Tag: record

  • پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن

    پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن

    لاہور: صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن کی گئی، صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 39 لاکھ شہریوں کو کرونا ویکسین لگ چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کرونا ویکسینیشن کی گئی، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ روز 1 لاکھ 80 ہزار شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔

    سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ این سی اوسی کا ہدف جلد حاصل کرلیں گے، گزشتہ 2 ماہ میں پنجاب میں ویکسینیشن اور سینٹرز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 2 ماہ قبل پنجاب میں صرف 98 ویکسینیشن سینٹرز قائم تھے۔

    محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 39 لاکھ شہریوں کو کرونا ویکسین لگ چکی ہے، 3 لاکھ 55 ہزار 208 ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسین کی پہلی اور 2 لاکھ 18 ہزار 973 ورکرز کو دونوں ڈوزز لگائی جاچکی ہیں۔

    پنجاب میں اب تک 26 لاکھ 47 ہزار 913 افراد کو ویکسین کی پہلی اور 7 لاکھ 15 ہزار 536 افراد کو دونوں ڈوزز دی جاچکی ہیں۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ پہلی بار پنجاب کے تعلیمی اداروں، پریس کلبز، عدلیہ، اور میڈیکل کے طلبا کے لیے خصوصی طور پر ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ پہلی بار قیدیوں کی ویکسینیشن کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا۔

    محکمہ صحت کے مطابق شہریوں کی سہولت کی خاطر ہوم ویکسینیشن بھی بڑھا دی گئی ہے، جون اور جولائی میں ویکسینیشن کی تعداد کو دو گنا کر دیا جائے گا۔

  • بٹ کوائن کی قیمت کو مزید پر لگ گئے

    بٹ کوائن کی قیمت کو مزید پر لگ گئے

    ڈیجیٹل کرنسی کے طور پر استعمال ہونے والے بٹ کوائن کی قیمت 48 ہزار ڈالرز (76 لاکھ 34 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کی حد کو عبور کرگئی ہے۔

    یہ اضافہ ان خبروں کے بعد ہوا جن میں بتایا گیا کہ ماسٹر کارڈ، بینک آف نیویارک اور ٹویٹر کی جانب سے بٹ کوائن سے ادائیگی کو سپورٹ کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

    اس کے بعد 11 فروری کو بٹ کوائن کی قدر 7.4 فیصد اضافے سے 48 ہزار 364 ڈالرز تک پہنچ گئی۔

    ماسٹر کارڈ کے ڈیجیٹل ایسٹ اینڈ بلاک چین کے نائب صدر راج داھمودرھن نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ کمپنی کی جانب سے رواں سال مخصوص ڈیجیٹل کرنسیوں کی سپورٹ کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس سپورٹ میں صارفین کے تحفظ کا خیال رکھا جائے گا جس میں پرائیویسی اور کنزیومر انفارمیشن کی سخت نگرانی ہوگی، یہ بالکل اسی سطح کی سیکیورٹی ہوگی جیسی لوگ کریڈٹ کارڈز میں توقع رکھتے ہیں۔

    بلاگ میں کہا گیا کہ ماسٹر کارڈ نئی ڈیجیٹل کرنسیوں کو متعارف کروانے کے اپنے منصوبے کے حوالے سے دنیا بھر کے مرکزی بینکوں سے متحرک انداز سے رابطے میں ہے۔

    دوسری جانب بینک آف انگلینڈ میلون کارپوریشن نے 11 فروری کو بتایا کہ وہ مخصوص صارفین کے لیے بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیز کو رکھنے، ٹرانسفر اور اجرا کی سروس متعارف کروانے پر غور کررہی ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 2017 میں اس کرنسی کی قدر میں 900 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا اور وہ 20 ہزار ڈالرز کے قریب پہنچ گئی تھی، مگر اس موقع پر مالیاتی ماہرین نے انتباہ کیا تھا کہ یہ قیمت بہت تیزی سے نیچے جا سکتی ہے۔

    پھر ایسا ہوا اور فروری 2018 میں قیمت 7 ہزار ڈالرز سے بھی نیچے چلی گئی۔

    کچھ ماہرین کے خیال میں بٹ کوائن سونے کا متبادل بھی ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ پے پال جیسی بڑی کمپنیوں کی جانب سے اسے قبول کیا جارہا ہے۔

