Tag: reaction

  • وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت پر پیپلزپارٹی کا ردعمل آگیا

    وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت پر پیپلزپارٹی کا ردعمل آگیا

    کراچی : مسلم لیگ ن کی جانب سے پیپلزپارٹی کو مرکزی حکومت میں شمولیت کی دعوت پر پیپلز پارٹی نے اپنا مؤقف دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پہلے مرحلے میں وفاقی حکومت میں شامل ہونے پر گفت و شنید ہوئی تھی تاہم ن لیگ کی پی پی سے پنجاب حکومت میں شمولیت پر ابھی بات نہیں ہوئی۔

    اس حوالے سے پیپلزپارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اس سے قبل بھی وفاقی حکومت میں شمولیت کیلئے متعدد بار آفرز کی جاچکی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سی ای سی نے وفاقی حکومت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کر رکھا ہے، پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

    ترجمان نے کہا کہ پی پی حکومت میں شمولیت کی آفرز پرسنجیدگی سے غورنہیں کر رہی اور نہ ہی شمولیت کا کوئی ارادہ ہے۔

    پی پی قیادت بھی سی ای سی کی اجازت کے بغیر حکومت میں شمولیت سے متعلق فیصلہ نہیں کرسکتی،
    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چند روز قبل واضح کرچکے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا وفاقی حکومت میں وزارتیں لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں : ن لیگ کی اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کو حکومت میں شمولیت کی دعوت

    واضح رہے کہ حکومت میں پی پی کی شمولیت سے متعلق ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی پیپلزپارٹی سے حکومت میں شمولیت پرچند ہفتے پہلے بات ہوئی ہے۔

    اس سے قبل بھی اس طرح کی خبریں آچکی ہیں کہ پیپلزپارٹی پر حکومت کا حصہ بننے کیلئے بیرونی، اندرونی دباو بڑھ رہا ہے، ن لیگ نے پیپلزپارٹی کو حکومت میں شامل کرنے کےلیے ماضٰ میں بھی رابطے کیے ہیں۔

  • سنیل گواسکر کے بیان پر باسط علی اور کامران اکمل کا شدید ردعمل

    سنیل گواسکر کے بیان پر باسط علی اور کامران اکمل کا شدید ردعمل

    کراچی : سابق کرکٹر اور تجزیہ نگار باسط علی اور کامران اکمل نے ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے سنیل گواسکر کے بیان کو مایوس کن افسوسناک قرار دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پر جوش میں اس موضوع پر بات کرتے ہوئے باسط علی نے کہا کہ میری نظر میں دو لیجنڈ کرکٹرز ہیں ایک جاوید میانداد اور دوسرے سنیل گواسکر۔

    کوئی اور شخص ایسا بیانب دیتا تو میں جواب نہیں دیتا لیکن مجھے ان کی زبان سے ایسے الفاظ سن کر بہت افسوس ہوا، انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ اے سی سی کرے گی جس کے صدر محسن نقوی ہیں۔

    باسط علی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اے سی سی نے کرنا ہے بی سی سی آئی نے نہیں، اس کے علاوہ سنیل گواسکر یہ بھی کہا کہ پاکستان سے شاہد آفریدی بھی ایسے بیان دیتا ہے تو میں نے کہا کہ آپ کا موازنہ شاہد آفریدی سے تھوڑی کیا جاسکتا ہے۔

    اس موقع پر کامران اکمل نے کہا کہ سنیل گواسکر اتنے بڑے پلیئر ہیں، ان کی بات دنیا میں سنی بھی جاتی ہے لیکن اس طرح کا بیان ان کو نہیں دینا چاہیے یہ بات ان کے شایان شان نہیں۔

    کامران اکمل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے سینئر کرکٹر کو ایسی بات کرنی چاہیے جس سے اختلافات دور ہوں نہ کہ اس میں مزید اضافہ ہوجائے۔

    مزید پڑھیں : سنیل گواسکر نے بھی ایشیا کپ سے قبل زہر اُگلنا شروع کردیا 

    یاد رہے کہ سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے پاکستان کیخلاف زہر اگلتے ہوئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کو کھیلتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا، میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کو اس ایونٹ میں شامل کیا جائے گا۔

    سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں نہیں جانتا کہ آگے کیا ہوگا مگر اس بات کا انحصار اگلے دو مہینوں پر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کیا معاملات طے پاتے ہیں۔

  • چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    واشنگٹن : امریکا میں قائم چین کے سفارتخانے کے ترجمان نے امریکی ٹیرف پالیسی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تجارت اور محصولات کی جنگ میں کسی کی فتح نہیں ہوتی۔

    ترجمان چینی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اس اقدام کا جواب دے گا، ٹیرف پالیسی سے امریکا کے اندرونی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا، امریکا کا اقدام دنیا کے لیے خسارے کا سودا ہے۔

    دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی امریکہ کی جانب سے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرنے کے اعلان پر اپنا مؤقف بیان کردیا۔

    ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یکطرفہ طور پر ٹیکس عائد کرنے کا عمل عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنے مسائل کو حل کرنے میں سود مند نہیں ہے بلکہ دونوں فریقوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور دنیا کے لیے بھی کوئی فائدہ مند نہیں ہے۔

    چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے غلط اقدامات کو درست کرے، چین اور امریکہ کے درمیان منشیات کے خلاف تعاون کا تحفظ کرے، اور چین امریکہ تعلقات کو مستحکم، صحت مند، اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھائے۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ نے عالمی تجارتی جنگ چھیڑ دی، 3 ممالک پر اضافی ٹیرف عائد

    واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز چین، کینیڈا اور میکسیکو پر اضافی ٹیرف کے الگ الگ صدارتی حکم ناموں پر دستخط کر دیے۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدات پر منگل سے 25 فی صد اور چین پر 10 فی صد ٹیرف نافذ ہوگا۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اضافی ٹیرف غیر قانونی تارکین وطن اور منشیات کی آمد کے باعث لگایا گیا ہے اور یہ ’امریکیوں کی حفاظت‘ کے لیے ضروری ہے۔

  • شیرافضل مروت کا پارٹی رکنیت منسوخی کے نوٹیفکیشن پر ردعمل

    شیرافضل مروت کا پارٹی رکنیت منسوخی کے نوٹیفکیشن پر ردعمل

    پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے اپنی پارٹی رکنیت کی منسوخی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا۔

    پارٹی رکنیت کی منسوخی پر پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، افسوس رہے گا کہ مجھے باضابطہ طور پر سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ صادر کیا گیا۔

    سناجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ واضح کردوں کہ میں بانی پی ٹی آئی کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا، اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کیلئے جو کوشش کرسکا ضرور کروں گا۔

    اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کے حوالے سے شیر افضل مروت نے کہا کہ اسمبلی کی نشست پر حلقے اور قبیلے کے لوگوں کو اعتماد میں لوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ قائد کے کانوں میں میرےخلاف زہر گھولا گیا اور غلط فہمیاں پیدا کی گئیں، کوشش کروں گا کہ لیڈر سے مل کر اپنا مؤقف ان کے سامنے پیش کروں، بانی پی ٹی آئی کو مطمئن کرنے کی کوشش کروں گا۔

    شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مطمئن نہ ہوئے تو ان کی دی ہوئی قومی اسمبلی کی نشست امانت ہے اسی وقت واپس لوٹا دوں گا۔

    بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ میرا لیڈر جلد رہا ہوگا، کسی پارٹی لیڈر یا کارکن کی میرے کسی فعل سے دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں۔

    ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ میرےخلاف بیان بازی سے گریز کیا جائے گا تاکہ باہمی احترام کے اصول پامال نہ ہوں، میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں، فیصلے کا میرے مستقبل پر مثبت یا منفی اثر نہیں پڑے گا، اللہ پاکستان کا اور بانی پی ٹی آئی کا حامی و ناصر ہو، آمین۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جماعت کے سرگرم رہنما شیر افضل مروت کی رکنیت ختم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے رکنیت منسوخی کا نوٹیفکیشن جعلی قرار دیتے ہوئے واپس کروانے کا اعلان کردیا۔

    بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ رکنیت منسوخی کا نوٹیفکیشن جعلی ہے، اس فیصلے کا مجھے علم نہیں اور نہ ہی میں نے ایسے کسی اقدام کی منظوری دی ہے اس نوٹیفکیشن کو واپس کرادیا جائے گا۔

  • شیریں مزاری کو گرفتار کرکے حکومت نے اعلان جنگ کردیا ہے، پی ٹی آئی رہنما

    شیریں مزاری کو گرفتار کرکے حکومت نے اعلان جنگ کردیا ہے، پی ٹی آئی رہنما

    سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی جانب سے اعلان جنگ قرار دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی گرفتاری پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے شدید ردعمل دیا ہے اور رہنماؤں کی بڑی تعداد تھانہ کوہسار کے باہر جمع ہوگئے ہیں۔

    فواد چوہدری نے شیریں مزاری کی گرفتاری پر تھانہ کوہسار کے باہر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک کی سب سے پہلی اور بڑی گرفتاری ہے، شیریں مزاری یہاں نہیں ہیں اور کہاں ہیں ابھی تک کچھ علم نہیں ہے، عمران خان کچھ دیرمیں اس پربات بھی کریں گے، شیریں مزاری کو گرفتار کرکے اعلان جنگ کردیا ہے اب اگر لڑائی ہونی ہے تو پھر لڑائی ہونی ہے۔ اس معاملے پر جلد قانونی اور سیاسی لائحہ عمل اختیار کریں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ 700 افراد سے متعلق لسٹ بنائی گئی ہے، حکومت کی موت آتی ہے تو وہ ایسی حرکتیں کرتی ہے، شیریں مزاری کو مرد اہلکاروں نے گرفتار کیا ہے، شیریں مزاری کی 1966 کی پیدائش ہے،  1970 کا مقدمہ ڈال کیا؟ کیا چار سال کی بچی پر مقدمہ بنادیں گے۔

    سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پہلا وار خاتون لیڈر پر کیا ہے، شیریں مزاری کو جس طرح گرفتار کیا گیا پارٹی جلد لائحہ عمل دے گی، فواد چوہدری نے صحیح کہا کہ شیریں مزاری کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا ہے اور انہیں جس طریقے سے اغوا کیا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں۔

    ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ لگ رہا ہے کہ حکومت بوکھلا گئی ہے، باہر بیٹھ کر فیصلے ہوچکے ہیں کہ آزاد آوازوں کو کچلا جائے گا، شیریں مزاری کا قصور یہ ہے کہ وہ سچ کی آواز ہیں اور وہ کسی عالمی سازش کے سامنے جھکنے کیلیے تیار نہیں ہیں، پارٹی کا ہر رکن شیریں مزاری پر بہت فخرکرتا ہے، آپ ایک آواز دبائیں گے 10 آوازیں اٹھیں گی، قوم کی ہربیٹی شیریں مزاری ہے اور قوم کی ہر بیٹی شیریں مزاری کی طرح بولے گی۔

    شہباز گل نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے، کپتان کا پیغام ہے کہ ہمیں آزادی کی حفاظت کرنی ہے، ہم ایک آزاد ریاست ہیں اور ملکی سلامتی وخود مختاری پر کوئی سمجھوتہ اور سودا نہیں کرینگے۔

    سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ شیریں مزاری کو نہایت بھونڈے طریقے سے اغوا کیا گیا، آمرانہ ہتھکنڈے حقیقی آزادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، تحریک سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، امپورٹڈ کٹھ پتلی سرکار کا جانا ٹھہر گیا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور شیریں مزاری کو بازیاب کرائے۔

    سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شیریں مزاری کی گرفتاری کو امپورٹڈ حکومت کی بوکھلاہٹ کی نشانی قرار دیا ہے اور اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت خود معاملات کو کشیدگی کی طرف دھکیل رہی ہے،ایک قاتل وزیر داخلہ مقدمات لگانے میں پھرتیاں دکھا رہا ہے، اگر اتنی ہی پھرتی دیکر معاملات میں لگاتے تو حکومت کو شرمندگی نہیں ہوتی۔

