Tag: reached

  • تجارتی خسارہ 17.53 ارب ڈالر تک  پہنچ گیا

    تجارتی خسارہ 17.53 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

    اسلام آباد : رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ تجارتی خسارہ 17.53 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ، گزشتہ سال تجارتی خسارے کا حجم 15.85ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے تجارتی اعداد و شمار جاری کردیئے ، جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے فروری کے دوران تجارتی خسارہ 10.64 فیصد مزید بڑھ گیا ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات 4.29 فیصد اضافے سے 16.30 ارب ڈالر اور ملکی درآمدات 7.49فیصد اضافے سے 33.84 ارب ڈالر رہیں اور تجارتی خسارہ بڑھ کر 17.53 ارب ڈالرسےزائدہو گیا۔

    اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال تجارتی خسارے کا حجم 15.85ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا ، فروری2021میں برآمدات 4.12فیصد کمی سے 2.04ارب ڈالر اور ملکی درآمدات 9.55فیصد اضافے سے 4.56ارب ڈالر رہیں۔

    ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ فروری 2021میں تجارتی خسارہ 3.93فیصد اضافے سے 2.51ارب ڈالر رہا۔

    یاد رہے جنوری میں 2021 میں  دسمبر 2020  کے مقابلے  تجارتی خسارے میں 1.44 فیصد کمی واقع ہوئی تھی ، تجارتی خسارے میں کمی کے باوجود جنوری میں ملکی برآمدات میں دس فیصد کمی واقع ہوئی، جنوری دوہزار اکیس میں ملکی برآمدات کا حجم 2 ارب 13کروڑ ڈالر رہا۔

  • پہلی سعودی خاتون پائلٹ کا حائل ہوائی اڈے پہنچنے پر شاندار استقبال

    پہلی سعودی خاتون پائلٹ کا حائل ہوائی اڈے پہنچنے پر شاندار استقبال

    ریاض : سعودی عرب کی پہلی خاتون پائلٹ کے حائل کے ہوائی اڈے پر پہنچنے پران کا شاندار استقبال کیا گیا، دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی ان کی غیرمعمولی تعریف وتوصیف کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیپٹن پائلٹ یاسمین المیمنی گذشتہ روز معاون ہواباز کی حیثیت سے طیارہ اڑاتے ہوئے حائل ہوائی اڈے پراتریں جہاں ہوائی اڈے کے حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کےساتھ ساتھ سوشل میڈیا پربھی پائلٹ یاسمین المیمنی کی غیرمعمولی حوصلہ افزائی جاری ہے۔

    یاسمین المیمنی نسما ایئر فضائی کمپنی میں معاون ہواباز کے طورپرتعینات کی گئی ہیں۔، ان کا تعلق حائل سے ہے جہاں وہ گذشتہ روز پرواز کے ذریعے پہنچیں تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    خیال رہے کہ 29 سالہ یاسمین المیمنی نے امریکا میں ہوابازی کا لائسنس حاصل کیا تھا جسے سنہ 2013ءمیں سعودی لائسنس میں تبدیل کردیا گیا تاہم اس عرصے میں انہیں طیارہ اڑانے کاموقع نہیں ملا، یہ پہلا موقع ہے جب وہ طیارہ اڑا کر حائل پہنچی ہیں۔

    یاسمین المیمنی سعودی عرب کی پہلی کمرشل خاتون پائلٹ بن گئیں

    نجی فضائی کمپنی ”نسما ائیر“ میں بطور معاون پائلٹ یاسمین المیمنی نے پہلی کمرشل پرواز اڑائی تھی، یاسمین کا کہنا ہے کہ بچپن سے فضاﺅں میں اڑنے کی خواہش تھی‘ خوابوں کی تعبیر پانے کیلئے بڑی محنت کرنا پڑی‘۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پہلی سعودی خاتون کو سول ایوی ایشن کی جانب سے کمرشل پائلٹ کا لائسنس جاری کیا گیا تھا۔

