راولپنڈی : پاک فوج نے ٹانک کے علاقے پنگ میں آپریشن کے دوران 4 انتہائی مطلوب دہشت گرد مار ڈالے، مارے جانے والوں میں عصمت اللہ شاہین کابیٹا کمانڈرعمر بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے ٹانک کےعلاقے پنگ میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا، جس میں پاک فوج نے دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں مطلوب چارملزمان کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک ہونے والوں میں عصمت اللہ شاہین کے بیٹے کمانڈرعمرسمیت کمانڈر زمان عرف طوفان، کمانڈر وصی اللہ اورظلم الدین عرف ظلمت شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق انٹیلی جنس بیس آپریشن میں بھاری تعداد میں گولہ بارود اورہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ گروپ ڈیرہ اسماعیل خان اور اطراف کے علاقوں میں بھتہ خوری، اغواء برائےتاوان اورٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، عصمت اللہ شاہین کالعدم ٹی ٹی پی شوریٰ کااہم ممبرتھا۔
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے بعد ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے اس دوران 560 سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ سہون کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کراچی سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کردیا، جھنگ شورکوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کا دہشتگرد پکڑلیا۔ مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے خودکش جیکٹ دیگر سامان برآمد ہواہے۔
راولپنڈی میں کومبنگ آپریشن کے دوران تئیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سیالکوٹ سے نو مشکوک افغان باشدے پکڑے گئے، اوکاڑہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے چوبیس افراد کو گرفتار کرلیا۔
خیرپور سے پانچ مشتبہ افراد گرفتار ہوئے، فیصل آباد میں کومبنگ آپریشن کے دوران تیرہ مشکوک افراد گرفتار کیے گئے، اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نےسرچ آپریشن کرکے پینتالیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جن میں تین افغانی باشندے بھی شامل ہیں۔
بری امام کے گرد و نواح میں رینجرز، پولیس اور حساس اداروں نے ساڑھے تین سو گھروں کی تلاشی لی۔ جس میں ایک افغان باشندے سمیت بارہ مشکوک افراد گرفتارکرلیے گئے۔
راولپنڈی میں حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرکے دو سو پچاسی افراد کو گرفتار کرلیا، لاہور میں رحمت آباد اور تبلغی مرکز بازار میں پولیس، پاک فوج اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کرکے دس افراد کو حراست میں لے لیا۔
رحیم یار خان میں کومبنگ آپریشن کے دوران بتیس ملزمان گرفتار کئے گئے جبکہ میانوالی افغان کیمپ میں کارروائی کرکے بیس افراد گرفتار کیا گیا۔
مردان میں کومبنگ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری ملزم سمیت تین سہولت کار اورپچپن مشتبہ افراد گرفتارہوئے، کالا باغ افغان کیمپ وگردونواح میں سرچ آپریشن کےدوران بیس مشکوک افراد کوحراست میں لیا گیا۔
میرپور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی جاری سرچ آپریشن میں غیر ملکیوں سمیت سو سے زائد جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے۔
راولپنڈی : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل اوسی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے، ایل اوسی کے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم بعد ازاں تینوں جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں نائیک غلام رسول، نائیک عمران ظفر، سپاہی امام بخش شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق فائرگ کا سلسلہ دونوں جانب سے کافی دیر جاری رہا، بعد ازاں دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں، کارروائی میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں پر بھی کافی جانی نقصان کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں, تاہم اس حوالے سے تفصیلی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
راولپنڈی: مہمند ایجنسی میں چیک پوسٹ پرافغانستان سے آئے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، پاک فوج نے دہشت گردوں کیخلاف بھرپورکارروائی کی، جوابی کارروائی میں 8 شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ باقی دہشت گرد واپس افغانستان بھاگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے پاک فوج کے جوانوں نے نالکام بنادیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 8 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں پاک افغان سرحدی پوسٹ پرحملہ کیا ہے۔
پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد واپس افغانستان بھاگنے پر مجبور ہو گئے، پاک فوج نے دہشت گردوں کے حملے کا موثر جواب دیا۔
راولپنڈی: پاک فوج نے کہا ہے کہ سال 2016 میں بھارتی فوج نے 379 مرتبہ سرحد کی خلاف ورزی کی، 46 شہریوں کو شہید کیا، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 40 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا۔