    علی محمد خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری موجودہ حکومت کی انتہائی بزدلانہ حرکت ہے، مطلب حکومت گھبرائی نہیں بلکہ بہت گھبرائی ہوئی ہے، شیریں مزاری کو فوری رہا کیا جائے۔

    فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ ظلم اور بربریت ہے، ان سے کوئی اچھی توقع نہیں کی جا سکتی، یہ ظالم لوگ ہیں انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں بھی گولیاں چلائی تھیں، یہ لوگ کل رات سے خواتین کے احترام کی باتیں کر رہے تھے،کوئی وارنٹ دکھائے نہ مقدمے کےحوالے سے نوٹس جاری کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری واضح موقف اپناتی ہیں اس لیے حکومت ان سے خائف تھی، پی ٹی آئی حکومت کے اعصاب پر سوار ہوچکی ہے۔ عندلیب عباس نے کہا کہ شیر یں مزاری کو پکڑنا ان بزدل بلیک میلرز کی گھٹیا پن کی انتہا ہے۔

    پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، ن لیگ انتقامی سیاست سے باز رہے اور یہ نہ بھولیں کہ آپ کی حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، جیسا بوئے گی ویسا ہی کاٹے گی

    اعظم سواتی نے کہا کہ شیریں مزاری کو گرفتار کرنے والوں کا دیکھنا کیا حشر ہوتا ہے ایسے لوگ ملک کے حکمران نہیں ہوسکتے۔

  • صارفین کا بڑا مطالبہ پورا، واٹس ایپ میں دلچسپ فیچر متعارف

    صارفین کا بڑا مطالبہ پورا، واٹس ایپ میں دلچسپ فیچر متعارف

    مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے میسج ری ایکشن کا فیچر متعارف کروادیا۔

    واٹس ایپ نے گزشتہ برس نومبر میں بتایا تھا کہ بعض صارفین کے لیے جلد میسج ری ایکشن کا فیچر متعارف کروا دیا جائے گا، جس کے بعد جنوری میں اسے محدود صارفین میں پیش کردیا گیا تھا۔

    تاہم گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز میں واٹس ایپ انتظامیہ نے بتایا تھا کہ مذکورہ فیچر کو مزید بہتر بنانے اور اس میں اضافی ری ایکشنز شامل کرنے پر کام جاری ہے اور فیچر کو جلد عام کردیا جائے گا۔

    اور اب واٹس ایپ نے مذکورہ فیچر متعارف کروادیا، تاحال پاکستان سمیت کئی ممالک کے صارفین کے واٹس ایپ پر مذکورہ فیچر فوری طور پر سامنے نہیں آیا مگر جلد ہی پاکستانی صارفین بھی مذکورہ فیچر کو استعمال کر سکیں گے۔

    واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکر برگ نے 5 مئی کو اپنی مختصر فیس بک پوسٹ میں تصدیق کی کہ واٹس ایپ پر میسیج ری ایکشن فیچر کو آج متعارف کروا دیا گیا۔

    انہوں نے مذکورہ پوسٹ کے کمنٹ میں مزید بتایا کہ واٹس ایپ کے ماہرین مذکورہ فیچر کو مزید بہتر بنانے پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس میں اضافی ری ایکشن بھی شامل کیے جائیں گے۔

    مذکورہ فیچر بالکل ایسے ہی کام کرے گا، جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر کے میسج پر صارفین ایموجیز کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

    فیچر متعارف ہونے کے بعد ہر صارف کو میسج دیکھتے وقت وہاں ایموجیز کے نشانات دکھائی دیں گے اور وہ اپنی پسند کے ایموجی سے اپنی رائے کا اظہار کر سکے گا۔

  • جیمز بانڈ فلم میں جاسوس بننے والی اداکارہ کو سخت تضحیک کا سامنا

    جیمز بانڈ فلم میں جاسوس بننے والی اداکارہ کو سخت تضحیک کا سامنا

    دنیا بھر میں مقبول ہالی ووڈ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم نو ٹائم ٹو ڈائی کی اداکارہ لشانا لنچ نے کہا ہے کہ جب میڈیا میں خبر آئی کہ اگلی جاسوس وہ بنیں گی، تب لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کی تضحیک کی۔

