سنہ دوہزار تیئس میں سیالکوٹ سے اغوا کی گئی چار سال کی بچی کویت سے بازیاب کرالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اسپیشل آپریشنز سیل نے دو سال قبل سیالکوٹ سے اغوا ہونے والی چار سالہ بچی کو کویت سے بازیاب کروالیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بچی کے اغوا میں ملوث 2 اشتہاری بھی کویت سے گرفتار کرلیا گیا، اشتہاری انور اقبال اور صدف اقبال بچی کے قریبی رشتے دار ہیں۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ اشتہاری جعلی دستاویز پر بچی کو اغوا کرکے کویت لے گئے تھے، بچی کی ماں کا انتقال ہوچکا ہے، مقدمہ باپ نے درج کرایا تھا۔
پنجاب پولیس کا مزید کہنا ہے کہ انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں اسپیشل ٹیم بچی اور اشتہاری ملزمان کو لے کر کویت سے لاہور لا رہی ہے، جبکہ رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 21 ہوگئی۔
راولپنڈی سمیت ملک کے کئی شہروں میں کریک ڈاؤن کے دوران اے این ایف نے نائجیرین باشندے اور خاتون سمیت آٹھ ملزمان گرفتار کرلیے۔
ترجمان اےاین ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے تین کروڑ اکیاسی لاکھ سے زائد مالیت کی چارسو سات کلو منشیات بھی برآمد کی گئی، مانسہرہ میں کالج کے قریب ملزم کے قبضے سے چارسو پچاس گرام چرس برآمد ہوئی، گرفتار ملزم نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر بحرین سے آنے والے نائجیرین باشندے کے پیٹ سے 35 کوکین بھرے کیپسول برآمد ہوئے، بلوچستان میں پشین کے غیرآباد علاقے سے 360 کلو چرس برآمد ہوئی۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ مصری بانڈہ روڈ پشاور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے اکیس اعشاریہ چھ کلوچرس برآمد کرکے دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا، ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب خاتون سے چاراعشاریہ آٹھ کلو افیون اور سات اعشاریہ دو کلو چرس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی میں گاڑی میں چھپائی گئی آٹھ اعشاریہ چار کلو چرس برآمد کرکے چار ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر ایک اور کارروائی کے دوران مسافر بس میں سوار ملزم سے دو اعشاریہ چار کلو چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان اےاین ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اٹک : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے لاپتہ وکیل انتظار حسین پنجوتھہ کو اٹک سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے لالہ صدیق کی رپورٹ کے مطابق اٹک میں جی ٹی روڈ پر پولیس اور اغواء کاروں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے بعد پی ٹی آئی وکیل انتظار پنجوتھہ کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے جی ٹی روڈ پر اسلام آباد سے کے پی جانے والی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، مشکوک گاڑی کے نہ رکنے پرپولیس کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی۔
پولیس کے مطابق ناکہ بندی کے دوران گاڑی میں سوار اغواء کاروں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اغواء کار گاڑی اور مغوی چھوڑ کر فرار ہوگئے، بعد ازاں پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار حسین پنجوتھا 8 اکتوبر سے لاپتہ تھے، ان کی بازیابی کیلئے کیس بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک مقدمہ بھی زیر سماعت ہے۔
یکم نومبر کو اٹارنی جنرل کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ انتظار پنجوتھا 24گھنٹے میں بازیاب ہوجائیں گے۔
اس سے پہلے اسلام آباد کے آئی جی پولیس کی طرف سے آئی ایچ سی میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انتیظار پنجوتھا کے نام پر موبائل فون کی تین سمیں ہیں، جن میں سے ایک سم کی لوکیشن پشاور کی ہے۔
عدالت نے آئی جی پولیس سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے پشاور کی لوکیشن تک رسائی حاصل کی ہے؟۔ آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ یہ سم انتظار پنجوتھا کے نام پر جاری کی گئی تھی اور 10 دسمبر کو فعال کی گئی، اس سم پر آٹھ ایس ایم ایس آئے اور دو بھیجے گئے۔
فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 20 کروڑ تاوان کے لیے اغوا کی گئی فرسٹ ایئر کی طالبہ کو پولیس نے بازیاب کروا لیا، ملزم نے سوشل میڈیا کے ذریعے مغویہ سے دوستی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق 20 کروڑ تاوان کے لیے اغوا کی گئی فرسٹ ایئر کی طالبہ کو نارنگ منڈی سے بازیاب کروا لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ابرار کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مغویہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ابرار اور مناہل کی سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی تھی۔
طالبہ کو 13 اکتوبر کو کالج کے باہر سے اغوا کیا گیا، ملزم ابرار نے راستے میں اپنا اور مغویہ کا موبائل پھینک دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم ابرار کے ساتھی طیب کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
کندھ کوٹ : اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے چھاپہ مار کر مبینہ طور پر کراچی سے اغواء ہونے والی تیرہ سالہ طالبہ رخسانہ کوبازیاب کرا کر اغوا کار کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں اسکول کے باہر سے 13 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کے معاملے پر اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے کندھ کوٹ کچے کے علاقے میں چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے 13سالہ طالبہ رخسانہ کوبازیاب کرالیا اور اغوا کار غلام مرتضیٰ کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی اےوی سی سی کا کہنا ہے کہ اسپیشلائز ٹیم بازیاب لڑکی اورملزم کو لے کر کراچی پہنچ گئی ہے ، ملزم کوآج عدالت میں پیش کیا جائےگا۔
خیال رہے طالبہ کو چند روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں نجی اسکول کے باہر سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔
یاد رہے چند روز قبل کراچی کے علاقے عزیز آباد میں 3 لڑکیوں کے مبینہ اغواء اور زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا ، پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ متاثرہ لڑکیوں کے اہل خانہ تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے، مقدمہ درج ہونے کے باوجود اہل خانہ کا معاملہ ختم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ تینوں لڑکیاں مہندی کا کام سیکھنے کا کہہ کر پارلر گئی تھیں، لڑکیوں کے کئی گھنٹے لاپتہ رہنے پر والدین نے مقدمہ درج کروایا۔
چمن: طالبان نے افغانستان کے سرحدی ضلع سپین بولدک میں افغان کرنل ایوب کاکی کے گھر سے پاکستان کاقومی شناختی کارڈ برآمد کرلیا، برآمد شناختی کارڈ میں چمن کارہائشی پتہ درج ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے سرحدی ضلع سپین بولدک پر طالبان نے چھاپہ مارا ، اس دوران افغان کرنل ایوب کاکی کےگھر سے پاکستان کاقومی شناختی کارڈ برآمد ہوا۔
افغان کرنل کےگھر سے برآمدشناختی کارڈ میں چمن کارہائشی پتہ درج ہے جبکہ شناختی کارڈ2002میں جاری ہوا اور 2007میں اس کی میعادختم ہوگئی۔
جس کے بعد افغان فوجی نے پاکستان کا قومی شناختی کارڈ کیسے بنوایا سوال اٹھ گئے۔
خیال رہے افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہے ، طالبان کا صوبہ نیمروز اور سوفک میں مختلف اضالع کو فتح کرنے کا دعویٰ اور صوبہ سرپول کے دارلحکومت پر بھی قبضے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب افغان حکام نے طالبان کے دعوے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بایان میں تین اضلاع کا کنٹرول واپس لے لیا ہے۔
پشاور : خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے کوہاٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے 40 ہزارخراب انڈے برآمد کرلئے اور خراب انڈے سپلائی کرنے پر مالکان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے کوہاٹ، پشاور، چارسدہ اور دیر لوئر میں کارروائیاں کیں ، کارروائیوں کے دوران کوہاٹ کے علاقے کالو بانڈہ میں ٹرک سے 40 ہزارخراب انڈے برآمد کرکے خراب انڈے سپلائی کرنے پر مالکان کو گرفتار کرلیا ہے ، جن کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
