Tag: Rawalpindi

  • لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے، شیخ رشید نے تہلکہ خیز انکشاف کردیا

    لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے، شیخ رشید نے تہلکہ خیز انکشاف کردیا

    راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مجھے خوف ہے کہ لانگ مارچ کے نتائج خوفناک ہوسکتے ہیں، اکتیس مئی تک حل نکالیں ،امن لائیں اور نفرتوں کو ختم کریں ورنہ حالات ہاتھوں سے نکل جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے ملکی حالات خطرناک ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میرے شہر کی فضا خوفناک ہوچکی ہے، سیاسی لڑائی گلی محلوں تک پہنچ چکے ، ملک کے خلاف مذموم سازش رچائی جارہی ہے، آگاہ کررہا ہوں میراکام صرف بتاناہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ملکی کی فضا کسی اور جانب لےجاناچاہتےہیں، ہمارا مطالبہ صرف الیکشن کاہے، تیس مئی تک حالات سنبھال لیں ورنہ خوفناک صورت حال ہوسکتی ہے، ممکن ہے کہ مارچ کا اعلان ہو اور حالات عمران خان کےہاتھ سےبھی نکل جائیں، میں بتاناچاہتاہوں کہ مارچ میں لوگ خود کو آگ لگاناچاہتےہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ جو چہرے بدنام تھےانہیں اقتدار میں لایاگیاہے، عوامی نفرت کی وجہ بھی یہی ہے اگر کسی اور کو اقتدار میں لایا جاتا تو شاید اتنی نفرت نہ ہوتی، یہ سب آصف زرداری کا کیا دھرا ہے، جس نے قاتل کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا، کیونکہ اس کی خواہش ہے کہ پنجاب میں جھگڑا پڑے اور حالات خراب ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں: وہ دن دور نہیں جب۔۔۔۔۔۔۔ آصف زرداری نے بڑا دعویٰ کردیا

    انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیرداخلہ منشیات فروش ہو وہاں امن ہوگا؟ یہ حالات کہیں اورلے جانا چاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ صرف الیکشن ہے، اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بیچ بچاؤ کیلئے آگے آئیں، ایسا نہ ہو کہ حالات عمران خان کے ہاتھ سے بھی نکل جائیں۔

    سابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ میرا بھتیجا لاپتا ہے، نہ بتاتے ہیں کہ وہ کہاں ہے، لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے،حالات خراب ہوسکتے ہیں، غیرملکی سازش کے تحت فوج کےخلاف مہم چلائی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گلی محلے میں لڑائی شروع ہوچکی ہے، بعض لوگ لانگ مارچ میں اپنے آپ کو آگ لگانا چاہتے ہیں، رانا ثناء اللہ صاحب بتائیں کس شہر میں آکر میں گرفتاری دوں، مجھے خوف ہے میرے شہر کی فضا گھمبیر ہے۔

    شیخ رشید نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا ان چہروں سے لوگ نفرت کرتے ہیں، جو واقعہ ہوا وہ روضہ رسولﷺ سے باہر ہوا۔

  • دوسری شادی اور کرکٹ، دو بیٹے اپنے اپنے والد کے ہاتھوں قتل

    دوسری شادی اور کرکٹ، دو بیٹے اپنے اپنے والد کے ہاتھوں قتل

    راولپنڈی: تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں قتل کے دو ایسے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں باپ ہی کے ہاتھوں بیٹے جان سے محروم ہوئے، پولیس نے دونوں کیسز میں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں دوسری شادی میں رکاوٹ اور کرکٹ سے رغبت کی وجہ سے دو بیٹے اپنے اپنے والد کے ہاتھوں قتل ہو گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم چمنے خان نے چند روز قبل اپنے بیٹے جمشید کو مسجد کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، معلوم ہوا ہے کہ ملزم دوسری شادی کرنا چاہتا تھا لیکن بیٹا مسلسل اسے منع کر رہا تھا، واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کیا۔

    ابتدائی رپورٹ کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ چمنے خان نے اپنے جواں سال بیٹے جمشید کو دوسری شادی میں رکاوٹ بننے پر گولیاں مار کر قتل کیا، یہ واقعہ علاقے کی مسجد کے باہر پیش آیا تھا۔

