Tag: Rawalpindi

  • 2023: راولپنڈی میں 16,429 ٹریفک حادثات، 164 ہلاکتیں

    2023: راولپنڈی میں 16,429 ٹریفک حادثات، 164 ہلاکتیں

    راولپنڈی: گزشتہ برس 2023 میں راولپنڈی میں ریسکیو 1122 کو 16,429 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثات سے متعلق راولپنڈی شہر کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس کے دوران 16 ہزار 429 حادثات میں مجموعی طور پر 16,525 افراد متاثر ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی ریسکیو سروس راولپنڈی نے تمام متاثرین کو بروقت ریسکیو سروسز مہیا کیں، ان ٹریفک حادثات میں 164 افراد جاں بحق، 8040 شدید زخمی، اور 8321 معمولی زخمی ہوئے۔

    ریسکیو سروس راولپنڈی اوسط ریسپانس ٹائم کو برقرار رکھتے ہوئے تمام حادثات پر بروقت پہنچی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات میں زیادہ تعداد کار اور موٹر سائیکل سواروں کی ہے۔

    16,525 ٹریفک حادثہ متاثرین میں 14008 مرد، 2517 خواتین شامل ہیں، حادثات کی وجوہ میں تیز رفتاری، لاپرواہی، ون ویلنگ، غلط موڑنا، ٹائر کا پھٹنا اور دیگر عوامل شامل ہیں۔

    ان حادثات کے شکار افراد میں زیادہ افراد کی عمریں 21 سال سے 40 سال کے درمیان تھیں۔

  • حکومت نے 4 بیڈ دیے، پانچواں مریض کہاں رکھیں، بینظیر بھٹو اسپتال کے چلڈرن وارڈ کا المیہ سامنے آ گیا

    حکومت نے 4 بیڈ دیے، پانچواں مریض کہاں رکھیں، بینظیر بھٹو اسپتال کے چلڈرن وارڈ کا المیہ سامنے آ گیا

    راولپنڈی: بینظیر بھٹو اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں جگہ اور آکسیجن کی قلت کے باعث مریض اور اسپتال عملہ دونوں پریشانی سے دوچار رہنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بینظیر بھٹو اسپتال کے چلڈرن وارڈ کے ڈاکٹر اور بچے کی والدہ کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں ڈاکٹر بھی بیڈز کی کمی پر پریشانی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    ویڈیو میں بینظیر بھٹو اسپتال کے ڈاکٹر کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ ’’حکومت نے 4 بیڈ دیے ہیں، تو ہم پانچواں مریض کہاں رکھیں، میں یہاں ڈاکٹر لگا ہوں اسپتال کا مالک نہیں، حکومت نے جو سہولیات دی ہیں ہم اس سے زائد مریض ایڈجسٹ کر رہے ہیں۔‘‘

    ڈاکٹر نے کہا ’’ہماری کسی بچے یا اس کی ماں سے کوئی دشمنی نہیں لیکن ہم مجبور ہیں کیا کریں، کسی نئے بچے کو آکسیجن دینی ہے تو دوسرے بچے سے اتار کر دینی ہے، والدین ہم سے لڑنے کی بجائے اعلیٰ حکام سے شکایت کریں۔‘‘

  • مری ایکسپریس وے پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے لینڈ سلائیڈنگ روکنے والی حفاظتی دیوار توڑ دی

    مری ایکسپریس وے پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے لینڈ سلائیڈنگ روکنے والی حفاظتی دیوار توڑ دی

    راولپنڈی: مری ایکسپریس وے پر ایک غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے سڑک کے لیے تباہی کا راستہ کھول لیا، لینڈ سلائیڈنگ کو روکنے کے لیے تعمیر کی گئی کنکریٹ کی حفاظتی دیوار توڑ دی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں مری ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ روکنے کی کنکریٹ کی حفاظتی دیوار توڑ دی گئی، غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے حفاظتی دیوار توڑ کر سوسائٹی کے لیے سڑک بنا لی ہے۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کنکریٹ کی حفاظتی دیوار توڑنے سے بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، بڑی عمارتیں اور رہائشی گھر بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں، گزشتہ ماہ بھی ایک حصہ منہدم ہوا تھا۔

