Tag: Recipe

  • آج کا افطار : ’چکن چیز رول‘ نئے ذائقے کے ساتھ

    آج کا افطار : ’چکن چیز رول‘ نئے ذائقے کے ساتھ

    ماہ رمضان میں خواتین کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے کچن میں ایسے پکوان بنائیں جس کا ذائقہ تمام اہل خانہ کو پسند آئے، اس کیلیے چکن چیز رول سے بہتر شاید ہی کوئی شے ہو۔

    آج ہم نے آپ کی یہ مشکل کسی حد تک آسان کردی ہے کیونکہ آج کی افطاری کیلئے ایک بے حد ذائقے دار اور مزے دار چیز بنانے کی ترکیب آپ کیلئے پیش خدمت ہے، تاکہ افطار دسترخوان کا لطف دوبالا ہوجائے۔

    جی ہاں !! آج ہم آپ کو مزیدار ’چکن چیز رول‘ بنانے کی ترکیب بتائیں گے جسے کھانے کے بعد سب انگلیاں چاٹتے ہوئے آپ کے ہنر کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔

    chicken roll

    اجزاء :

    : چکن بریسٹ آدھا کلو، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، چیڈر چیز سو گرام، درمیانی پیاز ایک عدد، کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چھوٹا چمچہ، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چھوٹا چمچہ، سرکہ 2 چھوٹے چمچے، چلی ساس 2 چھوٹے چمچے، سویا سوس 2 چھوٹے چمچے، اجوائن آدھا چھوٹا چمچہ، ہری مرچ 3 سے 4 عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی، ڈبل روٹی کے سلائس 3 عدد، انڈے 2 عدد، ڈبل روٹی کا چورا حسب ِضرورت، میدہ 2 بڑے چمچے، کارن فلور 2 بڑے چمچے، نمک حسب ضرورت، تیل حسبِ ضرورت۔

    بنانے کی ترکیب:

    فرائنگ پین میں ایک بڑا چمچہ تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے درمیانی آنچ پر ایک سے 2 منٹ تک فرائی کریں، پھر اس میں چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں ڈال دیں اور ڈھانک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

    جب چکن کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں نمک، سرکہ، سویا سوس اور چلی سوس ڈال کر ایک سے 2 منٹ تک پکا کر چولہا بند کردیں۔

    چاپر میں ڈبل روٹی کے سلائس، ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر چاپ کریں، اس کے بعد اس آمیزے کو چاپر سے نکال کر اس میں کالی مرچ اجوائن مسٹرڈ پیسٹ اور ایک پھینٹا ہوا انڈا شامل کریں اور اچھی طرح ملا لیں۔

    چیز کو اسٹک کی طرح کاٹ لیں اور چکن کے آمیزے کا تھوڑا سا حصہ ہاتھ میں رکھیں اور اس کے درمیان میں چیز اسٹک رکھ کر رول بنا لیں۔

    انڈے کو پھینٹ کر اس میں میدہ اور کارن فلور ملا لیں، رول کو پہلے انڈے کے مکسچر میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا کر کڑاہی میں گرم آئل میں سنہری فرائی کرلیں۔

    مزیدار چکن چیز رول تیار ہیں، اب انہیں کیچپ کے ساتھ افطار کے دسترخوان پر سجائیں۔

  • افطار میں ’چائنیز ایگ پلانٹ‘بنائیں، سب انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے

    افطار میں ’چائنیز ایگ پلانٹ‘بنائیں، سب انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے

    ویسے تو ہمارے گھروں میں سحر و افطار میں طرح طرح کے پکوان بنتے ہی ہیں لیکن روز ایک جیسی چیزیں کھا کر کچھ نیا پکانے کو جی چاہتا ہے۔

    اسی بات کے پیش نظر آج ہم آپ کیلیے ایک ایسی چائنیز ڈش بنانے کی ترکیب لے کر آئے ہیں جسے کھا کر آپ اور آپ کے اہل خانہ انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے اور تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔

    اس پکوان کا نام ہے ’چائنیز ایگ پلانٹ‘ جس کو بنانے کی ترکیب مندرجہ ذیل سطور میں بیان کی جارہی ہے۔

    اجزاء :

