Tag: Recounting of Votes

  • پی پی 168: دوبارہ گنتی میں بھی پی ٹی آئی نے مزید14ووٹ لے لیے،ن لیگ کو شکست

    پی پی 168: دوبارہ گنتی میں بھی پی ٹی آئی نے مزید14ووٹ لے لیے،ن لیگ کو شکست

    لاہور : تحریک انصاف کے امیدوار نے پی پی168میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی ن لیگی امیدوار کو شکست دے دی، ملک اسد کھوکر نے مزید چودہ ووٹ حاصل کرلیے۔ 

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار کی درخواست پر پی پی 168کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کر لیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے ا میدوار ملک اسد کھوکر نے مزید چودہ ووٹوں کے اضافے کے ساتھ ن لیگی امیدوار رانا خالد مقبول قادری پر701ووٹوں کی برتری حاصل کر لی۔

    سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خالی کی گئی پنجاب اسمبلی کی نشست 168پرجمعرات کو ضمنی انتخاب کا معرکہ ہوا، پی ٹی آئی کے ملک اسد کھوکر نے ون آن ون مقابلے میں ن لیگ کے امیدوار رانا خالد قادری کو شکست دے دی۔

    ن لیگ کی جانب سے پری پول رگنگ کا راگ الاپا گیا اور فیصلہ چیلنج کر دیا گیا،  ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد ریٹرنگ آفیسر رحم زادہ نے نتیجہ جاری کر دیا۔

    جس کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار اسد کھوکھر چودہ ووٹوں کے اضافے کے ساتھ 17571ووٹ حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہے جبکہ ن لیگ کے امیدوار رانا خالد قادری 16870 ووٹ لے کر دوبارہ دوسرے نمبر پر رہے۔

    مزید پڑھیں: ضمنی انتخاب، سعد رفیق کی نشست پی ٹی آئی نے جیت لی

    ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل ہونے کہ بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک اسد کھوکھر کی جیت کا جشن منایا۔ واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی یہ نشست خواجہ سعد رفیق نے جیتی تھی، رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے صوبائی نشست چھوڑ دی تھی۔

  • این اے 108: عابد شیرعلی کا ہار ماننے سے انکار، دوبارہ گنتی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

    این اے 108: عابد شیرعلی کا ہار ماننے سے انکار، دوبارہ گنتی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

    لاہور : عابد شیرعلی دوبارہ گنتی میں بھی ہار گئے لیکن ہارماننے کو تیارنہیں، لیگی رہنما نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹی فیکشن روکنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے لیگی رہنما عابد شیر علی کی این اے 108میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے۔

    عابد شیر علی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کی رات پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا تھا اور مخالف امیدوار کو جتوانے کے لئے جعلی فارم 45 بنائے گئے۔ عابد شیر علی نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے اور عدالتی فیصلے تک فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا بھی حکم دے جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے امیدوار فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شکست کے بعد ن لیگ نے رونا دھونا شروع کردیا ہے، عابد شیرعلی جہاں چاہیں دوڑیں لگائیں انہیں شکست ضرور ہوگی، جس طرف جائیں گے وہاں بلا نظر آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی220پولنگ اسٹیشنز میں برتری حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اپنے مینڈیٹ پرکسی کو ڈاکا مارنے نہیں دیں گے اور نہ ہی عمران خان کے خلاف کسی سازش کو کامیاب ہونے دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: عابد شیرعلی ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر ناکام، فرخ حبیب کی جیت برقرار

     یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی بھی عابد شیر علی کے کام نہیں آسکی تھی، مسلم لیگ ن کے رہنما کے مزید سات سو ایک ووٹ کم ہوگئے، جس جکے بعد تحریک انصاف کے فرخ حبیب کی جیت برقرار  ہے۔

