Tag: rebels

  • یمن میں بمباری، بچوں اور خواتین سمیت 13 شہری ہلاک

    یمن میں بمباری، بچوں اور خواتین سمیت 13 شہری ہلاک

    صنعا: یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی بمباری کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت 13 عام شہری زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یمنی حکومت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ الحدیدہ اور تعز صوبوں میں حوثی باغیوں کی ان کارروائیوں میں بچے اور خواتین بھی مارے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور سعودی عسکری اتحاد کے مابین جنگ جاری ہے اور اس کے نتیجے میں ابھی تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یمن میں ایک حادثے کے نتیجے میں ان کے چھ فوجی ہلاک ہو گئے۔ حکام نے اس حادثے کی نوعیت، مقام اور وقت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔

    یمن: سعودی اتحادی افواج کا ایک بار پھر فضائی حملہ، 22 عام شہری ہلاک

    رواں سال مارچ میں سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن میں فضائی بمباری کے نتیجے میں 22 عام شہری مارے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کی سمندری حدود میں ماہی گیروں کی کشتی پر فضائی بمباری کی تھی جس کی زد میں آکر 18 ماہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے میں 10 عام شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

  • سعودی اتحادی افواج نے ایک بار پھر حوثیوں کا ڈرون مار گرایا

    سعودی اتحادی افواج نے ایک بار پھر حوثیوں کا ڈرون مار گرایا

    ریاض: یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل ڈرون حملوں کی کوششیں کی جارہی ہیں، اتحادی افواج نے ایک بار پھر حوثیوں کا ڈرون مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ گذشتہ روز ایک ڈرون طیارے کو مار گرایا گیا، یہ طیارہ حوثیوں نے سعودی عرب کی سمت بھیجا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے دہشت گردانہ مجرمانہ روش کے تحت ڈرون طیارے بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے، اس کا مقصد شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی معاندانہ کارروائیاں کرنا ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ طیارے اپنے اہداف پورے نہیں کر سکے اور انہیں تباہ کر کے مار گرایا جا رہا ہے، حوثی باغیوں کے خلاف بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق سخت ترین جوابی منہ توڑ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    دوسری جانب یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی بحریہ کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ روز حوثیوں کی جانب سے بحر احمر کے جنوب میں ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی دہشت گردانہ کوشش کو ناکام بنا دیا۔

    اتحاد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش blue fish ساخت کی دھماکا خیز مواد سے بھری کشتی کے ذریعے کی گئی، عرب اتحاد کی فورسز نے دوران نقل و حرکت اس کشتی کا پتہ چلا لیا اور اسے تباہ کر دیا۔

    عرب اتحادی فورسز نے حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    ترکی المالکی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حوثی ملیشیا کی کارستانیوں نے یمن میں دہشت گرد تنظیموں کے وجود کو تقویت بخشی ہے، انہوں نے یمن میں داعش تنظیم کے سربراہ ابو اسامہ المہاجر کی گرفتاری کی کارروائی پر بھی روشنی ڈالی۔

    المالکی نے واضح کیا کہ ایک گھر کی مسلسل نگرانی سے ثابت ہوا کہ اس میں داعش کا سربراہ اور تنظیم کے ارکان موجود ہیں، اس کے بعد شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے احتیاطی اقدامات کے ساتھ آپریشن کیا گیا جو حملے کے آغاز کے بعد صرف 10 منٹ جاری رہا۔

  • ماؤ باغیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی ہلاک

    ماؤ باغیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی ہلاک

    نئی دہلی : بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ماؤ باغیوں سے جھڑپ کے دوران مسافر بس بھی لپیٹ میں آ گئی،جس کےباعث گولی کی زد میں آکر بس میں سوار ایک شہری بھی ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکام کے مطابق ملک کے وسطی حصے میں ما باغیوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نیم فوجی دستوں کے تین اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گئے ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جھڑپ میں مسافر بس بھی لپیٹ میں آ گئی اور گولی لگنے سے اس میں سوار ایک شہری کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