    بینگن گول والے
    نمک حسب ذائقہ
    براؤن شوگر 2 چمچ
    کارن فلور ایک کپ
    چاول کا آٹا
    کُٹی ہوئی ادرک
    کُٹا ہوا لہسن
    ویجی ٹیبل آئل
    سویا سوس
    لال مرچیں
    چاٹ مصالحہ
    سفید سرکہ
    ہرا دھنیا
    ہری پیاز کٹی ہوئی

    بنانے کی ترکیب

    بینگن کے گول سلائس کاٹ کر ٹھنڈے پانی میں ڈال دیں۔ ایک پیالے میں کورن فلاور اور چاول کا آٹا برابر مقدار میں لے لیں اور اس میں نمک، چاٹ مصالحہ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر اس کا پیسٹ بنالیں۔

    اس کے بعد فرائنگ پین میں آئل ڈال کر اسے گرم کرلیں، اس کے بعد میں بینگن کے گول سلائس کو پیسٹ میں اچھی طرح ڈبو کر فرائی کرلیں اور کرپسی ہونے پر نکال لیں۔

    ایک اور فرائنگ پین میں تھوڑا سا آئل ڈالیں اور کٹے ہوئے لہسن ڈال کر گرم کریں اس میں کٹی ہوئی لال مرچیں اور ادرک کے ساتھ سویا سوس، آدھا چمچ براؤن شوگر، سفید سرکہ، تھوڑا سا ہرا دھنیا اور ہری پیاز کٹی ہوئی ملا کر بھون لیں۔

    اب ان بینگنوں کے تلے ہوئے ٹکڑوں کو ایک پلیٹ میں لائن سے رکھ کر اس اوپر چائنیز ایک پلانٹ کو ان کے اوپر ڈال کر دسترخوان پر سجا دیں۔

    <

  • افطار میں ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ بنائیں، آسان ترکیب

    افطار میں ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ بنائیں، آسان ترکیب

    رمضان المبارک کے موقع پر سحر و افطار کیلیے پکوانوں کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس  ماہ مقدس کی رونقیں دوبالا ہوجاتی ہیں، ان ہی میں ایک ڈش ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ بھی ہے۔

    کچھ پکوان ایسے ہوتے ہیں جن کے بنا افطار ادھوری سی لگتی ہے یہ پکوان جہاں افطار کی شان بڑھاتے ہیں وہیں ان پکوانوں کا سوچ کر منہ میں پانی بھی آجاتا ہے۔

    اسی سلسلے میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان کے ایک سیگمنٹ میں معروف شیف عائشہ نے افطاری کے دسترخوان کیلیے ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ نامی ڈش بنانے کی ترکیب بیان کی۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ ڈش بظاہر دیکھنے میں پکوڑے جیسی ہے لیکن اس کی خوشبو اور ذائقہ اس سے بہت مختلف ہے۔

    شیف عائشہ نے بتایا کہ پاکستان کے معروف سیاحتی مقام نتھیا گلی میں پٹاخہ چکن نامی ایک ڈش خصوصی طور پر تیار کی جاتی ہے اسے ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے سیاح بھی شوق سے کھاتے ہیں۔

    اس ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ بنانے کی ترکیب بیان کرتے ہوئے انہوں نے اس کے اجزاء بتائے جن میں مرغی کے گوشت کی لمبی لمبی بوٹیاں، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چمچ، ایک عدد کٹا ہوا لہسن، دو چمچ لیموں کا رس، حسب ذائقہ نمک، ایک چمچ دھنیا پاؤڈر۔ ان تمام چیزوں کو اچھی مکس کردیں۔

    اس کے بعد ایک علیحدہ برتن میں دو چمچ میدہ، دو چمچ چاول کا آٹا اور دو چمچ بیکنگ پاؤڈر، کٹی ہوئی لال مرچ اور نمک حسب ذائقہ۔ پھر اس میں تھوڑا سا ٹھنڈا پانی ڈال کر پیسٹ بنالیں۔

    اس کے بعد فرائنگ پین میں موجود گرم آئل میں چکن کے پیس اس پیسٹ سے کوٹنگ کرکے فرائی کرلیں۔ آپ کا گرما گرم’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ تیار ہے۔

