Tag: Rates

  • سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، ڈالر بھی مہنگا

    سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، ڈالر بھی مہنگا

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ جاری ہے جمعے کو سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 300روپے اضافہ ہوگیا جب کہ ڈالر بھی 47 پیسے مہنگا ہوگیا۔

    ملک میں کاروباری ہفتے کے آخری روز سونا اور ڈالر دونوں مہنگے ہوگئے۔

    چیئرمین آل پاکستان جیولرز مینو فیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کے مطابق جمعے کے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 300 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ قیمت ایک لاکھ چھبیس ہزار پانچ سو پچاس روپے ہوگئی۔

    ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 256 روپے اضافے سے قیمت ایک لاکھ آٹھ ہزار چار سو چھیانوے روپے رہی۔

    عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 6 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد سونے کی  قیمت 1889 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

    ڈالر کی قیمت میں اضافہ:

    کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    انٹربینک میں جمعے کے روز ڈالر سینتالیس پیسے مہنگا ہوگیا جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 175.39 روپے سے بڑھ کر 175.86 روپے پر بند ہوئی۔

  • نیا آئی فون کیسا ہوگا؟ آگئی اچھی خبر

    نیا آئی فون کیسا ہوگا؟ آگئی اچھی خبر

    ایپل کمپنی اپنی مشہور زمانہ برانڈ آئی فون کو اب ہر ایک کی دسترس میں لانے کے لیے سستا ترین  فائیو جی فون لارہی ہے

    آئی فون موبائل فونز کی دنیا میں ایک ایسا نام ہے جس کو اپنانا ہر شخص کا خواب ہے مگر بہت زیادہ قیمت ہونے کے باعث یہ فون امیروں کی شان بڑھاتے ہی نظر آتے ہیں مگر آئی فون رکھنے کے خواہشمندوں کے لیے ہے خوشخبری کہ اب امریکی جائنٹ ایپل کمپنی اب تک کا سستا ترین 5 جی موبائل فون لارہا ہے جس کے بعد اب عام افراد بھی اپنے خواب کو حقیقت بنا سکیں گے۔

    جی ہاں ایک غیر ملکی جریدے نے اس راز سے پردہ اٹھایا ہے، بلومبرگ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایپل کمپنی تھرڈ جنریشن آئی فون کو رواں سال مارچ یا اپریل میں ایک ورچوئل کانفرنس میں متعارف کرانے جارہا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نئے ایس ای ماڈل کا ڈیزائن آئی فون 8 جیسا ہوگا جس میں غالباْ آئی فون 13 میں استعمال ہونے والے A 15 پروسیسر کے ساتھ 5جی کا اضافہ کیا جائے گا۔

    تجزیہ کاروں کو امید ہے کہ اس میں 128 گیگا بائٹس کی اسٹوریج کے ساتھ کیمرہ سینسرز کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا، لیکن تاحال یہ بات حتمی نہیں ہے۔

    آئی فون ایس ای ماڈل کی موجودہ قیمت اس وقت 399 سے 499 ڈالر ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ نئے ماڈل کو اس سے کچھ کم قیمت پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    تاہم نیا آئی فون ایس سی ان صارفین کے لیے مایوس کن ہوگا جو جدید مکمل اسکرین ڈیزائن کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ اس نئے ماڈل میں نسبتاْ چھوٹی اسکرین کے ساتھ موٹا بیزل اور بٹن بیسڈ فنگر پرنٹ ریڈر دیا جائے گا۔

  • عالمی ادارہ صحت نے کینسر کے حوالے سے خبردار کردیا

    عالمی ادارہ صحت نے کینسر کے حوالے سے خبردار کردیا

    عالمی ادارہ صحت نے کینسر کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ بریسٹ کینسر سرطان کی سب سے زیادہ تشخیص ہونے والی قسم بن گئی ہے۔

    انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر (آئی اے آر سی) کی جانب سے دسمبر 2020 میں جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ سالوں میں بریسٹ کینسر سب سے زیادہ تشخیص ونے والی کینسر کی قسم بن چکی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران کینسر کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد میں لگ بھگ 2 گنا اضافہ ہوچکا ہے، ایک تخمینے کے مطابق یہ تعداد سنہ 2000 میں سالانہ 1 کروڑ تھی جو سنہ 202 تک 1 کروڑ 93 لاکھ تک پہنچ گئی۔