  • خواتین خلانوردوں نے پہلی بار خلائی مشن مکمل کرکے تاریخ رقم کردی

    خواتین خلانوردوں نے پہلی بار خلائی مشن مکمل کرکے تاریخ رقم کردی

    نیویاک: پہلی بار دو خواتین خلانوردوں نے خلائی مشن مکمل کرکے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق تاریخ میں پہلی بار زمین سے خلا کی جانب سے جانے والے مشن کے دونوں یا تمام ارکان خواتین پر مشتمل تھے، اس سے قبل خلا میں بھیجے گئے ہر مشن میں کوئی نہ کوئی مرد شامل رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اگرچہ خلا میں پہلی بار 1963 میں خاتون نے خلا کا سفر کیا تھا اور روس کی ویلنتینا تریشیکووا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ انہوں نے پہلی بار تاریخ رقم کرتے ہوئے خلا کا سفر کیا اور خلا میں سفر کرنے والی پہلی امریکی خاتون کا اعزاز بھی سیلی رائڈ کو حاصل ہے، جنہوں نے 1983 میں خلا کی جانب سفر کیا تھا۔

    تاہم اب پہلی بار دنیا میں کسی مرد کے بغیر 2 خواتین پر مشتمل خلانوردوں کے مشن نے خلا کا سفر مکمل کرکے تاریخ رقم کردی۔ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’ناسا‘ کے مطابق امریکا کی کرسٹینا کوچ اور جیسیکا میر نے عالمی خلائی اسٹیشن کی مرمت کا مشن مکمل کرکے تاریخ رقم کردی۔

    دونوں امریکی خلانورد خواتین نے 18 اکتوبر کی صبح اپنے تاریخی مشن کا سفر شروع کیا اور سات گھنٹے سے زائد وقت کے بعد وہ عالمی خلائی اسٹیشن پہنچیں۔ دونوں خلا نورد خواتین کو عالمی خلائی اسٹیشن کے باہر نصب پاور کنٹرول سسٹم میں لگی 2 بیٹریوں کو تبدیل کیا اور انہیں اپنا مشن مکمل کرنے کے لیے خلائی اسٹیشن کے اندر جانے کی ضرورت نہیں پڑی۔

    کیا خلا میں بچے کی پیدائش ممکن ہے؟

    اگرچہ پہلے بھی عالمی خلائی اسٹیشن کی بیٹریوں سمیت مرمت کے دیگر کاموں کے لیے خواتین خلا نورد جا چکی ہیں، تاہم ماضی میں خواتین کسی نہ کسی مرد خلانورد کے ساتھ روانہ ہوئی ہیں۔

    دونوں خواتین کی جانب سے خلائی مشن کو مکمل کیے جانے کے ساتھ ہی اب تک خلا کا سفر کرنے والی خواتین کی تعداد 15 ہوگئی۔ خلا کا سفر کرنے والی 15 میں سے 14 خواتین خلا نوردوں کا تعلق امریکا سے ہے۔

    تاہم خلا کی جانب سے سفر کرکے تاریخ رقم کرنے کا اعزاز روسی خلانورد خاتون کے پاس ہے اور وہ اب تک روس کی واحد خلا نورد خاتون ہیں جنہوں نے خلا کا سفر کیا۔ اب ناسا نے 2024 تک چاند مشن پر بھی پہلی خاتون کو بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

  • اسٹیٹ بینک کا ڈالر خریدنے والوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ

    اسٹیٹ بینک کا ڈالر خریدنے والوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیوں سے ڈالر خریدنے والوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس مقصد کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو خط لکھ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ڈالر خریدنے والوں کے ریکارڈ سے متعلق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا کہ بینک ایکسچینج کمپنی کو فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت دیکھتا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ایف بی آر فارن کرنسی خریدار کا کرنسی ایکسچینج کمپنیز سے ڈیٹا لے سکتا ہے۔ حکومت نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی پر کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے اپنے خط میں کہا کہ کریک ڈاؤن میں تمام متعلقہ اداروں سے مدد لی جارہی ہے جس میں ایف بی آر سمیت ایف آئی اے، ایف ایم یو اور اے این ایف شامل ہیں۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام پر اہم اجلاس بھی ہوچکے ہیں اور مذکورہ قدم بھی اسی سلسلے میں اٹھایا جارہا ہے۔

