Tag: reduce

  • وزن گھٹانے والے مشروب جنہیں بنانا بے حد آسان

    وزن گھٹانے والے مشروب جنہیں بنانا بے حد آسان

    غیر متحرک طرز زندگی موٹاپے کا سبب بنتا ہے جس میں اضافہ ہوتا ہی جاتا ہے، اکثر دیکھا گیا ہے کہ کم کھانا بھی موٹاپا کم کرنے کے لیے معاون ثابت نہیں ہوتا۔

    آج یہاں وزن کم کرنے کا ایک آسان طریقہ بتایا جارہا ہے جس کے لیے آپ کو ڈائٹنگ کی ضرورت نہیں بلکہ ان صحت بخش مشروبات کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں اور اپنا وزن گھٹائیں۔

    سیب کا سرکہ اور شہد کا مشروب

    پانی: 1 گلاس

    سیب کا سرکہ: 1 کھانے کا چمچ

    شہد: 1 کھانے کا چمچ

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    پانی میں تمام اجزا کو اچھی طرح سے ملائیں اور پی لیں یہ وزن کم کرنے کے ساتھ صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔

    زیرہ اور دار چینی کا مشروب

    پانی: 2 گلاس

    زیرہ: 1 چائے کے چمچ

    دارچینی: 1 انچ کا ٹکڑا

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    شہد: 1 چائے کا چمچ

    2 گلاس پانی میں زیرہ اور دار چینی ڈال کر ابالنے کے لیے چولھے پر رکھ دیں، اسے اتنا ابالیں کہ ان دونوں اجزا کا عرق اچھی طرح پانی میں شامل ہو جائے اور اس کا رنگ تبدیل ہوجائے۔

    اب اسے چھان لیں، اس کا ایک گلاس پانی لے کر اس میں لیموں کا رس اور شہد ملا کر استعمال کریں۔ یہ نہ صرف وزن کم کرے گا بلکہ جسم کے فاسد مادوں سے بھی نجات دے گا۔

  • بلڈ پریشر میں کمی کرنے میں مددگار طریقے

    بلڈ پریشر میں کمی کرنے میں مددگار طریقے

    بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر بے حد عام ہوتا جارہا ہے اور یہ امراض قلب اور فالج کا سبب بن سکتا ہے، ایک سروے کے مطابق تقریباً 52 فیصد پاکستانی آبادی ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے اور 42 فیصد لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ وہ ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں کیوں مبتلا ہیں۔

    تاہم ایسے کچھ طریقے ہیں جن کے ذریعے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھا جاسکتا ہے۔

    ورزش ہائی بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لانے کے لیے بہترین ذرائع میں سے ایک ہے۔ ورزش کو معمول بنانا دل کو مضبوط کرتا ہے اور خون پمپ کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔

    مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق نمک کی زیادہ مقدار کے استعمال کا تعلق ہائی بلڈ پریشر، امراض قلب اور فالج سے جوڑا گیا ہے۔ اگر آپ پہلے سے ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں تو غذا میں نمک کا استعمال کم کردیں۔

    پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں جیسے سبز پتوں والی سبزیاں، ٹماٹر، آلو، شکر قندی، تربوز، خربوزے، کیلے، مالٹے، خوبانی، دودھ، دہی، مچھلی، گریاں اور بیج کا استعمال بلڈ پریشر کا خطرہ کم کرتی ہیں۔

    کیفین کا زیادہ استعمال بھی دل کی دھڑکن کی رفتار اور بلڈ پریشر کو بڑھا دیتا ہے۔

    تناؤ بلڈ پریشر کو بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اگر ہر وقت تناؤ کا سامنا ہو تو دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے اور خون کی شریانیں سکڑ جاتی ہیں۔

    ڈارک چاکلیٹ اور کوکا پاؤڈر فلیونوئڈز سے بھرپور ہوتے ہیں، جو ایسا نباتاتی مرکب ہے جو خون کی شریانوں کو کشادہ کرتا ہے، فلیونوئڈ سے بھرپور کوکا دل کی صحت کو مختصر مدت میں بہتر بناتا ہے اور بلڈ پریشر کی سطح بھی کم ہوتی ہے۔

