Tag: Rawalpindi

  • دوستوں نے ذرا سی بات پر دوست کو اغواء کرکے قتل کردیا

    دوستوں نے ذرا سی بات پر دوست کو اغواء کرکے قتل کردیا

    راولپنڈی : دوستوں نے اپنے ہی دوست کو اغواء کرکے جان سے مار ڈالا، واقعہ لین دین کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دولت کی ہوس نے رشتوں کو بھی بے معنی کردیا، راولپنڈی میں لین دین کے تنازعہ پردوستوں نے اپنے ہی دوست کو اغواء کرکے قتل کردیا, مقتول عبدالرحمان کو 2روز قبل تھانہ صدر واہ کےعلاقے نیو سٹی سے اغواء کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی عبدالرحمان کے دوستوں نے اسے رسیوں سے باندھ کر بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا ہے، مقتول عبدالرحمان کی تشدد زدہ لاش اٹک سے ملی۔

    راولپنڈی کے تھانہ صدر واہ پولیس نے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے قاتلوں کی تلاش شروع کردی ہے لیا، پولیس نےمقدمے میں مقتول کے3دوستوں کو نامزد کیا ہے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ مقتول عبدالرحمان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے متعلقہ اسپتال بھجوا دیا ہے، رپورٹ کے بعد کارروائی کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

  • موٹر سائیکلیں‌ چوری کرنے والے باپ بیٹے کو تاجروں‌ نے قابو کر لیا

    موٹر سائیکلیں‌ چوری کرنے والے باپ بیٹے کو تاجروں‌ نے قابو کر لیا

    راولپنڈی: موٹر سائیکلیں‌ چوری کرنے والے باپ بیٹے کو تاجروں‌ نے قابو کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جو کام راولپنڈی پولیس نہ کر سکی وہ تاجروں نے کر دکھایا، کالج روڈ سے مسلسل موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے باپ بیٹے کو تاجروں نے پکڑ کر لیا۔

    تاجروں نے موٹر سائیکل چوروں کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے پہچانا، باپ بیٹا اب تک درجنوں موٹر سائیکل چوری کر چکے ہیں۔

    چوروں نے اعتراف کیا کہ وہ موٹر سائیکلیں کھنہ کے علاقے میں راشد دکان دار کو فروخت کرتے ہیں، ویڈیو بیان دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی دونوں پر مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

    کالج روڈ کے تاجروں نے قانونی کارروائی کے لیے چوروں کو تھانہ سٹی پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس نے موٹر سائیکل خریدنے والے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔

  • حقیقی آزادی مارچ کا سونامی، ملک بھر سے قافلوں کے راولپنڈی پہنچنے کا سلسلہ جاری

    حقیقی آزادی مارچ کا سونامی، ملک بھر سے قافلوں کے راولپنڈی پہنچنے کا سلسلہ جاری

    راولپنڈی: حقیقی آزادی مارچ کا سونامی چل پڑا ہے، ملک بھر سے قافلوں کے راولپنڈی پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، خیمہ بستی بھی آباد کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اقبال پارک میں چاند رات کا سماں رہا، پی ٹی آئی کارکنوں کا جوش وخروش عروج پر ہے، پارٹی پرچموں کی بہار اور ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالتے ہوئے شرکا نے رات خیمہ بستی میں گزاری۔

    ضلعی انتظامیہ نے فیض آباد کے قریب اسٹیج لگانے کی اجازت دینے سے انکار کیا تو مرکزی اسٹیج سکستھ روڈ فلائی اوور پر لگانا پڑا، فیض آباد انٹرچینج پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، لانگ مارچ کے شرکا کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں، فیض آباد بس اڈہ بھی سیل کر دیا گیا، آج میٹرو بس سروس بھی معطل رہے گی۔

    ملتان سے قافلہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں راولپنڈی پہنچ گیا ہے، لانگ مارچ میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے چل پڑے ہیں، حماد اظہر کی قیادت میں قافلہ لاہور سے گوجرانوالہ پہنچ گیا، آج صبح جی ٹی روڈ پر نکلے گا۔

    وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں کارواں راولپنڈی روانہ ہو چکا ہے، کوئٹہ سے بھی قافلے روانہ ہو گئے، خیبر پختون خوا کے عوام بھی آج راولپنڈی کا رخ کریں گے، جن کی قیادت پرویز خٹک کریں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ ستائیس سال کے دوران قوم میں ایسی بیداری نہیں دیکھی جیسی آج دیکھ رہا ہوں، میڈیا اور ارشد شریف جیسے افراد نے لوگوں میں شعور بیدار کیا، ملک میں سیاسی استحکام الیکشن سے آئے گا۔

    عمران خان نے کہا میں غلامی پر موت کو ترجیح دوں گا، اچھی شروعات کرنی ہے تو ظلم کرنے والوں کو فارغ کریں، ادارے اپنی عزت خود بناتے ہیں، کبھی نہیں سوچا میرا کوئی آرمی چیف ہو، سب اداروں میں میرٹ پر لوگ لگنے چاہئیں، یہ سمجھتے ہیں جسے آرمی چیف لگائیں گے ان کے کام کرے گا، پہلے بھی کہا جسے بھی آرمی چیف لگائیں ادارے کے لیے کام کرے گا۔

