Tag: reduced

  • دنیا بھر میں قرضے لینے کے رجحان میں کمی

    دنیا بھر میں قرضے لینے کے رجحان میں کمی

    اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل فنانس (آئی آئی ایف) کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے اور قرضوں کی طلب کم ہونے سے سال 2022 میں عالمی قرض 15 ہزار ارب ڈالر کم ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل فنانس (آئی آئی ایف) کا کہنا ہے کہ سال 2022 کی تیسری سہ ماہی میں عالمی قرض 6 ہزار 400 ارب ڈالر کم ہوا ہے۔

    آئی آئی ایف کا کہنا ہے کہ سال 2022 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر عالمی قرضوں کا حجم 2 لاکھ 90 ہزار ارب ڈالر رہا، عالمی مالیاتی حالات غیر یقینی ہونے سے قرضوں کی طلب کم ہوئی ہے۔

    آئی آئی ایف کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے اور قرضوں کی طلب کم ہونے سے 2022 میں عالمی قرض 15 ہزار ارب ڈالر کم ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں عالمی قرضوں کا حجم ریکارڈ 3 لاکھ 6 ہزار ارب ڈالر تھا، قرض کی مستقل منڈیوں، جاپان، برطانیہ، فرانس اور کینیڈا میں قرضوں کی مانگ میں کمی ہوئی ہے۔

    آئی آئی ایف کا کہنا ہے کہ سال 2022 کی تیسری سہ ماہی میں صرف امریکا کا قرض بڑھا ہے، مہنگائی نے قرضوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد فراہم کی ہے، پرائسنگ پاور نے کارپوریٹ سیکٹر کی آمدنی کو بہتر کیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ حکومتوں کی ٹیکس آمدنی مہنگائی کی وجہ سے بہتر ہوئی ہے، عالمی ڈیٹ ٹو جی ڈی پی ریشو مسلسل چھٹی سہ ماہی میں کم ہوا ہے۔ عالمی قرضوں کا تناسب عالمی پیداوار کا 343 فیصد ہے۔

  • پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کیلئے ایک اور بڑا ریلیف

    پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کیلئے ایک اور بڑا ریلیف

    اسلام آباد : پنجاب اوراسلام آباد میں سی این جی کی قیمتوں میں 12 روپے 50 پیسے کمی کردی گئی جبکہ سندھ اور بلوچستان کے شہری اس فائدے سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمت میں کمی کے مقامی مارکیٹ پرثمرات ںظر آنے لگے ، پنجاب اوراسلام آباد میں سی این جی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔

    صدرآل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق سی این جی کی قیمت میں 12روپے 50 پیسےکمی کے بعد فی لیٹرسی این جی 72 روپے ہوگئی، نئی قیمتوں کااطلاق آج سے ہوگیا جبکہ سندھ اور بلوچستان کے شہری اس فائدے سےمحروم ہیں۔

    صدرآل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہا کہ کہ حکومت سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں جی ڈی آئی سی ختم کریں، جس سے دیگر صوبوں کے شہریوں کو بھی سی این جی سستی ملے، اس وقت سندھ اوربلوچستان میں قیمت 123 روپے فی کلو ہے۔

    اوگرا نے مئی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اکیس روپے پینسٹھ پیسے فی کلواضافےکانوٹیفکیشن جاری کردیا، ایل پی جی سلنڈر 255 روپے 51 پیسے مہنگا ہوگیا جبکہ گریلو سلنڈرکی نئی قیمت ایک ہزار322 روپے90 پیسے ہوگئی ہے۔

    یاد رہے حکومت کی جانب سے مئی کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں15 روپےکمی کا اعلان کیا، جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈڈیزل میں 27روپے 15 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 80روپے 10 پیسے تک پہنچ گئی۔

    اعلان کے مطابق مٹی کا تیل 30روپےسستا ہوگیا جس کے بعد نئی قیمت 47روپے44پیسےہوگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل 15 روپےسستاہوکر 47 روپے 51 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

  • ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 89 فیصد کمی

    ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 89 فیصد کمی

    اسلام آباد : شدید سردی کے سبب ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں نواسی فیصدکمی ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے بلوچستان، آزادکشمیر اورقبائلی اضلاع میں ڈینگی کا مکمل خاتمہ ہوگیا جبکہ سندھ سے ڈینگی وائرس کا تاحال خاتمہ نہیں ہو سکا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 89 فیصد کمی آ گئی، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بلوچستان، آزادکشمیر، قبائلی اضلاع ڈینگی سے مکمل خاتمہ ہوگیا جبکہ اسلام آباد ڈینگی وائرس سے 98 فیصد، پنجاب 93 فیصد پاک ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ سے ڈینگی وائرس کا تاحال خاتمہ نہ ہو سکا، ملک کے موجودہ 92 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق سندھ سے ہے جبکہ سندھ کے 94 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 125 ڈینگی کیس سامنے آئے، جس میں سے اسلام آباد سے 6، پنجاب سے 6،بلوچستان سے 1 کیس شامل ہیں جبکہ خیبرپختونخواہ و قبائلی اضلاع، آزاد کشمیر سے کوئی ڈینگی کیس سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں سندھ سے 112 ڈینگی کیس سامنے آئے اور ڈینگی وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ملک میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 52248 ہے ،رواں برس سب سے ذیادہ 15304 ڈینگی کیس سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