    بھارتی نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ یہ جھڑپ چھتیس گڑھ کے ضلع بیجا پور میں ہوئی۔ جھڑپ میں مسافر بس بھی لپیٹ میں آ گئی اور گولی لگنے سے اس میں سوار ایک شہری کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ نہیں بتایا گیا کہ عام شہری باغیوں کی گولی سے ہلاک ہوا یا نیم فوجی دستوں کے فائر کا نشانہ بنا۔ چھتیس گڑھ ما نواز باغیوں کی مسلح سرگرمیوں سے شدید متاثر ہے۔

  • الحدیدہ میں حوثیوں کی عسکری سرگرمیاں بدستور جاری ہیں: اقوام متحدہ

    الحدیدہ میں حوثیوں کی عسکری سرگرمیاں بدستور جاری ہیں: اقوام متحدہ

    واشنگٹن: اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ یمن کے ساحلی علاقے الحدیدہ سے انخلا کے باوجود ایران نواز حوثی ملیشیا کی الحدیدہ بندرگاہ پرعسکری سرگرمیاں غیرمعمولی حد تک بدستورجاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الحدیدہ میں طے پائے جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کےلئے قائم اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے سربراہ جنرل مائیکل لولیسگارڈ نے ایک بیان میں حوثیوں پر زور دیا کہ وہ الحدیدہ بندرگاہ پراپنی عسکری سرگرمیاں مکمل اور فوری طورپر ختم کریں، الحدیدہ میں کھودے گئے بنکر اور خندقیں ختم کرنا جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی زیرنگرانی الحدیدہ کے لئے طے پائے جنگ بندی معاہدے کے تحت الحدیدہ میں 450 افراد پرمشتمل کوسٹ گارڈ فورس کی تشکیل کی حمایت کی گئی تھی، یہ نفری الحدیدہ سمیت دو دوسری بندرگاہوں کی سیکیورٹی کی ذمہ دار ہے۔

    جنرل لولسیگارڈ نے یمنی حکومت اور حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کےلئے مذاکرات کا سلسلہ بحال کریں تاکہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے اور دوسرے مرحلے کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔

    حوثی باغیوں کو سعودی عرب پر حملوں کا حساب دینا ہوگا، شہزادہ خالد بن سلمان

    اقوام متحدہ کے نگران کمیشن کے سربراہ جنرل لولیسگارڈ نے جنگ بندی کمیٹی میں شامل یمنی حکومت اور حوثیوں کے نمائندوں کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہیں اقوام متحدہ کی امن فوج کی بحرالاحمر کی تین بندرگاہوں الحدیدہ، راس عیسیٰ اورالصلیف پر 11 سے14 مئی کے دوران تعیناتی کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ مئی میں حوثی ملیشیا نے الحدیدہ سے یک طرفہ طورپر اپنا عملہ نکال لیا تھا مگر یمنی حکومت نے اسے حوثیوں کی ایک چال اور دھوکہ قراردے کر مسترد کردیا تھا۔

  • تیل تنصیبات پر حملے حوثیوں کے ایرانی آلہ کار ہونے کا مظہر ہیں: سعودی عرب

    تیل تنصیبات پر حملے حوثیوں کے ایرانی آلہ کار ہونے کا مظہر ہیں: سعودی عرب

    ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان کا کہنا ہے کہ تیل تنصیبات پر حملے حوثیوں کے ایرانی آلہ کار ہونے کا مظہر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی آرامکو کی تنصیبات پر حملے اس بات کا مظہر ہیں کہ وہ ایرانی آلہ کار ہیں اور وہ ایران کے توسیع پسندانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال ہورہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہی اور یہ آرامکو کی تنصیبات پر حوثیوں کے ڈرون حملوں کے بعد ان کا پہلا ردعمل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آرامکو کے دو پمپنگ اسٹیشنوں پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ حوثی ملیشیا ایرانی رجیم کی محض آلہ کار ہے اور اس کو خطے میں ایران کے توسیع پسندانہ ایجنڈے کے نفاذ کے لیے بروئے کار لایا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے جھوٹے دعوے کے برعکس یمن میں عوام کا تحفظ نہیں کیا جارہا۔ انھوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ سعودی تنصیبات پر حملوں کا حکم تہران میں رجیم نے دیا تھا اور حوثیوں نے اس حکم کو عملی جامہ پہنایا ہے۔

    کیا امریکی دباؤ ایران کو مذاکرات پر مجبور کر دے گا؟

    نائب وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ ان حملوں کا مقصد (یمن میں جاری بحران کے حل کے لیے )سیاسی کوششوں کو سبوتاڑ کرنا تھا۔

