Tag: Rate Increase

  • ایران اسرائیل کشیدگی : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کہاں جا پہنچی؟

    ایران اسرائیل کشیدگی : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کہاں جا پہنچی؟

    اسرائیل حزب اللہ اور حماس کے درمیان جاری جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ سامنے آیا ہے۔

    عالمی منڈی میں خام تیل قیمتوں نے لمبی چھلانگ لگادی، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پیر کو خام تیل کی قیمتوں میں 3فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل پہلی بار اگست کے بعد ڈالر80 فی بیرل سے تجاوز کر گیا۔

    رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی فیوچرز کی قیمت میں 2.88 ڈالر(3.7 فیصد) کا اضافہ ہوا اور یہ 80.93 ڈالر فی بیرل پر طے پائی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز میں 2.76ڈالر(3.7 فیصد) کا اضافہ ہوا اور یہ 77.14 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

    پچھلے ہفتے برینٹ کی قیمت میں 8 فیصد سے زیادہ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 9 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، جو ایک سال میں سب سے زیادہ تھا۔

    ایران کی طرف سے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد خدشہ پیدا ہوا کہ اسرائیل کا ردعمل ایران کے تیل کے انفراسٹرکچر پر ہو سکتا ہے۔

    اس حوالے سے لِپو آئل ایسوسی ایٹس کے صدر اینڈریو لِپو نے کہا کہ اگر اسرائیل ایران کی تیل تنصیبات پر حملہ آور ہوتا ہے تو تیل کی قیمتوں میں مزید 3 سے 5 ڈالر فی بیرل تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اوپیک اور اس کے اتحادی، بشمول روس جو اجتماعی طور پر اوپیک پلس کہلاتے ہیں، دسمبر سے پیداوار بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم ایسا صرف اس وقت ممکن ہوگا جب برینٹ خام تیل کی قیمتیں 90 ڈالریا اس سے زیادہ ہوں گی۔

    یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مجموعی طور پر گزشتہ ایک ہفتے میں خام تیل کی قیمت میں 8 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • موٹر ویز پر گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ

    موٹر ویز پر گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ

    لاہور : سڑک پر سفر کرنا پھر مہنگا کر دیا گیا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے متعدد قومی شاہراہوں اور موٹر ویز کے لیے ٹول ٹیکس کی شرح میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

    نئی قیمتیں یکم جولائی 2024 سے لاگو ہوں گی اور ان کا اطلاق مختلف روٹس پر ہوگا جن میں ایم1 اسلام آباد پشاور، ایم3 لاہور عبدالحکیم، ایم 4 پنڈی بھٹیاں فیصل آباد، ملتان، موٹروے ایم5 ملتان سکھر، ایم14 ڈی آئی خان، حویلیاں، مانسہرہ ایکسپریس وےاور ای 35 حسین آباد، حسن ابدال شامل ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز پر کار کا ٹول ٹیکس 30سے بڑھا کر 40روپے کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ویگن کا ٹول ٹیکس50سے70، بس کا100سے130روپے جبکہ ایم ون پشاور اسلام آباد موٹر وے پر کارکا ٹول ٹیکس240سے350روپے کردیا گیا۔

    ایم ون پشاور اسلام آباد موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس790سے1000روپے مقرر اور ایم تھری لاہور عبدالحکیم موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس390سے بڑھا کر 500روپے کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایم تھری لاہور عبدالحکیم موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس1200سے بڑھا کر1600روپے مقرر جبکہ ایم 4پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، ملتان موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس510سے بڑھا کر 650روپے کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایم 4پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، ملتان موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس 1560 سے بڑھا کر 2ہزار روپے اور ایم14ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر کار کا ٹول ٹیکس440سے بڑھا کر550روپے مقرر کیا گیا ہے۔

    ایم14ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر بس کا ٹول ٹیکس 1440 سے بڑھا کر 1900روپے مقرر کیا گیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ٹیکسز میں اضافہ ہر 3سال کے بعد کیا جاتا ہے، ان ٹیکسز کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

  • بجلی صارفین کیلیے بری خبر، اگلے ماہ کا بل کتنا ہوگا؟

    بجلی صارفین کیلیے بری خبر، اگلے ماہ کا بل کتنا ہوگا؟

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے برآمدی شعبے کے لئے بجلی 12 روپے 13پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری کے بعد عوام کو آئندہ ماہ بڑا جھٹکا لگے گا۔

    عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر حکومت کے سخت فیصلوں کے نتیجے مارچ میں عوام بجلی بلوں پر اضافی سرچارج کی مد میں بھاری بل بھریں گے، برآمدی شعبہ ساٹھ فیصد سے زائد جبکہ زرعی صارفین کو پچاس فیصد سے زیادہ بلز ادا کرنا ہوگا۔

    برآمدی شعبے اور کسانوں کے لئے بجلی پر 65 ارب روپے کی سبسڈی ختم کردی گئی ہے اور کسانوں کے لئے بجلی 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے بھی کی منظوری کے بعد مہنگائی کا ایک اور طوفان سر پہ کھڑا ہے۔

    سبسڈیز کے خاتمے کے بعد برآمدی شعبے کا ٹیرف19 روپے99پیسے فی یونٹ سے بڑھ کر32 روپے12پیسے ہوگیا۔ زرعی صارفین کی3 روپے 60پیسے سبسڈی ختم، مؤخر ادائیگیوں کی مد میں زرعی صارفین تین روپے جبکہ پاور ہولڈنگ کمپنی کے سود کی مد میں عائد سرچارج کے عوض فی یونٹ تینتالیس پیسے ادا کریں گے۔

    مزید پڑھیں : بجلی صارفین پر 335 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری

    اس کے علاوہ 100یونٹ والے گھریلو صارفین کو سرچارج کی مد میں2روپے75پیسے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ جبکہ400 یونٹ والے صارفین کو تین روپے82پیسے اضافی سرچارج کے ساتھ مؤخر ادائیگیوں کا بوجھ بھی برداشت کرنا ہوگا۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والا سامان بھی غریب کی پہنچ سے دور

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والا سامان بھی غریب کی پہنچ سے دور

    اسلام آباد : مہنگائی مزید بےقابو ہوگئی، منی بجٹ نے یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی عوام کو ریلیف سے محروم کردیا، 240 سے زائد اشیاء کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز میں بچوں کے ڈائپرز کی قیمتوں میں350روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    ٹوائلٹ رول10اور ٹشو پیپر کا ڈبہ43 روپے تک مہنگا جبکہ شیمپو201روپے اور ایک کلوسرف کی قیمت59روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ صابن30 روپے اور ہینڈ واش کی قیمت میں21 روپے تک کا اضافہ کیا گیا اور بچوں کا خشک دودھ 140روپے، انفینٹ فارمولہ800گرام160 روپے تک مہنگا کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق دودھ کا دلیہ 450روپے، ایک لیٹر کارن آئل کی قیمت میں300روپے، باڈی واش400 ملی گرام42 ،چلی گارلک ساس کی قیمت میں50روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

    دیگر اشیاء میں کیچپ30روپے، نوڈلزچکن اور چیز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کا اطلاق فوری ہوگا۔

  • چائے کے شوقین پاکستانیوں کیلئے بری خبر

    چائے کے شوقین پاکستانیوں کیلئے بری خبر

    لاہور : پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب چائے کی پتی بھی مہنگی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چائے کی پتی مزید200روپے اضافے کے بعد اب1800روپے فی کلو تک پہنچ گئی، اس حوالے سے چائے کے بیوپاریوں نے اس کا الزام بھی حکومت پر عائد کردیا۔

    چائے کے درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ چائے کی پتی کی درآمد رکنے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، چائے کی درآمد گزشتہ4 ماہ سے رکی ہوئی ہے۔

    چائےامپورٹرز کے مطابق چائے کے250کنٹینرز کراچی پورٹ پر کلیئرنس کے منتظر ہیں، چائے کےمزید250کنٹینرز سمندری راستے پر ہیں،  ان کا مزید کہنا ہے کہ پورٹ پر کھڑے کنٹینرز جلد کلیئر نہ کئے گئے تو ماہ رمضان میں چائے بہت مہنگی ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی عوام کروڑوں ڈالر کی چائے پی گئے

    علاوہ ازیں گزشتہ ماہ ادارہ شماریات کی جاری رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر کے 6ماہ میں سالانہ بنیادوں پر غذائی اشیاء کی درآمدات میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران31کروڑ87 لاکھ ڈالرز کی چائے درآمد کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر چائے کی درآمدات میں6.05فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ جولائی تا دسمبر2ارب8کروڑ22لاکھ ڈالرز کا پام آئل درآمد کیا گیا۔