    برطانوی اخبار دی ٹائمز کو انٹرویو میں کہا میں نے مرنے کے خوف پر قابو پا لیا، چھبیس سال پہلے جب سیاست میں آیا تب سے جان خطرے میں ہے، وزیر آباد میں فائرنگ پہلا قاتلانہ حملہ نہیں تھا۔

    ادھر وزیر داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، جلسے میں دہشت گردی ہو سکتی ہے، انھوں نے عمران خان کو للکارا کہ آپ کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، الیکشن کی تاریخ لینی ہے تو سیاست دان بنیں، پارلیمنٹ میں آئیں، اور پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ بیٹھیں۔

  • قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد کی شکایات، جیل کے 7 ملازمین برطرف

    قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد کی شکایات، جیل کے 7 ملازمین برطرف

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کی سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے بعد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے معاملے پر نوٹس لے لیا گیا۔

    پنجاب کے مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز کی ہدایات پر آئی جی جیل خانہ جات نے ایکشن لیتے ہوئے قصور وار ثابت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا۔

    عمر سرفراز کا کہنا ہے کہ جیلوں میں رشوت، تشدد اور منشیات کی ترسیل کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، افسران اور اہلکاران کے خلاف عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

  • ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    راولپنڈی: ڈاکوؤں نے ایک تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، جس میں 2 لٹیرے ایک تاجر سے 25 تولہ سونا اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔

    یہ واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن بی بلاک میں پیش آیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے تاجر کی گاڑی روکی، اور پھر ان سے اور ان کی فیملی سے سونا اور نقدی چھین لی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کو اسلحہ لہراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • خاتون اغوا کار سے تین ماہ کا بچہ بازیاب

    خاتون اغوا کار سے تین ماہ کا بچہ بازیاب

    راولپنڈی: بے نظیر بھٹو اسپتال سے اغوا ہونے والے شیر خوار بچے کو پولیس نے چوبیس گھنٹوں‌ کے اندر بازیاب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 3 ماہ کا بچہ محمد موسیٰ بازیاب کر کے روبینہ نامی خاتون کو گرفتار کر لیا، خاتون نے بچے کو گزشتہ روز بے نظیر بھٹو اسپتال سے اغوا کیا تھا۔

    پولیس نے وومن تھانے میں بچہ والدین کے حوالے کر دیا، ذرائع نے بتایا کہ بچے کو شکایت ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے حساس اداروں کی مدد سے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر بازیاب کیا۔

    روبینہ نامی اغواکار خاتون اور بازیاب بچہ محمد موسیٰ

    بچے محمد موسیٰ کے اغوا میں ملوث روبینہ نامی اغوا کار خاتون کراچی میں بھی بچوں کے اغوا کی متعدد وارداتیں کر چکی ہے، سی پی او شہزاد ندیم بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ روبینہ بچوں کے اغوا کے مقدمے میں جیل بھی کاٹ چکی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ملزمہ کراچی سے جیل کاٹ کر راولپنڈی پہنچی اور یہاں بھی واردات کر لی، بچے کی بازیابی کے لیے پولیس نے دن رات ایک کیا، ملزمہ کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی پر دلی سکون ملا ہے۔

  • ڈیمئن ہوف پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے پچز کا معائنہ کرنے پہنچ گئے

    ڈیمئن ہوف پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے پچز کا معائنہ کرنے پہنچ گئے

    راولپنڈی: آسٹریلیا کے پچ ماہر ڈیمئن ہوف نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کر کے پچز کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی پچ ماہر نے جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچز کا معائنہ کیا ہے، ڈیمئن ہوف نے مقامی کیوریٹرز اور کوچز کو پچز کی تیاری پر لیکچر بھی دیا۔

    ڈیمئن ہوف کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی پچز اور آؤٹ فیلڈ کا بھی معائنہ کریں گے، اس سے قبل آسٹریلوی پچ ماہر نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی پچز اور آؤٹ فیلڈ کا جائزہ لیا تھا۔

    واضح رہے کہ انگلش بورڈ کا ایک سیکیورٹی وفد بھی پاکستان کے ساتھ سیریز کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہے، جس نے مختلف شہروں میں کرکٹ اسٹیڈیمز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    اس 4 رکنی وفد میں رچرڈ اسنوبال، رابرٹ لنچ، جان کار اور ریج ڈکاسن شامل ہیں، وفد نے مختلف شہروں میں ایئر پورٹ سے ہوٹل تک اور ہوٹل سے اسٹیڈیم کے روٹ کا جائزہ لیا۔

    انگلش ٹیم رواں سال 7 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 3 ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان آئے گی، تاہم حتمی شیڈول کا فیصلہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

