں قاتل ملا۔

    میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ رشید بھائی سے مل کر کراچی کو منظم کریں گے، جو ہم کراچی میں نہیں کرسکے وہ اس بار کریں گے، پی ٹی آئی کراچی کی سب سےبڑی جماعت بنےگی، 2013میں اچھے ووٹ لیےتھے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں وہ تبدیلی چاہتے ہیں جس کی اسے ضرورت ہے، کراچی کے خراب حالات سے ملکی معاشی صورتحال خراب ہوئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • کراچی: رینجرز افسران کی رشید گوڈیل سے ملاقات

    کراچی: رینجرز افسران کی رشید گوڈیل سے ملاقات

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل سے ان کی رہائش گاہ پر رینجرز کے افسران نے ملاقات کی، پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے رشید گوڈیل کو پھولوں کا دستہ بھی پیش کیا گیا۔

     ترجمان رینجرز کے مطابق رشید گوڈیل کی ڈیفنس خیابان طارق پر واقع رہائش گاہ پر رینجرز کے افسران نے ملاقات کی اور انہیں پھولوں کا دستہ پیش کیا۔

    ملاقات کے دوران رینجرز کے افسران نے رشید گوڈیل کو یقین دھانی کرائی کہ انہیں ضرورت پڑنے پر سیکیورٹی کی فراہمی کویقینی بنائی جائے گی۔

     واضح رہے کہ رشید گوڈیل پر تین ہفتے قبل گلشن اقبال کے علاقے بہادرآباد میں حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے اور ان کا کے ڈرائیور جاں بحق ہوگئے تھے ۔

  • رشید گوڈیل پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، ترجمان رینجرز سندھ

    رشید گوڈیل پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، ترجمان رینجرز سندھ

    کراچی: رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پرقاتلانہ حملہ کرنیوالوں کی تلاش میں رینجرز بھی سرگرم ہوگئی۔

    ترجمان رینجرز نےحملےکی شدید مذمت کرتےہوئےکہا کہ حملےکی مختلف زاویوں سےتحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کوجلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی کے پاس قاتلوں سے متعلق کوئی معلومات ہیں تو وہ رینجرز کو دے۔

  • رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ: رینجرز اور سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ: رینجرز اور سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی رینجرز اور مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پرقاتلانہ حملہ کرنیوالوں کی تلاش میں رینجرز بھی سرگرم ہوگئی ہے، ترجمان رینجرز نےحملےکی شدید مذمت کرتےہوئےکہا کہ حملےکی مختلف زاویوں سےتحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کوجلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی کے پاس قاتلوں سے متعلق کوئی معلومات ہیں تو وہ رینجرز کو دیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے ایم کیو ایم رہنما رشید گوڈیل پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

    ایم کیو ایم قائد الطاف حسین نے بھی رشید گوڈیل پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے ان کی زندگی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے رشید گوڈیل پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کے احکامات دیئے ہیں۔

    انہوں نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کو ٹیلیفون کرکے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والے ملزموں کو ہر قیمت پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ سندھ نے رشید گوڈیل کی جلد صحتیابی کیلئے بھی خداوند تعالیٰ سے دعا کی ہے۔

    دریں اثناء قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ کا کہنا ہے رشید گوڈیل پر حملہ افسوسناک ہے حکومت قاتلوں کو گرفتار کرکے عوام کو سامنے لائے۔

    اس کے علاوہ  جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے رشید گوڈیل پر حملے کو مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

  • قومی اسمبلی کا اجلاس : خواجہ آصف اور رشید گوڈیل کے درمیان گرما گرمی

    قومی اسمبلی کا اجلاس : خواجہ آصف اور رشید گوڈیل کے درمیان گرما گرمی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں آرمی ترمیمی آرڈیننس کی توسیع کی قراردادمنظور کرلی گئی۔ اس موقع پروزیر دفاع خواجہ آصف اور ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی اور معاملہ ذاتیات پر اتر آیا۔

    تفصیلات کے مطابق  وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی ترمیمی آرڈیننس میں توسیع کی قرارداد پیش کی تو اپوزیشن جماعتوں نے اعتراضات جڑ دیے۔

    پیپلز پارٹی۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا مؤقف تھا کہ اسمبلی کارروائی جاری ہے قرارداد کے بجائے بل پیش کیا جائے۔ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے اراکین نے شدید نعرے بازی کی اور پھر ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی ایم کیو ایم کو آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو خطرہ ہے کہ وہ اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے پکڑے جائیں گے، قانون کا ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچ جائےگا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایم کیو ایم گرفت سے بچنے کیلئے آرڈیننس کی مخالفت کر رہی ہے۔

