Tag: Recovered

  • سعودی عرب: 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    سعودی عرب: 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، سعودی عرب میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 101 سالہ معمر خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، انہیں سنیچر کو اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

    ریاض کی کنگ سعودی یونیورسٹی کے زیر انتظام میڈیکل سٹی نے کہا ہے کہ معمر خاتون کنگ خالد اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    میڈیکل سٹی نے صحتیاب ہونے والی معمر خاتون کی شناخت خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ مذکورہ خاتون کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں اسپتال سے رخصت کر دیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ لیبارٹریاں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

  • سعودی عرب: 5 سالہ بچی کرونا وائرس سے صحتیاب

    سعودی عرب: 5 سالہ بچی کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے متاثرین کی صحتیابی کا عمل جاری ہے، عفیف میں 5 سالہ بچی بھی موذی وائرس سے لڑنے میں کامیاب ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں عفیف اسپتال کے عملے نے وائرس سے صحت یاب ہونے والے 9 افراد کو رخصت کیا ان میں 5 سالہ سعودی بچی ریتال بھی شامل تھی۔

    اسپتال کے عملے نے ریتال کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ رخصت کیا اور اسے اسپتال سے جاتے وقت تحفہ بھی پیش کیا گیا، اس موقع پر ریتال کی ماں اپنی بچی کے لیے گلدستہ لے کر پہنچیں۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق جن 9 افراد کو منگل کو فارغ کیا گیا ان سب کو اسپتال میں قیام کے دوران علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا گیا، کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں منگل کو اسپتال سے رخصت کردیا گیا۔

    طبی عملے نے تمام افراد کو اسپتال سے رخصت کرتے وقت انہیں گلدستے پیش کیے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عفیف میں کرونا وائرس سے 2 نئے مریض ریکارڈ پر آئے ہیں جبکہ 12 صحت یاب ہوئے ہیں، عفیف میں کرونا سے کل متاثرین کی تعداد 25 ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب: 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 955 مریض صحتیاب

    سعودی عرب: 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 955 مریض صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مریضوں کی ریکارڈ تعداد صحتیاب ہوئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 955 افراد نے وائرس کو شکست دے دی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ 955 افراد صحتیاب ہوئے ہیں، مجموعی طور پر اب تک 5 ہزار 431 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق مملکت میں 1595 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 24 فیصد سعودی شہری اور 76 فیصد غیر ملکی ہیں۔ نئے مریضوں میں 14 فیصد خواتین اور 86 فیصد مرد شامل ہیں۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے یومیہ بریفنگ میں بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں مزید 9 اموات ہوئیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 200 ہوگئی۔ اس وقت ایکٹو کیسز 24 ہزار 620 ہیں جن میں سے 143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمارکے مطابق منگل کو سب سے زیادہ مریضوں کی جدہ میں تصدیق ہوئی جن کی تعداد 385 تھی۔

    دیگر مریضوں کا تعلق ریاض، مکہ مکرمہ، الجیبل، مدینہ منورہ، دمام وغیرہ سے ہے۔

  • کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں

    کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اب تک کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سعودی شہروں میں سب سے زیادہ کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کا تعلق ریاض شہر سے ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ریاض میں مزید 54 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ ریاض شہر کرونا وائرس سے نجات پانے والوں کی تعداد کے حوالے سے سعودی عرب کے شہروں میں سرفہرست ہے۔

    ریاض ریجن میں کرونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 757 ہوگئی ہے جبکہ وہاں ایکٹیو کیس 577 ہیں جو تمام زیر علاج ہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق ریاض میں کرونا سے 3 اموات ہوئی ہیں۔ مکہ مکرمہ اور جدہ میں کرونا وائرس سے کسی مریض کے صحتیاب ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ دونوں شہر کرونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد کے حوالے سے ریاض کے بعد آتے ہیں، ان میں شفا یاب ہونے والوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ جدہ میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 123 اور مکہ میں 114 ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 2 ہزار 605 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 38 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • بڑی خبر، پاکستان میں كورونا کے 17مریض مکمل صحتیاب

    بڑی خبر، پاکستان میں كورونا کے 17مریض مکمل صحتیاب

    کوئٹہ : پاکستان میں كورونا کے مزید 17مریض مکمل صحتیاب ہوگئے، ملک بھر میں وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 58 ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ كورونا وائرس کے 17مریضوں کو مکمل صحتیابی کےبعداسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ، مریضوں کو صحت یاب ہونے پر شیخ زید اسپتال سے ڈسچارج کیاگیا۔

    لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ تمام 17مریضوں کےٹیسٹ 2 بار کئےگئے دونوں بار رپورٹ منفی آئے، ملک میں کرونا کے ایک ساتھ صحتیاب ہونے والی مریضوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

    اس سے قبل چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر نے بتایا تھا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے 158 کیسز رپورٹ ہوئے، 1800سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کئے گئے اور 19 مریض صحتیاب ہوچکےہیں۔

    چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ دل کےعارضےمیں مبتلا ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے، کوئٹہ میں 8 لوگ گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔

    فضیل اصغر نے کہا کہ صوبے میں ریلیف پیکج پر تیزی سے کام جاری ہے، بی آئی ایس پی میں بھی صوبہ حصہ ڈالیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کیلئے 60 ہزار حفاظتی لباس آئندہ ہفتےمل جائیں گے، ضروری جگہوں پر این 95 ماسک پہنچائیں گے، این ڈی ایم اے سے کافی حد تک سامان مل چکا ہے ،چیف سیکریٹری

    چیف سیکریٹری بلوچستان نے کہا کہ امید ہے شہری ہدایات پر عمل کرکے وائرس کوپھیلنےنہیں دیں گے ،کوئٹہ میں کچھ لوگ پکنک اور محفلیں لگانے سے باز نہیں آرہے ، امید ہے اگلے ہفتے مزید مریض صحتیاب ہوں گے۔

    خیال رہے پاکستان میں کوروناوائرس کےمریضوں کی تعداد1865ہوگئی جبکہ وائرس سےاموات کی تعداد25 ہے اور ، کوروناوائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد58ہوگئی ہے۔

  • دنیا میں کرونا وائرس کی سب سے پہلی مریضہ صحتیاب ہوگئی

    دنیا میں کرونا وائرس کی سب سے پہلی مریضہ صحتیاب ہوگئی

    چین میں کرونا وائرس کا سب سے پہلے شکار ہونے والی مریضہ صحتیاب ہوگئی، مذکورہ خاتون ہوبیئی کی جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والی مارکیٹ میں کام کرتی تھیں۔

    54 سالہ وئی گژنگ جنوری میں اسپتال سے رخصت ہوئی تھیں اور اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے بعد اپنے گھر جا چکی ہیں۔ انہوں نے 70 ہزار یان یعنی 8 ہزار 467 پاؤنڈز میڈیکل بلز کی مد میں بھرے۔

    وہ ہوبیئی کی سی فوڈ مارکیٹ میں اسٹال لگاتی تھیں جہاں سے وہ اس وائرس کا شکار ہوئیں۔

    وئی کو 10 دسمبر 2019 کو اس وائرس کی پہلی علامت ظاہر ہوئی تھی تاہم ڈاکٹرز نے انہیں معمولی نزلہ زکام قرار دے کر معمول کی دوائی دے دی۔ کچھ روز بعد وہ ایک اور نجی کلینک گئیں جہاں انہیں مختلف دوائیں دی گئیں۔

    ڈاکٹرز کا خیال تھا کہ انہیں پھیپھڑوں کی بیماری برونکائٹس ہوگئی ہے، وئی کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا لیکن ان کی حالت روز بروز بگڑتی چلی گئی۔ ڈاکٹرز نے ان کی حالت تشویشناک خیال کرتے ہوئے ان کی اینڈو اسکوپی اور حلق کے ٹیسٹ لیے۔

    ابھی بھی ڈاکٹرز ان کی بیماری کے بارے میں اندھیرے میں تھے، اس کے بعد چند ہی ہفتوں کے اندر اسی علاقے سے مزید مریض سامنے آنا شروع ہوگئے جو وئی جیسی علامات کا ہی شکار تھے۔

    صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے ڈاکٹرز نے فوراً وئی کو قرنطینیہ میں منتقل کردیا جس کے بعد اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو کر اپنے گھر لوٹ گئی ہیں۔

    ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے وئی کا کہنا تھا کہ ان کے علاج پر ایک بھاری رقم خرچ ہوئی تاہم وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں۔ بہت سے لوگوں نے اس سے کہیں زیادہ رقم خرچ کی لیکن وہ پھر بھی اپنی زندگی نہیں خرید سکے۔