  • پی ایس 114: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

    پی ایس 114: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

    کراچی : الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ الیکشن والے دن پورے حلقے میں نہ تو کوئی دھاندلی ہو ئی اورنہ ہی کوئی کوئی گڑ بڑکا واقعہ پیش آیا۔

    انہوں نے کہا کہ بہترسیکورٹی اور امن وامان سے متعلق الیکشن کمیشن اور رینجرز نے بھی اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔


    مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نےسعیدغنی کی کامیابی کانوٹیفکیشن روک دیا


    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بدلتے ہوئے حالات کو سمجھنا ہوگا اور جعلی ووٹ کے نہ پڑنے کہ وجہ سے دو ہزاراٹھارہ کے الیکشن میں ایم کیو ایم کا کراچی سے مکمل صفایا ہو جائے گا۔


    مزید پڑھیں: سات ہزارووٹ کیسے آئے؟ بےنقاب کرینگے، کامران ٹیسوری


    یاد رہے کہ 9 جولائی کو پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی پی پی کے امیدوار سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کامران ٹیسوری کو 5734 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر میدان مارلیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن تیسرے نمبر پر رہی تھی۔

  • این اے122میں دھاندلی کے الزامات،ووٹوں کی جانچ آج ہوگی

    این اے122میں دھاندلی کے الزامات،ووٹوں کی جانچ آج ہوگی

    لاہور: قومی اسمبلی کی نشست این اے ایک سو بائیس کی دوبارہ گنتی کے لئے ریٹرننگ آفیسر آج حلقے میں کام شروع کریں گے ، اس حلقہ میں عمران خان نے دھاندلی کی شکایت کی تھی۔

    عام انتخابات دوہزار تیرہ کو اٹھارہ ماہ گزر گئے ہیں، مبینہ دھاندلی کی شکایات کم ہونے کے بجائے مزید زور پکڑ گئیں ہیں، عمران خان نےابتداء میں جن چار حلقوں میں دھاندلی کی شکایت کی تھی، ان میں سے ایک این اے ایک سو بائیس بھی شامل ہے۔

    جہاں چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان اور ن لیگ کے امیدوار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ٹاکرا تھا ۔

    گیارہ مئی کو ہونے والے والے عام انتخابات میں لاہورکی اس نشست پرایاز صادق تیرانوے ہزار تین سونواسی ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ عمران خان چوراسی ہزار پانچ سو سترہ ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے، یوں کپتان کوآٹھ ہزات آٹھ سوباہتر ووٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن عمران خان نے شکست کو تسلیم نہ کرتے ہوئے حلقے میں مبینہ دھاندلی کا الزام لگایا۔

    دوہزار تیرہ میں ہونے والےعام انتخابات میں اس حلقے میں ووٹنگ کا تناسب بھی چون فیصد رہا تھا۔

  • مسلم لیگ ن نے دھاندلی کے شواہد مٹانے کی کوششیں تیز کردی

    مسلم لیگ ن نے دھاندلی کے شواہد مٹانے کی کوششیں تیز کردی

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کے خلاف جاری ملک گیر احتجاج کے باوجود مسلم لیگ ن نے دھاندلی کے شواہد مٹانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

    انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق این اے 125 اور پی پی 147 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نتائج تبدیل کئے جارہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ دوبارہ گنتی میں این اے 125 سے کامیاب وفاقی وزیر ریلویز سعد رفیق 45 ہزار ووٹوں سے ہار رہے ہیں۔

    مخالف حامد خان کو ہرانے کے لئے ہفتہ کی رات سے ووٹنگ بیگز کو تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق دھاندلی کو تحفظ دینے کے لئے سرکاری افسران کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کی اہم افراد کو بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، دوبارہ گنتی والے مقام پر کسی بھی شخص کو جانے سے روکا جارہا ہے۔ وکلا کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کی وجہ سے سیشن کورٹ میں تمام کام بند ہے جبکہ پولیس کی نگرانی میں صرف دو بند کمروں میں بیلٹ بیگز کھولے جارہے ہیں۔