Tag: Recovered Patients

  • سعودی عرب: ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کرونا وائرس سے صحتیاب

    سعودی عرب: ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زائد ہوگئی، وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 130 ہوگئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے, ہفتہ 8 اگست کو کرونا وائرس کے 1 ہزار 469 نئے کیسز سامنے آئے۔

    وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 87 ہزار 262 تک پہنچ گئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 سے مزید 1 ہزار 492 افراد صحتیاب ہوئے جبکہ مجموعی طور پر اس وبائی مرض سے 2 لاکھ 50 ہزار 440 افراد اب تک صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    سعودی عرب کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے 33 ہزار 692 ایکٹو کیسز ہیں جس میں 1 ہزار 828 انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

    ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کرونا وائرس سے مزید 37 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 130 ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے تاکید کی گئی ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے، سماجی فاصلے کے اصول کو کسی بھی حالت میں فراموش نہ کریں کیونکہ کرونا سے بچاؤ کے لیے یہ انتہائی اہم ضابطہ ہے جس پر عمل کر کے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار 764 تک پہنچ گئی ہے، وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اس امر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں کووڈ 19 سے شفا پانے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے متاثرین میں 5 فیصد کا تعلق بزرگوں، 9 فیصد کا بچوں اور 86 فیصد کا تعلق بالغ افراد سے ہے، نئے کیسز کا دائرہ سعودی عرب کے بیشتر شہروں تک پھیلا ہوا ہے۔

  • سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب

    سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب

    کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب ہوئے ہیں، ملک میں کرونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جو افراد خود کو آئسولیٹ کر رہے ہیں اور مکمل آرام کر رہے ہیں ان کی صحتیابی کی شرح زیادہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست ہے ماسک پہنیں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں۔ بچے اور بزرگ شہری ہر وقت گھروں میں رہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئی ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 646 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 317 ہوچکی ہے۔

    اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 172 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