    موٹاپے کے شکار افراد جسمانی وزن میں کمی لاکر دل کی صحت کو نمایاں حد تک بہتر بناسکتے ہیں۔

    سگریٹ میں شامل نکوٹین بلڈ پریشر کو بڑھاتا ہے، جو لوگ دن بھر بے تحاشہ تمباکو نوشی کرتے ہیں ان کا بلڈ پریشر ہمیشہ بڑھا ہوا ہی رہتا ہے۔

    ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میٹھے مشروبات کا کم استعمال بلڈ پریشر میں کمی لاتا ہے۔

    بیریز پولی فینولز، قدرتی نباتاتی مرکبات سے بھرپور ہوتی ہیں جو دل کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں، پولی فینولز فالج، امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ کم کرتے ہیں جبکہ بلڈ پریشر، انسولین کی مزاحمت اور ورم کو بہتر بھی کرتے ہیں۔

    جن لوگوں کو کیلشیئم کی کمی کا سامنا ہوتا ہے ان میں اکثر ہائی بلڈ پریشر عام ہوتا ہے۔ کیلشیئم سپلیمنٹس تو بلڈ پریشر میں کمی نہیں لاتیں مگر اس جز سے بھرپور غذائیں ضرور مفید ثابت ہوتی ہیں۔

  • کھانا کھانے کے بعد پیٹ پھولنے اور گیس کی شکایت کو کیسے کم کیا جائے؟

    کھانا کھانے کے بعد پیٹ پھولنے اور گیس کی شکایت کو کیسے کم کیا جائے؟

    کھانا کھانے کے بعد اکثر اوقات پیٹ پھولنے کی تکلیف اور گیس کا سامنا ہوتا ہے، اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے پہلے سے کوئی بیماری بھی کبھی کبھار پیٹ پھولنے کا باعث بن جاتی ہے۔

    حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ غذائی عادات میں کچھ تبدیلیوں سے اس مسئلے کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

    سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ کون سی غذائیں اس تکلیف کا سبب بنتی ہیں۔ کاربو ہائیڈریٹس، چکنائی اور پروٹینز پیٹ پھولنے کا باعث بن سکتے ہیں، تاہم کچھ غذائیں اس مسئلے کو زیادہ بدترین بنا دیتی ہیں، ایسی عام غذاؤں میں سیب، بیج، گوبھی، دودھ کی مصنوعات، آڑو اور ناشپاتی قابل ذکر ہیں۔

    ان غذاؤں کا کم استعمال اس تکلیف میں کمی کا سبب بن سکتا ہے۔

    غذا میں فائبر کی مقدار پر نظر رکھیں، فائبر والی غذائیں جیسے اجناس، بیج اور دالیں پیٹ پھولنے اور گیس کا باعث بن سکتی ہیں، ویسے تو یہ غذذائیں صحت کے لیے مفید ہوتی ہیں تاہم کچھ افراد کو زیادہ فائبر پیٹ پھولنے کے مسئلے کا شکار بنا سکتا ہے۔

    فائبر صحت بخش غذا کا اہم حصہ ہے، مگر بتدریج غذا میں اس کی مقدار بڑھانی چاہیئے۔

    غذا میں زیادہ نمک طویل العیاد بنیادوں پر متعدد امراض بشمول ہائی بلڈ پریشر کا شکار بناسکتا ہے، زیادہ نمک کا استعمال جو بہت مختصر عرصے میں سامنے آجاتا ہے پیٹ پھولنا ہے۔

    چربی والی غذاؤں سے بھی گریز کریں، بہت زیادہ چربی والی غذاؤں کو ہضم کرنے کے لیے جسم کو زیادہ وقت لگتا ہے اور یہ غذائی نالی سے سست روی سے گزرتی ہیں، جس کے نتیجے میں پیٹ پھول سکتا ہے۔