    آسٹریلیا کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد غیر ملکی ٹیموں کے سیکیورٹی خدشات ختم ہو چکے ہیں، اور بین الاقوامی ٹیمیں اب پاکستان کا دورہ کرنے میں دل چسپی رکھتی ہیں۔

  • رات 9 بجے دکان بند نہ کرنے پر پولیس کا دکاندار پر تشدد

    رات 9 بجے دکان بند نہ کرنے پر پولیس کا دکاندار پر تشدد

    راولپنڈی : حکومت کی جانب سے شہر کی تمام مارکیٹیں بند کرنے کے احکامات پولیس کی کمائی کا ذریعہ بن گئے، پولیس اہلکاروں نے دکاندار کی درگت بنا ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں رات9بجے مبینہ طور پر دکان بند نہ کرنے پر پولیس اہلکاروں نے دکاندار پر تشدد کرکے اس کا حلیہ بگاڑ دیا۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ دکاندار کو ایڈیشنل ایس ایچ صادق آباد نے تھپڑ مارے اور دکان وقت سے پہلے ہی بند کرادی۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد سی پی او راولپنڈی نے اس کا سختی سے نوٹس لیا، سی پی او شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ایڈیشنل ایس ایچ او کو سزا دیں گے۔

    اس موقع پر دیگر دکانداروں کا کہنا تھا کہ دکان بند نہ کرنے پر پولیس کو چالان اور جرمانے کا حق ہے ہم مانتے ہیں پولیس ہمارے تحفظ کے لیے کام کرتی ہے لیکن وردی کا ہرگز مطلب یہ نہیں کے کسی شہری پر تشدد کرے یا گالی گلوچ سے کام لے۔

  • حکومت سے بات چیت ہوسکتی ہے مگر؟ ۔۔۔ شیخ رشید کا دوٹوک جواب

    حکومت سے بات چیت ہوسکتی ہے مگر؟ ۔۔۔ شیخ رشید کا دوٹوک جواب

    راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت پر ووٹنگ لسٹوں میں ردبدل اور حلقہ بندیوں میں من مانی تبدیلیاں کرنے کا الزام عائد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور راولپنڈی بینچ میں توہین مذہب سے متعلق قائم مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور ہونے کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عدلت نے ایک لاکھ روپے کی ضمانت کنفرم کی ہے اور چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے تمام کیسز کو یکجا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ اسی سال میں الیکشن دیکھ رہاہوں، شہباز سےحکومت نہیں چل رہی، یہاں گڈ گورننس یا یہ حال ہے کہ ایک نے اپنے بیٹےکو وزیرخارجہ جبکہ دوسرے نے وزیراعلیٰ بنادیا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے تو بات چیت ہوسکتی ہے، اس مطالبے کے بغیر عمران خان کسی سے بات نہیں کریگا۔

    یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جان کو خطرہ، بنی گالہ کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے الزام عائد کیا کہ حکومت ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں میں اپنی مرضی سے تبدیلیاں کر رہی ہے، یہ اپنےووٹ تبدیل کررہےہیں اور دوسرےحلقوں میں پھینک رہےہیں جو کہ کھلی دھاندلی ہے۔

    اس سے قبل توہین مذہب سے متعلق دائر مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے شیخ رشید لاہور راولپنڈی بینچ میں پیش ہوئے، جسٹس محمد طارق ندیم نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے شیخ رشید ک ایک لاکھ مچلکے کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی۔

    واضح رہے کہ شیخ رشیدپر ملک کے سترہ شہروں میں توہین مذہب کےمقدمات درج ہیں۔

  • "پوری حکومت صرف  ایک ووٹ پر زندہ ہے”

    "پوری حکومت صرف ایک ووٹ پر زندہ ہے”

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے پاس صرف ایک ووٹ کی اکثریت ہے، یہ اداروں سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ انہیں ایک سال کی گارنٹی دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے لاہور ہائی کورٹ بینچ میں عبوری ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے شہباز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کی مرکز میں صرف ایک ووٹ کی اکثریت ہے، ساری اپوزیشن ایک ووٹ پرزندہ ہے۔

    شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کےانٹرویو پنڈی اسلام آباد میں ہورہے ہیں، اکتیس مئی سے پہلے بڑے فیصلے ہونے ہیں، ساری قوم عمران خان کےساتھ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم لانگ مارچ کیلئےعمران خان کے ساتھ ہے، بہتر ہوگا لانگ مارچ سے قبل الیکشن کا اعلان کردیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کےفیصلےکےبعداسمبلی کی کوئی حیثیت نہیں رہی ہے، حکومت الیکشن میں جتنی دیر کرے گی اتنی ہی اپنے لیے قبر کھودیں گے، شہباز حکومت کی جانب سے اداروں پر کیسز واپس لینےکیلئے دباؤ ڈالاجارہا ہے، یہ نیب اورایف آئی اے کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحادی یہ سب صرف میڈیا کی حدتک متحد ہیں۔