Tag: Rawalpindi

  • 3 کمسن بچوں کو مار کر کراچی فرار ہونے والا باپ گرفتار

    3 کمسن بچوں کو مار کر کراچی فرار ہونے والا باپ گرفتار

    راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے ڈیرہ مسلم میں بیوی کے ناراض ہو کر جانے کے بعد باپ نے اپنے تین کم سن بچوں کو جان سے مار دیا، پولیس نے اسے کراچی فرار ہونے کے دوران گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ جاتلی کے علاقے ڈیرہ مسلم میں ایک گھر سے 3 کم سن بہن بھائیوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، واقعے کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ شقی القلب باپ نے بیوی کے ناراض ہو کر میکے چلے جانے پر اپنے بچوں ہی کو مار دیا۔

    سی پی او محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیا، تو پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد انکشاف کیا کہ 9 سالہ عثمان، 4 سالہ فیصان اور 4 سالہ ردا کو پیٹی میں بند کر دیا گیا تھا اور ان کی موت بھی ٹرنک کے اندر دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بچوں کی ماں ناراض ہو کر میکے گئی ہوئی ہے، والد بھی گھر پر نہیں تھا۔ پولیس نے کہا کہ تمام حقائق سامنے لانے کے لیے بچوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔

    ادھر ریلوے پولیس سکھر نے کارروائی کر کے بچوں کے قاتل باپ نور محمد کو روہڑی سے گرفتار کیا، ایس ایس پی ریلوے سکھر کا کہنا تھا کہ ملزم کراچی فرار ہو رہا تھا، پاکستان ایکسپریس سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش گوجر خان میں بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ قریبی رشتہ داروں نے بچوں کو گھر میں موجود نہ پا کر تلاش شروع کی تھی، جس پر ان کی لاشیں گھر کے ٹرنک سے ملیں، ایس ایچ او جاتلی کا کہنا تھا کہ بچوں کی والدہ نے بتایا کہ بچوں کے والد نور محمد نے بچوں کو ٹرنک میں بند کیا اور خود شہر سے باہر چلا گیا۔

    ایس پی صدر نے بتایا کہ فارنزک سائنس لیب کی ٹیم کے ذریعے موقع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جائے گی، مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے۔

  • دورہ ملائیشیا کے لیے قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ

    دورہ ملائیشیا کے لیے قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ

    راولپنڈی: قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ ملائیشیا کے لیے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ ملائیشیا کے لیے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے کے آر ایل فٹ بال اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حارث جمیل عالم خان کے مطابق تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 43 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا اور منتخب ٹیم 17 سے 24 جنوری تک ملائیشیا کا دورہ کرے گی۔

    تربیتی کیمپ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے محمد ایاز بٹ کو کیمپ کمانڈنٹ و ٹیم منیجر مقرر کیا ہے جبکہ ٹیم کے ہمراہ ہیڈ کوچ کے فرائض طارق لطفی، اسسٹنٹ کوچ کے گوہر زمان، گول کیپرز کوچ کے جعفر خان اور فزیو کے محمد شاہد انجام دیں گے۔ تربیتی کیمپ 2 سے 16 جنوری تک جاری رہے گا۔

  • پاک بمقابلہ سری لنکا : پہلا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا

    پاک بمقابلہ سری لنکا : پہلا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا

    راولپنڈی : پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، تاہم بارش کی پیش گوئی کے بعد میچ کا انعقاد متاثر ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سج گیا، سری لنکا اور پاکستان کرکٹ ٹیم دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز آج سے شروع ہوگی،

    اور پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس حوالے سے شائقین کرکٹ 10 سال کے طویل عرصے بعد ملکی میدان پر ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر انتہائی پرجوش ہیں۔

    تاہم محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی میں 11 دسمبر کو تو موسم ابرآلود رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے لیکن اگلے روز یعنی 12 دسمبر کو وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے وقت تیز بارش بھی ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ 13 اور 14 دسمبر کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان سری لنکا ٹیسٹ سیریز، کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا

    یاد رہے کہ گیارہ دسمبر سے شروع ہونے والے افتتاحی میچ میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم لانے کے لیے صرف پچاس روپے کا ٹکٹ رکھا گیا ہے، اس حوالے سے سیکورٹی کا پلان بھی جاری کر دیا گیا۔

  • عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں: شیخ رشید

    عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں: شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں، عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبرز کا رکن رہا ہوں، موٹر سائیکل بیچ کر چیمبرز کی فیس جمع کروا کر ممبر بنا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک وقت آیا کہ میں سلک کا سب سے بڑا ایکسپورٹر بنا۔ میں نے بزنس کے بجائے سیاست کو ترجیح دی، 8 بار وفاقی وزیر رہا، کبھی کسی تاجر سے بھتہ نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی خواتین تعلیم میں پہلے نمبر پر ہیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون سے راولپنڈی تا کراچی کا سفر صرف 8 گھنٹے ہوجائے گا، ایم ویل ون سے ایک لاکھ ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کل موڈیز نے پاکستان کے بہتر نتائج کی رپورٹ دی ہے، عمران خان کی قیادت میں بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں چھوٹے موٹے مسئلے لگے رہتے ہیں۔ پاکستان کا بہترین اسپتال راولپنڈی میں بننے جا رہا ہے۔ اس اسپتال میں 14 آپریشن تھیٹر ہوں گے۔ وزارت ریلوے کا خسارہ 3 سال میں ختم کریں گے۔

  • راولپنڈی: قبضہ گروپوں کیخلاف پولیس کی کارروائی،5 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    راولپنڈی: قبضہ گروپوں کیخلاف پولیس کی کارروائی،5 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    راولپنڈی: تھانہ مری کے علاقے میں قبضہ گروپوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرکے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 2 قبضہ گروپوں نے باہمی تصادم کے بعد سڑک بلاک کر دی تھی، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

    ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ مری کے علاقہ میں 2قبضہ گروپوں کے مابین تصادم ہوا جس کے بعد ملزمان نے سڑک بلاک کر دی۔

    پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے روڈ کو کلیئر کروا کر دونوں گرپوں کے5 ملزمان احسان اکرم، ذیشان، پرویز، امجد علی اور محمد نذیر عرف پپو کو گرفتارکرکے ان سے بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ بر آمد کر لیا۔

    ملزمان کے خلاف تھانہ مری میں مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے، سی پی او فیصل رانا نے قبضہ گروپوں کے خلاف بروقت کارروائی پر ایس پی صدر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملکہ کوہسار مری کے علاقہ میں سڑک کا بلاک ہونا کسی بھی صورت اور کسی بھی قیمت پر قابل برداشت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس قبضہ گروپوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف منظم انداز میں آپریشن کرے کیوں کہ ہم نے ہر صورت پنڈی کو اسلحہ فری بنانا ہے۔

  • ترک صحافیوں کے وفد کا مظفرآباد اور چکوٹھی سیکٹر کا دورہ، متاثرہ کشمیریوں سے ملاقاتیں

    ترک صحافیوں کے وفد کا مظفرآباد اور چکوٹھی سیکٹر کا دورہ، متاثرہ کشمیریوں سے ملاقاتیں

    راولپنڈی : ترکی کے صحافیوں کے ایک وفد نے مظفرآباد اور چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا، صحافیوں نے بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہونے والے شہریوں سے ملاقات بھی کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی ۤآر کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک صحافیوں نے ایک وفد نے ۤآزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد اور چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا۔

    مذکورہ وفد کو بھارتی فوج کی لائن ۤآف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے متعلق تفصیلات اور سیزفائرکی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔

    آئی ایس پی ۤآر کے مطابق اس موقع پر ترک صحافیوں نے بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہونے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے حالات جاننے کی کوشش کی۔

    مزید پڑھیں : ڈی جی آئی ایس پی آر کی ترک صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ

    بعد ازاں ترک صحافیوں کے وفد نے مظفرآباد پریس کلب کا دورہ کیا اور وہاں موجود صحافیوں سے مسئلہ کشمیر اور دیگر امور پر بات چیت کی۔

  • راولپنڈی: ڈسٹرکٹ اسپتال میں پولیس کی وردی پہنے شخص کی فائرنگ، دو افراد جاں بحق

    راولپنڈی: ڈسٹرکٹ اسپتال میں پولیس کی وردی پہنے شخص کی فائرنگ، دو افراد جاں بحق

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ اسپتال کی ایمرجنسی میں پولیس کی وردی پہنے شخص نے فائرنگ کردی جس کے باعث دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں ہونے والی فائرنگ کے بعد ڈاکٹرز نے ایمرجنسی گیٹ کی تالہ بندی کردی، پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔

    راجہ بازار میں واقع ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کی سیکیورٹی سوالیہ نشان بن گئی، پولیس کی وردی پہنے شخص نے ایمرجنسی سروسز میں داخل ہوتے فائرنگ شروع کردی جس سے 50سالہ مریض لہراسب اور 24سالپ اٹینڈنٹ نوید جان کی بازی ہار گئے۔

