Tag: Rawalpindi

  • دس سالہ نرس اور جعلی ڈاکٹر مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے لگے، ویڈیو سامنے آگئی

    دس سالہ نرس اور جعلی ڈاکٹر مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے لگے، ویڈیو سامنے آگئی

    راولپنڈی : جعلی ڈاکٹر  نے دس سال کی معصوم بچی کو اپنے کلینک میں نرس بنا دیا، ناتجربہ کار بچی مریضوں کو انجکشن اور ڈرپ لگانے لگا کر ان کی زندگیوں سے کھیلنے لگی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام میں ایک خوفناک انکشاف ہوا کہ راولپنڈی کے ایک کلینک میں دس سال کی بچی غیر قانونی طور پر نرس کے فرائض انجام دیتے ہوئے مریضوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔

    اتائی ڈاکٹر خود تو لوگوں کی زندگیوں سے کھیل ہی رہے ہیں اس پر مزید ظلم یہ کہ انہوں نے اپنے اسٹاف میں ان پڑھ ناتجربہ کار اور انتہائی کم عمر بچے بھی شامل کیے ہوئے ہیں۔

    یہ بچی راولپنڈی کے ایک کلینک میں نہ صرف روزانہ درجنوں مریضوں کو انجکشن اور ڈرپس لگاتی ہے بلکہ ٹیسٹ کروانے کیلئے لوگوں کا خون بھی نکالتی ہے۔

    اس کلینک میں ڈاکٹر کے طور پر کام کرنے والے 50 سالہ شخص شیراز کے پاس نہ تو کسی قسم کی میڈیکل کی ڈگری اور نہ ڈسپینسر اور نہ ہی کسی کمپاؤنڈر کا تجربہ تھا لیکن گزشتہ کئی سال سے روزانہ سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کرکے ادویات تجویز کررہا تھا۔ بات کرنے پر اس شخص نے اس حقیقت کا برملا اعتراف بھی کیا۔

    کلینک میں کام کرنے والی دس سالہ بچی نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ سال سے یہاں کام کررہی ہے یعنی 5سال کی عمر سے ہی اسے اس کام پر لگا دیا گیا۔

  • دہشت گردی کے خطرات: راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ

    دہشت گردی کے خطرات: راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ

    ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

    اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق دہشت گردی خدشے کے پیش نظر امن وامان برقرار رکھنے کیلئے دفعہ 144 لگائی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج پر پابندی ہے، دفعہ 144 فوری طور پر نافذالعمل ہے جس کا اطلاق 10 نومبر تک ہوگا۔

  • بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی: فیصل چوہدری

    بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی: فیصل چوہدری

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔

    فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا اسحاق ڈار نالائق آدمی ہے، چین کیساتھ تعلقات بگاڑنا نا لائقی ہے، حکومت کی ساکھ ختم ہوچکی معیشت نہیں سنبھل رہی۔

    فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے احتجاج جاری رکھیں گے، بانی پی ٹی آئی نے کہا چھبیسویں ترمیم کو قبول نہیں کریں گے۔

    فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کسی غیر ملکی وفد سے ملاقات نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ ہی قانون کی بالادستی کی ضامن ہے، عدلیہ آزاد ہوگی تو قانون کی بالادستی قائم ہوسکتی ہے۔

    فیصل چوہدری نے مزید بتایا کہ بانی نے ملاقاتوں میں رکاوٹ پر توہین عدالت کی درخواست دائرکرنے کی ہدایت کی ہے، بانی پی ٹی آئی کو 30 دن سے اخبار نہیں دیا گیا اور ٹی وی بھی واپس نہیں کیا گیا۔

  • راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

    راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

    راولپنڈی: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 83 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں اسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی مریضوں کی تعداد 174 ہو گئی ہے، جب کہ مزید 83 افراد میں تصدیق کے بعد ڈینگی سے متاثرہ کنفرم مریضوں کی تعداد 1255 تک پہنچ گئی، جب کہ رواں سیزن میں اس سے 5 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نئے کیسز میں 47 مریض پوٹھوہار ٹاؤن، 13 میونسپل کارپوریشن سے آئے، راولپنڈی کنٹونمنٹ میں 14 اور کہوٹہ میں 3 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ چکلالہ کنٹونمنٹ سے بھی 3، کلر سیداں سے 2، اور پوٹھوہار رولر سے ایک مریض سامنے آیا۔

    کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں خون کے کینسر کے علاج کی سہولیات ناکافی

    محکمہ صحت کے مطابق رواں سیزن میں کانگو کے 2 ملیریا کے 651 مریض آئے، اور منکی پاکس کا اب تک کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔

  • واردات کے بعد فرار ہوتے ڈاکؤوں کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ، 2 ڈاکو ہلاک

    واردات کے بعد فرار ہوتے ڈاکؤوں کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ، 2 ڈاکو ہلاک

    راولپنڈی: نصیر آباد کے علاقہ میں واردات کے بعد فرار ہوتے موٹر سائیکل سوار 4 ڈاکوؤں کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دو ڈاکو ہلاک، دو فرار ہوگئے۔

    ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور کچھ دیر قبل واردات میں چھینا گیا موبائل و نقدی برآمد ہوئی، ڈاکؤوں نے چند روز قبل کوہسار کالونی میں بھی واردات کی تھی جس کے مدعی مقدمہ نے بھی ڈاکؤوں کو شناخت کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ چاکرہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار ڈاکو واردات کے بعد فرار ہوئے ہیں، پولیس نے فوری ناکہ بندی کر کے رکنے کا اشارہ کیا تو ڈاکؤوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

    واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، نعشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، فرار ڈکیتوں کی گرفتاری کے لئے سرچنگ، ہلاک ڈاکؤوں کی شناخت کی جارہی ہے۔

  • ٹی ایل پی رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا مقدمہ درج

    ٹی ایل پی رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا مقدمہ درج

    راولپنڈی: ٹی ایل پی رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامع ضیاء العلوم سے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں دہشت گردی کا ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں سید عنایت الحق، مفتی عمیر، ڈاکٹر شفیق امینی، علامہ شفیق قادری سمیت 28 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے مطابق خفیہ اطلاع ملی کہ ملزمان جامع ضیاء العلوم میں چیف جسٹس پاکستان کے خلاف ملکی سطح پر جلسہ جلوس کا پروگرام طے کرنے کی میٹنگ کر رہے تھے، ملزمان نے چیف جسٹس کو برطرف کر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تقریر کی، جو مذہبی منافرت اور مجرمانہ سازش کی حامل ہے۔

    ملزمان مسلح گن مینوں، مدرسے کے طالب علموں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں آئے، ہائی کورٹ روڈ بلاک کر دی، مسلح گن مینوں کے سڑک پر آنے کے باعث عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا، دہشت گردی کا سماں پیدا ہوا۔

    مقدمے کے مطابق پولیس کے پہنچنے پر کچھ لوگ گاڑیوں میں سوار ہو کر جی ٹی روڈ سواں کی طرف اور طلبہ مدرسے کی جانب گلیوں میں بھاگ گئے، ملزمان نے چیف جسٹس کے خلاف شدید نعرے بازی کر کے اشتعال دلایا۔

  • ملک کے اہم شہر میں تندور بند ہو گئے

    ملک کے اہم شہر میں تندور بند ہو گئے

    راولپنڈی: نانبائیوں اور انتظامیہ کے درمیان ٹھن گئی ہے، راولپنڈی میں نانبائیوں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سستی روٹی کی فراہمی کو مشن بنا لیا ہے، تاہم راولپنڈی میں اس پر عمل درآمد مشکل ہو گیا ہے۔

    نان بائیوں نے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کر دی ہے، ٹیکسلا، گجر خان، جاتلی، کلر سعیدہ اور گرد و نواح میں تندور بند کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، اور نان پراٹھا نہ ملنے پر شہری بیکریوں کا رخ کر رہے ہیں۔

    دوسری طرف ضلعی انتظامیہ ہڑتال کرنے والے نانبائیوں کے خلاف کارروائی کرنے لگی ہے، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درجنوں تندور سیل کر کے سامان ضبط کر لیا گیا ہے، اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