    رواں برس وفاقی دارالحکومت سے 13282، پنجاب 10045 ،بلوچستان 3386 ، خیبرپختونخوا 7079، قبائلی اضلاع 793 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، آزادکشمیر سے 1690 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان سے رواں برس ڈینگی وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک میں ڈینگی سے 91 اموات ہو چکی ہیں، جس میں سندھ میں ڈینگی سے 42، وفاقی دارالحکومت میں 22 ، پنجاب  23،بلوچستان 3،آزادکشمیر میں 1 شخص جاں بحق ہوا جبکہ کے پی، قبائلی اضلاع میں ڈینگی سے تاحال اموات واقع نہیں ہوئیں۔

  • ایف بی آر نے پراپرٹی پر سیلز ٹیکس کم کردیا

    ایف بی آر نے پراپرٹی پر سیلز ٹیکس کم کردیا

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی پر سیلز ٹیکس کم کردیے ، تعمیر شدہ گھریافلیٹ کی 4 سال بعد اور پلاٹ کی 8 سال بعد فروخت پرکوئی ٹیکس نہیں ہوگا جبکہ چار سال سے پہلے فروخت کرنے پر کیپیٹل گین ٹیکس لگے گا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی ٹیکس کی چھوٹ کی مدت اور شرح میں کمی کا اصولی طور پر فیصلہ کرلیا، جس کا اعلان حکومت کی جانب سےکیا جائے گا۔

    ایف بی آر نے پراپرٹی پر سیلز ٹیکس کم کردیے، جس کے بعد تعمیر شدہ گھریافلیٹ کی 4 سال بعد فروخت اور پلاٹ کی 8 سال بعد فروخت پرکوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔

    ذرائع ایف بی آر کے مطابق چار سال سے پہلے فروخت کرنے پر 50 لاکھ کی پراپرٹی پر5 فیصد کیپیٹل گین ٹیکس ، ایک کروڑ کی پراپرٹی پر 10 فیصد کیپیٹل ٹیکس لاگو ہوگا۔

    ڈیڑھ کروڑ روپے کی پراپرٹی پر 15 فیصد اور 2کروڑ روپے کی پراپرٹی پر 20 فیصد کیپیٹل گین ٹیکس لگے گا۔

    اس وقت پراپرٹی ملکیت کے 3 سال کے اندر فروخت کرنے پر ٹیکس عائد ہے جب کہ 3 سال بعد پراپرٹی فروخت کرنے پر ٹیکس کی شرح صفر ہے، 30 جون کے بعد پراپرٹی ملکیت کے 10 سال کے اندر فروخت کرنے پر15 فیصد ٹیکس کی تجویز ہے۔

    نئے فنانس بل میں تجویز کردہ 10 سالہ مدت کے بعد پراپرٹی فروخت کرنے پرٹیکس کی شرح صفر ہوگی۔

    یاد رہے اس سے قبل ایف بی آرنےبائیس بڑےشہروں کیلئےجائیدادکی قیمتیں بڑھانےکافیصلہ کیا تھا ، جائیداد کی ایف بی آر قیمتیں یکم جولائی سے مارکیٹ ویلیو کی 85 فی صد ہو جائیں گی، ایف بی آر نے جائیداد کی قیمتوں پر یہ نظر ثانی 5 ماہ کے لیے کی ہے۔

    کراچی کے لیے رہایشی جائیداد کی قیمتوں میں 54 فی صد تک اضافہ، کمرشل جائیداد کی قیمتوں میں 67 فی صد تک اضافہ جب کہ جائیداد کی قیمتوں کی 11 کیٹگریز برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی۔

  • سعودی عرب نے غیر ملکی ملازمین کیلئے ویزوں میں 72 فیصد کمی کردی

    سعودی عرب نے غیر ملکی ملازمین کیلئے ویزوں میں 72 فیصد کمی کردی

    ریاض : حالیہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دو برسوں میں سعودی لیبر مارکیٹ سے 16 لاکھ غیر ملکی نکل گئے، وطن واپس جانے والوں میں انڈین پہلے اور پاکستانی دوسرے نمبر پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس غیر ملکی کارکنوں کے لیے ویزوں کی شرح میں 72.6 فیصد کمی کی گئی ہے۔

    سعودی وزارت محنت و سماجی فروغ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جاری ہونے والے ورک ویزوں کی تعداد 5 لاکھ 57 ہزار تین سو 25 تھی جبکہ اس کے مقابلے میں معاشی بحران سے قبل سنہ 2015 میں جاری ہونے والے ورک ویزوں کی تعداد 20 لاکھ 31 ہزار 2 سو اکیانوے رہی۔