    واقع کے بعد اسپتال کی ایمرجنسی کو ڈاکٹرز نے تالے لگا دیئے، ایس راول سمیت اعلی حکام موقع پر پہنچ گئے ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اور مقتول افراد کا تعلق کلرسیداں سے ہے، واقع خاندانی دشمنی کا شاخساہ لگتا ہے۔

    یاد رہے کہ اکتوبر 2016 میں راولپنڈی کے بے نظیر اسپتال کی ایمرجنسی میں مسلح افراد نے گھس کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • راولپنڈی : سابق صدر آصف زرداری کو کل پمز اسپتال منتقل کيا جائے گا

    راولپنڈی : سابق صدر آصف زرداری کو کل پمز اسپتال منتقل کيا جائے گا

    راولپنڈی : پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کو کل پمز اسپتال منتقل کيا جائے گا، ميڈيکل بورڈ کی سفارش پر جیل انتطامیہ نے اسپتال منتقل کئے جانے کے انتظامات مکمل کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری، شیری رحمان اور دیگر کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری کو طبیعت کی ناسازی کے باعث اسپتال منتقل کیا جائے۔

    اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو سخت سیکیورٹی میں کل بروز جمعرات پمز اسپتال منتقل کيا جائے گا، سابق صدر کو ميڈيکل بورڈ کی سفارش پر پمز منتقل کيا جا رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ميڈيکل بورڈ کی سفارشات گزشتہ ہفتے وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی تھیں، دوسری جانب جیل انتظامیہ کی جانب سے آصف زرداری کو پمز اسپتال منتقل کئے جانے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رینما شیری رحمان نے سابق صدر آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے لیکن انہیں تجویز کے بعد بھی جیل میں رکھا جا رہا ہے۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے، حکومت انتقام کی ضد پر اڑی ہے، حکومت پی پی کو جھکا نہیں سکتی، پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آصف زرداری کو جیل میں علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔

    دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ بغیر کسی جرم میں قید میرے والد کو ڈاکٹرز نے اسپتال منتقل کرنے کی ایڈوائس دی ہے لیکن حکومت ڈاکٹرز کی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات کو نہیں مان رہی۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سرکاری ڈاکٹرز کی ہدایات نہ ماننے پر عدالت جا رہے ہیں، آصف زرداری کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

    مزید پڑھیں : پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

    واضح رہے کہ آصف زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جیل بھیجا گیا ہے، دس دن قبل احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع کی تھی۔

  • جشن آزادی پر پاک مسلح  افواج کے افسران میں اعزازات کی تقسیم کی پروقار تقریب

    جشن آزادی پر پاک مسلح افواج کے افسران میں اعزازات کی تقسیم کی پروقار تقریب

    راولپنڈی : یوم آزادی اور یوم یکجہتی کے موقع پر مسلح افواج کے ہیروز کو اعزازات سے نوازا گیا، صدر مملکت نے ایک ستارہ جرات، دو تمغہ جرات، 8 ستارہ بسالت، 88تمغہ بسالت اور 94 امتیازی اسناد دیں۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال فروری میں بھارتی طیارے گرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی کو ستارہ جرات اور سکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو تمغہ جرات سے نوازا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے یوم آزادی و یوم یکجہتی کشمیر پر مسلح افواج کے جوانوں اور افسروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

    ونگ کمانڈر نعمان علی نے ابھی نندن کے بھارتی مگ21کو نشانہ بنایا تھا جبکہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی نے بھارتی جیٹ گرایا جو مقبوضہ کشمیر میں گرا تھا، تمغہ جرات پانے والوں میں دیگر دوافسران جبکہ8 کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا، 88کوتمغہ بسالت،94کوامتیازی سند،113کو آرمی چیف تہنیتی کارڈ سے نوازا گیا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسلح افواج کے ہیروز کوا عزازات دیئے، اس کے علاوہ کرنل محمد شفیق ملک کو انفارمیشن ڈومین میں بہترین کارکردگی پر اعزازی سند سےنوازا گیا۔

    واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی کامیاب میڈیا مہم کا بھارتی جنرل نے بھی اعتراف کیا تھا، مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر انہیں شکست فاش سے دوچار کیا۔

    ایل اوسی ہو ، فضائی، بحری محاذ یا پھر عالمی رائے عامہ کو آگاہی کا معاملہ ہو، بھارت ہر سطح پر ناکام ہوا تھا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 23افسران کو ہلال امتیاز ملٹری،112کو ستارہ امتیاز ملٹری اور137افسران کو تمغہ امتیاز ملٹری دیئے
    آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کئے۔