    لشانا لنچ سے متعلق جولائی 2019 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اب وہ جیمز بانڈ کی 26 ویں فلم میں جاسوس 007 کا کردار ادا کریں گی اور وہ ایسا کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

    حال ہی میں اداکارہ نے مذکورہ معاملے پر انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد لوگوں نے سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے۔

    لشانا کے مطابق جب انہیں اگلی جیمز بانڈ فلم میں جاسوس بنائے جانے کی خبر آئی تو لوگ غصہ ہوگئے، انہوں نے ان پر تنقید کرنا شروع کردی، لوگوں نے کہا کہ لشانا لنچ تو ایک خاتون ہیں، وہ کیسے جیمز بانڈ کی جاسوس بن سکتی ہیں اور یہ کہ وہ تو سیاہ فام بھی ہیں۔

    لشانا لنچ کا کہنا تھا کہ انہیں شدید صنفی اور نسلی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد انہوں نے ان دنوں میں موبائل فون کا استعمال کم کردیا۔

    انہوں نے بتایا کہ فلم کے پروڈیوسرز نے کاسٹ کرتے وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں شہرہ آفاق فلم سیریز میں کام کرنا پڑے گا، انہیں بتایا گیا کہ وہ کسی اچھی ویب سیریز کے لیے عمدہ کردار کے لیے کاسٹ کی گئی ہیں۔

    لشانا لنچ کے مطابق ان سے یہ بات کافی وقت تک خفیہ رکھی گئی کہ وہ جیمز بانڈ میں جاسوس کی ساتھی کا کردار ادا کریں گی، تاہم انہیں کردار کے لیے سخت ٹریننگ کروائی، جس دوران انہیں شبہ ہوا کہ ان سے کوئی منفرد کام کروایا جائے گا۔

    سیاہ فام برطانوی اداکارہ کے مطابق کئی ماہ تک تربیت لینے کے بعد انہیں مکمل طور پر معلوم ہوا کہ وہ جیمز بانڈ فلم میں جاسوس کی ساتھی کے کردار کے لیے کاسٹ کی گئیں، جس کے بعد ان کی خوشی دیدنی تھی۔

  • میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا

    میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا

    پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے اختتام نے پورے پاکستان کو رلا دیا، لوگ دانش کی موت پر نہایت غمگین ہوگئے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کا ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو، جو پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کا تاریخ ساز ڈرامہ ثابت ہوا، گزشتہ رات اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈرامے کا اختتام مرکزی کردار دانش (ہمایوں سعید) کی موت پر ہوا جس نے تمام مداحوں کو سوگوار کردیا۔

    ڈرامہ شائقین کی ہمدردیاں پہلے دن سے دانش کے ساتھ تھیں جس کی بیوی مہوش (عائزہ خان) دولت کے لیے اسے چھوڑ کر چلی جاتی ہے اور وہ بے وفائی کے کرب اور دکھ سے گزرتا رہتا ہے۔

    ڈرامے میں دانش کے بیٹے رومی کی ٹیچر ہانیہ (حرا مانی) کی آمد سے نیا موڑ آیا اور امید کی جانے لگی کہ دانش اب ہانیہ سے شادی کرلے گا، تاہم ڈرامے کا اختتام نہایت غیر متوقع ہوا اور دانش مہوش سے ایک جذباتی اور دردناک مکالمے کے بعد بالآخر جان سے گزر گیا۔

    ڈرامہ شروع ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور اگلے ایک گھنٹے کے اندر تمام سوشل میڈیا سائٹس سے تمام موضوعات غائب ہوگئے اور صرف ڈرامے سے متعلق ٹرینڈز چھائے رہے۔

    دانش کی موت پر ڈرامہ شائقین نے مختلف انداز میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے دانش اور مہوش کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفا کرنے والے مر کر بھی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، اور بے وفائی کرنے والے زندہ رہ کر بھی روزانہ مرتے ہیں۔

    ایک صارف نے مشہور شعر میں تبدیلی کرتے ہوئے لکھا کہ بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی، اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا۔

