Tag: Recipe

  • آج کے دن اپنے گھر کی خواتین کے لیے چاکلیٹ کرنچ کیک بنائیں

    آج کے دن اپنے گھر کی خواتین کے لیے چاکلیٹ کرنچ کیک بنائیں

    یوں تو کچن میں کھانا پکانے کی ذمہ داری خواتین کی ہوتی ہے، لیکن چونکہ آج خواتین کا عالمی دن ہے تو آج کے دن مرد حضرات ایک مزیدار اور آسان سا کیک بنا کر گھر کی خواتین کے ساتھ آج کے دن کو سیلی بریٹ کرسکتے ہیں۔

    آج کے دن ایک مزیدار سا چاکلیٹ کرنچ کیک بنانے کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اشیا درکار ہوں گی۔

    اجزا

    میدہ: 2 کپ

    انڈے: 4 عدد

    براؤن شوگر: 1 کپ

    مکھن: آدھا کپ

    بیکنگ پاؤڈر: 2 چائے کے چمچ

    گڑ: 1 کپ

    خشک میوہ: 2 کپ

    کوکنگ چاکلیٹ: 1 کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے انڈؤں کو پھینٹ لیں ساتھ ہی مکھن اور چینی ڈال کر دوبارہ پھینٹ لیں۔

    میدہ میں بیکنگ پاؤڈر اور ایک کپ خشک میوہ ڈال کر مکس کر لیں۔

    اب اس مکسچر کو انڈوں والے مکسچر میں شامل کر دیں اور 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کر لیں۔

    گڑ کو ایک کھانے کا چمچ آئل ڈال کر پگھلا لیں، جب پگھل جائے تو ایک کپ خشک میوہ ڈال کو مکس کریں اور فوائل پیپر پر جما لیں۔

    جب جم جائے تو اچھی طرح چورا کر لیں۔

    چاکلیٹ کو پگھلا کر کریم ڈالیں اور کیک پر لگائیں۔

    اب اوپر سے گڑ کا کرنچ ڈال کر مزیدار کیک پیش کریں۔

  • مزیدار فش نگٹس بنائیں

    مزیدار فش نگٹس بنائیں

    نگٹس ایسی چیز ہیں جو بچے اور بڑے یکساں طور پر شوق سے کھاتے ہیں۔ انہیں باآسانی گھر میں بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔

    آج ہم آپ کو مزیدار فش نگٹس بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    فش فلے: 250 گرام

    انڈے کی سفیدی: 1 عدد

    ہری مرچ: 2 عدد

    لہسن کے جوئے: 2 عدد

    کالی مرچ: 1 چائے کا چمچ

    پسی ہوئی رائی: آدھا چائے کا چمچ

    پسی ہوئی لال مرچ: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: آدھا چائے کا چمچ

    اوریگانو: آدھا چائے کا چمچ

    چائنیز سالٹ: آدھا چائے کا چمچ

    چاول کا آٹا: 2 کھانے کے چمچ

    بریڈ کرمز: حسب ضرورت

    تیل تلنے کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے چوپر میں ہری مرچ، لہسن، لال مرچ، رائی، چائنیز سالٹ، اوریگانو، نمک اور چاول کا آٹا ڈال دیں اور چوپ کریں۔

    فش فلے بھی ڈال لیں اور اچھی طرح چوپ کریں۔

    اب اس آمیزے کو پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر چپٹا کر لیں اور 2 منٹ کے لیے مائیکرو ویو میں رکھ دیں۔

    اس کے بعد اسے نکال کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے کاٹ لیں۔

    انڈے اور حسب ضرورت بریڈ کرمز لگا کر تیل میں ڈیپ فرائی کر لیں۔

    مزیدار فش نگٹس تیار ہیں۔

  • مزیدار گرین چلی رائس بنانے کی ترکیب

    مزیدار گرین چلی رائس بنانے کی ترکیب

    چاول اکثر افراد کی نہایت پسندیدہ شے ہے اور وہ اسے نہایت شوق سے کھاتے ہیں، چاولوں کو مختلف انداز میں بنایا جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو مزیدار گرین چلی رائس بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چاول (ابال لیں): 2 کپ