پاک فوج نے گزشتہ سال جو کامیابیاں حاصل کیں اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی آصف غفور نے تفصیلات جاری کردیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دو ہزار سولہ میں بھارتی فوج نے تین سو اناسی بار سرحدی خلاف ورزی کی، چھیالیس شہریوں کو شہید کیا، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں چالیس بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 2016 میں سی پیک میں آٹھ سو ستر کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیرکی گئی، سی پیک کے تحت اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن تشکیل دیا گیا۔ کراچی میں مجموعی طور پر ایک ہزار نو سو بانوے آپریشنز کیے گئے۔
آپریشن کے دوران دو ہزار آٹھ سو سینتالیس ملزمان، تین سو پچاس دہشت گرد اور چار سو چھیالیس ٹارگٹ کلرزپکڑے گئے، شہر میں ٹارگٹ کلنگ میں اکیانوے فیصد اور دہشت گردی کے واقعات میں باہتر فیصد کمی آئی۔
فوجی عدالتوں نے دو سو چوہتر مجرموں کوسزائیں دیں، جن میں ایک سو اکسٹھ کو سزائےموت اور ایک سو تیرہ کو عمرقید کی سزاہوئی۔
دہشت گردی میں پانچ سو تراسی جوان شہید ہوئے، جبکہ ساڑھے تین ہزار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائل ضرب،اینٹی شپ میزائل فائرنگ سسٹم، بابرکروز میزائل اور رعد میزائل کے کامیاب تجربے کیے گئے۔
پاک فضائیہ کے ایئرپاور سینٹرکاقیام، نائیجیریا کےساتھ مشاق طیاروں کا معاہدہ اور پاک فضائیہ سی ون تھرٹی نے برطانیہ میں بہترین ایئرکرافٹ کاایوارڈ بھی جیتا۔
راولپنڈی : دلہنوں کے جوڑے چوری کرنے والے ملزمان پکڑے گئے، ایک کروڑ روپے مالیت کے لہنگے،غرارے اوردوسرے جوڑے برآمد کرلیے گئے، ملزمان انتہائی مہنگے کپڑے سستے داموں فروخت کردیا کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں دلہنوں کے لاکھوں روپے کے جوڑے کوڑیوں کے مول بکنے لگے، تھانہ صادق آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے بوتیک سے دلہنوں کے قیمتی لباس چوری کرنے والے گینگ کو پکڑ لیا، جن کے قبضے سے مسروقہ عروسی لباس برآمد کر لیے۔
بوتیک کے مہنگے ترین کپڑے بوریوں میں سے نکلے۔ پولیس نے ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا، ملزمان نے ایک پلازہ کی بارہ دکانوں میں نقب لگا کر قیمتی جوڑے چوری کیے۔
برآمد کیے گئے قیمتی جوڑوں کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جارہی ہے۔ ایس پی ملک اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ واردات میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جوڑوں کی برآمدگی اورچوروں کی گرفتاری پرمقامی تاجر نے تھانہ صادق آباد پولیس کو ایک لاکھ انعام دینے کا اعلان کیا۔
ایس پی اقبال ملک کو ایک لاکھ کی اتنی خوشی ہوئی کہ جلدی میں ویڈیو بنانے والے شخص کو پچاس روپے دینے کا اعلان کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ چور مہنگےعروسی جوڑے چوری کرکے سستے داموں بیچا کرتے تھے۔
راولپنڈی : لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ڈی جی آئی ایس آئی کا چارج سنبھال لیا۔ میجر جنرل محمد سعید کو بھی ڈی جی رینجرز سندھ کی کمان سونپ دی گئی،وزیرداخلہ چوہدری نثار نے میجر رضوان اختر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کے اعزازمیں ظہرانہ دیا اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
ظہرانے میں لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، وزیرِخزانہ اسحاق ڈار،اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ناصرجنجوعہ شریک تھے۔
علاوہ ازیں رینجرز ہیڈ کوارٹرزسندھ میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر نے میجر جنرل محمد سعید کو سندھ رینجرز کی کمان سونپی۔
راولپنڈی : پاکستان نے جدید ترین کروز میزائل بابرٹو کا کامیاب تجربہ کرلیا، یہ میزائل دشوار گزار راستوں پر نچلی پرواز کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بابر کروزمیزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات مہمان خصوصی تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا پے کہ بابر کروز میزائل ویپن سسٹم 700 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔
کروز میزائل بابر ٹو جدید ترین اسٹیلتھ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، علاوہ ازیں بابر میزائل ویپن سسٹم نچلی پرواز کرکے زمین اورسمندر میں کامیابی سے اپنے ہدف کو بآسانی نشانہ بناسکتا ہے۔
راولپنڈی: پاک فوج نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا، ڈرون 60 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ ایل اوی سی پر جاسوسی کی کوششیں بھی جاری ہیں،آج ہفتے کو بھارتی ڈرون طیارہ کوئیڈ کاپٹر ایل او سی کے دکھ چکری سیکٹر میں 60 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہوا جسے پاک فوج کے اہلکاروں نے مار گرایا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز لئیق الرحمان نے بتایا کہہ ملبہ پاکستانی حدود میں گرا ہے آئی ایس پی آر نے ڈرون گرانے کی تصدیق کی ہے۔
Indian Quad Copter shot down by own Aagahi Post in Rakhchakri Sec.Had intruded 60 Ms in Pak side of LOC,fell near own Agahi Post&taken over
ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے ڈرون گرانے اور ملبہ پاک فوج کے قبضے میں آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈرون جلد پاک فوج کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے حوالے کیا جائے گا جو اس میں موجود ڈیٹا حاصل کرکے اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
Reference my last tweet,Indian Quad Copter has been shot down by Pakistani troops at 1645,fell in Pak territory& taken over by Pak troops.
