Tag: ready

  • امریکی وزراء کو بلیک لسٹ کرنے کی فہرست تیار ہے، ترکی کا رد عمل

    امریکی وزراء کو بلیک لسٹ کرنے کی فہرست تیار ہے، ترکی کا رد عمل

    واشنگٹن/انقرہ : امریکا کی جانب سے ترک وزراء پر پابندی عائد کیے جانے پر ترک حکام نے کہا ہے کہ ’امریکا نے جارحانہ رویہ ترک نہیں کیا تو ترکی کے پاس امریکی وزراء کی طویل فہرست موجود ہے جنہیں کالعدم کیا جاسکتا ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی فورسز کی زیر حراست امریکی پادری اینڈریو براؤنسن پر سنہ 2016 کی ناکام فوجی بغاوت میں مبینہ دہشت گردی اور کالعدم سیاسی گروپ سے تعلقات کا الزام ہے۔

    امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائٹ ہاوس کی ترجمان سارا سینڈر نے کہا ہے کہ ’ہمیں یقین ہے کہ متاثرہ پادری اینڈریو براؤنسن کے ساتھ غیر منصفانہ اور ظالمانہ رویہ اختیار کیا جارہا ہے‘۔

    سارا سینڈر کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے پادری براؤنسن پر لگائے جانے والے الزامات ثابت ہوسکیں‘۔

    وائٹ ہاوس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ’امریکی پادری کی گرفتاری میں ترکی کے دو وزیروں نے اہم کردار ادا کیا تھا‘ حکام نے امریکا میں موجود ترک وزیروں کی املاک اور اثاثے منجمد کردیے گیے ہیں اور امریکی شہریوں کو مذکورہ وزیروں کے ساتھ تجارت کو بھی ممنوع قرار دیا ہے۔

    سارا سینڈر کا کہنا تھا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پادری کے معاملے پر ترک ہم منصب سے بارہا بات چیت کی گئی ہے، لیکن ترکی کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

    دوسری جانب ترکی نے وفاقی وزراء پر پابندی عائد کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا کی جانب سے پادری اینڈریو براؤنسن کی آزادی کا مطالبہ کسی صورت قبول نہیں کیوں کہ مذکورہ پادری نے ترکی کے دشمنوں کا ساتھ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز ترکی کے وزیر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ہم امریکا سے پادری کے معاملے پر لیے گئے غلط فیصلے سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کرتے ہیں‘۔

    ترک وزارت خارجہ کا جاری بیان میں کہنا تھا کہ ’ترک حکام امریکا کا جارحانہ رویہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے‘۔

    امریکا کی طرف سے ترک وزراء پر پابندیوں کے اعلان کے بعد ترک وزارت خارجہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس بھی امریکی عہدیداروں کی ایک طویل فہرست موجود ہے جنہیں ہم بلیک لسٹ کرسکتے ہیں۔ ان میں کئی سینیر امریکی وزراء بھی شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • یونان اور اسپین تارکین وطن کو قبول کرنے کے لیے تیار

    یونان اور اسپین تارکین وطن کو قبول کرنے کے لیے تیار

    برسلز : اسپین اور یونان نے جرمنی کی تجویز پر اتفاق رائے کرتے ہوئے جرمنی سے لوٹائے جانے والے تارکین وطن کو اپنے ملک میں پناہ دینے کی یقین دہانی کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہونے والے یوپی یونین کے سربراہی کانفرنس کے دوران اسپین، جرمنی اور یونان کی حکومتوں کے درمیان معاہدہ طے ہوا ہے کہ جرمنی سے واپس لوٹائے جانے والے تارکین وطن کو اپنے ملک میں قبول کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے ترجمان شٹیفن زائنرٹ نے جمعے کے روز سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا تھا کہ مہاجرین کے معاملے پر اسپین اور یونان نے جرمنی کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر اتفاق کیا ہے۔

    انجیلا میرکل کے ترجمان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہنا تھا کہ جرمنی اور آسٹریا کی مشترکہ سرحد سے واپس بھیجے جانے والے تارکین وطن کو اسپین اور یونان کی حکومتیں اپنے ملک میں پناہ دینے کو تیار ہیں۔