  • ایئر فریئر میں بنائیں انڈے کی ایک مزیدار ڈش

    ایئر فریئر میں بنائیں انڈے کی ایک مزیدار ڈش

    کھانوں کو تیل میں ڈبوئے بغیر انہیں فرائی کرنے کے لیے آج کل ’ایئر فرئیر‘ ایک مقبول ترین طریقہ کار بن گیا ہے۔

    ایسے لوگ جو کم تیل کی غذائیں اپنے ڈائٹ پلان میں شامل کرنا چاہتے ہیں تو ایئر فرائی پکوان آپ کا بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں۔

    اگر آپ مزیدار، کرسپی اور صحت مند ڈش ایئر فریئر میں بنانے کی ترکیب ڈھونڈ رہی ہیں تو اب ہم نے آپ کی یہ مشکل آسان کردی ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ شرمین علی  نے ’ایئر فرئیر ‘ میں انڈے بنانے کی آسان ترکیب بیان کی۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کو بنانے کیلئے زیادہ چیزوں کی بھی ضرورت نہیں پڑتی کیونکہ بیشر اشیاء اکثر گھروں میں پہلے سے ہی موجود ہوتی ہیں۔

    اجزاء :

    آلو 5 سے 6 عدد، انڈے 4 سے 5 عدد، مشروم، کٹی ہوئی پیاز، کوکنگ آئل، کریم ، چیز اور سفید تل

    ترکیب :

    اداکارہ شرمین علی نے بتایا کہ اسے مکمل تیار کرنے میں زیادہ سے زیادہ 30 سے 40 منٹ لگیں گے، پہلے آلوؤں کو باریک ٹکڑوں میں کاٹ کر ابال لیں، ٹکڑے جتنے چھوٹے ہوں گے، ایئر فریئر انہیں اتنی ہی تیزی سے پکائے گا۔

    سب سے پہلے فرائنگ پین میں آلو کے بھرتے کی ایک تہہ اور اس کے اوپر مشروم کی تہہ بھی لگا دیں، اس کے بعد کٹی ہوئی پیاز کے باریک گول گول ٹکڑے بھی بچھا دیں۔

    اداکارہ شرمین علی نے کہا کہ پھر اس کے اوپر کوکنگ آئل چھڑک کر اسے دس منٹ تک پکانا ہے اس کے بعد اسے مکس کرکے بغیر پھنینٹے ہوئے انڈے توڑ کر ڈالیں اور چمچ سے اس کے اوپر پھیلادیں۔

    یہ کام کرنے کے بعد اس کے اوپر کریم ، چیز اور سفید تل ڈالنے ہیں، آپ کا ایئر فریئر ایگ تیار ہے، یہ ایسی چیز ہے جسے آپ ناشتے میں یا برنچ میں بھی لے سکتے ہیں۔

  • ذائقہ دار ’چرغہ کلیجی‘ بناںے کا بہترین فارمولا جانیے!!

    ذائقہ دار ’چرغہ کلیجی‘ بناںے کا بہترین فارمولا جانیے!!

    قربانی کا جانور ذبح کرنے کے بعد گھر میں سب سے پہلے جو چیز پکائی جاتی ہے وہ ہے کلیجی، جس کا انتظار سب گھر والوں کو ہوتا ہے کہ کب اسے گرما گرم روٹیوں سے ساتھ کھایا جائے۔

    مزیدار اور ذائقے دار کلیجی بنانے کا آسان اور کم سے کم وقت میں بنانے کا کیا طریقہ کیا ہے اس کیلئے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں شیف ثمرین جنید نے ناظرین کو اس کی ترکیب بتائی۔

    انہوں نے ناظرین کو چرغہ کلیجی بنانے کی آسان بتائی جس کے مطابق

    اجزاء :

    ایک کلو کلیجی
    ایک کلو پیاز
    تین پاؤ ٹماٹر
    اجوائن اور سفید زیرا ایک ایک چمچ
    ثابت لال مرچ 10 سے بارہ
    نمک حسب ذائقہ
    ادرک اور لہسن کا پیسٹ ایک ایک چمچ
    تھوڑی سی ہری مرچیں

    ترکیب :