فوڈ اتھارٹی نے حاجی کیمپ اڈے کے قریب گودام سے 2000 کلوچائناسالٹ برآمد ہوئے ، چارسدہ کے علاقے شیرپاؤبازار میں 10ہزارلیٹر سے زائد جعلی مشروبات برآمد کیں۔
حکام نے بتایا کہ جعلی مشروبات برآمد ہونے پر 2 ڈسٹریبیوشن سینٹرز سیل کرکے جرمانہ عائد کردیا ہے ، اسی طرح تحصیل ادیزئی دیر لوئر میں گودام سے 3 ہزا رلیٹر جعلی مشروبات برآمد ہوئے۔
فوڈسیفٹی اتھارٹی نے نوشہرہ کلاں بازار میں بھی کارروائی کی اور 80کلوممنوع چائناسالٹ برآمد کرلی۔
نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کی خوفناک صورتحال کے بعد آکسیجن اور دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے تاہم پنجاب میں نہر سے ریمیڈیسیور انجیکشن کی پوری کھیپ برآمد ہونے کے بعد حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست پنجاب کی بھاکھڑا نہر سے سینکڑوں ریمیڈیسیور اور چیسٹ انفیکشن کے انجیکشن برآمد کیے گئے ہیں۔
ان میں سرکاری اسپتالوں کو سپلائی کیے جانے والے 14 سو 56 انجیکشن، 621 ریمیڈیسیور انجیکشن اور 849 بغیر لیبل کے انجیکشن بھی شامل ہیں، انجیکشنز کے اصل یا نقل ہونے کی تصدیق ابھی نہیں ہو پائی ہے۔
ریمیڈیسیور انجیکشن پر 5400 ایم آر پی اور مینو فیکچرنگ کی تاریخ مارچ 2021 درج ہے، ان انجیکشنز کی ایکسپائری تاریخ نومبر 2021 ہے، اسی طرح سیفو پیرازون انجیکشن پر مینو فیکچرنگ کی تاریخ اپریل 2021 اور ایکسپائری تاریخ مارچ 2023 درج ہے۔
ان ٹیکوں پر فار گورنمنٹ سپلائی، ناٹ فار سیل بھی لکھا ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کے خطرناک پھیلاؤ کے باعث ملک میں ریمیڈیسیور اور سینے کے انفیکشن کے انجکشنز کی نہ صرف قلت پیدا ہوگئی ہے بلکہ ان کی بلیک میں فروخت بھی جاری ہے۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ریاست آکسیجن، ٹینکر، ویکسین اور دوائیوں کی کمی کے علاوہ وینٹی لیٹر کی قلت کا بھی شکار ہورہی ہے۔
اس کے باوجود نہر سے انجیکشنز کی کھیپ برآمد ہونے پر پورے ملک میں تنقید ہورہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے دوائیں ضائع ہورہی ہیں۔
اسلام آباد : کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان ان مکم ل طور پر صحتیاب ہوگئے، انہوں نے اپنی سرکاری مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اب مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے، ان میں کورونا کی کوئی علامات نہیں رہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی سرکاری مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔،
یاد رہے کہ 20مارچ کو وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا تھا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی تاہم مکمل احتیاطی تدابیر اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے عمران خان نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا تھا۔
ریاض: سعودی عرب میں 106 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے ویڈیو کال کر کے بزرگ خاتون کی خیریت دریافت کی۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں میں 106 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جنہیں علاج کے لیے رفحا سے عرعر شہر کے میڈیکل ٹاور منتقل کیا گیا تھا۔
حدود شمالیہ ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے بھی ویڈیو کال کر کے بزرگ خاتون کی خیریت دریافت کی، گورنر نے کرونا وائرس سے متاثر ایک بچی سمیت دیگر صحتیاب افراد سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے۔
خاتون کے بیٹے متعب الشمری کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کے سینے میں تکلیف تھی۔ رفحا ہسپتال میں ان کی صحیح تشخیص نہ ہوسکی تو انہیں عرعر شہر میں شمالی میڈیکل ٹاور منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ان کا خیال رکھا۔
بیٹے کا کہنا ہے کہ اسپتال میں علاج کے پہلے تین دن تک ہم والدہ کی آواز بھی نہ سن سکے، کرونا میں مبتلا ہونے سے قبل والدہ صحت مند زندگی گزار رہی تھیں البتہ انہیں تنفس کا عارضہ تھا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ لیبارٹریاں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