    لینڈ سلائیڈنگ سے ایک رہائشی مکان سے ملحقہ جانوروں کے دو کمرے منہدم ہو گئے تھے، مقامی افراد نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈی سی، ڈی جی آر ڈی اے، این ایچ اے حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    ادھر راولپنڈی میں آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن میں موضع کوٹھہ کلاں میں ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کا دفتر سیل کر دیا ہے، اڈیالہ روڈ، چکری روڈ، ٹھلیاں انٹرچینج، ٹیکسلا میں 9 غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز پنجاب ڈویلپمینٹ سٹیز ایکٹ 1976 کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں، آپریشن آر ڈی اے کے انفورسمنٹ اسکواڈ نے کیا، ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری نہ کریں۔

  • راولپنڈی سے لیے گئے پولیو نمونے کا جینیاتی ربط ننگرہار سے نکل آیا

    راولپنڈی سے لیے گئے پولیو نمونے کا جینیاتی ربط ننگرہار سے نکل آیا

    راولپنڈی: پنجاب کے شہر راولپنڈی سے لیے گئے پولیو کے ماحولیاتی نمونے کا جینیاتی ربط ننگرہار، افغانستان سے نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے سرائے کالا سے جولائی کے مہینے میں لیا گیا ماحولیاتی نمونہ مثبت نکلا ہے، انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ اس ماحولیاتی نمونے کا جینیاتی ربط ننگر ہار افغانستان سے پایا گیا ہے۔

    سرائے کالا کو دسمبر 2022 میں ماحولیاتی سائٹس کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا، جب کہ ستمبر 2022 کے بعد راولپنڈی میں پہلی بار پولیو وائرس کی نشان دہی ہوئی ہے، پنجاب میں اس سال تیسرا ماحولیاتی نمونہ مثبت آیا ہے۔

    سربراہ انسداد پولیو پروگرام خضر افضال کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے لاہور کے 2 ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پایا گیا تھا، ایک نمونے کا تعلق ننگرہار افغانستان سے پایا گیا تھا، جب کہ دوسرے نمونے کا تعلق جنوبی خیبر پختونخوا سے تھا۔

    راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی

    خضر افضال کے مطابق مثبت ماحولیاتی نمونے کا مطلب ہے پولیو وائرس علاقے میں موجود ہے، اس لیے والدین ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

  • راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی

    راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی

    اسلام آباد: نیشنل پولیو لیبارٹری نے پاکستان کے دو شہروں راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی، رواں برس ملک کے سیوریج کے پانی میں 14 ویں بار پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ذرائع این آئی ایچ کے مطابق راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس ون پایا گیا ہے، پشاور میں شاہین مسلم ٹاؤن کے علاقے، جب کہ راولپنڈی میں سرائے کالا ٹیکسلا کے علاقے کے سیوریج میں وائرس پایا گیا۔

    نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے ذرائع نے بتایا کہ رواں سال پشاور کے سیوریج میں یہ چھٹی بار پولیو وائرس پایا گیا ہے، تاہم شاہین مسلم ٹاؤن کے سیوریج میں پہلی بار پولیو دیکھا گیا، جہاں سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپل 17 جولائی کو لیا گیا تھا، یاد رہے کہ پشاور سے آخری بار پولیو کیس 20 جولائی 2020 کو رپورٹ ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سرائے کالا ٹیکسلا سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپل 17 جولائی کو لیا گیا تھا، رواں برس راولپنڈی کے سیوریج میں یہ پہلی بار ہے جو پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، آخری مرتبہ ستمبر 2022 میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جب کہ آخری بار پولیو کیس جون 2010 میں رپورٹ ہوا تھا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں شہروں کے سیوریج میں موجود پولیو وائرس کا جینیاتی ٹیسٹ جاری ہے۔

  • راولپنڈی : دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید توسیع

    راولپنڈی : دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید توسیع

    پنجاب میں قیام امن کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع میں دفعہ 144کے نفاذ میں مزید توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 18 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیش بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے شہر میں دفعہ 144 میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں ریلیوں، جلسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی ہوگی، چار سے زائد افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

    اس کے علاوہ شہر بھر میں اسلحے کے استعمال اور نمائش پر بھی پابندی عائد رہے گی، اہم تنصیبات کے اطراف ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، آتش بازی اور ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی اور مری کے اضلاع میں 15 مئی سے 21 مئی تک دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جس کے تحت ہر قسم کی مجالس، اجتماعات، دھرنے، جلسے، جلوس، مظاہرے، احتجاج اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد تھی۔