    میٹھے مشروبات کی مقدار کم کریں، سافٹ ڈرنکس جیسے کاربونیٹڈ واٹر اور سوڈا بھی پیٹ پھولنے کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں، کیونکہ ان مشروبات کو پینے سے جسم میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس جمع ہونے لگتی ہے، جو پیٹ پھولنے کا باعث بنتی ہے۔

  • بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کوششوں میں بڑی پیشرفت

    بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کوششوں میں بڑی پیشرفت

    اسلام آباد : حکومت کی جانب سے کی جانے والی بجلی کی قیمتوں میں کمی کی کوششوں میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس سے چلنے والی 3آئی پی پیز نئے معاہدوں پر تیار ہوگئیں، آئی پی پیز کے ساتھ نرخوں میں کمی کاایم او یو اگست2019میں کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق آئی پی پیز کے ساتھ کابینہ کی منظوری سے معاہدوں پردستخط کیے جائیں گے، آئی پی پیزسے قیمتوں میں کمی کے معاہدے سے گردشی قرضے کا بوجھ کم ہوگا۔

    آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں سے حکومت کو836ارب روپے کا فائدہ ہوگا، معاہدوں سے توانائی کے شعبے میں واجبات کی ادائیگی ہوسکے گی، حکومت اب تک13آئی پی پیز کے ساتھ نرخوں میں کمی کا معاہدہ کرچکی ہے۔

  • امریکی پابندی سے ہواوے کمپنی کی آمدنی 10 ارب ڈالر کم ہو جائے گی

    امریکی پابندی سے ہواوے کمپنی کی آمدنی 10 ارب ڈالر کم ہو جائے گی

    بیجنگ:برطانوی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پابندی کے سبب ہواوے کمپنی امریکی کمپنیوں سے اہم اجزاءنہیں خرید سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹکنالوجی کی دنیا کی مشہور چینی کمپنی ہواوے نے کہاہے کہ امریکی پابندی کے سبب رواں سال کمپنی کی کاروباری آمدنی میں کم از کم 10 ارب ڈالر کی کمی متوقع ہے، اس پابندی کے سبب ہواوے کمپنی امریکی کمپنیوں سے اہم اجزاءنہیں خرید سکے گی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے پیر کے روز مزید 90 دن کی مہلت کا اعلان کیا تھا، اس مہلت کے وران امریکی ٹکنالوجی کمپنیاں چینی کمپنی ہواوے کو ایسی مصنوعات کی فروخت جاری رکھ سکتی ہیں جو امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہواوے کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے لیے مذکورہ مہلت کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور کمپنی اور اس کے ملازمین امریکی پابندی کے تحت مستقبل میں کام کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    ہواوے کمپنی کے نائب چیئرمین ایرک ڑو نے کمپنی کی نئی چپ سیٹ کو متعارف کرانے کے ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے کہ ہواوے کمپنی کو درپیش اس صورت حال کی شدت میں جلد کوئی کمی واقع ہو گی۔

    اس سے پہلے کمپنی نے رواں ماہ اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور اسمارٹ ڈیوائس کے لیے اپنے خصوصی آپریٹنگ سسٹم کا انکشاف کیا تھا، اس بارے میں کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ہواوے کو گوگل کے اینڈروئڈ سسٹم کا متبادل فراہم کر سکتی ہے۔

    کمپنی کا کہناتھا کہ وہ ایسینڈ 910 کو براہ راست مارکیٹ میں پیش نہیں کرے گی۔،کمپنی کے نائب چیئرمین ایرک ڑو کے مطابق یہ چپ سیٹ دنیا میں کسی بھی دوسرے پروسیسنگ یونٹ سے زیادہ بڑے ڈیٹا کے حساب کتاب کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • مذاکرات میں پیشرفت پر افغانستان میں فوج کی تعداد کم کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