    وئی اب اپنے گھر پر ہیں تاہم ان کی بیٹی جو ایک ماہ بعد خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئی تھی، اس وقت ایک فیلڈ اسپتال میں موجود ہیں۔

    وئی کے خیال میں انہیں اس موذی وائرس کے جراثیم اس ٹوائلٹ سے لگے جو ان کے اور مارکیٹ میں جنگلی جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے دیگر افراد کے مشترکہ استعمال میں تھا۔

    ان کے مطابق ان کے قریب اسٹال لگانے والے دیگر افراد بھی اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے کچھ ان کی طرح صحتیاب ہوگئے اور کچھ جان کی بازی ہار گئے۔

  • مراد سعید نے وزارت میں ریکوری کا ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا

    مراد سعید نے وزارت میں ریکوری کا ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا

    اسلام آباد : وزارت مواصلات کوایک اوربڑی کامیابی مل گئی ، 132 کروڑ 55 لاکھ کی خوردبرد کی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی، یہ اب تک کی دوسری بڑی ریکوری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شفافیت اور احتساب کا عمل جاری ہے، وزارتوں میں لوٹی ہوئی دولت کی بڑے پیمانے پر واپسی کے اقدامات ہورہے ہیں۔

    وزارت مواصلات میں اب تک کی دوسری بڑی ریکوری ہوئی اور 132 کروڑ 55 لاکھ کی خوردبرد کی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی ، وفاقی وزیر مراد سعید نے مختلف ٹھیکوں کے آڈٹس اور انکوائری کا حکم دے رکھا ہے۔

    اوکاڑہ بائی پاس منصوبے میں 200ملین پیشگی ادا کئے جانے والی رقم ریکور ہوئی جبکہ 242 ملین بسمہ ناگ پنجگورہوشاب پراجیکٹ میں ریکور کی گئی ، یہ رقم ٹھیکیدار کو اضافی ادائیگی کی مد میں دی گئی تھی۔

    راجن پور ڈی جی خان انڈس ہائی وے منصوبے میں بھی 69 ملین ریکور ہوئے ، 69 ملین روپے پروجیکٹ ٹھیکیدار کو ادا کیے گئے تھے جبکہ اسلام آباد مظفرآباد کیرج وے کے ادا کیے گئے 122 ملین روپے بھی ریکور کرلیے گئے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی ہدایت پر اداروں‌ میں احتساب کا عمل تیز، وزارت مواصلات سب سے آگے

    خیال رہے وزارت مواصلات حکومت کے پہلے سال بھی 800 کروڑر یکور کر چکا ہے اور مراد سعید نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ قوم کاپیسہ لوٹنے والوں سے بالکل رعایت نہیں برتیں گے اور عوام کا پیسہ ہر صورت قومی خزانے میں واپس لائیں گے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کرپشن کسی صورت برداشت نہ کرنے اور تمام اداروں میں ریکوری کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

    وزرا نے اس ضمن میں خصوصی توجہ دی. وزیر مواصلات مراد سعید کی کارکردگی اس ضمن میں متاثر کن رہی۔

  • سابق چیئرمین نیب کے گودام سے برآمد گاڑیاں قطری سفارتخانے کی نکلیں

    سابق چیئرمین نیب کے گودام سے برآمد گاڑیاں قطری سفارتخانے کی نکلیں

    راولپنڈی : سابق چیئرمین نیب کے گودام سے برآمد گاڑیاں قطری سفارتخانے کی نکلیں، قطری سفارتخانے کے ذرائع کے مطابق اکیس نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قطری خاندان کی ملکیت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں سابق چیئرمین نیب اور نوازشریف کے قریبی ساتھی سیف الرحمان کے گودام پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے کی مالیت کی پچیس گاڑیاں برآمد کیں۔

    پچیس میں سے اکیس گاڑیاں قطری سفارتخانے کی نکلیں۔

    قطر کے سفارتخانے نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قطری خاندان کی ملکیت ہیں، گاڑیاں شاہی خاندان کے افراد پاکستان میں دوران شکار استعمال کرتے ہیں۔

    سابق چیئرمین نیب کے گودام میں گاڑیاں حکومت پاکستان کی اجازت سے پارک کی گئیں، جن کی فیس باقاعدہ ادا کی جاتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق قطری سفارتخانے نے گاڑیوں کے استعمال میں قواعد کی خلاف ورزی کی، پچیس کروڑ روپے کی مالیت کی گاڑیاں ضبط کیے جانے کا امکان ہے۔