    تیل: 2 چائے کے چمچ

    ادرک کا پیسٹ: آدھا چائے کا چمچ

    لہسن کا پیسٹ: 1 چائے کا چمچ

    ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی): 2 عدد

    کڑی پتے: 1 سے 2 عدد

    پیاز: 1 عدد

    نمک: حسب ذائقہ

    کالی مرچ (پسی ہوئی) آدھا چائے کا چمچ

    سویا سوس: 1 چائے کا چمچ

    چکن کیوب: 2 عدد

    ترکیب

    سب سے پہلے دیگچی میں تیل ڈال کر ادرک کا پیسٹ اور لہسن کا پیسٹ ڈال کر اس کو سوتے کرلیں۔

    پھر ہری مرچ، کڑی پتے، پیاز اور چاول ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

    اب اس میں نمک، پسی کالی مرچ اور سویا سوس ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

    اس کے بعد اس میں چکن کیوب کی یخنی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

    جب یخنی کا پانی خشک ہو جائے تو اس کو ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

  • مزیدار چٹ پٹا اچار گھر پر تیار کریں

    مزیدار چٹ پٹا اچار گھر پر تیار کریں

    سادے دال چاول ہوں یا سبزیوں کی ڈش، مزیدار چٹ پٹا اچار کھانے کا لطف دوبالا کردیتا ہے۔

    اچار کو باآسانی گھر میں بھی تیار کیا جاسکتا ہے، آئیں اس کی ترکیب جانیں۔

    اجزا

    گاجر: 1 کلو

    لیموں: 1 کلو

    ہری مرچیں درمیانی سائز کی: 1 کلو

    سرسوں کا تیل: ڈھائی سے 3 لیٹر

    نمک: 1 چوتھائی کپ

    سونف: 2 کپ

    ہلدی: 2 کھانے کے چمچ

    کلونجی: 2 کپ

    سرکہ: 1 چھوٹی بوتل

    لال مرچ پاؤڈر: آدھا کپ یا حسب ذائقہ

    ترکیب

    اچار بناتے ہوئے کسی بھی مرحلے پر اسٹیل کا چمچ ہرگز استعمال نہ کریں، لکڑی کا چمچ استعمال کریں۔

    سب سے پہلے تمام سبزیاں دھو کر خشک کر لیں۔

    لیموں کو دو حصوں میں کاٹ لیں، مرچوں کو چیرا لگائیں مگر وہ سرے سے جڑی رہیں۔

    گاجر کو چھیل کر 2 انچ لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    نمک کو دو حصوں میں تقسیم کریں۔

    ایک بڑے پیالے میں لیموں اور ہری مرچیں ڈالیں، ایک حصہ نمک ڈالیں اور پوری رات میری نیٹ ہونے کے لیے چھوڑ دیں۔

    اگلے روز سبزیوں سے نکلنے والے پانی کو احتیاط سے نکال دیں، دھیان رہے کہ لیموؤں کا رس پانی کے ساتھ بہہ نہ جائے۔

    گاجریں ایک پیالے میں ڈالیں اور اس پر سرکہ ڈال کر ملائیں اور 2 تین گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

    تین گھنٹے کے بعد گاجروں کا پانی نکال دیں۔

    ایک برتن میں پانی ابالیں اور اس میں دو منٹ کے لیے گاجریں ڈال کر نکال لیں اور چھلنی میں رکھ دیں تاکہ پانی نکل جائے اور یہ ٹھنڈی ہو جائیں۔ خیال رہے کہ گاجریں بالکل خشک ہوں، پانی کا ایک قطرہ بھی اچار میں گیا تو اچار خراب ہوجائے گا۔