لئیق الرحمان نے بتایا کہ یہ شام کا واقعہ ہے جہاں بھارتی جاسوس طیارہ گرایا گیا، طیارہ پاکستانی چوکیوں کی طرف 60 میٹر تک آیا، ڈرون کا مقصد چوکیوں کی جگہ اور اطراف کی تصاویر اور ویڈیو حاصل کرنا تھا، ڈرون کو ایل او سی پر موجود آگاہی دینے والے نے گرایا۔
لئیق الرحمان نے بتایا کہ ایل او سی پر پاک فوج کی جانب سے اینٹی ایئرکرافٹ گنز نصب کی گئی ہیں ان کی مدد سے ڈرون گرایا گیا۔
واضح رہے کہ آج ہی کے دن یہ تیسرا واقعہ ہے، قبل ازیں ایل او سی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، سمندری حدود کی خلاف ورزی کی گئی جس میں متعدد بھارتی باشندے گرفتار ہوئے اور اب ڈرون طیارے کے ذریعے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی جسے گرادیا گیا۔
ایک روز قبل بھارتی بحریہ کی آبدوز نے پاکستان کے سمندروں میں داخل ہونے کی کوشش کو تاہم پاک بحریہ نے بر وقت ردعمل دیتے ہوئے اسے ناکام بنادیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کواڈ کوپٹر ڈرون کی شکل کا ہی طیارہ ہوتاہے جو کہ سرحد پار فوجی نقل و حرکت کا جائزہ لینے اور جاسوسی کے لیے استعمال کیا جاتاہے، بھارتی فوج کی جانب سے ڈورن بھیجنے کا مقصد پاکستان کے حساس علاقوں کی تصاویر لینا تھا۔
تجزیہ کار امجد شعیب نے کہا کہ ڈرون کا پاکستانی حدود میں موجود ملبہ دنیا کو دکھانے کے لیے واضح ثبوت ہے جس طرح کلبھوشن ایک ثبوت ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی تقریر اور وائٹ ہائوس کی پالیسی میں فرق ہے،پالیسی افراد نہیں ادارے بناتے ہیں، امریکی صدر کانگریس کی حمایت کے بغیر تبدیلی نہیں لاسکتا۔
میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے طار ق فاطمی نے کہا کہ امریکی صدر کانگریس کی حمایت کے بغیر تبدیلی نہیں لاسکتا، پالیسی فرد واحد نہیں ادارے بناتے ہیں ویسے بھی ٹرمپ کی انتخابی تقاریر اور وائٹ ہائوس کی پالیسی میں فرق ہے۔
معاون خصوصی برائے خارجہ امور کا کہنا تھا کہ ہم اپنے حالات اور مفادات کے تناظر میں خارجہ پالیسی تشکیل دیتے ہیں،امید ہے وقت کے ساتھ ساتھ معاملات تبدیل ہوں گے،عالمی امور پر امریکا سے تعاون کریں گے،تمام ممالک سے تعلقات خوشگوار رکھنا ہماری پالیسی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برسوں بعد امریکا میں ایک جماعت کی اکثریت آئی ہے، امریکی عوام نے معیشت اور تجارت کے تناظر میں ووٹ دیا۔