Tag: Rawalpindi Test

  • انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا

    انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کرکٹ شائقین کے لئے بری خبر سامنے آگئی۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کے فاسٹ بولر میر حمزہ راولپنڈی ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، میر حمزہ معمولی انجری کا شکار ہیں، انہیں کمر کے نچلے حصے میں درد محسوس ہورہا ہے۔

    فاسٹ بولر نے نے دونوں پریکٹس سیشنز میں حصہ نہیں لیا، صرف معمولی واک اور آرام کو ترجیح دی۔

    دوسری جانب راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل انگلینڈ ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلز نے پچ کا معائنہ کیا۔

    رپورٹس کے مطابق مہمان ٹیم انگلینڈ کے کوچ برینڈن مک کلم اور کپتان بین اسٹوکس پچ کو ہاتھ لگا کر دیکھتے رہے۔

    انگلینڈ کے کوچ برینڈن مک کلم نے پچ پر کھیلنے کے اسٹائل سے متعلق اسٹوکس کو رائے دی جبکہ انگلینڈ کے آفیشل نے پچ کی تصاویر بھی لیں۔

    ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ: بھارت نے یو اے ای کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

    واضح رہے کہ پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان فیصلہ کن تیسرا ٹیسٹ میچ 24 اکتوبرکو راولپنڈی میں کھیلا جائیگا، ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ میں فتح حاصل کر رکھی ہے۔

  • پاکستان میں کرکٹ بحال، فواد چوہدری نے انڈیا کو کیا پیغام دیا؟

    پاکستان میں کرکٹ بحال، فواد چوہدری نے انڈیا کو کیا پیغام دیا؟

    راولپنڈی: پاکستان آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز’ بینو قادر ٹرافی ‘ کے آغاز پر فواد چوہدری نے بھارت کو اہم پیغام دے ڈالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوبیس سال بعد ہوم گراؤنڈ میں ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلا جارہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طویل جدوجہد اور انتھک کاوشوں کے بعد پاکستان میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے، اس موقع پر بھارت کو کہتا ہوں کہ بھارت خطے میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے آگے آئے، بھارت اور پاکستان کی اسپورٹس کو آگے بڑھانا چاہیے اور ہندوستان کے ساتھ لوگوں کا رابطہ بحال ہونا چاہیے۔

    فواد حسین نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سازشوں کے بجائے پاکستان آ کر کھیلے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کھیلنے آئے۔میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پیسے لوٹنےکا معاملہ ہویا کھیل کا معاملہ ، اپوزیشن ہمیشہ عوام کیخلاف ہوتی ہے، اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ لانگ شارٹ مارچ کو چھوڑے، گاڑی پکڑے اور اسٹیڈیم میچ دیکھنے آئے ، ہم فری ٹکٹ دیں گےاور چائے بھی پلائیں گے۔

    گورنر سندھ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ دیکھنے آئیں گے۔

    واضح رہے کہ راولپنڈی میں تاریخی ‘بینو قادر ٹرافی ‘ کیلئے میدان سج گیا، پاکستان نے چوبیس سال بعد دورہ کرنے والی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

    راولپنڈی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

    راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنالیے، جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 243 رنز اور پاکستان کو 9 وکٹیں درکار ہیں، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    جنوبی افریقی اوپنر ایڈم مرکرام 59 اور وین ڈر دوسن 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    ڈین ایلگر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 298 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے اور یوں جنوبی افریقا کو راولپنڈی ٹیسٹ جیتنے کے لئے 370 رنز کا مشکل ہدف ملا ہے۔

    پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر محمد رضوان نے115رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ نعمان علی نے 45 قیمتی رنز بنائے، نعمان علی اور محمد رضوان کے درمیان نویں وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 93 رنز بنے،اس سے قبل محمد رضوان نے اسپنر یاسر شاہ کے ساتھ 53 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    پاکستان کی جانب سے اظہر علی 33، فہیم اشرف29، بابراعظم 8، فواد عالم 12 رنز بناسکے، پاکستان کی دوسری اننگز میں ایک بار پھر اوپنرز ناکام ثابت ہوئے، عمران بٹ صفر، عابد علی 13 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لندے نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،کیشو مہاراج نےتین اور ربادا نے وکٹیں حاصل کیں۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم 201 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی،پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حسن علی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پروٹیز کے 54 رنز کے عوض پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے، اسی کے ساتھ ہی پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف 71 رنز کی سبقت ملی تھی۔

    پاکستان راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کپتان بابر اعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، جنوبی افریقا کی جانب سے انریخ نارکیا نے 5 اور کیشو مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