    کسٹمزایکٹ کے تحت سفارتخانے کی گاڑیوں کے غلط استعمال پر کارروائی متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق قطری سفارتخانے کواستثنیٰ کے باعث مقدمہ درج نہیں ہوسکے گا، گاڑیاں کلرسیداں میں ریڈ کوٹیسکٹائل ملزمیں کھڑی کی گئیں تھیں، برآمد گاڑیوں میں وی ایٹ، وی سکس اور ویگو شامل ہیں۔

  • رینجرز کی کارروائی، اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد

    رینجرز کی کارروائی، اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد

    کراچی: رینجرز نے پرانا گولیمار  کے علاقےمیں واقع لیاری گینگ وار کے ملزم ریاست کے مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق کارروائی شہری کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی جس میں اسلحے کی بڑی تعداد، ایمونیشن اور مشیات کا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے، برآمد کیے گئے اسلحے میں 11 عدد نائن ایم ایم پستول اور 43 میگزین، 9 عدد 30 بور پستول اور 22 عدد میگزین، دو عدد 22 بور پستول ، ایک 32 بور پستول شامل ہیں۔

    رینجرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران 9 عدد ایس ایم جیز بمعہ 500 عدد میگزین، دو عدد 12 بور رپیٹر، ایک عدد ایئرگین، ایک عدد 30 بور ماؤزر ، مختلف اقسام کے پانچ ہزار راؤنڈز، 76 عدد مختلف اقسام کے گرنیڈاور ڈیٹونیٹر زشامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق برآمد منشیات میں 841 کلوچرس، 122 کلوگرام ہیروین اور 480 بوتل دیسی شراب اورتین عدد وائرلیس سیٹ بھی شامل ہیں۔

    رینجرز اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برآمد کیا جانے والا اسلحہ شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال ہونا تھا، کارروائی شہری کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔

  • رینجرزکا چھاپہ، متحدہ اورنگی سیکٹر سے اسلحے کا ذخیرہ برآمد

    رینجرزکا چھاپہ، متحدہ اورنگی سیکٹر سے اسلحے کا ذخیرہ برآمد

    کراچی: رینجرز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد اورنگی ٹاؤن ایم کیو ایم سیکٹر ون اے میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا۔

    ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’رینجرز نے مصدقہ اطلاع پر ایم کیو ایم کے سیکٹر ون اے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا جو دکان کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا‘‘۔

    پڑھیں:  عزیز آباد کا اسلحہ فوج سے لڑنے کے لیے خریدا گیا، گورنر سندھ

    کارروائی میں برآمد ہونے والے اسلحے میں 3 عدد ایس ایم جی، 3 عدد 8 ایم ایم رائفل، 4 عدد سیون ایم ایم رائفل، 1 عدد 22 بور رائفل، 1 تیس بور رائفل، ماؤزر، رپیٹر، 3 عدد 30 بور پسٹل، 2 عدد 32 بور پسٹل، 10 عدد راکٹ آر پی جی سیون، 12 آر پی جی سیون پریمیئر جبکہ 1840 جی تھری کی گولیوں کے علاوہ 12960 ایس ایم جی ، 8250 ایل ایم جی  سمیت دیگر اسلحے کی گولیاں برآمد کی ہیں۔رینجرز اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اسلحے شہر میں بد امنی اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔

    مزید پڑھیں:  اسلحہ برآمدگی کیس، جے آئی ٹی تشکیل، متحدہ قیادت سے تفتیش کا امکان

    یاد رہے کہ رواں ماہ کراچی کے علاقے اور ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب خالی گھر کے ٹینک سے کراچی کی تاریخ کا اسلحے کا سب سے بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا تھا، جس کے بعد تفتیشی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ شہر میں اور بھی ایسے مقامات ہیں جہاں اسلحہ چھپایا گیا ہے۔

    اس ضمن میں سیکیورٹی اداروں کو متحرک کیا گیا تھا اور سیکیورٹی اداروں نے بھی اسلحے کے ذخائر کی کھوج لگانے کا کام شروع کردیا تھا۔

    قبل ازیں عزیز آباد سے برآمد ہونے والے اسلحے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں متحدہ قیادت کو بھی شاملِ تفتیش کرنے پر غور کیا گیا تھا۔

    rangers-press