    سرسوں کا تیل گرم کریں، اس میں سے تھوڑا سا تیل الگ کر کے اس میں بچا ہوا نمک اور تمام مسالے ڈال دیں۔ تیل اتنا ہو کہ مسالا جڑ جائے۔

    باقی کا تیل بعد میں اوپر سے ڈالنے کے کام آئے گا۔

    تیل والا مسالا مرچوں میں بھریں، باقی بچ جانے والا مسالا ساری سبزیوں کے اوپر لگا دیں۔

    اب مرتبان میں تمام سزیاں گاجر، لیموں اور ہری مرچیں ڈالیں، دستانے چڑھے ہاتھوں سے خوب اچھی طرح ملائیں اور اس کے اوپر باقی بچا ہوا تیل ڈال دیں۔

    تیل سبزیوں سے ڈیڑھ دو انچ اوپر ہونا چاہیئے یعنی سبزیوں کے اوپر تیل آجائے، بعض خواتین کم تیل ڈالتی ہیں کہ بعد میں اوپر آجائے گا۔ اس طرح اچار خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

    ململ کے کپڑے سے ڈھانپ کر ہوا دار جگہ پر رکھیں۔

    2 ہفتوں تک دن میں ایک مرتبہ مرتبان کو اچھی طرح ہلا لیں تاکہ سب سبزیوں پر تیل اچھی طرح لگ جائے اب استعمال کریں اچار تیار ہے۔

    گیلا چمچہ یا اسٹیل کا چمچہ بالکل استعمال نہ کریں۔ ڈوئی (لکڑی کے چمچے) یا پلاسٹک کے چمچے کا استعمال کریں۔

    نوٹ: آپ اسی ترکیب سے اچار میں کیریاں، (یا آم) شلجم، مٹر اور پھول گوبھی بھی شامل کر سکتی ہیں۔

  • مزیدار اسٹرابری فلڈ پیسٹری کھانا چاہیں گے؟

    مزیدار اسٹرابری فلڈ پیسٹری کھانا چاہیں گے؟

    کھانے کے بعد میٹھا کھانا سنت رسول ﷺ ہے، ماہرین کا کہنا ہے کھانے کے بعد میٹھا کھانا ذہنی تناؤ میں کمی کرتا ہے جبکہ مزاج میں بھی خوشگواریت لاتا ہے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار اسٹرابری فلڈ پیسٹری بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    اسٹرابری جام: 1 کپ

    میدہ: 2 کپ

    آئسنگ شوگر: آدھا کپ

    تیل: 1 کھانے کا چمچ اور فرائی کرنے کے لیے

    پانی: 2 کھانے کے چمچ

    انڈے کی زردی: 2 کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے میدہ کو انڈے کی زردی، تیل اور پانی میں مکس کر کے گوندھ لیں۔

    اس کے بعد 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

    اب اس کے دو پیڑے بنا کر بیل لیں۔ اس میں اسٹرابری جام کی لیئر لگائیں اور دوسرے سے کور کرکے چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    چاروں کونوں کو انگلی سے دبا کر اوپر میدہ چھڑکیں اور بٹر پیپر سے کور کر کے 15 سے 20 منٹ کے لیے فریج میں رکھیں۔

    ٹھنڈا ہونے پر نکالیں اور فرائی کرلیں۔ آئسنگ شوگر سے گارنش کر کے سرو کریں۔

  • مچھلی کے مزیدار کٹلٹس تیار کریں

    مچھلی کے مزیدار کٹلٹس تیار کریں

    مچھلی موسم سرما کی خاص سوغات ہے جو مختلف طریقوں سے کھائی جاتی ہے۔ یہ نہ صرف سردیوں کے موسم میں جسم کو درکار تمام ضروریات غذائی فراہم کرتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں سے بھی بچاتی ہے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو مچھلی کے مزیدار کٹلٹس بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    فش فلے: آدھا کلو

