Tag: Red

  • کیا آپ نے نیلا، پیلا، لال، ہرا اور گلابی پیزا کھایا ہے؟

    کیا آپ نے نیلا، پیلا، لال، ہرا اور گلابی پیزا کھایا ہے؟

    گوجرانوالہ : پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں مختلف رنگوں کے پیزے تیار کیے جاتے ہیں جو پیزا کھانے کے شوقین افراد میں بہت مقبول ہیں۔

    ویسے تو دنیا بھر میں پیزے کے کافی لوگ دلدادہ ہیں تاہم پاکستان میں ایسی خبر آگئی ہے جس پر یقین مشکل ہو جائے گا گوجرانوالہ میں مختلف رنگوں کے پیزے بنا دیے گئے۔

    اگر آپ چیز سے بھرے پیلے رنگ کا پیزا کھا کھا کر تنگ آگئے ہیں تو پنجاب کے شہر گوجرانوالہ چلے آئیں، جہاں آپ کو مختلف کلرز کے پیزا کھانے کو ملیں گے صرف آرڈر دیں اور کچھ دیر بعد کلر فُل پیزا حاضر۔

    پہلوانوں کے شہر میں گجرانوالہ سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے غلام فرید نے اپنی رپورٹ میں اس پیزا کی خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

    نیلے، پیلے، لال، گلابی اور سبز پیزے صرف گوجرانوالہ میں ہی بنائے جاتے ہیں۔ جنہیں کھانے کیلئے شہریوں کا تانتا بندھا رہتا ہے، شہریوں کا کہناہے کہ ان پیزوں کے صرف رنگ ہی الگ نہیں بلکہ ان کے ذائقے بھی مختلف ہیں۔

    دکاندار کا کہنا ہے کہ ان پیزوں میں استعمال کی جانے والی اشیاء دیسی معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق ہوتی ہیں۔

  • سرخ رنگ دیکھ کر بیل مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    سرخ رنگ دیکھ کر بیل مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    بل فائٹنگ ایک قدیم کھیل ہے جو اسپین، پرتگال، جنوبی فرانس اور میکسیکو وغیرہ میں بہت مقبول ہے، کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ اس میں ایک لحیم شحیم بیل سرخ رنگ کو دیکھ کر اس قدر مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    رومن دور سے اسپین کی تاریخ کا حصہ رہنے والے اس کھیل کو ملکی ثقافت کا اہم جز سمجھا جاتا ہے۔ قدیم ادوار میں یہ مختلف شکلوں میں پایا جاتا تھا تاہم اس کی موجودہ شکل 18 ویں صدی میں منظر عام پر آئی۔

    اس کھیل میں ایک خطرناک قوی الجثہ بیل کو سرخ کپڑا دکھا کر مشتعل کیا جاتا ہے جس کے بعد غصے میں بھرا بیل تنگ کرنے والے شخص کو مارنے کے لیے دیوانہ وار دوڑتا ہے۔

    لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ بیل سرخ رنگ کو دیکھ کر اس قدر مشتعل کیوں ہوجاتا ہے؟

    آپ کو جان کر حیرانی ہوگی کہ حقیقت میں بیل سرخ رنگ کو دیکھ ہی نہیں سکتا۔ جی ہاں بیل سرخ رنگ کے لیے کلر بلائنڈ ہوتا ہے اور اس کی آنکھیں قدرتی طور پر اس رنگ کو شناخت ہی نہیں کرسکتیں۔

    بیل اور دیگر کئی جانوروں کی آنکھیں صرف 2 رنگوں کے پگمنٹس رکھتی ہیں جو کہ سبز اور نیلا ہیں۔ یعنی یہ جانور صرف انہی دو رنگوں میں تمیز اور ان کی شناخت کرسکتے ہیں۔

    ان دو رنگوں کے علاوہ ہر رنگ بیل کے لیے ایک سا ہوتا ہے۔

    بل فائٹنگ میں بیل کے اشتعال کی وجہ دراصل بل فائٹر کی بھاگ دوڑ اور ڈنڈے پر ٹکے کپڑے کو تاؤ دلانے والے انداز میں بیل کے سامنے لہرانا ہے جس سے بیل جھنجھلاہٹ اور غصے میں اس کے پیچھے دوڑتا ہے۔

    بیل کے لیے سرخ یا کوئی دوسرا رنگ یکساں اہمیت رکھتا ہے تاہم سرخ رنگ کا استعمال خون اور اس کھیل کی خونریزی ظاہر کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

  • سرخ لباس سے اپنی شخصیت کو مسحور کن بنائیں

    سرخ لباس سے اپنی شخصیت کو مسحور کن بنائیں

    کیا آپ جانتے ہیں ہر رنگ کا ایک تاثر ہوتا ہے جو دیکھنے والے پر مخصوص اثرات مرتب کرتا ہے۔

    اسی طرح اگر لباس کے رنگوں کی بات کی جائے تو ان کا بھی یہی معاملہ ہے۔ سفید رنگ کا لباس پہننے والے اور دیکھنے والے کو سکون کا احساس دلاتا ہے۔

    اسی طرح سیاہ رنگ سوگ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین نفسیات کے مطابق جو افراد سیاہ رنگ کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ دوسرے افراد کی نسبت زیادہ غمگین اور اداس رہتے ہیں۔

    فلکیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ رنگ اپنی خصوصیت کے مطابق اپنے ماحول سے بھی ویسے ہی اثرات جذب اور خارج کرتے ہیں۔ یعنی سیاہ رنگ بہت زیادہ پہننے والے شخص کے ساتھ دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ افسردہ کردینے والے واقعات پیش آتے ہیں جبکہ مجموعی طور پر اس کا اثر ان کے مزاج پر بھی پڑتا ہے۔

    اور بات صرف سیاہ تک ہی محدود نہیں، گرے، براؤن یا اس سے ملتے جلتے رنگ بھی مزاج پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

    اسی طرح گہرے اور شوخ رنگ، شوخی اور خوشی کی علامت ہیں۔ ایسے رنگوں کے لباس پہننے والوں کو آپ ہمیشہ ہنستا مسکراتا اور قہقہے لگاتا ہوا پائیں گے۔

    البتہ سرخ رنگ کا معاملہ مختلف ہے۔ یہ چونکہ خون کے رنگ کو ظاہر کرتا ہے لہٰذا اسے جنگ یا خطرے کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے، اور دوسری طرف محبت بھی اسی رنگ سے منسوب ہے۔

    سرخ دراصل جنون، توانائی، پرجوشی، تندی و تیزی اور پہلی نظر میں متاثر کرنے والا گہرا رنگ ہے جو مثبت اور منفی دونوں طرح کے اثرات مرتب کرتا ہے۔

    یہی معاملہ سرخ رنگ کے لباس کے ساتھ ہے۔ سرخ رنگ پہننے والا شخص اندر داخل ہوتے ہی سب کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق سرخ رنگ پہننے والے اپنے آپ کو پراعتماد بھی محسوس کرتے ہیں جبکہ وہ دیگر افراد کے مقابلے میں دوسروں پر بہت گہرا اور مسحور کن تاثر چھوڑتے ہیں۔

    آج ہم آپ کو دنیا بھر کی چند معروف خواتین کی سرخ لباس میں ملبوس تصاویر دکھا رہے ہیں جو اس رنگ میں نہایت خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں۔ انہیں دیکھ کر یقیناً آپ کا دل بھی سرخ رنگ پہننے کو چاہے گا۔


    معروف ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی کی اہلیہ امل کلونی جو خود بھی ایک معروف وکیل ہیں، اکثر و بیشتر سرخ رنگ کے لباس یا کوٹ میں ملبوس نظر آتی ہے۔

    ویسے تو ان کی شخصیت اس قدر مسحور کن ہے کہ وہ جو بھی رنگ پہنیں ان پر اچھا لگتا ہے، تاہم سرخ رنگ سے ان کی دلکشی میں اور بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔


    دنیا بھر میں اپنے پروقار فیشن کے لیے مشہور برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن بھی سرخ رنگ میں نہایت حسین دکھائی دیتی ہیں۔


    صحافی سے شاہی خاندان تک کا سفر کرنے والی اسپین کی ملکہ لٹزیا۔


    نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما جو پاکستان کا دورہ بھی کر چکی ہیں۔


    امریکا کی خاتون اول میلانیا ٹرمپ گو کہ فیشن کی دنیا میں اپنا کوئی تاثر جمانے میں ناکام رہیں، تاہم سرخ لباس میں وہ بھی بہت باوقار نظر آئیں۔


    سابق امریکی خاتون اول ہیلری کلنٹن جو ہمیشہ سے اپنے فیشن اور لباس کی وجہ سے مقبول رہیں، اب بھی نہایت خوبصورت مگر سادہ لباس زیب تن کرتی ہیں۔


    اسی طرح سابق امریکی خاتون اول مشل اوباما نے بھی سرخ رنگ میں سادگی و وقار کی مثال قائم کی۔


    ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی پہلے شوبز انڈسٹری میں ایک بے باک اداکارہ کے طور پر رہیں، بعد میں اقوام متحدہ کے سفیر کی حیثیت سے انہوں نے نہایت باوقار انداز اپنا لیا، تاہم دونوں طرح انہوں نے اپنی خوبصورتی اور انداز سے سب کو متاثر کیا۔


    برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سرخ لباس میں ملبوس۔


    اور تو اور یہ رنگ برطانوی ملکہ الزبتھ پر اس عمر میں بھی خوب جچتا ہے۔


    سرخ رنگ ہمیشہ سے خواتین کا پسندیدہ رنگ رہا ہے۔ لہٰذا ماضی میں بھی خواتین اس رنگ کو استعمال کرتی رہی ہیں۔ سابق برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی متاثر کن شخصیت سرخ رنگ میں اور بھی دلکش دکھائی دیتی تھی۔


    کسی بھی اسلامی ملک کی پہلی خاتون سربراہ ہونے کا اعزاز رکھنے والی بے نظیر بھٹو نے بھی سرخ رنگ زیب تن کیا۔


    ہم سب کی پسندیدہ ماہرہ خان بھی سرخ لباس میں ہر بار بہت دلکش اور حسین نظر آتی ہیں۔


    اور بالی ووڈ کی حسینائیں بھی سرخ رنگ سے اپنے حسن میں چار چاند لگا دیتی ہیں۔


    تو کیسا لگا آپ کو سرخ رنگ کا جادو؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