  • پوپ فرانسس تاریخی دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے

    پوپ فرانسس تاریخی دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے

    دبئی: پوپ فرانسس اپنے تاریخی دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پوپ فرانسس اپنے پہلے اور تاریخی دورے پر دارالحکومت ابوظہبی پہنچے ہیں، پوپ فرانسس کا استقبال شیخ محمدبن زاید اور الازہر یونیورسٹی کے امام نے کیا۔

    ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے بڑے گرم جوشی سے پوپ فرانسس کا استقبال اور ہاتھ ملایا، اس موقع پر بچوں نے پوپ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا کہ پوپ فرانسس کا دورہ متحدہ عرب امارات ہمارے کے لیے باعث خوشی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دورہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس سے دیگر مذاہب کے درمیان ہم آہنگی بڑھے گی، نفرتوں کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا اور امن کا پیغام جائے گا۔

    پوپ فرانسس کے لیے متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے، وہ مذاہب کے مابین مکالمت کی ایک تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    دورے کے دوران پوپ فرانسس مصروف دن گزاریں گے اور اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، وہ ابوظہبی میں ایک دعائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی 80 فیصد آبادی مسلم ہے جبکہ عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے 9 فیصد ہیں، مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسیحی تارکین وطن یو اے ای میں بطور ورکر کام کررہے ہیں۔

  • فرانس کی ’یلو ویسٹ تحریک‘ جرمنی پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرے شروع

    فرانس کی ’یلو ویسٹ تحریک‘ جرمنی پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرے شروع

    برلن : فرانس میں بنیادی حقوق کےلیے احتجاج کرنے والے یلو ویسٹ مظاہرین سے اظہار یکجہتی کےلیے جرمن شہریوں نے بھی احتجاج شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کی یلو ویسٹ تحریک نے دیگر یورپی مماک کی طرح جرمنی کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا ہے، ایک روز قبل جرمنی کے شہر میونخ میں بھی زرد جیکٹ پہنے سیکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میونخ میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں جرمن اور فرانسیسی پرچم اٹھا رکھے تھے جببکہ اس ریلی کا مقصد جرمنی میں بڑھی ہوئی سماجی تفریق کے معاملے کو اجاگر کرنا تھا۔

    ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی بائیں بازو کی سخت گیر جماعت ’دی لنکے‘ کے رہنماؤں کی جانب سے آئندہ ہیمبرگ، اشٹٹ گارٹ سمیت جرمنی کے دیگر شہریوں میں احتجاج کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    احتجاج کے منتظمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ میونخ اور بائرن بیشتر افراد شدید محنت کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کا گزر بسر مشکل سے ہورہا ہے۔

    مظاہرے میں شریک ایک خاتون نے بتایا کہ جرمنی میں گھروں کے کرایوں میں بے انتہا اضافہ ہوچکا ہے جس کم آمدنی والے افراد کےلیے ادا ناگزیر ہوچکا ہے لہذا لوگوں کو اپنے حقوق کےلیے سڑکوں پر آنا چاہیے۔

    سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ فرانس میں ’یلو ویسٹ تحریک‘ نے جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک کے عوام کو یہ حوصلہ دیا کہ مظاہرے کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کیے جاسکتے ہیں اور جرمن عوام نے انہی کے طرز عمل پر عمل درآمد شروع کردیا۔

    مزید پڑھیں : بیلجئیم : مظاہرین کی وزیر اعظم ہاوس پیش قدمی، 100 سے زائد گرفتار

    خیال رہے کہ فرانس میں ’یلو ویسٹ احتجاجی تحریک‘ کا آغاز ہوتے ہی ماہرین نے کہا تھا کہ مذکورہ تحریک دیگر یورپی ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گی۔

    واضح رہے کہ یلو ویسٹ احتجاجی تحریک فرانس کے علاوہ جرمنی، ہالینڈ اور بیلجیئم میں بھی شروع ہوچکی ہے۔

