Tag: record

  • پی آئی اے کا کارنامہ : پروازوں میں تاخیرکے نئے ریکارڈ قائم

    پی آئی اے کا کارنامہ : پروازوں میں تاخیرکے نئے ریکارڈ قائم

    کراچی : پی آئی اے نے پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے، پی آئی اے کا عمرہ آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا نیا انداز سامنے آیا ہے، جدہ سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 762 اٹھارہ گھنٹے سے زائد تاخیر کاشکار ہوگئی۔

    اس کے علاوہ جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پروازپی کے 732 چوبیس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی، جبکہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 760 بھی چھ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    پروازوں کی روانگی میں تاخیر پر جدہ کے حج ٹرمینل پر عمرہ زائرین نے شدید احتجاج کیا، اس موقع پر پی آئی اے کے عملے کی جانب سے مسافروں اور عمرہ زائرین کو کوئی بھی سہولت فراہم نہیں کی گئی تھی، جس پرعملے اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    پروازوں کی روانگی میں تاخیرپر جدہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے سخت نوٹس لے لیا، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کو وارننگ لیٹر جاری کردیا گیا ہے۔

    جدہ ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروازیں کیوں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں، پروازیں اگر مزید تاخیر کا شکار ہوئیں بھاری جرمانے بھی کئے جائیں گے۔

  • برمنگھم ٹیسٹ :  یاسر شاہ نے 120 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

    برمنگھم ٹیسٹ : یاسر شاہ نے 120 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

    برمنگھم : پاکستانی لیگ اسپینر یاسر شاہ انگلش بیٹسمین گیری بیلنس کو پویلین بھیج کر 15 ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز کے  چوتھے روز کا کھیل جاری ہے، جس میں پاکستانی لیگ اسپینر یاسر شاہ نے گیری بیلنس کو آؤٹ کرکے 15 ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    Yasir-Shah-Post

    قبل ازیں یہ ریکارڈ انگلینڈ کے بولر جارج لوہمین کے پاس تھا جنہوں نے 1986 میں 15 ٹیسٹ کھیلتے ہوئے 89 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے اور یہ ریکارڈ 120 سال قبل قائم کیا گیا تھا۔

    پڑھیں :     بچپن سے ہی شین وارن کا فین ہوں، یاسر شاہ

    انگلش بلے باز گیری بیلنس 28 رن بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد یاسر شاہ نے 120 سالہ ریکارڈ توڑ کر اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے کے تیسرے سیزن میں انگلینڈ کی ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 214 رنز کی لیڈ حاصل کرلی ہے۔

    Yasir-Shah-Post-1

    یاد رہے پہلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے عمدہ بولننگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح دلوائی تھی۔ جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی رینکنگ کے حساب سے یاسر شاہ 32 پوائنٹس حاصل کر کے دنیا کے پہلے بالر بن گئے۔

    Yasir4

    واضح رہے یاسر شاہ مشتاق احمد کے بعد واحد پاکستانی بولر ہیں جنہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی جب کہ سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد نے دسمبر 1996 میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔.

  • سینیٹ کا اجلاس: پی ٹی وی میں تقرریوں کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم

    سینیٹ کا اجلاس: پی ٹی وی میں تقرریوں کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم

    اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن کا اجلاس سینیٹر کامل علی آغا کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

    اجلاس میں پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کی کارکردگی اور تقرریوں کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی وی کی سرزنش کی اور حکم دیا کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں گزشتہ دس سالوں کی تقرریوں سے متعلق ریکارڈ کمیٹی میں پیش کردیں.

    کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر اشوک کمار نے پی ٹی وی کے ایم ڈی پر الزام لگایا کہ گزشتہ دس سالوں میں ایک بھی بلوچ پی ٹی وی اسلام آباد میں تقرر نہیں کیا گیا ۔

    ایک طرف بلوچستان کی ترقی اور احساس محرومی دور کرنے کے بلند و بانگ دعوے کئے جاتے ہیں تو دوسری طرف چھ فیصد کوٹہ ہونے کے بوجود بلوچوں کو نوکریاں نہیں دی جاتیں ۔

    چیئرمین کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی وی مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ سے بات کریں ممبر کمیٹی سے براہ راست مخاطب نہ ہوں۔

    اجلاس میں وزارت انفارمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں غلط بیانی پر فرحت اللہ بابر اور روبینہ عرفان نے ٹوکن واک آؤٹ کیا ۔

    اجلاس میں بول ٹی وی کے لائسنس سے متعلق چیئرمین پیمرا سے بھی بریفنگ لی گئی ۔چیئرمین پیمرا نے کمیٹی کو بتایا کہ 350کیسززیر التوا ہیں ۔بول ٹی وی کا صرف لائسنس معطل ہے منسوخ نہیں کیا گیا ۔اجلاس کے آخر میں ایم ڈی لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ نے ادارے کی کارکردگی پیش کی۔

  • پولیس اوررینجرز کا ضیاءالدین اسپتال پر چھاپہ،ریکارڈ قبضےمیں لےلیا

    پولیس اوررینجرز کا ضیاءالدین اسپتال پر چھاپہ،ریکارڈ قبضےمیں لےلیا

    کراچی : نارتھ ناظم آباد میں رینجرز نے ڈاکٹر عاصم کے ساتھ ضیاءالدین اسپتال میں چھاپہ مارکر عملے سے پوچھ گچھ کی، چھاپہ پولیس اور رینجرز نے مل کر مارا مشترکہ چھاپےمیں ڈاکٹرعاصم کوبھی لایاگیاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین پر مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے ضیاالدین ہسپتال پر چھاپہ مار کر تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔

    پولیس اور رینجرز نے اسپتال کے عملےسےپوچھ گچھ کی ۔پولیس اوررینجرز نے اسپتال سےمطلوبہ ریکارڈبھی قبضےمیں لےلیا۔

    چھاپے کے وقت رینجرز ڈاکٹر عاصم کو بھی اہنے ہمراہ لائی تھی ،رینجرز اس سے پہلے بھی اسپتال پر چھاپے مار چکی ہے۔

    ایس پی انوسٹی گیشن عرب مہر نے کہاہے کہ ہسپتال کے عملے سے دہشت گردوں علاج سے متعلق تفتیش کی جارہی  ہے اورعلاج سے متعلق ریکارڈ بھی جمع کیا جارہاہے۔

  • یونس خان پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

    یونس خان پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

    ابو ظہبی : قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی یونس خان نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کامیاب ترین بلےباز کا اعزاز حاصل کرلیا۔ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 8833 رنز بنا کر جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

    Younis

    یونس خان کو پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ تیس ٹیسٹ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ منگل کے روز ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ سے قبل یونس خان کو یہ ریکارڈ توڑنے کیلئے 19 رنز درکا رتھے جو انہوں نے تیسری وکٹ پر میچ کے62 ویں اوور میں چھکا لگا کر مکمل کرلئے ہیں۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ جاوید میانداد نے یہ ریکارڈ 124 ٹیسٹ میچز میں قائم کیا تھا جبکہ یونس خان نے یہ سنگِ میل 102 میچز میں عبور کرلیا ہے۔

    یونس خان نے 1 ٹرپل سنچری،5 ڈبل سنچریوں ،30 سنچریوں اور 29 نصف سنچریوں کی مدد سے یہ ہدف عبور کیا ہے۔

    جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز کاریکارڈ 30 سال تک قائم رہا ہے۔یونس خان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا جس پر انہیں 2010 میں صدارتی پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

    یونس خان واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ہرٹیسٹ ٹیم کے خلاف سنچری اسکور کررکھی ہے۔ قومی بیٹنگ لائن کا اہم ستون قرار دیئے جانے والے کھلاڑی جسے ہُھلانا بولرز کے بس کی بات نہیں۔