    جس کے جواب میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ وزیردفاع کے اندر کا آدمی سامنے آگیاہے، وزیردفاع پاکستان کے وزیربنیں پنجاب کے نہیں۔

    قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ کو طاقت کے زور پر چلانا چاہتی ہے۔ کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے۔

    رشید گوڈیل نے مزید کہا کہ کل صبح اسپیکر سے ملاقات کر کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

  • سندھ حکومت آنکھیں بند کئے بیٹھی ہے، عبدالرشید گوڈیل

    سندھ حکومت آنکھیں بند کئے بیٹھی ہے، عبدالرشید گوڈیل

    اسلام آباد: ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے کہا ہے کہ گذشتہ روز تین کارکن قتل کردیئے گئے، لیکن سندھ حکومت اور پولیس کی آنکھ نہیں کھل رہی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے تین کارکنان قتل کر دئیے گئے۔ مقتول کارکنوں کی لاشیں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر لے جا کر احتجاج بھی کیا لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔

    ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کی لاشیں گرائے جانے کا سلسلہ اب بھی جاری   ہے، لیکن سندھ حکومت اور پولیس کی آنکھ نہیں کھل رہی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا، پولیس کے مطابق کراچی میں رضویہ تھانے کی حدود نیو گولیمار میں تقویٰ مسجد کے قریب نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں محمد اشرف اور عبدالرحمان نامی شخص جاں بحق ہوگئے۔

    ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا، اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اشرف خان جاں بحق ہوگیا، مقتول ایم کیو ایم بلوچستان کمیٹی کے جوائنٹ انچارج تھے۔

  • کراچی میں آپریشن کے نام پر سیا سی انتقام لیا جا رہا ہے، رشید گوڈیل

    کراچی میں آپریشن کے نام پر سیا سی انتقام لیا جا رہا ہے، رشید گوڈیل

    اسلام آباد: ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل کہتے ہیں کراچی میں آپریشن کے نام پر سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، حکومت ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لے۔

    قومی اسمبلی کااجلاس آج ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی کی صدارت میں ہوا ہے۔ اجلاس کے دوران ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سےکہتےہیں تو صوبائی معاملہ کہاجاتاہے، حکومت کراچی میں دہشتگردی کے واقعات کا نوٹس لے۔

    رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ سندھ کوملازمتوں کے کوٹے سے محروم کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حق مانگتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ کوٹہ نہیں ہے۔

    ایم کیوایم نے کے پی ٹی میں ایک ہزار غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف احتجاج بھی کیا۔ اجلاس کے دوران کامران مائیکل نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دور میں کراچی کو منی پاکستان سمجھ کر بھرتیاں کردی گئی ہیں۔ غیر قانونی بھرتیو ں کی تحقیقات جا ری ہے، انھوں نے کہا کہ آئندہ بھرتیاں میرٹ پرکی جا ئیگی۔

    اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھی بحث ہوئی۔نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ایک بوجھ بن چکا ہےنہیں چل سکتی تو نجکاری کر دی جائے۔

  • متحدہ کے وفد کو منہاج القرآن کے دفتر نہیں جانے دیا گیا،الطاف حسین

    متحدہ کے وفد کو منہاج القرآن کے دفتر نہیں جانے دیا گیا،الطاف حسین

    لندن :ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفد کو منہاج القرآن کے دفتر نہیں جانے دیا گیا ،عبدالرشید گوڈیل کی زیر قیادت ایم کیو ایم کا وفد  پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کیلئے کھانے پینے کی اشیاء لے کر جا رہا تھا ، الطاف حسین نے کہا کہ اگر آدھے گھنٹے میں وفد کو کھانا نہ لے جانے دیا گیا تو پورا پاکستان جام ہو جائیگا۔ ،

    انہوں نے کہا کہ پنجاب سے بہت درد ناک خبریں آرہی ہیں۔لاہور آنے والے تمام راستے بند ہیں ایمبولینس بھی پھنسی ہیں،کئی مریض بروقت اسپتال نہ پہنچنے کے باعث اللہ کو پیارے ہو چکے ہیں ،خدارا وزیر اعلیٰ پنجاب راستے کھولنے کا حکم دیں ۔اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ  پنجاب میں حالات کشیدہ ہیں راستے بند ہونے کے باعث مریضایمبولینسز میں جان کنی کی حالت میں ہیں۔

    انہوں نے اپیل کی کہ خدارا را راستوں کو کھولا جائے ،الطاف حسین کا کہنا تھا کہ چودہ اگست سب پاکستانیوں کا دن ہے آزادی کے دن کو غلامی میں تبدیل نہ کیا جائے، متحدہ کےقائد نے ایم کیو ایم پنجاب کے کارکنوں کو یہ ہدایت کی کہ وہ اس صورتحال میں مجبور لوگوں کی مدد کو پہنچیں۔