  • حوثی باغی حدیدہ بندرگاہ جلد خالی کردیں گے، اقوام متحدہ کا دعویٰ

    حوثی باغی حدیدہ بندرگاہ جلد خالی کردیں گے، اقوام متحدہ کا دعویٰ

    صنعا: اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے متحارب فریقین چند ہفتوں کے اندر اندر حدیدہ سے اپنی فورسز نکال لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس نے توقع ظاہر کی ہے کہ یمن کے متحارب گروپ ساحلی شہر حدیدہ اوربندرگاہ سے چند ہفتوں کے اندر اندر نکل جائیں گے اور علاقے کا کنٹرول اقوام متحدہ کے امن مشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے ایلچی نے ایک بیان میں کہا کہ ابھی تک حدیدہ میں اقوام متحدہ کی فورسز کی تعیناتی کے طریقہ پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ یہ کام چند ہفتوں کے اندر اندر پایہ تکمیل تک پہنچ جائے۔

    مارٹن گریفتھس کا کہنا تھا حدیدہ سے انخلاء ہی چار سال سے جاری جنگ کےخاتمے اور مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یمن می آئینی حکومت اور ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کی حکومت نے حدیدہ میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے نفاذ سے اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ عن قریب حدیدہ سے اپنی فورسز نکال لیں گے۔

    یمن بحران: حدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ کچھ دیر بعد ہی ختم ہوگیا

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں متحارب فریقین نے حدیدہ میں اقوام متحدہ کی فوج کی تعیناتی سے اتفاق کیا ہے، سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حدیدہ کے معاملے میں پیش رفت کے بعد ملک میں سیاسی عمل کے لیے مذاکرات کا آغاز ہوسکتا ہے۔

  • سعودی دفاعی نظام نے حوثی باغیوں کا میزائل مار گرایا

    سعودی دفاعی نظام نے حوثی باغیوں کا میزائل مار گرایا

    ریاض: حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر داغا گیا بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس پر بیلسٹک میزائل داغا تھا جسے فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں میزائل تباہ ہوا جس کے ٹکڑے شہر کے گرونواح میں گرے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والے میزائل کے پرزوں سے پتا چلا مذکورہ میزائل ایران میں تیار کردہ تھا۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران مسلسل حوثی باغیوں کی پشت پناہی کررہا ہے، عسکریت پسندوں کی مالی مدد کرنا عالمی قوانین کی خلاف وزری ہے۔

    ترجمان عسکری اتحاد کے مطابق قبل ازیں حوثی باغیوں نے سعودی حدود میں ڈرون بھی بھیجے جس کے پرخچے دوران پرواز اڑائے گئے، اور شدت پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

    دوسری جانب امریکی جوہری ماہرین نے سیٹلائیٹ شواہد کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب بیلسٹک میزائل کی تیاری میں مصروف عمل ہے، جبکہ سعودی حکام اور واشنگٹن میں قائم سعودی سفارت خانے کے حکام نے اس طرح کی خبروں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے حوثی باغیوں نے سعودی شہر نجران پر دو بیلسٹک میزائل داغے تھے جسے فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔

  • یمن: حوثی باغیوں کی مالی سپورٹ سے متعلق اہم انکشاف

    یمن: حوثی باغیوں کی مالی سپورٹ سے متعلق اہم انکشاف

    صنعا: یمن میں حوثی باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان جنگ بندی ہے البتہ باغیوں کی مالی سپورٹ سے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ماہرین کی جانب سے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایرانی ایندھن کی آمدنی کا ایک بڑا حصہ یمن جنگ میں استعمال ہورہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ یمن جنگ میں حوثی باغیوں کی مالی مدد کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    85 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں سعودی اتحادی افواج اور یمنی سرکاری فورسز کی 2018 میں حوثی باغیوں کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی کو سراہا گیا۔

    البتہ رپورٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ یمن میں حکومتی رٹ قائم کرنے سے متعلق ابھی جو خیال ہے وہ حقیقت سے کوسوں دور ہے۔

    خیال رہے کہ ایران ہمیشہ سے حوثی باغیوں کی سپورٹ سے انکاری رہا ہے، متعدد بار حکومتی بیان میں ایرانی فنڈنگ کی تردید کی جاچکی ہے۔