    وکٹ پر جم جائیں تو کھیل کا نقشہ بدلنا ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل بن جاتا ہے۔ مردان کے پٹھان کا کہنا ہے کہ ہر دن نیا ہوتا ہے اور یہ بات انہوں نے لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد سے سیکھی ہے۔

  • یونس خان19رنز بناکرپاکستان کےکامیاب بلے بازبن جائیں گے

    یونس خان19رنز بناکرپاکستان کےکامیاب بلے بازبن جائیں گے

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی یونس خان کو پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کامیاب بلےبازبننے کیلئے صرف انیس رنز درکارہیں۔

    مردان کا پٹھان یونس خان تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گیا۔قومی بیٹنگ لائن کا اہم ستون۔۔۔ جیسے ہھلانا بولرز کے بس کی بات نہیں۔ وکٹ پر جم جائیں تو کھیل کا نقشہ بدلنا بائیں ہاتھ کا کھیل بن جاتا ہے۔

    درجنوں عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے والے یونس خان کی نظر ایک اور ریکارڈ پر ہیں، یونس خان نے 101 ٹیسٹ میچوں میں 54۔07کی اوسط سے8814 رنز بنائے ہیں جن میں 30 سنچریاں اور29 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

    جبکہ پاکستان پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ جاوید میانداد کا ہے جنہوں نے اپنے کریئر کا اختتام 124 ٹیسٹ میچوں میں 57 ۔52 کی اوسط سے 8832 رنز پر بنائے ہیں جن میں 23سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

    یونس خان کی 30 سنچریاں ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔انضمام الحق کی پچیس سنچریوں کاریکارڈ توڑنے کے بعد مردان کے پٹھان کی نظریں جاویدمیانداد کے ریکارڈ پرہیں۔

    انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں یونس خان انیس رنز بنانے کیلئے بے تاب ہیں۔ یونس خان انیس رنز بناکرجاوید میاندار کو پیچھے چھوڑدیں گےاور پاکستان کے لئے سب سے زیادہ رنز بنانےوالے کھلاڑی بن جائیں گے ۔

    ایک سو ایک ٹیسٹ میں تیس سنچریاں جڑنے والے یونس خان سینکڑوں ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ جو دنیا کا کوئی کھلاڑی نہ کرسکا۔ ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں یونس خان پانچ سنچریاں جڑنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بھی ہیں۔

  • سوک سینٹر پر رینجرز اور ایف آئی اے کا چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    سوک سینٹر پر رینجرز اور ایف آئی اے کا چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    کراچی : رینجرز اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوک سینٹر میں محکمہ لینڈ کے دفتر پر چھاپہ مارکر ہزاروں کی تعداد میں چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی طریقوں سے لیز کی جانے والی زمینوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق یہ چھاپہ زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے مارا گیا۔ رینجرز اور ایف آئی اے نے سوک سینٹر میں تیسرے اور دسویں فلور پر واقع محکمہ لینڈ کے دفتر پر پہلے سے گرفتار محکمہ لینڈ کے افسرجمیل بلوچ کی نشاندہی پر چھاپہ مارا ۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ وفاقی حکومت کے اداروں سے تعلق رکھنے والی 700 سے 800 ایکڑ زمین قابل اعتراض طریقے سے نجی افراد کو دی گئیں۔

    چھاپے کے دوران رینجرز نے ہزاروں کی تعداد میں زمینوں کی فائلیں تحویل میں لے لیں ، ذرائع کاکہنا ہے کہ رینجرز نے ذیادہ تر فائلیں چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی طریقے سے زمینوں کو لیز کئے جانے کی فائلیں تحویل میں لیکر ٹرک کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کردی ہیں۔

    کارروائی کے دوران سادہ لباس ایف آئی اے کے افسران و اہلکار بھی رینجرز کے ہمراہ تھے ۔کارروائی ایک گھنٹے تک جاری رہی ۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دس برس میں سرکاری زمین کی چائنا کٹنگ کا ریکارڈ بھی طلب کرنے کا فیصلہ گیاہے جبکہ ذمہ داران کے خلاف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

  • محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ پر چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ پر چھاپہ، اہم ریکارڈ ضبط

