Tag: Recover from Corona

  • ملکہ برطانیہ کورونا سے صحت یاب، خصوصی پیغام جاری کردیا

    ملکہ برطانیہ کورونا سے صحت یاب، خصوصی پیغام جاری کردیا

    لندن : ملکہ برطانیہ نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے، ملکہ الزبتھ دوئم نے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنا پہلا پیغام شیئر کیا ہے۔

    ملکہ برطانیہ کی کورونا وائرس سے صحتیابی کے بعد بکنگھم پیلس نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سینٹ ڈیوڈ ڈے کے موقع پر ملکہ کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

    ملکہ الزبتھ کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہمارے تمام فالوورز جو ویلز اور پوری دنیا میں جشن منا رہے ہیں اُنہیں سینٹ ڈیوڈز ڈے مبارک ہو۔

    خیال رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ملکہ کی جانب سے یہ پیغام جاری کیے جانے سے قبل خبر دی تھی کہ ملکہ برطانیہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئی ہیں۔

    ڈیلی میل نے انکشاف کیا تھا کہ 95 سالہ ملکہ برطانیہ جوکہ 20 فروری کو کورونا کا شکار ہوئی تھیں، اُنہوں نے گزشتہ روز فروگمور کا دورہ کیا اور شہزادہ ولیم، کیٹ مڈلٹن اور ان کے بچوں کے علاوہ شہزادی بیٹریس اور ان کی بیٹی کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا۔

  • کورونا سے صحت یاب افراد کو ایک اور خطرے کا سامنا، ہوشربا انکشاف

    کورونا سے صحت یاب افراد کو ایک اور خطرے کا سامنا، ہوشربا انکشاف

    برطانیہ اور امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے والے متعدد افراد کو دماغی افعال میں نمایاں کمی کے خطرہ ہوسکتا ہے۔

    امپرئیل کالج لندن، کنگز کالج، کیمبرج، ساؤتھ ہیمپٹن اور شکاگو یونیورسٹی کی اس مشترکہ تحقیق میں  یہ بات جاننے کی کوشش کی گئی تھی کہ کوویڈ 19 کس حد تک ذہنی صحت اور دماغی افعال پر اثرات مرتب کرنے والی بیماری ہے۔

    اس مقصد کے لیے گریٹ برٹش انٹیلی جنس ٹیسٹ کے 81 ہزار سے زیادہ افراد کے جنوری سے دسمبر 2020 کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جن میں سے 13 ہزار کے قریب میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

    تحقیق کے مطابق ان میں سے صرف 275 افراد نے کووڈ سے متاثر ہونے سے قبل اور بعد میں ذہانت کے ٹیسٹ کو مکمل کیا تھا۔

    باقی افراد کے لیے محققین نے دماغی کارکردگی کی پیشگوئی کے ایک لائنر ماڈل کو استعمال کیا، جس میں جنس، نسل، مادری زبان، رہائش کے ملک، آمدنی اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھا گیا۔

    تحقیق کے مطابق دماغ کی کارکردگی کے مشاہدے اور پیشگوئی سے ان افراد کے ذہانت کے ٹیسٹوں میں ممکنہ کارکردگی کا تجزیہ کیا جاسکتا ہے۔

    تحقیق میں تمام تر عناصر کو مدنظر رکھتے ہوئے دریافت کیا گیا کہ جو لوگ کووڈ 19 کا شکار ہوئے، ان کی ذہنی کارکردگی اس بیماری سے محفوظ رہنے والوں کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہوگئی۔

    ذہنی افعال کی اس تنزلی سے منطق، مسائل حل کرنے، منصوبہ سازی جیسے اہم دماغی افعال زیادہ متاثر ہوئے۔

    محققین کا کہنا تھا کہ نتائج لانگ کووڈ کی رپورٹس سے مطابقت رکھتے ہیں، جن میں مریضوں کو ذہنی دھند، توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات اور الفاظ کے چناؤ جیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 سے ریکوری ممکنہ طور پر ذہانت سے متعلق افعال کے مسائل سے جڑی ہوسکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ کوویڈ 19 دماغی تنزلی سے جڑا ہوا ہوتا ہے جس کا تسلسل صحت یابی کے مراحل کے دوران برقرار رہتا ہے یعنی علامات ہفتوں یا مہینوں تک برقرار رہ سکتی ہیں۔

    تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ ذہنی افعال میں تنزلی کی سطح کا انحصار بیماری کی شدت پر ہوتا ہے۔