  • خوفناک آگ نے ایمزون کے جنگل میں تباہی مچادی

    خوفناک آگ نے ایمزون کے جنگل میں تباہی مچادی

    براسیلیا :دنیا کے پھیپھڑوں کی حیثیت رکھنے والے دنیا کےسب سے بڑے برساتی جنگل ’’ ایمزون ‘‘ میں انتہائی خوفناک آگ بھڑک اٹھی ہے جو مسلسل پھیلتی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رین فاریسٹ کی خاصیت رکھنے والے یہ جنگل یعنی جہاں بارشیں سب سے زیادہ ہوتی ہیں، دنیا میں موجود برساتی جنگلات کا 60 فیصد حصہ ہیں، سائنسدانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایمزون میں ہونے والی آتشزدگی پر جلد قابو نہ پایا گیاتو موسمیاتی تبدیلیوں خلاف کی جانے والی کوششیں پر مضر اثرات مرتب ہوں گے۔

    برازیل کے نیشنل انستی ٹیوٹ آف اسپیس ریسرچ کی جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہےرواں برس آتشزدگی کا تناسب ایمزون کے جنگلات میں بہت زیادہ حد تک بڑھ گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پیرو کے روز ایمزون کے جنگل ہولناک آگ بھڑکنے کے بعد 2700 کلومیٹر دور واقع شہر ساؤ پالو میں دھوئیں کے گھنے و کالے بادلوں کے باعث اندھیرا چھاگیاتھا تاہم ماہرین موسمیات کا کہنا تھا کہ دھوئیں کے مذکورہ بادل ایمزون ریجن سے نہیں بلکہ پیراگوئے میں لگنے والی آگ کے باعث آئے تھے جو ساؤ پالو کے نزدیک ہے۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس ایمزون کے جنگل میں جنوری سے اگست تک 72 ہزار843 مرتبہ آگ بھڑک چکی ہےجو کہ گزشتہ سال کی نسبت 80 فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ 2018 40 ہزار اور 2016 میں 68 ہزار مرتبہ لگی تھی۔

    ایمزون کے جنگلات دنیا کی فضا کو آکسیجن فراہم کرنے میں اپنا 20 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اورانہیں دنیا کے پھیپھڑوں سے تشبیہ دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ ایمزون کا جنگل 30 لاکھ اقسام کے درختوں، پودوں ، جانوروں اور دس لاکھ مقامی باشندوں(جنگلی قبائل) کا گھر ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ کے سبب برازیل میں دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں جنہوں نے کئی شہروں کو اندھیرے میں ڈبو دیا ہے۔

  • دنیا بھر میں جاری تنازعات کے دوران 12ہزار بچوں کی ریکارڈ ہلاکتیں

    دنیا بھر میں جاری تنازعات کے دوران 12ہزار بچوں کی ریکارڈ ہلاکتیں

    واشنگٹن:اقوام متحدہ کے ادارے چلڈرن اینڈ آرمڈ کنفلکٹ نے سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں دنیا بھر میں تنازعات کے دوران 12 ہزار سے زائد بچے ہلاک و زخمی ہوگئے جو ایک ریکارڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے چلڈرن اینڈ آرمڈ کنفلکٹ کے سیکریٹری جنرل کی سالانہ خصوصی رپورٹ میں کہاگیاکہ 2018 میں 20 تنازعات کی نگرانی کی گئی جس میں 12 ہزار سے زائد بچوں کو ہلاک و زخمی کرنے کی رپورٹس آئیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ’میں خاص کر بچوں کے خلاف ہونے والے سنگین جرائم کے اعداد وشمار پر دل برداشتہ ہوں‘۔

    رپورٹ کے مطابق صومالیہ، نائیجیریا اور شام میں بچوں کو لڑائیوں کے لیے بطور سپاہی استعمال کیا گیا اور 2018 میں دنیا بھر میں کم ازکم 7 ہزار بچوں کو جنگ کے لیے اگلے مواچوں میں بھیجا گیا۔

    اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ بچوں کے اغوا کی وارداتیں بھی بدستور جاری رہیں تاکہ انہیں خانہ جنگی یا جنسی درندگی کے لیے استعمال کیا جاسکے اس حوالے سے نصف سے زائد واقعات صومالیہ میں پیش آئے جہاں ڈھائی ہزار واقعات رپورٹ ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر لڑکوں اور لڑکیوں کے خلاف جنسی زیادتی کے 933 واقعات رپورٹ ہوئے لیکن یہ اندازے سے کم ہیں کیونکہ تمام متاثرہ بچوں تک پہنچنے کے لیے رکاوٹیں موجود تھیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ 2018 میں اسکولوں اور ہسپتالوں میں حملوں کے واقعات میں کسی قدر کمی آئی لیکن بعض تنازعات کے موقع پر تیزی بھی آئی ہے جس میں افغانستان اور شام شامل ہیں جہاں اس طرح کے واقعات سب سے زیادہ پیش آئے۔

    رپورٹ کے مطابق مالی میں بچوں کی تعلیم تک رسائی کا مسئلہ سنگین تر ہے جہاں فوج اپنے اسکولوں میں بچوں کو تعلیم دیتی ہے، مالی میں دسمبر 2018 کے اختتام تک 827 اسکول بند ہوئے اور 24 ہزار 400 بچوں کو تعلیم دینے سے روک دیا گیا۔

    تنازعات اور بچوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارے کی خصوصی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خانہ جنگی سے متاثرہ ملکوں میں بچے متاثر ہورہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے جہاں انہیں مار دیا جاتا ہے یا اغوا کیا جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بچوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے افغانستان پہلے نمبر پر رہا جہاں 2018 میں 3 ہزار 62 بچوں کو نشانہ بنایا گیا جو ملک میں ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کا 28 فیصد ہے،شام میں فضائی کارروائی اور لڑائیوں میں ایک ہزار 854 بچے ہلاک و زخمی ہوئے، اسی طرح یمن میں لڑائی میں ایک ہزار 689 بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تصادم کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں 2014 سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں 2018 میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جہاں 59 فلسطینی بچے جاں بحق اور 2 ہزار 756 زخمی ہوئے۔

  • صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے پر برٹش ایئرویز کو 36 ارب سے زائد کا جرمانہ

    صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے پر برٹش ایئرویز کو 36 ارب سے زائد کا جرمانہ

    لندن : برطانوی انتظامیہ نے برٹش ایئرویز کو صارفین کا بینک ڈیٹا چوری ہونے پر 18 کروڑ 30 لاکھ پاؤنڈ (تقریباًساڑھے 36 ارب پاکستانی) کا جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ایئرلائن گروپ کے ذیلی ادارے برٹش ایئر ویز کو برطانیہ کے انفارمیشن کمشنر آفس (آئی سی او) کی جانب سے تاریخ ساز جرمانہ کیا گیا ہے جس کی رقم 183 ملین پاؤنڈ ہے۔

    انٹرنیشنل ایئرلائن گروپ کا کہنا ہے کہ انفارمیشن کمشنر آفس کی جانب سے برطانوی پروٹیکشن ایکٹ کے تحت جرمانہ عائد کیے جانے پر ’حیرانگی اور مایوسی ہوئی‘۔

    برٹش ایئرویز کا کہنا ہے کہ ہیکرز کی جانب سے ان کی ویب سائٹس پر دشمنوں کی جانب سے بہت منظم انداز میں حملہ کیا گیا تھا۔

    ، برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برٹش ایئرویز پر عائد کیا گیا جرمانہ سنہ 2017 کی سیل کا 1.5 فیصد ہے انٹرنیشنل ایئرلائن گروپ کے چیف ایگزیکٹو ویلّی والش نے کہا کہ وہ جرمانے کے خلاف اپیل اور فضائی کمپنی کی پوزیشن کا بہترین انداز میں دفاع کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

    متاثرہ فضائی کمپنی کے سی ای او سزا پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں صارفین کے اکاؤنٹ کےساتھ چھیڑچھاڑ ہونے اکاؤنٹس لنک چوری ہونے کے بعد دھوکا دہی کا کوئی بھی ثبوت نہیں ملا ہے‘۔

    ائیرلائن پر جرمانہ کرنے والے انفارمیشن کمشنر آفس نے اسے ایک بہت بڑا جرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کبھی کارروائی نہیں کی گئی اور نئے قوانین کے تحت پہلی مرتبہ اسے عام کیا گیا ہے۔