    ’’حکومت جو چاہے کر لے 16 روپے کی روٹی نہیں بیچیں گے‘‘

    واضح رہے کہ نانبائی ایسوسی ایشن نے سرکاری احکامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جو چاہے کر لے 16 روپے کی روٹی نہیں بیچیں گے۔ ایسوسی ایشن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کا تھیلا 1600 روپے اور فائن میدہ 7500 روپے کرنے تک روٹی سستی نہیں کریں گے، 5 روز مزید انتظار کرنے کے بعد غیر معینہ مدت تک ہڑتال پر جائیں گے۔

  • گیس کا خوفناک دھماکا : دو بچے جھلس کر جاں بحق

    گیس کا خوفناک دھماکا : دو بچے جھلس کر جاں بحق

    راولپنڈی کے علاقے بھابڑا بازار میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں دو بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں گیس لیکج دھماکوں اور آتشزدگی کے پے در پے تین مختلف واقعات میں دو بچے جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے واقعے میں بھابڑا بازار میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس میں دو بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، حادثے میں 2افراد بھی جھلس کر زخمی ہوئے۔

    ریسکیو حکام نے میڈیا کو بتایا کہ آتشزدگی کے باعث گیس کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، کمرے میں گیس جمع ہونے کےبعد بجلی کا سوئچ آن کرتے ہی دھماکا ہوا، جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت8سالہ ارہم ،7 سالہ آیت کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ بدقسمت بچوں کی ماں بھی پچاس فیصد تک جھلس گئی۔

    دوسرا واقعہ وارث خان کے علاقے آریہ محلہ میں پیش آیا جہاں گیس لیکج دھماکہ سے جھلس کر 5 افراد زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والے دو مرد اور تین لڑکیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    تیسرا واقعہ ٹینچ آبادی نمبر 2 میں واقع ایک گھر میں پیش آیا،گیس لیکج دھماکہ سے عبداللہ اور حسن نامی دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں بی بی ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • راولپنڈی میں پی ایس ایل کا میلہ آج سجے گا

    راولپنڈی میں پی ایس ایل کا میلہ آج سجے گا

    پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا میلا لاہور، ملتان اور کراچی کے بعد راولپنڈی میں بھی سجنے کو تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پی ایس ایل کا میلہ آج سجے گا، پاکستان سپر لیگ کے سپر ویک اینڈ پر دو میچز کھیلے جائیں گے پہلے میچ میں لاہور اور پشاور جبکہ دوسرے میں اسلام آباد اور کوئٹہ ٹکرائیں گے اور دونوں میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    آج کے میچ میں لاہور قلندرز کے پاس آخری موقع ہے جس میں غلطی کی گنجائش نہیں ہے اگر اب قلندرز کی ٹیم ہاری تو گزشتہ سال کی چیمپئین ٹیم کی اس سیزن میں کہانی ختم ہوجائے گی۔

    دوسرے میچ میں شام سات بجے ہوم ٹیم اسلام آباد اور کوئٹہ مدمقابل آئیں گی، مگر بارش رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔

    دوسری جانب پولیس کے5 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سرانجام دیں گے، راولپنڈی اسٹیڈیم اور گرد و نواح میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    سی پی او کے مطابق سیکیورٹی کے ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، راولپنڈی ضلع میں دفعہ 144 سے متعلق بھی تمام ڈیوٹیز الرٹ رہیں گی۔

  • راولپنڈی سے اسلحے کی بھاری کھیپ پکڑی گئی

    راولپنڈی سے اسلحے کی بھاری کھیپ پکڑی گئی

    راولپنڈی سے خطرناک اسلحہ کی بھاری کھیپ پکڑی گئی جبکہ 2 اسمگلر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی پی او خالد ہمدانی نے بتایا کہ راولپنڈی سے خطرناک آتشیں اسلحے کی بھاری کھیپ پکڑی گئی جبکہ 2 اسمگلرز کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    سی پی او کے مطابق اسلحہ اسمگلرز سے 35 پستول برآمد ہوئے، ملزمان بہادر خان، راشد شاہ سے ہزاروں گولیاں بھی برآمد ہوئیں، ویسٹریج پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر چیک کیا تو اسلحہ برآمد ہوا۔

    سی پی او خالد ہمدانی نے مزید بتایا کہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