    نمک: حسب ذائقہ

    کالی مرچ: 3 عدد

    ابلا اور کچلا آلو: 1 عدد

    انڈے: 2 عدد

    باریک کٹا لہسن: 3 جوئے

    باریک کٹی ادرک: آدھا انچ کا ٹکڑا

    باریک کٹی ہری مرچ: 1 عدد

    لیموں کا رس: 1 کھانے کا چمچ

    باریک کٹی پیاز: 1 عدد

    کٹا ہرا دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    بریڈ کرمبز: حسب ضرورت

    تیل: فرائی کے لیے

    ترکیب

    برتن میں فش فلے، نمک، کالی مرچ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

    پانی خشک ہوجائے تو چولہے سے ہٹا لیں، اس میں سے کالی مرچ کے دانے نکال لیں۔

    اب کانٹے کی مدد سے مچھلی کو اچھی طرح کچل لیں۔

    اب اس میں آلو، انڈا، لہسن، ادرک، ہری مرچ، لیموں کا رس، پیاز، نمک اور ہرا دھنیہ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

    اب اس آمیزے سے گول اور چپٹے کٹلس بنالیں، ایک ایک کر کے ہر کٹلٹس کو پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبو کر حسب ضرورت بریڈ کرمبز سے کوٹ کریں۔

    گرم تیل میں شیلو فرائی کرلیں یہاں تک کے گولڈن براؤن اور کرسپی ہوجائیں۔

    کیچپ اور چٹنی کے ساتھ گرما گرم فش کٹلٹس پیش کریں۔

  • گرما گرم چکن چیز رول سے گھر والوں کی تواضع کریں

    گرما گرم چکن چیز رول سے گھر والوں کی تواضع کریں

    گرما گرم چکن چیز رول بچوں اور بڑوں سب ہی کو پسند ہوتے ہیں، آج ہم آپ کو اس کی آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن: 250 گرام

    نمک: نصف چائے کا چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: نصف چائے کا چمچ

    پسی لال مرچ: ایک چائے کا چمچ

    سویا سوس: 2 چائے کے چمچ

    تیل: 2 کھانے کے چمچ

    چیڈر چیز: آدھا کپ

    ہرا دھنیہ: 4 کھانے کے چمچ

    ہری مرچ: 3 عدد

    درمیانی پیاز: 1 عدد

    سموسہ پٹی: 250 گرام

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے تیل گرم کر کے اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر فرائی کریں۔

    اب اس میں چکن ڈال کر اتنا بھونیں کہ اس کا رنگ تبدیل ہو جائے۔

    اب اس میں نمک، پسی لال مرچ اور سویا سوس ڈال کر فرائی کریں۔

    اس کے بعد کدو کش چیڈر چیز اور باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر اتنا پکائیں کہ چیز میلٹ ہو جائے۔

    اب اس میں ہرا دھنیہ اور ہری مرچ ڈال دیں اور اسے ٹھنڈا ہونے دیں۔

    سموسہ پٹی میں فلنگ کو بھر کر لئی کے پیسٹ سے بند کریں اور فرائی کر لیں۔

    گرما گرم رول کیچپ کے ساتھ سرو کریں۔

  • بچوں کا پسندیدہ مایونیز گھر میں بنانا نہایت آسان

    بچوں کا پسندیدہ مایونیز گھر میں بنانا نہایت آسان

    سلاد میں استعمال کیا جانے والا مایونیز بچوں کو بے حد پسند ہوتا ہے جو اسے اپنے تمام پسندیدہ کھانوں کے ساتھ کھانا چاہتے ہیں۔

    مایونیز کو آپ گھر میں بھی بے حد آسانی سے بنا سکتے ہیں۔ بس اس کے لیے چند اشیا کی ضرورت ہے۔

    اجزا

    تیل: 1 کپ

    انڈہ: 1 عدد

    مسٹرڈ پیسٹ: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    نمک: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    سفید مرچ پاؤڈر: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    لیمن جوس یا سفید سرکہ: 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    تیل میں انڈہ، مسٹرڈ پیسٹ، نمک، پسی مرچ اور لیموں کا رس یا سرکہ شامل کر کے اچھی مکس کرلیں۔