    پیاز کو آملیٹ جیسی باریک کاٹ لیں اور تیل میں بھون کر ہلکا سا براؤن کرلیں اس کے بعد کلیجی کی بوٹیاں اس ڈال کر بھون لیں اور جب پیاز گلابی مائل ہوجائے تو چولہے کی آنچ تیز کردیں۔ اور 15 منٹ بعد کلیجی تیار ہوجائے گی۔

    اس دوران ٹماٹروں کو ابالنے کے بعد چھلکا اتار کر پیسٹ بنالیں، اس کے بعد اجوائن زیرا اور ثابت مرچ کو توے پر بھون کر پیس لیں، یاد رہے کہ یہ چرغہ مصالحہ آپ نے پہلے سے تیار کرکے رکھ لینا ہے۔

    اس کے بعد کلیجی میں ٹماٹر ڈال کر بھون لیں اور جب تیل اوپر آنے لگے تو ہری مرچ کو چھوٹی چھوٹی کاٹ کر تھوڑا سا اور بھونیں اس کے بعد اس میں تیار کیا ہوا چرغہ مصالحہ اور ہرا دھنیا ڈال کر کر چولہا بند کریں اور ڈش پر ایک لیمن نچوڑ لیں، مزیدار چرغہ کلیجی تیار ہے۔

  • افطار کے دسترخوان کو "بریڈ چاٹ” سے سجائیں

    افطار کے دسترخوان کو "بریڈ چاٹ” سے سجائیں

    ماہ رمضان میں سب کی خواہش ہوتی ہے کہ افطار کے دسترخوان کو زیادہ سے زیادہ لذیذ پکوانوں سے سجایا جائے، جس میں پکوڑے سموسے اور فروٹ چاٹ اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

    آج ہم آپ کیلئے ایک اور ڈش کی ترکیب لائے ہیں جو چاٹ تو ہے لیکن فروٹ کا نہیں، اسے بریڈ چاٹ کہتے ہیں جس کو تیار کرنا نہایت آسان ہے اور کم وقت میں بھی تیار ہوجاتا ہے۔

    اجزاء :
    ڈبل روٹی کے سلائسز چھ عدد۔ سفید چنے(ابلے ہوئے) ایک پیالی۔ آلو(ابلے ہوئے) ایک پیالی۔ نمک حسب ذائقہ۔ پیاز دو عدد درمیانی۔ ٹماٹر دو عدد درمیانے۔ باریک سیو ایک پیالی۔ مونگ پھلی ایک پیالی۔

    املی کی چٹنی حسب پسند۔ ہری چٹنی حسب پسند۔ ہرا دھنیا آدھی گٹھی۔ لیموں کا رس تین سے چار کھانے کے چمچ۔ چاٹ مصالحہ حسب پسند۔ کوکنگ آئل حسب ضرورت

    ترکیب
    ڈبل روٹی کے سلائس کو پھلا کر ہوا میں رکھیں اور اچھی طرح خشک ہونے پر اس کے چھوٹے چوکور ٹکڑے کاٹ لیں۔ ابلے ہوئے آلوؤں کے بھی چوکور ٹکڑے کر لیں۔

    فرائنگ پین میں کوکنگ آئل میں ڈبل روٹی کے ٹکڑوں کو سنہری فرائی کرکے نکال لیں۔ پھر اس میں آلوؤں کو فرائی کریں اور آخر میں اسی آئل میں مونگ پھلی کو فرائی کرکے نکال لیں۔

    ابلے ہوئے چنوں کو پیالے میں ڈالیں اور اس میں فرائی کئے ہوئے آلو کے ٹکڑے،چوپ کی ہوئی پیاز اور ٹماٹر ڈال کر ملا لیں۔ پھر اس پر نمک اور چاٹ مصالحہ چھڑک دیں۔ اور اب اسے روزہ داروں کیلئے دسترخوان پر سجادیں۔

  • افطار میں مزیدار ویجیٹیبل باکس پیٹیز بنانے کی ترکیب

    افطار میں مزیدار ویجیٹیبل باکس پیٹیز بنانے کی ترکیب

    رمضان المبارک میں جسم کو صحت مند رکھنا بے حد ضروری ہے تاکہ اس مبارک ماہ کی زیادہ سے زیادہ برکتیں سمیٹی جاسکیں۔