    ایک خاتون کا کہنا تھا کہ یہ محبت، نفرت، معافی اور شرمندگی کی کہانی تھی۔ دانش مر گیا لیکن جاتے ہوئے وہ مہوش کو احساس جرم میں مبتلا کرگیا۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ رومی سے خوابوں میں ملنے کا وعدہ کرنے والا منظر رلا گیا۔

    ایک صارف نے کہا کہ دانش کے کردار کی محبت، وفاداری، اور اس کا دھیما پن سب نہایت شاندار تھا۔ ایسے مرد صرف ڈراموں میں ہی ہوتے ہیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ دانش اپنی آخری سانسیں لے رہا تھا اور پورا پاکستان رو رہا تھا۔

    ڈرامے کے بارے میں مصنف خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دیکھا ہے، ڈرامے کا ٹائٹل سانگ اور آخری قسط لکھتے ہوئے وہ زار و قطار رو رہے تھے۔

    ڈائریکٹر ندیم بیگ کی ہدایت کاری اور ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی کی شاندار اداکاری نے اس ڈرامے کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہ پاکستانی تاریخ کا پہلا ڈرامہ ہے جس کی آخری قسط سنیما گھروں میں دکھائی گئی اور اسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا جم غفیر سنیما گھروں کو پہنچا۔

  • اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا: فواد چوہدری

    اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو معاملات پر مختلف رائے رکھنے کا حق ہے۔ اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا، سیاسی جماعت کی حیثیت سے ان کا مطالبہ جائز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وزارت چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول صدیقی ہمارے دوست اور بھائی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں گلے شکوے ہوتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے اپنےمؤقف اور اپنا ووٹ بینک ہوتا ہے۔ سیاسی جماعت کی حیثیت سے ان کا مطالبہ جائز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے، ایم کیو ایم کو معاملات پر مختلف رائے رکھنے کا حق ہے۔ اسد عمر کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا۔ انشا اللہ یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوجائے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں عمران خان کے مقابلے میں کوئی سیاسی لیڈر نہیں۔ بلاول بھٹو کی ایم کیو ایم کو پیشکش غیر سنجیدہ تھی۔ ایم کیو ایم بھی باشعور جماعت ہے وہ سب سمجھتی ہے۔

    مزید سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے لیے تو تلاش گمشدہ کا اشتہار چھپوانے کی ضرورت ہے، نواز شریف کو باہر بھجواتے بھجواتے شہباز شریف خود بھی باہر چلے گئے۔ شہباز شریف کی اپنی کرسی کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف صاحب و دیگر کی ان کی نشست پر نظر ہے، اب دیکھنا یہ ہے ن لیگ اپنے اندرونی اختلافات پر کیسے قابو پاتی ہے۔ اعتزاز احسن نے جو نواز شریف سے متعلق کہا وہ ٹھیک کہا۔ اپوزیشن کا ہر رہنما وزیر اعظم بننے کے چکر میں ہے۔

    خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے تاہم حکومت سے تعاون مسلسل جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، حکومت کے مطابق کراچی نے 89 فیصد ٹیکس دیا ہے، تمام ناانصافیوں کے باوجود کراچی 65 فیصد ریونیو دے رہا ہے۔ کراچی 89 فیصد ٹیکس دے رہا ہے تو پورا پاکستان کیا کر رہا ہے؟

  • کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے، وزیر اعظم عمران خان کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وزارت چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے، تحریک انصاف قیادت ایم کیو ایم سے رابطے میں ہے۔ ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں کراچی بھی مستفید ہوگا۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ اسد عمر کی قیادت میں کل وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا، کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے۔ ایم کیو ایم کابینہ کا حصہ ہے معاشی حالات سے واقف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں معیشت مشکلات کا شکار تھی، معیشت میں بہتری سے پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔ کراچی کے مینڈیٹ کے ساتھ تحریک انصاف، انصاف کرے گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرے گی، سندھ حکومت سے بھی اپیل کریں گے کراچی پر سیاست نہ کی جائے۔ کراچی کو خوشحال بنانے کے لیے ہم سب اپنا کردار ادا کریں۔