     

  • پنڈی ٹیسٹ، میچ بارش کے باعث جلد ختم کردیا گیا

    پنڈی ٹیسٹ، میچ بارش کے باعث جلد ختم کردیا گیا

    راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کے باعث جلد ختم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالیے، بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

     اس سے قبل پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، عمران بٹ 15 اور عابد علی 6 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ اظہر علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

    تئیس رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد ٹیسٹ کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے رنز کو آہستہ آہستہ بڑھانا شروع کیا، دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں سو رنز بنائے۔

    بابر اعظم اور فواد عالم نے پروٹیز بولرز کے وار سہتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنانے کی کوشش جاری رکھی، اسی دوران بابر اعظم نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔

    چائے کے وقفے تک کپتان بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشومہاراج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آرنچ نٹورجی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کپتان ٹیسٹ ٹیم بابراعظم نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، کوشش کریں گے کہ آغاز اچھا کریں۔

    بابر اعظم نے کہا کہ راولپنٖڈی کی وکٹ کافی ڈرائی لگ رہی ہے،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف دو صفر سے سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم میں عابد علی، عمران بٹ، اظہرعلی، بابراعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

    جنوبی افریقہ کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کا کہناتھا کہ وکٹ پر تھوڑی گھاس ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ابتدا میں باولرز کو مدد ملے گی، دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے ، فاسٹ بولر لونگی اینگیڈی کی جگہ ویان مولڈر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ : پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44رنز سے ہرا دیا

    راولپنڈی ٹیسٹ : پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44رنز سے ہرا دیا

    راولپنڈی : پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44رنز سے شکست دے کر راولپنڈی ٹیسٹ جیت لیا، بنگلادیشی ٹیم دوسری اننگز میں صرف168رنز پر پویلین لوٹ گئی، شاندار ہیٹ ٹرک کرنے پر نسیم شاہ میں آف دی میچ قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگال ٹائیگر کو شکست دے دی، بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 168رنز ہی بنا سکی۔

    بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو پاکستانی باؤلرز نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو وکٹ پر زیادہ دیر ٹکنے نہ دیا۔ نسیم شاہ کو راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسرشاہ نے4،4وکٹیں لیں، شاہین آفریدی اور محمد عباس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیابنگلہ دیش ٹیم کے کپتان مومن الحق41،نجم الحسین38،تمیم اقبال34رنز بناسکے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کے233 رنز کے جواب میں10 وکٹوں پر445رنز بنائے تھے اور اسے 212رنز کی برتری حاصل تھی، جواب میں بنگلہ دیش نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاھینوں نے ان کو چاروں طرف سے گھیرے رکھا اور وکٹ پر زیادہ دیر تک رہنے نہ دیا۔

    نسیم شاہ نے اپنے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کو مکمل طور پر قابو کرلیا، انہوں نے یکے بعد دیگرے سیف حسن، محمد اللہ ،تیج السلام اور نجم الحسن کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ نے تمیم اقبال اور محمد مٹھن کو میدان سے باہر بھیجا۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم

    راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم

    راولپنڈی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 6 وکٹوں پر 126 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہے، تیسرے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنالیے، بنگلہ دیش کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 86 رنز درکار ہیں۔

    بنگلہ دیش کے مومن الحق 37 اور لٹن ڈاس بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔

    بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو تمیم اقبال 34 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، سیف حسن کو 16 رنز پر نسیم شاہ نے کلین بولڈ کیا، نجم الحسن بھی 38 رنز بنا کر نسیم شاہ کا نشانہ بنے۔

    نسیم شاہ نے شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے تیج الاسلام، نجم الحسن اور محمود اللہ کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد متھن بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ کی شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔


     

    اس سے قبل راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی ٹیم بنگلادیش کے خلاف445 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

     پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے کھیل کا آغاز 342 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کیا، بابراعظم آج بغیر کوئی رن بنائے143 پر آؤٹ ہوگئے۔

    شان مسعود نے100رنز بنائے۔ حارث سہیل75،اسد شفیق65رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بنگلہ دیش کے ابو جائید اور روبیل حسین نے 3،3وکٹیں حاصل کیں۔

    کھانے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 7وکٹ پر420 رنز کی بدولت بنگلادیش کے خلاف187 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی، یاسر شاہ کریز پر آئے تو محض 5 اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، شاہین شاہ آفریدی3، نسیم شاہ دو جبکہ محمد عباس445 کے مجموعی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے اس طرح پاکستان کو بنگلادیش پر212 رنز کی سبقت مل گئی۔