    اسی لیے سحر و افطار میں متوازن اور توانائی سے بھرپور غذائیں کھانا ضروری ہے۔

    آج افطار کے لیے سبزیوں کے پیٹیز بنانے کی ترکیب بتائی جارہی ہے۔

    اجزا

    فلنگ کی تیاری

    شملہ مرچ: 1 چوتھائی کپ

    گاجر: آدھا کپ

    بلیو بینڈ مارجرین: 2 کھانے کے چمچ

    لہسن کٹا ہوا: 2 چائے کے چمچ

    بند گوبھی: 1 کپ

    نمک: حسب ذائقہ

    لال مرچ (کٹی ہوئی): 1 چائے کا چمچ

    کالی مرچ: 1 چائے کا چمچ

    ہاٹ ساس: 1 چائے کا چمچ

    چکن پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    سویا ساس: 1 چائے کا چمچ

    سفید مرچ: 1 چائے کا چمچ

    ہری پیاز: آدھا کپ

    موزریلا یا چیڈر چیز: 1 کپ

    سوس کے لیے

    مایونیز: 4 کھانے کے چمچ

    چلی گارلک ساس: 2 کھانے کے چمچ

    کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ

    شہد: آدھا چائے کا چمچ

    لئی کے لیے

    میدہ: 2 کھانے کے چمچ

    پانی: گھولنے کے لیے تھوڑا سا

    کوٹنگ کے لیے

    انڈا: 1 عدد

    میدہ: 1 کپ

    بریڈ کرمبز: 1 کپ

    ترکیب

    ایک پین میں بلیو بینڈ مارجرین ڈال کر ہلکا سا گرم کریں، اس میں 2 چمچ تیل مکس کر لیں۔

    اب اس میں تمام سبزیاں (ہری پیاز کے علاوہ) ڈال کر مکس کر لیں۔

    اب اس میں تمام مصالحے ڈال کر اس کو تھوڑی دیر تیز آنچ پر فرائی کریں تاکہ سبزیاں پانی نہ چھوڑ دیں۔

    آخر میں چولہا بند کرنے کے بعد ہری پیاز ڈال کر مکس کر لیں۔

    اب ایک باؤل میں سوس تیار کر لیں، ایک پیالے میں لئی بنا کر رکھ لیں۔

    ایک سموسہ پٹی کو سیدھا رکھیں اس پر بیچ میں لئی لگائیں، اس کے اوپر کراس میں دوسری سموسہ پٹی رکھیں اور پھر اس پر سوس لگائیں۔

    اس کے بعد اس میں سبزیوں کی فلنگ رکھیں اور اس پر کدو کش کی ہوئی پنیر ڈالیں، اس کو فولڈ کر لیں۔

    اب اس باکس پیٹیز کو پہلے میدے میں، پھر انڈے میں (کالی مرچ نمک ایک ایک چٹکی ڈال کر پھینٹ لیں) اور پھر بریڈ کرمبز میں فولڈ کرلیں۔ ایک ساتھ سارے تیار کر کے رکھ لیں، پھر فرائی کرلیں۔

    مزیدار خستہ باکس پیٹیز تیار ہیں، کیچپ یا چلی گارلک سوس کے ساتھ لطف اٹھائیں۔

  • چیٹ جی پی ٹی نے پوچھے گئے سوال پر حیران کر دیا

    چیٹ جی پی ٹی نے پوچھے گئے سوال پر حیران کر دیا

    ان دنوں انٹرنیٹ کی دنیا میں چیٹ جی پی ٹی اور اس کی صلاحیت کے چرچے ہیں، یہ ایسا سافٹ ویئر ہے جو آپ کے ہر قسم کے پوچھے گئے سوال کا جواب دے کر حیران کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تاہم یہ بات بھی سامنے آ رہی ہے کہ کئی ایسی چیزیں ہیں اور معاملات ہیں جن پر یہ سافٹ ویئر ناکام ہو جاتا ہے، اور بعض اوقات اس کی دی ہوئی معلومات غلط بھی نکلتی ہیں، اور اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ ہی نہیں ہوتا، جیسا کہ کسی تازہ ترین واقعے پر۔

    خیر، ہم نے اس کا دل چسپ طور سے امتحان لیا، اور اس کے جواب نے حیران کر دیا، ہمارا سوال تھا ایک اچھی سی ریسیپی پر۔ سب سے پہلے چیٹ جی پی پی ٹی پر ہم نے کہا: ’’برائے کرم مجھے کھانوں کی کوئی ترکیب بتائیں۔‘‘