  • معروف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کراچی پہنچ گئیں

    معروف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کراچی پہنچ گئیں

    کراچی :معروف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کراچی پہنچ گئی، بالی ووڈ اسٹار نے کراچی آمد کی اطلاع ٹویٹر کے ذریعے دی۔

    تفصیلات کے مطابق رومانوی اور مزاحیہ کرداروں میں نظر آنے والی بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ ان دنوں کراچی میں چھٹیاں منا رہی ہیں، جوہی چاولہ نے شہر قائد میں موجودگی کی اطلاع سماجی رابطے کی ویب ٹویٹر کے ذریعے دی تھی۔

    مقبول ترین بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ہمراہ کراچی کے بوٹ کلب میں (لنچ) کھانا کھانے آئی ہوں، اس کے بعد ہم فلم دیکھنے جائیں گے‘۔

    مداحوں کو متعدد سپر ہٹ فلمیں دینے والی جوہی چاولہ نے ٹویٹر پر بتایا کہ ’اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی رومانوی فلم ’جوانی پھر نہیں 2‘ دیکھنے کے لیے سنیما جائیں گے۔

    بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’اتفاق سے فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ بھارتی لڑکی اور پاکستانی لڑکے کے مابین محبت کی کہانی کے گرد گھومتی ہے۔

    خیال رہے کہ معروف بالی اداکارہ جوہی چاولہ پہلی مرتبہ پاکستان نہیں آئی بلکہ اس سے قبل بھی بالی اداکارہ کئی مرتبہ پاکستان باالخصوص روشنیوں کے شہر کراچی آچکی ہیں۔

    یاد رہے کہ جوہی چاولہ سنہ 2016 میں اپنے رشتہ داروں کی شادی میں شرکت کرنے کے لیے آخری مرتبہ کراچی آئیں تھی۔

  • ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد : ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے، دورہ پاکستان کے دوران جواد ظریف، شاہ محمود قریشی سے باضابطہ طور پر مذاکرات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دوست ملک ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے ہیں جن کا ایئرپورٹ پر پاکستانی دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی، جبکہ جواد ظریف پاکستانی ہم منصب سے باضابطہ طور پر مذاکرات بھی کریں گے۔

    دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف دورہ پاکستان کے دوران ملک کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ جواد ظریف کی پاکستان کے عسکری رہنماؤں سے ملاقات کی توقع کی جارہی ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی نئی حکومت کے بعد کسی ملک کے وزیر خارجہ کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے وطن واپس پہنچ گئے

    ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے وطن پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کینیڈا سے براستہ استنبول لاہور پہنچے ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر کارکنان کی جانب سے ان کا پرتپال استقبال کیا گیا۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری غیرملکی ایئرلائن کی پروازٹی کے 714 سے لاہور پہنچے، ان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی، ڈاکٹر طاہرالقادری پی اے ٹی کی کورکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔


    کرپٹ شہبازشریف کا چورسوئچ احدچیمہ کے پاس ہے: طاہرالقادری


    کورکمیٹی اجلاس میں آئندہ انتخابات کا لائحہ عمل طے ہوگا علاوہ ازیں سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق تحقیقات اور مستقبل کے اہم فیصلے بھی زیر غور آئیں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شریف برادران کا سیاسی جنازہ اٹھنے کے قریب ہے مارچ میں تدفین ہوجائے گی۔


    شریف برادران کا سیاسی جنازہ اٹھنے والا ہے، ڈاکٹرطاہرالقادری


    سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے میں کسی کے محتاج نہیں جب کرنا ہوا باآسانی کریں گے اور محض 48 گھنٹے کے نوٹس پرخود مال روڈ بھرسکتے ہیں، ہمارےپاس عوام کا سمندر ہے، کسی کے محتاج نہیں ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شریف خاندان کی سیاست اب ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوچکی ہے، انہوں نے ملک کا پیسہ لوٹ کر اپنی جائیدادیں بنائی ہیں، ان کو قوم کی کوئی فکر نہیں صرف ذاتی مفاد سوچتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریںْ۔