    دوسری طرف اسی تھانے کی حدود میں کرکٹ کھیلنے سے منع نہ ہونے پر باپ نے فائرنگ کر کے بیٹے کو قتل کیا، صدر بیرونی پولیس نے 18 سالہ بیٹے کو قتل کرنے کے مقدمے میں ملزم حسیب کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم حسیب کو اپنے بیٹے منیب کے کرکٹ کھیلنے پر غصہ تھا، ملزم کے خلاف مقتول منیب کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • کیوریٹر رشتے دار نہیں، امام الحق کا ناقدین کو جواب

    کیوریٹر رشتے دار نہیں، امام الحق کا ناقدین کو جواب

    کراچی: راولپنڈی ٹیسٹ میں دو سینچریاں بنانے والے امام الحق کا کہنا ہے کہ کیوریٹر نے میری مرضی سے پنڈی اسٹیڈیم کی وکٹ نہیں بنائی تھی، وکٹ بنانے والا میرا رشتہ دار نہیں۔

    کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس میں امام الحق نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے پر بہت خوشی ہوئی، اس میں میری محنت اور والدین کی دعائیں شامل ہیں۔

    امام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم سے باہر رہنے کے دوران مسلسل محنت کرتا رہا، ڈومیسٹک سیزن میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،موقع ملنے پر کوشش کی کہ ون ڈے کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

    انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی پر بہت خوشی ہوئی، تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، کراچی ٹیسٹ بہت اہمیت کا حامل ہو گا امید ہے کہ میچ کا نتیجہ سامنے آئے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر نے کہا کہ میں کچھ بھی کر لوں، تنقید کا سلسلہ جاری رہے گا، لیکن میں تنقید سے گھبراتا نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پنڈی ٹیسٹ کی پچ پر رمیز راجا کا بیان آگیا

    راولپنڈی پچ سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ پنڈی کی وکٹ بنانے والا میرا رشتے دار نہیں تھا، کیوریٹر نے میری مرضی سے پنڈی اسٹیڈیم کی وکٹ نہیں بنائی تھی، وکٹ گرین ہو نیلی ہو یا پیلی میرا کام پرفارم کرنا ہے۔

    امام الحق نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا والے بھی بھی اپنی مرضی کی وکٹیں بناتے ہیں، ہمیں بھی اپنی مرضی کی وکٹ بنانے کا حق حاصل ہے، میرے لیے کپتان اور تھنک ٹینک کی راۓ اہمیت رکھتی ہے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

    راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

    راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنالیے، میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنالیے، آسٹریلیا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 27 رنز درکار ہیں۔

    مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،

    اس سے قبل آسٹریلیا نے آج 2 وکٹوں پر 271 رنز کے ساتھ اننگز شروع کی تو لبوشین 90 اور اسمتھ 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرین نے 48 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ساجد خان، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔

    گذشتہ روز بھی تیسرے دن کا کھیل خراب روشنی اور بارش کے باعث قبل از وقت ختم کردیا گیا تھا، بعد ازاں تیز بارش نے آج صبح پہلا سیشن نہ ہونے دیا، فیلڈ ایمپائر نے 12.30 بجے میدان کا معائنہ کیا اور کھیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز 67 اوورز کا کھیل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل قبل از وقت ختم

    گذشتہ روز تیسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے پاکستان کی پہلی اننگز 476 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے تھے، آسٹریلیا کو پاکستان کی پہلی اننگ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 205 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

    آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے 97 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر نے 68 رنز اسکور کئے، پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل قبل از وقت ختم

    راولپنڈی ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل قبل از وقت ختم

    راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرے روز بھی مکمل نہ ہوسکا، کم روشنی اور بارش کے باعث کھیل کو قبل از وقت ختم کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں تیسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا کے پاکستان کی پہلی اننگز 476 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنالئے ہیں۔

    آسٹریلیا کو پاکستان کی پہلی اننگ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 205 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں جبکہ ٹیسٹ میں مزید 2 دن کا کھیل بھی باقی ہے۔

    پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 156 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ ، ڈیوڈ وارنر نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

    پاکستان کے ساجد خان نے 68 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی جبکہ آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کو نعمان علی نے پویلین روانہ کیا وہ 97 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔

    اوپنرز کے پویلین لوٹ جانے کے بعد مارنوس اور اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا، تیسرے دن کا کھیل جب کم روشنی کی سبب جلدی ختم ہوا تو مارنوس 69 اور اسمتھ 24 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: آؤٹ یا ناٹ آؤٹ، شاہین آفریدی اور وارنر کی دلچسپ ویڈیو وائرل

    اس سے قبل گذشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز چار کھلاڑیوں آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی، پاکستان کی جانب سے تجربہ کار بیٹر اظہر علی نے 185 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، امام الحق نے بھی راولپنڈی ٹیسٹ کو یادگار بنایا اور اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی بار 150 رنز بناڈالے، امام الحق کی انفرادی اننگز کا خاتمہ 157 رنز پر ہوا۔

    قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر عبداللہ شفیق نے 44 رنز بنائے جبکہ کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپرمحمد رضوان نےبھی29رنزکی اننگزکھیلی، آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز،لبوشین اور نیتھن لائن نے1،1وکٹ حاصل کی تھی۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ: کینگروز کا ‘شاہینوں’ پر جوابی حملہ

    راولپنڈی ٹیسٹ: کینگروز کا ‘شاہینوں’ پر جوابی حملہ

    کینگروز نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے 476 رنز کے جواب میں پُراعتماد آغاز کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں تیسرے روز کا کھیل جاری ہے، جہاں کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 138 رنز بنالئے ہیں۔

    کینگروز نے تیسرے دن کھیل کا آغاز پر اعتماد طریقے سے کیا اور پاکستانی بولرز کے خلاف کھل کر اسٹروک کھیلے، عثمان خواجہ 70 اور ڈیوڈ وارنر60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، کینگروز کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 338 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی تمام وکٹیں باقی

    یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم

    اس سے قبل گذشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز چار کھلاڑیوں آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی، پاکستان کی جانب سے تجربہ کار بیٹر اظہر علی نے 185 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، امام الحق نے بھی راولپنڈی ٹیسٹ کو یادگار بنایا اور اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی بار 150 رنز بناڈالے، امام الحق کی انفرادی اننگز کا خاتمہ 157 رنز پر ہوا۔

    قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر عبداللہ شفیق نے 44 رنز بنائے جبکہ کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپرمحمد رضوان نےبھی29رنزکی اننگزکھیلی، آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز،لبوشین اور نیتھن لائن نے1،1وکٹ حاصل کی تھی۔

  • سینچری بنانے پر اظہر علی کا دلکش انداز ( ویڈیو دیکھیں)

    سینچری بنانے پر اظہر علی کا دلکش انداز ( ویڈیو دیکھیں)

    راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز تجربہ کاربیٹر اظہر علی نے بھی سینچری جڑ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امام الحق کے بعد اظہر علی نے بھی کینگروز کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سینچری اسکور کرڈالی، اظہر علی کی شاندار اننگز میں 12 چوکے اور 2 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے۔

    تجربہ کار بیٹر کی یہ ٹیسٹ کرکٹ میں 19ویں سینچری ہے، اظہر علی اب تک پاکستان کی جانب سے بانوے ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، اپنے ٹیسٹ کیریئر میں انہوں نے 43.39 کی اوسط سے 6855 رنز بنارکھے ہیں ، جن میں 34 نصف سینچری، 3 ڈبل سینچری بھی شامل ہے۔

    سینچری بنانے پر اظہر علی نے پاکستان میں اردو زبان میں نشر کیا جانے والے تاریخی ڈرامہ’ ارطغرل غازی’ کے مرکزی کردار ‘ارطغرل’ کی طرح جشن منایا، ان کی یہ تصاویر اور ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

    اس سے قبل فواد عالم بھی یہ منفرد انداز اختیار کرچکے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنالئے ہیں، امام الحق نے شاندار 157 رنز بنائے، عبد اللہ شفیق 44 بناسکے۔