    چیٹ جی پی ٹی کا جواب تھا: ’’بالکل! یہ ایک کلاسک اور مزیدار ڈش کی ترکیب ہے: گوشت کی چٹنی کے ساتھ اسپیگٹی۔‘‘

    ’’اجزا:

    1 پاؤنڈ گراؤنڈ بیف (یعنی چھری سے باریک کٹا گائے کا گوشت)

    1 چھوٹی پیاز، باریک کٹی ہوئی

    2 جوے لہسن، کٹے ہوے۔

    1 کین (28 اونس) پسے ہوئے ٹماٹر

    1 کین (6 اونس) ٹماٹر پیسٹ

    1 چائے کا چمچ خشک تلسی

    1 چائے کا چمچ خشک اوریگانو

    1/2 چائے کا چمچ نمک

    1/4 چائے کا چمچ کالی مرچ

    1 پاؤنڈ اسپیگٹی

    اور اوپر ڈالنے کے لیے پنیر

    ترکیب:

    ایک پین میں درمیانی آنچ پر گوشت، پیاز اور لہسن کو اس وقت تک پکائیں کہ گائے کا گوشت اچھی طرح گلابی ہو جائے، پکنے پر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر دیں۔

    اس کے بعد پین کڑاہی سے اضافی چکنائی نکال دیں، اور اس میں پسے ہوئے ٹماٹر، ٹماٹر پیسٹ، تلسی، اوریگانو، نمک اور کالی مرچ ڈال دیں۔ 15 سے 20 منٹ تک اسے پکنے اور ابلنے دیں، اور وقتاً فوقتاً اس میں چمچہ چلاتے رہیں۔

    اس دوران پانی میں اسپیگٹی کو اس حد تک پکائیں کہ وہ گلے نہ بلکہ ہلکے سخت رہیں۔

    اس کے بعد اسپگیٹی کو پانی سے نکالیں اور اسے پین میں گوشت اور چٹنی کے ساتھ ڈال دیں، انھیں آپس میں اچھی طرح سے ملائیں اور ایک یا دو منٹ تک پکائیں، یہاں تک کہ چٹنی خوب گرم ہو اور اسپیگٹی میں اس میں اچھی طرح سے مل جائے۔

    اور اب اس کے اوپر پنیر کے ٹکڑے ڈالیں اور کھانے کے لیے پیش کر دیں۔

    پاکستانی ذائقہ

    لیکن بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی، اس چیٹ کا دل چسپ مرحلہ اس کے بعد آیا، جب ہم نے اگلا سوال پوچھا کہ: ’’کیا ہم اس کو پاکستان میں بنا سکتے ہیں؟‘‘

    چیٹ جی پی ٹی نے جواب دیا: ’’جی ہاں، بلاشبہ آپ پاکستان میں گوشت کی چٹنی کے ساتھ اسپیگتی بنا سکتے ہیں! اس کے اجزا زیادہ تر گروسری اسٹورز میں آسانی سے دستیاب ہو جاتے ہیں، اور ترکیب کو مقامی ذائقوں اور اجزا کے مطابق آسانی سے ڈھالا جا سکتا ہے۔‘‘

    چیٹ جی پی ٹی نے مزید کہا: ’’اگر آپ کو گراؤنڈ بیف یعنی چھری والا باریک کٹا گوشت نہیں ملتا، تو آپ اس کی بجائے مشین سے بنایا قیمہ استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ چٹنی میں کچھ مقامی مصالحے بھی شامل کر سکتے ہیں، جیسا کہ زیرا یا دھنیا۔ اور Parmesan پنیر کی بجائے آپ مقامی پنیر استعمال کر سکتے ہیں یا پنیر کو چھوڑ بھی سکتے ہیں۔‘‘

    چیٹ جی پی ٹی نے آخر میں یہ بھی کہا کہ کھانا پکانے کی باقی ہدایات بالکل وہی ہیں، لہٰذا آپ گوشت کی چٹنی کے ساتھ مزیدار اسپیگٹی بہ آسانی بنا سکتے ہیں، چاہے آپ دنیا میں کہیں بھی ہوں۔‘‘