  • بجلی صارفین تیار: 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا ایک اور جھٹکا

    بجلی صارفین تیار: 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا ایک اور جھٹکا

    اسلام آباد : بجلی صارفین کیلئے بری خبر آگئی، مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو بجلی کے ریٹ میں اضافے کا ایک اور جھٹکا لگایا جائے گا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ تک مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا اتھارٹی دونوں درخواستوں پر آج سماعت کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری تقسیم کارکمپنیوں کے صارفین کے لیے بجلی 9.90روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے جبکہ کراچی کے صارفین کے لیے بجلی میں11 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست کی گئی ہے۔

    مذکورہ اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے، جون میں فرنس آئل سے 10.48 فیصد مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی۔

    سی پی پی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنس آئل سے پیدا بجلی کی لاگت 36 روپے 20 پیسے فی یونٹ رہی۔

  • فلور ملز مالکان کا آٹے کی فی بوری پر چھ سو روپے تک من مانا اضافہ

    فلور ملز مالکان کا آٹے کی فی بوری پر چھ سو روپے تک من مانا اضافہ

    راولپنڈی : انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے سبب فلور ملز مالکان نے آٹے کی فی بوری پر چھ سو سے آٹھ سو روپے تک اضافہ کر دیا،جس کے بعد نان بائیوں نے بھی روٹی کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں فلور ملز مالکان نے80 کلو آٹے کی بوری کی قیمت میں 600سے 80روپے کا من مانا اضافہ کردیا۔

    اسی کلو فائن آٹے کی بوری تین ہزار سات سو کے بجائے چار ہزار پانچ سو روپے اور اسی کلو لال آٹے کی بوری تین ہزار دو سو کے بجائے تین ہزار چھ سو روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمت میں ایک سے دو روپے اضافے کرنے اور روٹی کا وزن کم کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔ دوسری جانب شہر میں سرخ آٹے کا اسٹاک بھی ختم ہونے والا ہے اور بیشتر مقامات پر سرخ آٹے کی جزوی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    مزید پڑھیں: پیٹرول کے بعد آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ

    ذرائع کے مطابق فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ گندم مہنگی ہونے سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم مہنگی فروخت کی جارہی ہے، گندم کی قیمت میں کمی ہوئی تو آٹا بھی سستا کردیں گے۔

  • ایل پی جی کی قیمتوں میں 7 روپے فی کلو اضافہ

    ایل پی جی کی قیمتوں میں 7 روپے فی کلو اضافہ

    کراچی: نگراں حکومت نے عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان بھر میں بھی اس کی قیمتوں میں 7 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بین القوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں اضافے ہوا جس کے بعد مقامی گیس کی کمپنیوں نے کی فی کلو قیمت میں سات روپے فی کلو کے فوری اضافے کا اعلان کیا۔

    اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت 133 روپے تک پہنچ گئی جبکہ 86 روپے گھریلو اور 329روپے میں کمرشل سلنڈر بھرا جائے گا  علاوہ ازیں ایسوسی ایشن کی جانب سے فی میٹرک ٹن میں بھی 7ہزار 2 سو 49 روپے کا اضافے کا اعلان کیا گیا۔

    ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ اوگرہ نے نوٹیفیکیشن قمیتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے نئے ریٹ کا اطلاق 3 جولائی سے شروع ہوا۔

    عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ میں ایل پی جی کی قیمت میں 76روپے فی کلو، 232.50روپے گھریلو سلنڈر کی قیمتیں اوپر گئیں جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں 895 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن ایل پی جی کے پیداواری پلانٹ کی بندش پر احتجاج کرتے ہیں کیونکہ اس کی وجہ سے اب 7 سے 8 ہزار میٹرک ٹن گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ مقامی سطح پر نصب کیے جانے پلانٹ سے پیداوار کر کے سپلائی بحال کی جائے۔

    دوسری جانب ایل پی جی استعمال کرنے والے پبلک ٹرانسپورٹرز کا نے قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹی فکیشن واپس لے جبکہ عوام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر ٹرانسپورٹرز کرایوں میں اضافے کر دیں گے جس کا بوجھ براہ راست غریب عوام پر پڑے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں’ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