    وکٹ پر اظہر علی 146 اور کپتان بابر اعظم 29 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ موجود ہیں، کینگروز کی جانب سے نیتھن لیون اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ: شاہینوں کی نظریں بڑے اسکور پر مرکوز

    راولپنڈی ٹیسٹ: شاہینوں کی نظریں بڑے اسکور پر مرکوز

    راولپنڈی: پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان اپنی پہلی اننگز دو سو پینتالیس رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے شروع کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستان کے نام رہا، پاکستانی بیٹرز نے کینگروز کھلاڑیوں کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھائی، اب شاہینوں کی نگاہیں آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں بڑے اسکور پر مرکوز ہیں۔

    سینچری میکر امام الحق 132 اور تجربہ کار اظہر علی 64 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ آج دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کرینگے۔

    یہ بھی پڑھیں: امام الحق کی سنچری، پاکستان نے ایک وکٹ پر 245 رنز بنالیے

    دوسرے روز کے کھیل کے لئے کینگروز کپتان نے بھی شاہینوں کو قابو کرنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، کھیل کے آغاز سے قبل پیٹ کمنز نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے عمدہ بیٹنگ کی ، امام الحق کی اننگز شاندار تھی۔

    واضح رہے کہ پنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز 96 اوورز پھینکے گئے تاہم کینگروز بولرز کو صرف ایک وکٹ حاصل ہوسکی، عبداللہ شفیق 44 رنز کے انفرادی اسکور پر نیتھن لیون کا شکار بنے۔

  • امام الحق نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سینچری بنا ڈالی

    امام الحق نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سینچری بنا ڈالی

     راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹر امام الحق نے تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈھائی سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے بیٹر امام الحق نے زبردست کم بیک کیا اور کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار سینچری جڑ ڈالی ہے۔

    اپنے کیریئر کی پہلی سینچری داغنے کے لئے امام الحق نے 205 گیندوں کا سہارا لیا، بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر اب تک 12 ٹیسٹ میچز کھیل چکے، جن میں وہ 30.84 کی اوسط سے 586 رنز بناچکے ہیں، جن میں 3 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔

    امام الحق نے اپنی سینچری کی داغ بیل عبداللہ شفیق کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے آغاز پر سینچری پارٹنر شپ کے ساتھ ڈالی تھی، دونوں بیٹرز نے کینگروز کے مضبوط بولنگ اٹیک کا دلیری سے مقابلہ کیا۔

    عبداللہ شفیق 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، تاہم امام الحق نے اپنا سفر جاری رکھا اور مڈل آرڈر بیٹر اظہر علی کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے امام الحق کو آسٹریلیا کے خلاف شاندار سینچری اسکور کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

    https://twitter.com/TheRealPCB/status/1499705506457432067?s=20&t=Ycgn1vZpuF3Cl-Cl14dwjg

    جبکہ کھلاڑیوں نے پرتپاک انداز میں امام الحق کو شاباش دی۔

  • ‘ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید’

    ‘ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید’

    اسلام آباد: چوبیس سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے آسٹریلوی ٹیم کے لئے وزیراعظم نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان کے کرکٹ شائقین میں ہمیشہ آسٹریلوی کرکٹ کا احترام رہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم سب ایک انتہائی کانٹے دار اور دلچسپ سیریز کےمنتظر ہیں، اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم  نے دونوں ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ادھر راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ‘بینوقادر ٹرافی’ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل جاری ہے، جہاں پاکستان نے پراعتماد آغاز کیا ہے، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنالئے ہیں۔

    امام الحق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ 92 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، اظہر علی 30 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، اوپنر بیٹر عبداللہ شفیق نے 44 رنز بنائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کو ‘ بینو قادر ٹرافی’ کا نام دیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مشترکہ طورپر متعارف کرائی گئی ٹرافی کو دونوں ملکوں کے لیجنڈ لیگ اسپنرز عبدالقادر اوررچی بینوسے منسوب کیا گیا ہے جس کا مقصد آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان کا جشن منانا ہے۔