    یعنی جن مریضوں کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑی، ان میں ذہنی افعال کی تنزیلی کی شرح دیگر کے مقابلے میں زیادہ تھی، درحقیقت یہ کمی اتنی زیادہ تھی کہ وہ کسی ذہانت کے ٹیسٹ میں آئی کیو لیول میں 7 پوائنٹس تک کمی کے مساوی سمجھی جاسکتی ہے۔

    محققین کے مطابق ذہانت کی شرح میں یہ کمی فالج کا سامنا کرنے والے مریضوں سے بھی زیادہ تھی۔

    تاہم ماہرین کا کہنا تھا کہ فی الحال کسی حتمی نتیجے پر دماغی امیجنگ ڈیٹا کے بغیر پہنچنا ممکن ہیں، مگر یہ نتائج اس موضوع پر مزید تحقیق کی ضرورت ضرور ظاہر کرتے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے دی لانیسٹ میں شائع ہوئے۔

  • کنگنا رناوت کورونا سے صحت یابی کے بعد نئے خوف کا شکار

    کنگنا رناوت کورونا سے صحت یابی کے بعد نئے خوف کا شکار

    ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا تھا، اب وہ روبصحت ہیں تاہم انہوں نے اس وبا سے شفایاب ہونے کا طریقہ نہیں بتایا۔

    بھارتی فلموں کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے ایسا کیسے کیا؟بھارعتی میڈیا کے مطابق کنگنا نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کے ذریعے فالوورز کو صحت یاب ہونے کی اطلاع دی تاہم ساتھ ہی کچھ لوگوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جن کو وہ کووڈ فین کلب کہتی ہیں۔

    کنگنا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا تذکرہ تو کیا کہ انہوں نے کچھ ٹپس کی بدولت بیماری کو شکست دی تھی، مگر وہ ٹپس کیا ہیں، تاہم اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

    انہوں نے لکھا کہ ہیلو سب کو، میرا کورونا کا ٹیسٹ نیگیٹو ہوگیا ہے۔ میں بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے کیسے وائرس کو شکست دی، مگر مجھے بتایا گیا ہے کہ میں کووڈ فین کلب کو غصہ نہ دلاؤں، ہاں یہاں کچھ ایسے لوگ ہیں جو اس وقت ناراض ہوتے ہیں اگر آپ وائرس کے لیے عزت ظاہر نہ کریں، خیر بہت شکریہ، آپ کی نیک خواہشات اور محبت کے لیے۔

    کنگنا رناوت نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ ان کو کورونا لاحق ہو گیا ہے انہوں نے مہلک مرض کو وقتی فلو بھی قرار دیا تھا۔

    انہوں نے لکھا تھا کہ میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، مجھے پتا نہیں تھا کہ یہ وائرس میرے جسم میں پارٹی منا رہا ہے اب چونکہ مجھے پتا چل گیا ہے اس لیے میں اسے ختم کر دوں گی، لوگو کسی چیز کو اپنے اوپر حاوی مت ہونے دو، اگر آپ ڈریں گے، یہ آپ کو مزید ڈرائے گا، آئیں اس کوویڈ کو تباہ کر دیں، یہ ایک وقتی نزلہ زکام سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، جو لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا رہا ہے۔

    گذشتہ ہفتے کنگنا نے دعویٰ کیا تھا کہ انسٹاگرام نے ان کی پوسٹ ہٹائی اور اس کی رپورٹ بھی "کوویڈ فین کلب” نے کی ہوگی۔

    انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا کہ انسٹاگرام نے میری وہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی ہے جس میں میں نے کورونا کو ختم کرنے کی دھمکی دی تھی، اس سے کچھ لوگوں کو تکلیف پہنچی۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ میں ٹوئٹر پر دہشت گردوں اور کمیونسٹوں کے ہمدردوں کے بارے میں سنا تھا لیکن کوویڈ فین کلب زبردست ہے۔ ٹوئٹر کی جانب سے کنگنا پر رواں ماہ ہی ان کی ان متنازع پوسٹوں کے بعد مستقل طور پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جو انہوں نے مغربی بنگال اسمبلی کے الیکشن کے نتائج کے حوالے سے کی تھیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وبا کی صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ہے۔ وہاں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں مثبت کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔

    بالی ووڈ کے کئی ستارے کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں دپیکا پاڈوکون، عالیہ بھٹ، کترینہ کیف، رنبیر کپور، اکشے کمار، شلپاشیٹھی وغیرہ شامل ہیں جب کہ کئی فنکار اس وائرس کے باعث جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