    اسی طرح کینسر سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے جو 2000 میں 62 لاکھ تھیں مگر 2020 میں ان کی تعداد 1 کروڑ تک پہنچ گئی۔ اس وقت دنیا بھر میں ہر 6 میں سے ایک موت کینسر کے نتیجے میں ہو رہی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس وقت دنیا بھر میں ہر 5 میں سے ایک شخص کینسر کا شکار ہورہا ہے اور یہ تعداد آنے والے برسوں میں مزید بڑھ جائے گی، یعنی 2040 تک اس میں 50 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کینسر کے عام ہونے کی وجہ ناقص طرز زندگی جیسے غیر صحت مند غذا، جسمانی سرگرمیوں سے دوری، تمباکو نوشی اور الکحل کا زیادہ استعمال ہے۔

    اسی طرح عمر میں اضافے کے ساتھ بھی کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے مگر طرز زندگی میں چند تبدیلیوں سے اس جان لیوا بیماری سے بچنا ممکن ہے۔

    ماہرین کے مطابق اپنی طرز زندگی میں چند معمولی تبدیلیوں سے کینسر سے بچا جاسکتا ہے۔

    سب سے پہلے موٹاپے سے نجات پائیں، موٹاپا یا زیادہ جسمانی وزن متعدد اقسام کے کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے جن میں غذائی نالی، لبلبے، قولون، گردوں اور تھائی رائیڈ گلینڈ کے کینسر شامل ہیں۔

    اس ضمن میں کینسر کے اسباب میں تمباکو نوشی کی شرح میں کمی آرہی ہے اور بہت جلد ہوسکتا ہے کہ موٹاپا کینسر کی سب سے بڑی وجہ بن جائے، اگر جسمانی چربی میں ایک فیصد بھی کمی لائی جائے تو لاکھوں نئے کیسز کی روک تھام ممکن ہے۔

    سرخ گوشت کے استعمال میں احتیاط کی جائے، سرخ گوشت کا بہت زیادہ استعمال معدے اور قولون کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے اور امریکن انسٹیٹوٹ فار کینسر ریسرچ نے مشورہ دیا ہے کہ ایک ہفتے میں آدھا کلو سے زیادہ سرخ گوشت کھانے سے گریز کرنا چاہیئے۔

    سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بھی جلد کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے، جو مختلف ممالک میں کینسر کی سب سے عام قسم بھی ہے۔

    جو لوگ سورج کی روشنی میں بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں ان میں کینسر کی اس قسم کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے، لہٰذا سن اسکرین کا استعمال اس سے تحفظ میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

    پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال بھی متعدد اقسام کے کینسر جیسے منہ، گلے، غذائی نالی اور سانس کی نالی کے سرطان کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    جو لوگ جسمانی طور پر کم سرگرم ہوتے ہیں، ان میں کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، اس کے مقابلے مین اپنی جگہ سے اٹھ کر ارگرد چہل قدمی کرنے سے جسم زیادہ توانائی استعمال کرتا ہے، غذا ہضم ہوتی ہے اور ان ہارمونز کا اجتماع نہیں ہوتا جو کینسر سے منسلک کیے جاتے ہیں۔

    جسمانی طور پر متحرک رہنا امراض قلب اور ذیابیطس جیسے امراض سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

    تمباکو نوشی سے پرہیز کریں، یہ پھیھڑوں کے کیسنر کی سب سے عام وجہ ہے۔

    کینسر کی اسکریننگ کو معمول کا حصہ بنایا جائے، سال میں ایک دفعہ اس طرح کی اسکریننگ کینسر کو جلد پکڑنے میں معاون ثابت ہوتی ہے جس سے اس کے جان لیوا بننے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

  • نگراں وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری روک دی

    نگراں وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری روک دی

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری روک لی۔

    ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم نے اوگرا کی جانب سے سفارش کردہ سمری پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کو پرانی قیمتوں پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی ایسی کوئی بات زیر غور ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پیڑولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک ہفتے تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 7 جون تک اب قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا تاہم نگراں حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا فیصلہ کرے گی۔


    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ کا اعلان


    یاد رہے کہ رواں سال 29 مئی کو اوگرا نے وفاقی وزیر خزانہ کو پیٹرولیم مصنوعات میں سترہ فیصد اضافے کی سمری ارسال کی تھی جس میں پیٹرول کی قیمت 8 روپے 37 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔

    اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں ڈیزل 12 روپے 50 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل 11 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ مٹی کا تیل آٹھ روپے تیئس پیسے تک مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