    یمن: سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی نگرانی کیلئے عالمی مبصرین کی تعیناتی منظور

    واضح رہے کہ عرب میڈیا کے مطابق حوثی جنگجوؤں کو ایرانی حمایت حاصل ہے جبکہ یمنی فوج سعودی اتحادی افواج کی قیادت میں لڑرہی ہے، جس کے باعث حدیدہ بندر گاہ سے امدادی سامان کی ترسیل مشکل کا شکار ہے۔

    علاوہ ازیں یمن میں فریقن کے درمیان جنگ بندی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خانہ جنگی سے دوچار ملک یمن میں جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کے لیے چھ ماہ تک عالمی مبصرین کو تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

  • یمن میں شدید خانہ جنگی، باغیوں نے خوراک کے گودام پر حملہ کردیا

    یمن میں شدید خانہ جنگی، باغیوں نے خوراک کے گودام پر حملہ کردیا

    صنعا: یمن میں جاری خانہ جنگی میں شدت آگئی، حوثی باغیوں نے عالمی خوراک پروگرام کے گودام پر حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے یمن میں متاثرین کے لیے بھیجی گئی خوراک کو بھی نہ بخشا، عالمی خوراک پروگرام کے گودام پر حملے سے ایک بڑا حصہ جل کر خاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حوثی باغیوں کے حملے کے نتیجے میں گودام میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی، یہ حملہ الحدیدہ میں حوثیوں کے مشرقی علاقے میں واقع ٹھکانوں سے کیا گیا۔

    حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے باعث گودام کے ساتھ ساتھ خوراک بھی جل کر خاک ہوگئی، اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے حملے ہوچکے ہیں۔

    حوثی ملیشیا امدادی خوراک لوٹ کر نقد فروخت کررہی ہے، اماراتی وزیر

    یمن میں برسرپیکار باغیوں نے متعدد دہشت گرد حملے بھی کیے جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور انور محمود قرقاش نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر یمن میں امدادی خوراک اور حوثی ملیشیا سے متعلق ٹویٹ میں کہا تھا کہ حوثی جنگ میں بچّوں، بارودی سرنگوں اور خوراک کا بطور ہتھیار استعمال کررہے ہیں۔

    انہوں نے عالمی ادارہ خوراک کی یمن سے متعلق رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی ادارہ خوراک نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ قحط کا شکار یمنی شہریوں کے لیے بھیجی گئی خوراک کو حوثیوں کے کنٹرول والے علاقوں میں لوٹ کر نقد فروخت کیا جارہا ہے۔

  • یمن میں فورسز کی اہم کارروائی، باغیوں کا اسلحہ ڈپو قبضے میں لے لیا

    یمن میں فورسز کی اہم کارروائی، باغیوں کا اسلحہ ڈپو قبضے میں لے لیا

    صنعا: یمن میں سرکاری فورسز نے اہم کارروائی کرتے ہوئے حوثی باغیوں کا اسلحہ ڈپو اپنے قبضے میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عسکری اتحاد کی حمایت یافتہ یمنی فوج نے صوبہ صعدہ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ ڈپو قبضے میں لیا، جہاں سے جدید خودکار ہتھیار سمیت بڑی تعداد میں میزائل بھی برآمد ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کی جانب سے صعدہ میں کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، عسکری حکام نے متعدد علاقوں میں جلد مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد نے بھی صوبے کے مختلف ضلعوں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی، جس کے باعث متعدد باغیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

    علاوہ ازیں شمالی صوبے لحج کے ضلعے القبیطہ میں یمنی فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ نئے ٹھکانے آزاد کرا لیے، اور فورسز کی کامیاب پیش قدمی جاری ہے۔

    یمن میں جنگ بندی، حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپیں ختم

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں اور یمنی فوج کے درمیان اس گھمسان کی لڑائی میں باغی حوثی ملیشیا کے درجنوں جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ عسکری ساز و سامان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے یمنی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، بعد ازاں دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف حملے بھی روک دیے تھے۔

    جنگ بندی کے معاہدے کے بعد بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی صدر عبدالربو منصور ہادی نے اپنی افواج کو الحدیدہ شہر اور صوبے میں کسی قسم کی خلاف ورزی نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