    مذاکرات میں پیشرفت پر افغانستان میں فوج کی تعداد کم کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : صدر ٹرمپ نے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین عرصہ دراز سے ہماری صنعتوں کو نشانہ بنا رہا تھا، چین ہماری معیشت کو نقصان پہنچانے سے باز رہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس میں اسٹیٹ آف دی یونین سے کرتے ہوئے کہا کہ جب سے اقتدار سنبھالا ہے امریکی معیشت دگنی رفتار سے ترقی کررہی ہے، دنیا کی معیشتیں تنزلی کی جانب جبکہ امریکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےامریکامیں 53لاکھ نوکریاں پیداکیں، صرف پچھلے ماہ 3 لاکھ 4 ہزار ملازمت کے مواقع پیدا کیے، امریکا میں بے روز گاری کی شرح اس وقت تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے اور پچاس لاکھ امریکی شہری خط غربت سے باہر آچکے ہیں۔

    دنیا میں امریکیوں کے ہم پلہ کوئی نہیں لیکن ہمیں عظیم سے عظیم تر بننے کا انتخاب کرنا ہوگا، ہمیں اجتماعی مفاد کیلئے انتقامی سیاست چھوڑنا ہوگی، صرف احمقانہ جنگ اور سیاست ہی امریکی ترقی کے آڑے آسکتی ہے، فتح اپنی جماعت کی نہیں بلکہ ملک کی جیت کا نام ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے کانگریس کے دونوں ایوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا رواں برس پھر چاند جھنڈا لہرائے گا اور اس سال امریکی خلاف میں راکٹ لے کر جائیں گے۔

    امریکی آرمی زمین پر سب سے زیادہ طاقتور فوج ہے، امریکا جدید دفاعی میزائل سسٹم بنا رہا ہے، ہم نے امریکی فوج کو جدید بنانے کیلئے 2 سال میں ایک ہزار 416 ارب ڈالر خرچ کیے۔

    میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اب ہمیں غیر قانونی امیگریشن کا خاتمہ کرنا ہوگا، غیرقانونی امیگریشن سے ملک میں جرائم میں اضافہ ہوتا ہے، غیرقانونی امیگریشن کے باعث الپاسو ملک کا سب سے خطرناک شہر بن چکا ہے۔

    میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ میکسیکو بارڈر پر دیوار ضرور تعمیر ہوگی، ہم چاہتے ہیں کہ سب سے زیادہ لوگ امریکا آئے لیکن انہیں قانونی طور پر داخل ہونا ہوگا۔

    چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ

    امریکی صدر ٹرمپ نے چین کو خبردارکرتے ہوئے کہا کہ چین عرصہ درازسے ہماری صنعتوں کو نشانہ بنا رہا تھا، امریکی معیشت کونقصان پہنچانے سے باز رہے۔

    چینی مصنوعات پر 250 ارب ڈالر کا ٹیکس لگایا جس کے بعد سے امریکی خزانے میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہورہا ہے۔

    ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین پر واضح کردیا کہ امریکی دولت اور نوکریاں چوری کرنے کا وقت گزر گیا۔

    ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا مردہ باد کا نعرہ لگانے والے ملک کو نظر انداز نہیں کرسکتے، یہودیوں کی نسل کشی کی دھمکی دینے والے ملک کو ایسے نہیں چھوڑ سکتے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ایران سے متعلق کہا کہ ایران ریاست دہشت گردی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، ایران کے خلاف ہم نے فیصلہ کن اقدامات کرتے ہوئے ایران کےلیے ایٹمی ہتھیاروں کا حصول ناممکن بنایا۔

    سابقہ دور حکومت میں ایران کے ساتھ طے ہونے والا جوہری معاہدہ تباہ تھا ہم نے ایران کو جوہری ملک بننے سے روکنے کےلیے معاہدے سے دستبرداری اختیار کی۔

    مشرق وسطیٰ کے مسائل

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیٹ آد دی یونین خطاب میں مشرق وسطیٰ متعلق کہا کہ مذکورہ خطے میں امریکا کو پیچیدہ ترین مسائل کا سامنا ہے، افغانستان، شام میں 7 ہزار امریکی ہلاک، 52 ہزار زخمی ہوئے، امریکا مشرق وسطیٰ میں اب تک 7 کھرب ڈالر خرچ کرچکا ہے۔