  • راولپنڈی کے ٹیکسی ڈرائیور کو سندھ کے کچے کےعلاقے میں قتل کر دیا گیا

    راولپنڈی کے ٹیکسی ڈرائیور کو سندھ کے کچے کےعلاقے میں قتل کر دیا گیا

    رحیم یار خان: کار کا اشتہار دیکھ کر اوباڑو جانے والا ٹیکسی ڈرائیور تاوان کی عدم ادائیگی پر سندھ کے کچے میں قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ایک ٹیکسی ڈرائیور ارشد ستی کو سندھ میں کچے کے علاقے اوباڑو میں قتل کر دیا گیا، ڈرائیور ارشد کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ارشد کو بچانے کے لیے سندھ پولیس سے مدد مانگی گئی لیکن اس نے کوئی مدد نہیں کی۔

    ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل کا کہنا ہے کہ ارشد محمود سستی گاڑی کا اشتہار دیکھ کر 26 جون کو اوباڑو پہنچا، گھر والوں کو فون پر بتایا کہ پارٹی اس کو لینے آ رہی ہے، رات کو واپسی ہو جائے گی۔

    ڈی پی او کے مطابق اُسی رات ارشد کے گھر والوں کو تاوان کی کال موصول ہوئی، جس پر ارشد کا بھائی اور دیگر اہل خانہ سندھ پہنچے اور ایس ایچ او اور ڈی ایس پی سے مدد مانگی، لیکن 29 جون کو ارشد کی لاش سندھ پنجاب کے بارڈر سے ملی۔

    ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہنی ٹریپ کے ان واقعات میں خواتین کو استعمال کیا جاتا ہے یا اس طرح کی سستی ڈیل کا لالچ دیا جاتا ہے، عوام جھانسے میں نہ آئیں اور پولیس سے رابطہ کریں۔

  • راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 4 جون تک توسیع

    راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 4 جون تک توسیع

    راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 4 جون تک توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے شہر میں دفعہ 144 میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ضلع بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور اجتماعات پر مکمل طور پر پابندی عائد رہے گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ ایک سو چوالیس میں 4 جون تک توسیع کی گئی ہے، اس دوران ضلع بھر میں اسلحے کے استعمال پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کا اطلاق حساس اداروں، پولیس افسران، خواتین اور بچوں پر نہیں ہوگا، جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • راولپنڈی میں ڈکیتی کے دوران سیشن جج قتل

    راولپنڈی میں ڈکیتی کے دوران سیشن جج قتل

    راولپنڈی: تھانہ روات کے علاقے فیز 8 میں گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ڈاکوؤں نے سیشن جج سردار امجد اسحاق کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ڈکیتی کے دوران سیشن جج آزاد کشمیر سردار امجد اسحاق کو قتل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ 2 ڈاکو تھانہ روات کے علاقے فیز 8 میں گھر میں ڈکیتی کی غرض سے داخل ہوئے تھے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر گن پوائنٹ پر گھر والوں یرغمال بنانے کی کوشش کی، اس دوران سیشن جج سردار امجد اسحاق نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے فائرنگ سے سردار امجد اسحاق کو گولی لگی اور وہ زخمی ہو گئے، جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئے۔

  • اے این ایف آپریشن : 5خواتین سمیت 40 منشیات فروش گرفتار

    اے این ایف آپریشن : 5خواتین سمیت 40 منشیات فروش گرفتار

    راولپنڈی : اے این ایف نے ملک بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 40 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔

    ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ملک بھر میں 36 مقامات پر کارروائی کے دوران پانچ خواتین سمیت40ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 12دسمبر سے18دسمبر کے دوران 1100کلو منشیات برآمد کی گئی، 1ہزار کلو سے زائد منشیات اور10کلو سے زائد مشکوک مواد برآمد کیا گیا ہے۔

    اے این ایف کے مطابق منشیات فروشوں کے زیر استعمال14گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں،9کارروائیوں کے دوران راولپنڈی سے9کلو منشیات برآمد کی گئیں۔ راولپنڈی سے3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اس کے علاوہ بلوچستان میں9کارروائیوں کے دوران 697 کلو منشیات، 10کلو مشکوک مواد قبضے میں لیا گیا ، بلوچستان سے ایک خاتون سمیت14ملزمان کو گرفتار کرکے گاڑیاں قبضہ میں لی گئیں۔

    اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 8 کارروائیوں کے دوران 64 کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی، ایک کلو200 گرام افیون، 6 کلو 243 کلو آئس،50 کلو کیٹا مائن شامل ہے۔

    ایک اور کارراوائی میں پنجاب بھر سے ایک خاتون سمیت10ملزمان سے منشیات برآمد کرکے گرفتار کیا گیا، سندھ میں2کارروائیوں کے دوران16کلو منشیات برآمد کرلی گئیں، ملزمان کیخلاف انسداد منشیات کے تحت متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