  • مزیدار گرما گرم پیٹھے کا حلوہ بنانے کی ترکیب

    مزیدار گرما گرم پیٹھے کا حلوہ بنانے کی ترکیب

    موسم سرما میں جسم کو غذائیت بخش پکوانوں کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسے میں میٹھے کی اشتہا بھی بڑھ جاتی ہے۔

    اس موسم میں ضروری ہے کہ ایسی غذائیں کھائی جائیں جو جسم کو چکنائی اور توانائی فراہم کریں۔

    آج ہم آپ کو پیٹھے کا مزیدار حلوہ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں جو لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ غذائیت بخش بھی ہے۔

    اجزا

    پیٹھا: 1 کلو

    گھی: 250 ملی لیٹر

    چینی: 250 گرام

    کھویا: 100 گرام

    سبز الائچی: 7 دانے

    کیوڑہ: کھانے کے 2 چمچے

    چاندی کے ورق: حسب ضرورت

    ترکیب

    پیٹھے کو چھیل کر کدو کش کر لیں اور ایک دیگچی میں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں، اسے ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

    جب پیٹھا گل جائے اور پانی خشک ہو جائے تو چینی ڈال کر کفیگر سے ہلاتے جائیں۔

    جب چینی کا پانی بھی خشک ہو جائے تو دیگچی کو چولہے سے نیچے اتار لیں۔

    اب کسی دوسری دیگچی میں گھی ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور اس میں الائچی کے دانے نکال کر ڈال دیں۔

    گھی کڑ کڑا جائے تو اس میں پیٹھا ڈال دیں اور بھونیں۔

    جب خوشبو آنے لگے اور پیٹھے کا رنگ بادامی ہو جائے تو کھویا ڈال دیں اور بھونتے جائیں۔

    حلوہ گھی چھوڑ دے تو نیچے اتار لیں اور کیوڑہ ڈال کر ڈھکن بند کر دیں۔

    پانچ منٹ بعد کھول کر چاندی کے ورق لگائیں اور گرما گرم سرو کریں۔

  • عید الفطر: کچے گوشت کی مزیدار حیدرآبادی بریانی بنانے کی ترکیب

    عید الفطر: کچے گوشت کی مزیدار حیدرآبادی بریانی بنانے کی ترکیب

    عید الفطر کے موقع پر مہمانوں اور گھر والوں کی تواضع کے لیے بہترین پکوان بنائے جاتے ہیں، اسی لیے آج ہم آپ کو کچے گوشت کی حیدر آبادی بریانی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن: 1 کلو

    چاول: 1 کلو

    دہی: 1 کلو

    دار چینی: 2 عدد

    لونگ: 8 عدد

    چھوٹی الائچی: 4 عدد

    کالی مرچ: 5 عدد

    لال مرچ پسی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    چھوٹی الائچی: 2 چائے کے چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    پیاز: چار عدد، فرائی، سلائس اور چورا کرلیں

    ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا: آدھی گڈی

    دودھ: تھوڑا سا

    زردے کا رنگ: تھوڑا سا

    ترکیب

    پہلے چاولوں میں دار چینی، لونگ، چھوٹی الائچی اور کالی مرچ ڈال کر ابال لیں۔

    ایک پیالے میں چکن، دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی اور پسی چھوٹی الائچی کو اچھی طرح مکس کر کے میری نیشن کے لیے چھوڑ دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز کو فرائی کر کے نکال لیں اور ایک طرف رکھ لیں۔

    میری نیٹ کیے ہوئے گوشت کو فرائی پین میں ڈال دیں۔

    پھر اس میں فرائی کی ہوئی پیاز اور ہرا دھنیہ ڈال دیں۔

    اب گوشت کے اوپر فرائی کی ہوئی پیاز کا آدھا تیل ڈال دیں۔

    ابلے ہوئے چاولوں کو ڈال کر پکالیں۔

    دودھ اور زردے کے رنگ کو مکس کرلیں اور چاولوں پر ڈال دیں۔

    بچے ہوئے تیل کو گرم کر کے اس میں تھوڑا سا زردہ رنگ ڈال کر چاولوں پر ڈال دیں۔

    اس کو دم پر رکھ دیں اور جب پک جائیں تو ڈش میں ڈال کر سرو کریں۔