    قبل ازیں رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گذشتہ دو برسوں میں سعودی لیبر مارکیٹ سے 16 لاکھ غیر ملکی نکل گئے ہیں ۔ وطن واپس جانے والوں میں انڈین پہلے جبکہ پاکستانی دوسرے نمبر پر ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وطن واپس جانے والے ان غیرملکیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ تعمیرات کا شعبہ متاثر ہوا ہے جبکہ گذشتہ برس سب سے زیادہ نئے ویزے بھی تعمیرات کے شعبے میں کام کرنے والے کارکنوں کو جاری کیے گئے۔

    ان تمام حقائق اور مسائل کے باوجود سعودی عرب آج بھی غیر ملکی کارکنوں کے پسندیدہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔

    مقامی اخبار میں جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے سروے میں 10 ملین افراد سے ملازمت کے لیے پسندیدہ ممالک کے متعلق رائے پوچھی گئی تھی۔

    سروے کے مطابق دنیا بھر کے ورکرز کے نزدیک امریکہ پسندیدہ ممالک کی فہرست میں پہلے جبکہ روس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح سعودی عرب کارکنوں کے لیے پسندیدہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر رہا۔

    غیر ملکیوں پر عائد فیس کے علاوہ ان کے ہمراہ رہنے والے اہل خانہ میں سے ہر ایک فرد پر ماہانہ فیس مقرر کرنے کی وجہ سے نہ صرف لیبر مارکیٹ متاثر ہوئی بلکہ مجموعی معیشت پر اس کے اثرات دیکھے جاسکتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نئے ویزوں کے اجرا میں کمی کے علاوہ لیبر مارکیٹ سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں سمیت غیر ملکیوں کا نکل جانا اس کی بڑی وجہ ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جدہ، ریاض اور دمام سمیت بڑے شہروں میں پاکستانی علاقوں میں گھروں کے کرایوں میں کمی اور ہر عمارت میں کرایہ پر دستیاب اپارٹمنٹ کے بورڈ ظاہر کر رہے ہیں کہ یہاں سے بڑی تعداد میں لوگ جا چکے ہیں۔

  • سرچ انجن گوگل نے راتوں رات پاکستانی کرنسی کی قدربڑھا دی

    سرچ انجن گوگل نے راتوں رات پاکستانی کرنسی کی قدربڑھا دی

    کراچی : سرچ انجن گوگل اور بینگ نے راتوں رات پاکستانی کرنسی کی قدربڑھادی، ڈالر کی قدر کم کرکے 76.25 پیسے دکھانے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل اور بینگ کا کرنسی کنورٹر روپے کی قدر میں ہوشربا اضافہ کرکے ڈالر کی قیمت میں  76 روپے 25 پیسے دکھانے لگا، جس نے پاکستانیوں کو حیران و پریشان کردیا۔

    گوگل اور بینگ نے پاکستانی کرنسی کی قدر میں اچانک 63 روپے 89 پیسے کا اضافہ کردیا ۔

    دنیا کا سب سے بڑے سرچ انجن نے صرف ڈالر کی قدر میں ہی کمی نہیں کی بلکہ یورو، پاؤنڈ اور اماراتی درہم کی قدر بھی پاکستانی روپے کے مقابلے میں گرا دی۔

    گوگل اور بینگ کے کرنسی کنورٹر کے مطابق برطانوی پاؤنڈ 98 روپے 12 پیسے، یورو 87 روپے 04 پیسے، اماراتی درہم اور سعودی ریال 20 روپے 76 اور 33 پیسے ہوگئی، جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قدر اب بھی 180 روپے 14 پیسے ہے۔

    گوگل اور بینگ کرنسی کنورٹر پر اچانک ڈالر کی قدر میں کمی اور پاکستانی کرنسی کی قدر میں 63 روپے کا اضافہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جبکہ دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی صارفین گوگل کنورٹر کے اسکرین شاٹ لے کر شیئر کرنا شروع کردئیے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے گوگل کی کنورٹر کا عکس شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’گوگل ہمارا مستقبل دکھا رہا ہے‘۔

    گوگل کنورٹر کی غلطی کو حقیقت مان کر پاکستانی عوام نے  شکریہ کے پیغامات کے ساتھ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی تصاویر بھی شیئر کرنا شروع کردی تھیں تاہم جیسے ہی حقیقت سامنے آئی صارفین نے ٹوئٹر سے اپنے ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا شروع کردئیے۔

    گوگل اور بینگ دونوں سرچ انجنز کی ڈیٹا سروس ایک ہی کمپنی مورنگ اسٹار ہے، مارننگ اسٹار کے ڈیٹا میں تکنیکی خرابی کے باعث یہ صورت حال پیش آئی، گوگل نے 3 گھنٹے بعد کرنسی کنورٹر کی غلطی درست کی اور پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر دوبارہ بڑھا کر 140 روپے 14 پیسے دکھانے لگا۔