    انفارمیشن کمشنر آفس کا مزید کہنا تھا کہ ہیکنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب برٹش ائیرویز کی ویب سائٹ استعمال کرنے والے صارفین کو ایک جعلی ویب سائٹ پر منتقل کیا گیا اور اس ویب سائٹ کے ذریعے ہیکرز نے تقریباً 5 لاکھ مسافروں کا ڈیٹا چرایا۔

    چوری ہونے والی معلومات میں صارفین کے نام، پوستل ایڈریس، ای میل ایدڑیس اور کریڈٹ کارڈ کی معلومات شامل ہے۔

  • نیپالی شہری نے 23 مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے کا عالمی ریکارڈ بنادیا

    نیپالی شہری نے 23 مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے کا عالمی ریکارڈ بنادیا

    کھٹمنڈو : نیپالی شہری نے 23 ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی سرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ سمٹ میں 30 مزید کوہ پیما حصہ لے رہے ہیں جو (آج) چوٹی سر کر لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے ہائیکنگ حکام نے بتایا ہے کہ کامی ریٹا شرپا نامی 49 سالہ نیپالی شہری نے تیس ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال کے محکمہ سیاحت کی اہلکار میرا اچاریا نے بتایا کہ آٹھ ہزار 850 میٹر بلند پہاڑی ماؤنٹ ایورسٹ کی پرچھاؤں میں آباد تھیم نامی نیپالی گاؤں کے رہائشی شرپا نے جنوبی مشرقی رستہ استعمال کرتے ہوئے چوٹی کو سر کیا۔

    میرا نے بتایا کہ شرپا نے بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بج کر 50 منٹ پر چوٹی سر کی اور اب وہ نچلے کیمپوں کی طرف روانہ ہیں۔

    میرا کے مطابق حالیہ سمٹ میں 30 مزید کوہ پیما حصہ لے رہے ہیں جو (آج) جمعرات کو چوٹی سر کر لیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریٹا نے پہلی مرتبہ 1994 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا جس کے بعد وہ ہر سال دنیا کی بلند ترین چوتی سرنے لگے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریٹا ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، چواو، ماناسلو، لوٹشے بھی سر کرچکے ہیں۔

    ریٹا کا کہنا تھا کہ ’میں ایک سپاہی کی طرح ہوں جو اپنے ملک کی بقاء کی جنگ میں پیچھے مڑ کر اپنے بیوی بچوں اور اہل خانہ کی فکر نہیں کرتا‘۔

  • بھارتی مسلم خاتون کو سپریم کورٹ نے 15 سال بعد انصاف دیدیا

    بھارتی مسلم خاتون کو سپریم کورٹ نے 15 سال بعد انصاف دیدیا

    نئی دہلی : بھارتی سپریم کورٹ نے گجراتی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ 15 سال قبل پُر تشدد واقعات کے دوران نشانہ بننے والی مسلمان خاتون کو 50 لاکھ روپے زر تلافی، نوکری اور ایک مکان فراہم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت خواتین کے لیے ایک انتہائی خطرناک ملک بن گیا ہے جہاں خواتین کے لیے اپنی عصمت برقرار رکھنا ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، ستم بالائے ستم تو یہ کہ جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین کئی کئی برسوں تک انصاف کی منتظر رہتی ہیں ایسا ہی کچھ بھارت کی مسلمان خاتون کے ساتھ ہوا جسے انصاف کیلئے 15 برس انتظار کرنا پڑا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ متاثرہ خاتون بلقیس بانو نے 5 لاکھ روپے کی پیش کش کو مسترد کردیا تھا، خاتون کے وکیل نے سپریم کورٹ کے حکم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دیگر متاثرین کو ان کے مقدمات میں مدد ملے گی۔

    بلقیس بانو کی وکیل شوبھا گپتا کا کہنا تھا کہ اس کیس میں عدالت کی جانب سے ریپ کے متاثرہ فرد کو زیادہ سے زیادہ تلافی معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران عدالتی فیصلے کو تاریخی قرار دیا۔