    آمیزے کو گاڑھا ہونے تک مکس کرنا جاری رکھیں۔

    صاف ستھرے جار میں ڈال کر فریج میں محفوظ کر دیں۔

  • سرد موسم میں مچھلی کی گرما گرم کڑھی سے لطف اندوز ہوں

    سرد موسم میں مچھلی کی گرما گرم کڑھی سے لطف اندوز ہوں

    ملک بھر میں سرد موسم جاری ہے اور ایسے میں گرم اور غذائیت سے بھرپور اشیا کھانا جسم کو توانائی، حرارت اور غذائیت سب ہی فراہم کریں گی۔ آج ہم آپ کو مچھلی کی لذیذ کڑھی تیار کرنے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    مچھلی کا گوشت: 1 کلو

    گھی: 1 کپ

    ہلدی: 1 چائے کا چمچ

    پیاز: 50 گرام

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    سرخ مرچ: حسب ضرورت

    بیسن: 125 گرام

    ہری مرچیں: 6 عدد

    ہرا دھنیہ پو دینہ: چند پتیاں

    دہی: 2 کپ

    نمک، سفید زیرہ: حسب ذائقہ

    ترکیب

    لہسن، پیاز اور ادرک کو چھیل کر باریک کاٹ لیں۔

    مچھلی کے گوشت کے چھوٹے ٹکڑے کر لیں اس کے بعد فرائی پین میں گھی ڈال کر چولہے پر رکھیں۔

    اس میں ہری مرچیں، ہرا دھنیہ، پودینہ، ہلدی، سرخ مرچیں، نمک، پیاز، ادرک، لہسن کو اچھی طرح بھون لیں۔

    اس کے بعد بیسن کو پانی میں گھول کر بھنے ہوئے مصالحے میں ڈال دیں، دہی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور اس مکس آمیزے کو چولہے پر رکھ دیں۔

    مچھلی کے ٹکڑوں پر نمک اور لہسن لگا کر کچھ دیر رکھا رہنے دیں اس کے بعد کڑاہی میں ڈیپ فرائی کر لیں۔

    مچھلی کے تلے ہوئے ٹکڑوں کو دہی اور بیسن کے مکس آمیزہ میں ہلکی آنچ پر پکائیں جب کڑھی گاڑھی ہو جائے تو چولہے سے نیچے اتار لیں۔

    زیرے کا بگھار لگائیں، مچھلی کی مزیدار کڑھی تیار ہے۔​

  • سردیوں کی خاص سوغات: گاجر کا حلوہ

    سردیوں کی خاص سوغات: گاجر کا حلوہ

    گاجر کا حلوہ سردیوں کی خاص سوغات ہے جو بازار میں باآسانی بنا بنایا مل جاتا ہے۔ تاہم اسے گھر میں بنانا بھی بے حد آسان ہے جسے بنا کر آپ اپنے اہل خانہ کا دل جیت سکتی ہیں۔

    اجزا

    کدوکش گاجر: 2 کلو

    چینی: 1 سے ڈیڑھ کپ

    ہر ی الائچی: 10 عدد

    گھی: 1 سے 2 کپ

    کھویا: 500 گرام یا 2 کپ

    بادام، پستے کٹے ہوئے: 4 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    ایک پین میں 2 کلو کدوکش گاجر اور چینی ڈال کر ہاتھ سے اچھی طرح مکس کریں۔

    اب اس میں ہری الائچی ڈال کر ڈھکیں اور پکالیں۔

    اب اس میں پگھلا ہوا گھی ڈال کر 10 منٹ کے لیے اچھی طرح فرائی کر لیں، یہاں تک کہ پانی اچھی طرح خشک ہو جائے۔

    پھر اسے چولہے سے اتار کر اس میں کھویا شامل کر کے اس کو اچھی طرح مکس کریں اور 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

    مزیدار گرما گرم گاجر کا حلوہ تیار ہے۔