    زائبرٹ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں صرف ان مہاجرین کو قبول کریں گی، جنہوں نے پہلے سے اسپین اور یونان میں سیاسی پناہ کے خواہش مند ہوں گے اور یورپ کے ڈیٹا بیس سسٹم ’یورو ڈیک‘ میں ان کے فنگر پرنٹس درج ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق اسپین اور یونان میں موجود سیاسی پناہ حاصل کرنے کے خواہش مند تارکین وطن کی اکثریت جرمنی میں رہائش کی قانونی حیثیثت حاصل کرنا چاہتی ہے، کیوں کہ ان کے عزیز و اقارب جرمنی میں مقیم ہیں۔

    جرمن چانسلر کے ترجمان زائبرٹ کا کہنا تھا کہ انجیلا میرکل اور دونوں یورپی ممالک کے درمیان یہ عہد و پیمان ہوا ہے کہ جرمن حکومت اسپین اور یونان میں موجود تارکین وطن کو ان کے اہل خانہ سے ملانے کے لیے قانونی کارروائی میں تیزی لائے گا۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین کے اجلاس میں سربراہان کا تارکین وطن سے متعلق ’یورپی ممالک میں مہاجرین کے تمام کیمپ بند کرکے یورپ سے باہر پناہ گزین کیمپ لگانے‘ پر اتفاق ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ انجیلا میرکل کے لیے بہت اہمیت کا حامل تھا، کیوں کہ پناہ گزنیوں کے معاملے پر یورپی یونین میں مشترکہ حل کے بغیر میرکل کی حکومت کو شدید خطرات لاحق تھے۔

    خیال رہے کہ جرمن چانسلر اور جرمن وزیر داخلہ ہورست زیہوفر کے درمیان تارکین وطن سے متعلق معاملات پر شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔ ہورست زیہوفر کا مؤقف ہے کہ جرمنی کے علاوہ یورپ کے کسی اور ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والے مہاجرین کو جرمنی میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ میرکل مستقل ان کی مخالفت کرتی آرہی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان 2سال بعد رنگ میں اترنے کیلئے تیار

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان 2سال بعد رنگ میں اترنے کیلئے تیار

    لندن : پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے دو سال بعد رنگ میں اترنے کے لئے تیاریاں تیز کردیں، اکیس اپریل کو کینیڈین باکسر سے مقابلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کنگ آف رنگ عامر خان مکے برسانے کے لئےتیار ہے اور اس بار کینیڈین باکسر فل لوگریکو  ان کے شکار ہوں گے، عامر خان نے اپنے نئے ٹرینر کے ساتھ مقابلے کیلئے بھرپور تیاری شروع کردیں۔

    اکیس اپریل کو لیور پول کے ایکو آرینا میں شائقین ہوم گراؤنڈ پر کنگ خان کو ایکشن میں دیکھنے کے لئے بے تاب ہے۔

    عامر خان کا کہنا ہے کہ ذاتی حملوں کا جواب وہ کینیڈین حریف کو رنگ میں دیں گے، نئے کوچ مجھے ٹریک پر لانے کے لئے بھرپور مدد کر رہے ہیں اور امید ہے کہ بہتر کھیل پیش کروں۔

    یاد رہے کہ دونوں باکسرزمیں فائٹ سے پہلے جھڑپ ہوچکی ہے،  عالمی شہریت یافتہ باکسرز نئی فائٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنے بیٹھے تو اسی دوران لوگریکو نے عامر خان کی اہلیہ اور اُن کی نجی زندگی کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کیے۔


    مزید پڑھیں : اہلیہ کو برا کہنے پر باکسر عامر خان اشتعال میں آگئے


    جس پر عامر خان پہلے تو مسکراتے رہے اور پھر جب غصہ برداشت سے باہر ہوا تو نیوز کانفرنس میں حریف باکسر پر پانی بھی پھینک دیا  اور مکے برسانے شروع کردیے تھے تاہم اسی دوران کچھ لوگوں نے بیچ بچاؤ کروا کے معاملہ رفع دفع کروایا تھا۔

    عامر خان  مئی 2016 میں آخری مرتبہ میکسیکو کے باکسر کنیلو الویراز کے مدمقابل آئے تھے اور اس مقابلے میں انہیں شکست  ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ باکسر عامر خان کہ کیرئیر کی یہ چھتیسویں فائٹ ہوگی، اب تک وہ اکتیس بار فائٹ اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ  4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس عامر خان اور فریال مخدوم کے درمیان تعلقات میں اس قدر کشیدگی آگئی تھی کہ دونوں نے اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا تھا مگر برطانیہ واپسی پر باکسر نے ایک بار پھر اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ساتھ زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