    کراچی:  نیب کی جانب سے محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، ٹیم نے ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب بیورو سندھ نے محکمہ تعلیم کے ریفارم سپورٹ یونٹ کے کراچی دفتر پر چھاپہ مارکر اہم دستاویزات قبضےمیں لے لیں۔

    چھاپے کے وقت آر ایس یو کی پروجیکٹ ڈائریکٹر صبا محمود دفتر میں موجود نہیں تھیں، ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے ریفارم سپورٹ یونٹ سے دستاویزات تحویل میں لیں، اس دوران افسران کے فون بند کرادیئے گئےتھے۔

    محکمہ تعلیم کے ماتحت ادارے ریفارم سپورٹ یونٹ کو عالمی بینک سے فنڈنگ فراہم کی جاتی ہے جس میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

    محکمہ تعلیم کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق چھاپہ نہیں لگا تھا البتہ کچھ ریکارڈ تحویل میں لیا گیا ہے۔

  • رینجرز اہلکاروں کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترکی تلاشی

    رینجرز اہلکاروں کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترکی تلاشی

    کراچی : رینجرزنے سوک سینٹر کا گھیراؤ کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترکی تلاشی لی،رینجرزاہلکارریکارڈ بھی ساتھ لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےگلشن اقبال میں سوک سینٹرکارینجرز نے گھیراؤ کیا۔اس موقع پر عام لوگوں کی آمدورفت عارضی طورپربند کردی گئی۔

    رینجرز کی عمارت میں موجودگی پرکچھ لوگ چھت پر چلے گئے۔ رینجرز کا محاصرہ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا، رینجرز اہلکارعمارت سے باہرآئےتو ان کےہاتھوں میں بیگ بھی تھے۔

    ایک اہلکار نےبغل میں فائل دبارکھی تھی ۔اہلکاروں نے کسی کوحراست میں نہیں لیا تھا، اہلکار اپنے ساتھ دستاویزات لے کر واپس چلے گئے، ذرائع کے مطابق رینجرز اہلکاروں نےسوک سینٹرمیں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترگئےتھے۔

    انہوں نے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ممتاز حیدر سے کراچی میں زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ سے متعلق پوچھ گچھ کی اورسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے۔

    واضح رہے کہ ڈائکریکٹر جنرل سی بی سی اے منظور قادر تین ماہ کی رخصت پر ہیں۔

  • ذوالفقار مرزا کو اسلحہ فراہم کرنےوالی دکان پر چھاپہ

    ذوالفقار مرزا کو اسلحہ فراہم کرنےوالی دکان پر چھاپہ

        کراچی: ڈیفنس کے علاقے زمزمہ اسٹریٹ پر واقع اسلحہ کی دکان پر پولیس نے چھاپہ مار کر دکان کو سیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کو  مبینہ طور پر اسلحہ فراہم کرنے کے شبہ میں پولیس نے ایس پی کلفٹن امجد حیات کی سربراہی میں ڈیفنس کے علاقے زمزمہ اسٹریٹ پر واقع اسلحہ کی دکان گنز اینڈ ایسیسریز پر چھاپہ ماراہے۔

    دکان سے ایک رائفل اور لائسنس برآمد کرکے دکان کو سر بمہر کردیا گیا، پولیس نے دکان کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس نے دیگر لائسنس بھی اپنے قبضے میں لے لئے۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والا لائسنس اور رائفل ذوالفقار کے بیٹے  حسنین مرزاکی ہے، مذکورہ لائسنس ڈی سی او بدین نے جاری کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس دکان سے ذوالفقار مرزا کے گن مینوں کو اسلحہ فراہم کیا جا تا ہے، سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے دو تین روز قبل اس دکان سے اسلحہ بھی خریدا تھا۔

    چھاپہ کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، واضح رہے کہ مذکورہ دکان پر اس سے قبل بھی چھاپہ مارا گیا تھا، جہاں سے ممنوعہ اسلحہ برآمد بھی ہوا تھا۔