    داعش کے زیر قبضہ عراق، شام میں تقریباً تمام رقبہ آزاد کروا چکے ہیں، جبکہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر داعش کے بچے کچے عناصر کا خاتمہ کر رہے ہیں لیکن اب شام سے بہادر امریکی افواج کی گھر واپسی کا وقت آگیا ہے۔

    سنی سنائی کہانیوں کے بجائے ہمارا نقطہ نظر حقیقت پر مبنی ہے، ہم نے اسرائیل کے حقیقی دارالحکومت کو تسلیم کیا، یروشلم میں امریکی سفارتے خانے کا فخریہ افتتاح کیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا افغانستان اور روس سے متعلق بیان

    روس سے معاہدے کے تحت میزائل صلاحتیں محدود کی تھیں، ہم نے روس کے ساتھ طے شدہ معاہدے پر من و عن عمل کیا لیکن روس امریکا کے ساتھ طے شدہ معاہدے کی متواتر خلاف ورزی کرتا رہا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے سیاسی حل کےلیے مذاکرات میں تیزی لائے ہیں، اب ہم اس قابل ہوگئے ہیں کہ افغان مسئلے کا سیاسی حل تلاش کریں۔

    افغانستان میں طالبان سمیت کئی گروہوں سے تعمیری مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات میں پیشرفت پر فوج کی تعداد کم کریں گے۔

    افغانستان میں 2 دہائیوں کے بعد امن کو موقع دینے کا وقت آگیا ہے، افغانستان میں فوج کی تعداد کم کر کے انسداد دہشت گردی پر توجہ دیں گے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ نیٹو کا عرصہ دراز سے امریکا سے رویہ نامناسب تھا، اب 100 بلین ڈالر نیٹو اتحادی بھی بجٹ میں اپنا حصہ دیں گے۔

  • نیپرا نے بجلی  2روپے19پیسے  سستی کردی

    نیپرا نے بجلی 2روپے19پیسے سستی کردی

    اسلام آباد : نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی اور بجلی 2روپے19پیسے فی یونٹ سستی کردی گئی ہے تاہم کراچی کے عوام اس سے محروم رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نیپرا نے سماعت کی، نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں کمی ستمبر کے مہینے میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے جس کے بعد عوام کو 20 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

    سی پی پی اے نے بجلی7پیسے فی یونٹ مہنگا کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد نیپرا نے 24 ارب صارفین سے وصول کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    ریلیف آئندہ بلوں میں دیا جائے گا اور کمی کا اطلاق 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا جبکہ اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔


    مزید پڑھیں : نیپرا کا کراچی کے شہریوں کو جھٹکا، فی یونٹ 75 پیسے اضافہ


    خیال رہے کہ اگست میں بھی نیپرا کی جانب سے بجلی کی قمیت میں 1 روپے 70 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی تھی۔

    یاد رہے رواں ماہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین پر پچھتر پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا گیا تھا جبکہ کے الیکٹرک کے لیے کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی شرط بھی ختم کردی گئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • قرآن شریف میں‌ زمین کے خشک حصے غرق آب ہونے کی پیش گوئی؟

    قرآن شریف میں‌ زمین کے خشک حصے غرق آب ہونے کی پیش گوئی؟

    قرآن شریف دنیا کا سب سے بڑا وہ ظاہر معجزہ ہے اور وہ الہامی کتاب ہے جس میں قیامت تک پیش آنے والے ہر واقعہ کی  پیش گوئی کردی گئی ہے، کچھ باتیں کھلی اور کچھ ڈھکی چھپی ہیں تاکہ سمجھنے والے اسے سمجھ سکیں جیسا کہ اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ عقل والوں کے لیے اس میں کھلی نشانیاں موجود ہیں۔

    آج دنیا زمین کے مسلسل بڑھنے والے درجہ حرارت سے پریشان ہے، جسے گلوبل وارمنگ کا نام دیا گیا ہے، سائنس دان بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ زمین کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے، اس ضمن میں قرآن شریف میں بہت واضح طور پر کم از کم دو بار اللہ تعالیٰ دنیا بھر کو خبردار کرچکے ہیں۔