    ان کے مطابق اس سے قبل 2017 میں شمال مشرقی بھارت میں ایک متاثرہ فرد کو 13 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے بعد بلقیس بانو کے کیس میں سب سے زیادہ زر تلافی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب اس طرح کے احکامات منظور کیے جاتے ہیں، جی ہاں، تو اس سے آپ کی امیدیں بڑھ جاتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ‘اس سے ایک پیغام جاتا ہے کہ عدالتیں موجود ہیں اور انصاف اب بھی فراہم کیا جارہا ہے۔گزشتہ سال سپریم کورٹ نے ایک اسکیم منظور کی تھی، جس میں ریپ متاثرین کے لیے زر تلافی 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں کم عمرلڑکی سے 13 افراد کی جنسی زیادتی

    بھارت میں کاشتکار خواتین جنسی زیادتی کا نشانہ بننے پر مجبور

    عدالت کا کہنا تھا کہ یہ امداد متاثرین کی صحت اور بحالی کے لیے استعمال ہوگی۔ 2012 میں نئی دہلی میں ایک طالبہ کے گینگ ریپ کے بعد ملک بھر میں احتجاج کیا گیا تھا جس کے بعد بھارت نے جنسی حملوں کے حوالے سے قانون کو مزید سخت کردیا۔

    تاہم ان سب کے باوجود بھی خواتین کو حکام تک پہنچے میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے، جس میں مخالف رویے کی حامل پولیس، غلط میڈیکل اور فرانزک ٹیسٹ، بناوٹی تفتیش اور کمزور پروسیکیوشن شامل ہے۔

  • اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو نے پانچویں مرتبہ کامیابی حاصل کرلی

    اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو نے پانچویں مرتبہ کامیابی حاصل کرلی

    تل ابیب : غاصب ریاست اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج آگئے، صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو پانچویں مرتبہ فتحیاب ہوکر ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر فلسطینی عوام کے خون سے ہولی کھیلنے والے بنجامن نیتن یاہو کی لیکوڈ نے اکثریت رائے سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت موجودہ الیکشن میں سابق آرمی چیف بینی گینٹز کے بلیو اور وائٹ اتحاد سے شکست کی امید کررہی تھی لیکن لیکوڈ اور اس کی اتحادی دائیں بازو کی جماعتوں موجودہ الیکشن میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کی ہے۔

    لیکوڈ نے پارلیمانی الیکشن میں کینسٹ (پارلیمنٹ) کی 120 نشتوں میں 65 پر واضح برتری حاصل کی ہے جبکہ تقریباً 50 سے 55 نشتیں حاصل کی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 69 سالہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو کرپشن الزامات کا سامنا ہے اس کے باوجود وہ پانچویں مرتبہ اپنی پوزیشن محفوظ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق موجودہ انتخابات کے نتائج سامنے آنے بعد نیتن یاہو طویل عرصے تک اسرائیل پر حکمرانی کرنے والے وزیر اعظم بن جائیں گے

    بنجامن نیتن یاہو اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دائیں بازو کی حکومت ہوگی لیکن سب کے لیے وزیر اعظم میں ہی بنوں گا۔

    نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’میرا عوام سے رابطہ بہت اچھا ہے، اس لیے عوام نے مجھے پانچویں مرتبہ اعتماد کا ووٹ دیا ہے اور یہ اعتماد کا ووٹ سابقہ انتخابات سے کہیں بڑا ہے‘۔

    نیتن یاہو نے کہا کہ ’میں اسرائیل کے تمام شہریوں کا وزیر اعظم بننا چاہتا ہوں، دائیں، بائیں بازو کے افراد ہوں، یہودی و غیر یہودی سب کا وزیر اعظم بننا چاہتا ہوں‘۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی وزیراعظم کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا

    اسرائیلی عام انتخابات، غزہ اور مغربی کنارے کے محاصرے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ ایک روز قبل نیتن یاہو نے نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ پٹی میں بسنے والی یہودی بستیوں کو اسرائیلی حصہ قرار دے دیا جائے گا، اس فیصلے پر قائم رہیں گے۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر گزشتہ کئی روز سے مغربی کنارے اور غزہ پٹی کا محاصرہ کیا ہوا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مقبوضہ غزہ کی گزرگاہ کو بھی الیکشن تک بند کیا جارہا ہے کہ صرف انتہائی حساس طبی مسائل کی صورت میں غزہ سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