    سورۃ الانبیا میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے

    بلکہ ہم نے ان کو اور ان کے باپ دادا کو برتاوا دیا یہاں تک کہ زندگی ان پر دراز ہوئی تو کیا نہیں دیکھتے کہ ہم زمین کو اس کے کناروں سے گھٹاتے آرہے ہیں تو کیا یہ غالب ہوں گے؟( سورۃ انبیاء، آیت 44)

    سورہ الرعد میں بھی اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے

     

    کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ ہم زمین کو اس کے کناروں سے گھٹاتے چلے آتے ہیں اور خدا (جیسا چاہتا ہے) حکم کرتا ہے کوئی اس کے حکم کا رد کرنے والا نہیں اور وہ جلد حساب لینے والا ہے(سورۃ الرعد، آیت 41)

    ان دونوں سورۃ کی آیات کا ترجمہ دیکھیں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اور ہم زمین کے کناروں کو گھٹاتے چلے آئے ہیں؟ کیسے؟؟

    زمین پر تین حصے پانی، ایک حصہ خشکی

    ہماری زمین پر تین حصے پانی اور صرف ایک حصہ یا اس سے کم خشکی ہے، سائنس دانوں کے مطابق زمین پر 71 فیصد پانی اور 29 فیصد خشکی ہے۔

    اس خشک حصے کا 20 فیصد پہاڑوں پر مشتمل ہے اور 20 فیصد حصہ برف سے ڈھکا ہوا ہے جس میں پورا براعظم انٹار کٹیکا شامل ہے جہاں برف کے عظیم الشان گلیشیر بھی موجود ہیں۔

    زمین کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ زمین کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اس کی وجہ انسان خود ہے جو اپنی ایجادات، درختوں کے کٹاؤ اور دیگر اقسام کی ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کے سبب زمین کے اطراف موجود اوزون کی تہہ ختم کررہا ہے جس کے باعث دھوپ کی شعاعیں چھن کر آنے کے بجائے براہ راست زمین پر پڑ رہی ہیں اور درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔

    برف کے پہاڑ پگھلنے لگے

    درجہ حرارت بڑھنے کے سبب زمین پر موجود برف کے عظیم الشان پہاڑ متاثر ہیں اور حالیہ رپورٹس کے مطابق ان کے پگھلنے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے نتیجے میں سمندروں میں پانی کی مقدار مسلسل بڑھ رہی ہے اور سطح آب مسلسل بلند ہورہی ہے۔

    چند روز قبل ہی عالمی اداروں نے رپورٹ دی ہے کہ زمین کا درجہ حرارت بڑھنے کے سبب قطب جنوبی میں واقع براعظم انٹارکٹیکا میں 6 ہزار مربع کلومیٹر برفانی تودہ شگاف پڑ جانے کے باعث ٹوٹ کر خطے سے علیحدہ ہوگیا۔

    Image result for cites drown prediction

    دنیا کے کئی بڑے شہر غرق ہونے کی پیش گوئیاں

    سطح سمندر بلند ہونے سے زمین کا خشک حصہ کم ہورہا ہے حتیٰ کہ کچھ اداروں نے برسوں بعد دنیا کے کئی بڑے شہر غرق آب ہونے کی پیش گوئی بھی کررکھی ہے جو کہ سمندر کنارے واقع ہیں۔

    یہ واقعی حقیت ہے کہ درجہ حرارت اگر اسی طرح بڑھتا رہا تو سمندر میں پانی کی سطح کئی انچ تک بلند ہوجائے گی اور پانی سمندر کنارے بنے شہروں میں داخل ہوجائے گا۔

    یہ بات سائنس دان اب کہہ رہے ہیں مگر 1400 برس قبل قرآن شریف میں اس بات کی طرف اشارہ کردیا گیا تھا کہ انسان اپنے اعمال اپنی ایجادات اور توانائی کے بے جا اور غیر محفوظ استعمال کی وجہ سے دنیا کا درجہ حرارت بڑھانے کا باعث بنے گا جس کی وجہ سے برف کے پہاڑ پگھل جائیں گے اور خشکی کا رقبہ کم ہوجائے گا۔

    عین ممکن ہے کہ سطح سمندر دنیا کے کئی شہروں سے بلند ہوجائے اور سمندر کا پانی جب شہروں میں داخل ہوگا تو وہ پورے کے پورے شہر سمندر کا حصہ بن جائیں گے۔

    ہمیں اس آیت پر بارہا غور کرنا ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے کس قدر کھلے الفاظ میں کہا ہے کہ ہم زمین کے کناروں کو گھٹاتے چلے آئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ مضمون پسند نہیں آیا تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان

    پیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان

    اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، قیمتوں میں کمی ایک ماہ کے لیے کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی مارکیٹ میں مندی کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کچھ سستا کردیا گیا، عوام کو تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ساڑھے تین روپے کمی کی توقع تھی مگر کمی صرف ڈیڑھ روپے کی گئی ہے۔

    ماہ جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کچھ اس طرح ہوں گی پیٹرول کی فی لیٹر قیمت بہتر روپے اسی پیسے سے کم ہوکر اکہتر روپے تیس پیسے ہوگئی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت اکیاسی روپے چالیس پیسے سے کم ہوکر اناسی روپے نوے پیسے ہوگئی ہے۔

    نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہو گا جو اگلے ایک ماہ تک نافذ العمل رہیں گی، یاد رہے کہ مٹی کے تیل سیمت پیٹرولیم کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال کی تھی جس کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 70پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 3روپے 30 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی تھی۔

  • ریلوے کے کرایوں میں 20فیصد کمی کا اعلان

    ریلوے کے کرایوں میں 20فیصد کمی کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے تمام ریل گاڑیوں کی سب کلاسز پر کرایوں میں بیس فیصد کمی کا اعلان کر دیا، کرایوں میں کمی کا اطلاق یکم سے بیس رمضان المبارک تک ہو گا۔

    اسلام آباد میں پاکستان ریلویز اور پی ایس او کے مابین معاہدے کی تقریب کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کی صورتحال ماضی سے بہتر ہوئی ہے، ریلوے خسارے کو کم کرنے کے لئے آمدن کو بڑھایا گیا ہے لیکن آمدن بڑھنے کے باوجود ریلوے کو تاحال منافع بخش نہیں بنایا جا سکا۔

    انکا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت کے آغاز کے وقت ریلویز کی آمدن 18ارب تھی جواب بڑھ کر 41ارب ہو چکی ہے، جب حکومت ملی تب تنخواہ کی مد میں ملازمین کو 33ارب ادا کر رہے تھے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ریلوے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں بیس ارب روپے اضافہ ہوا ہے، رواں سال ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 53ارب ادا کر رہے ہیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کے بجٹ کا 74فیصد ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں خرچ ہو جاتا ہے ، پاکستان ریلویز کو گزشتہ سال مال برداری کے شعبے سے گیارہ ارب کی آمدن ہوئی، آئندہ مالی سال ریلویز آمدن کا ہدف 53ارب رکھا جائیگا ۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلو ے کرایوں میں کمی سے مسافروں میں اضافہ ہوا، چار سال کے دوران پاکستان ریلویز کے سسٹم میں ڈیڑھ کروڑ نئے مسافر شامل ہوئے ہیں، ریلوے پولیس کو جدید آلات اور پیشہ وارانہ تربیت دینے کے باوجود انکی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جا سکا، تسلیم کرتا ہوں کہ ریلو ے پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کی پولیس کے برابر ہونی چاہئے ۔

    اس سے قبل پاکستان ریلویز اور پی ایس او کے مابین تیل کی ترسیل سے متعلق معاہدہ طے پایا، جس پر دونوں جانب سے حکام نے دستخط کئے، معاہدے کے تحتپی ایس او بیس لاکھ ٹن آئل کی پاکستان ریلویز کے زریعے ترسیل کا پابند ہوگا، پی ایس او پندرہ یوم کے دوران پاکستان ریلوے کو ترسیل کی مد میں کرایہ ادا کرنے کا پابند ہوگا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک  وال پرشیئر کریں۔