Tag: Rehman bhola

  • سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کا قریبی ساتھی گرفتار

    سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کا قریبی ساتھی گرفتار

    کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے حساس اداروں کے ہمراہ عزیز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حساس اداروں کے ہمراہ عزیز آباد میں کارروائی کی ، کارروائی کے دوران سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے کہا بتایا کہ گرفتار یاسین عرف بٹک عرف ڈاڈاایم کیوایم لندن کا دہشت گرد ہے اور پولیس اہلکارسمیت ٹارگٹ کنگ کی متعددوارداتوں میں ملوث ہے۔

    دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ 98 میں رحمان بھولا کی ہدایت پر پولیس اہلکارعارف ،اکبر کی ریکی کی، میری نشاندہی پرشکیل سپناگروپ نےدونوں کوفائرنگ کرکےقتل کیا جبکہ 2008میں ساتھیوں سےمل کرسیاسی کارکن کوقتل کیا۔

    ،ملزم نے بیان میں کہا کہ رحمان بھولا کیساتھ ملکر بلدیہ ٹاؤن میں چاندگروپ کے شاکرپٹنی ، رنچھوڑلائن میں ایک شخص اور یقوب مادہ کےچھوٹےبھائی عباس مادہ کو قتل کیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی شعیب قریشی کا کہنا تھا کہ ملزم یاسین پہلے بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے۔

  • سانحہ بلدیہ: رحمان بھولا اعترافی بیان سے مکر گیا

    سانحہ بلدیہ: رحمان بھولا اعترافی بیان سے مکر گیا

    کراچی: سانحہ بلدیہ کیس میں اہم موڑ سامنے آیا کہ جب انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مرکزی ملزم رحمان بھولا نے اپنے اعترافی بیان سے صاف انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں مرکزی ملزم رحمان بھولا کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔

    ملزم رحمان بھولا نے اپنے اعترافی بیان سے انکار کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ ’دفعہ 164 کا کوئی بیان ریکارڈ نہیں کرایا اور نہ ہی بلدیہ فیکٹری کو آگ لگانے کے حوالے سے کوئی بیان ریکارڈ کروایا‘۔

    مزید پڑھیں: سانحہ بلدیہ فیکٹری کو5سال ہوگئے، لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر

    رحمان بھولا نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’تفتیش کے دوران زبردستی بیان لے کر عدالت میں پیش کیا گیا، میں نے کوئی اعترافی بیان نہیں کیا لہذا عدالت اس مقدمے میں نامزد ملزم رضوان قریشی کی جے آئی ٹی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرے‘۔

    دورانِ سماعت گواہ کے طور پر پیش کیے جانے والے عبد الستار، عمر حسن قادری اور دیگر نے بھی اپنے بیانات ریکارڈ کروائے، عمر حسن قادری کا کہنا تھا کہ ’پیسوں کا لین دین کاروبار کی مد میں کیا گیا‘۔

    یہ بھی پڑھیں: سانحہ بلدیہ کیس : متحدہ رہنما حماد صدیقی دبئی میں گرفتار

    سرکاری وکیل نے ایم کیو ایم کی عدالت میں دائر درخواست پر مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’رؤف صدیقی کو پولیس نے چالان کے کالم نمبر 2 میں رکھا ہے اور اس میں نامزد تمام ملزمان ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں لہذا متحدہ رہنما کی درخواست کو مسترد کیا جائے‘۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مزید سماعت 3 جنوری تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے بلدیہ کے علاقے میں واقع فیکٹری میں آتشزدگی کی وجہ سے 250 سے زائد افراد جل کر بھسم ہوگئے تھے جب کہ سانحہ 12 مئی میں 30 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جس کا ذمہ دار حماد صدیقی کو قرار دیا گیا تھا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • رحمان بھولا کا ہم نام ہونا تاجر کو مہنگا پڑ‌گیا

    رحمان بھولا کا ہم نام ہونا تاجر کو مہنگا پڑ‌گیا

    کراچی: سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں گرفتار ملزم رحمان بھولا کا ہم نام تاجر مشکل میں پڑ گیا، تحقیقات  کلیئر ہونے کے بعد بھی ایف آئی اے نے بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ملی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا تاجر بھولے پن میں پھنس گیا، سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں گرفتار ملزم کا ہم نام ہونا تاجر کے لیے مہنگا پڑ گیا، تاجر بیرون ملک جانے کی اجازت نہ ملنے پر عدالت پہنچا۔

    تاجر رحمان بھولا نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ والدہ کے نام سے پتہ چلتا ہے کہ میں ملزم رحمان بھولا نہیں ہوں پھر بھی بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ملتی۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ بے گناہ شخص کو بیرون ملک جانے سے کیوں روکا جارہا ہے؟ جج نے وفاقی سیکریٹری داخلہ، ایف آئی اے اور اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ ستمبر 2012ء میں بلدیہ ٹاؤن میں بھتہ نہ دینے پر گارمنٹس فیکٹری کو مبینہ طور پر آگ لگادی گئی تھی جس کے نتیجے میں 250 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا تھا اور اس کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں اہم پیش رفت ہوئی جب حساس اداروں نے دبئی سے ایک اور ملزم حماد صدیقی کو بھی حراست میں لیا۔

    یہ پڑھیں: سانحہ بلدیہ ٹاؤن: مرکزی ملزم عبد الرحمان عرف بھولا ایئر پورٹ سے گرفتار


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • رحمان بھولا سے مزید تحقیقات،ایک اور جے آئی ٹی تشکیل

    رحمان بھولا سے مزید تحقیقات،ایک اور جے آئی ٹی تشکیل

    کراچی: سانحہ بلدیہ کے مرکزی کردار رحمان بھولا سے تحقیقات کے لیے ایک اور جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے سلمان لودھی کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے بنکاک سے گرفتار کرکے یہاں لائے گئے سانحہ بلدیہ کے مرکزی ملزم رحمان بھولا سے مزید تحقیقات کے لیے ایک اور جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔

    رپورٹر کے مطابق یہ جے آئی ٹی عدالتی حکم پر تشکیل دی گئی ہے جو 7 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرکے عدالت کو پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

    اطلاعات کے مطابق محکمہ داخلہ نے اس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ایس ایس پی ذوالفقار مہر ٹیم کے سربراہ ہوں گے جس میں دیگر تحقیقاتی اداروں کے افسران بھی شامل ہیں۔

    رحمن بھولا بنکاک سے گرفتار، پاکستان کے حوالے

     واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 دسمبر کو سانحہ بلدیہ میں 259 لوگوں کو زندہ جلانے کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو بنکاک میں پولیس نے گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کیا تھا۔

    15دسمبر کو ملزم سے تحقیقات کے لیے ایس ایس پی اختر فاروق کی سربراہی میں ایک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے ، ٹیم کے دیگر اراکین میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی رینجرز کے میجر رینک جب کہ اسپیشل برانچ ، پولیس اور سی ٹی ڈی کے ایس پی رینک کے افسران شامل تھے۔

    عبدالرحمان عرف بھولا نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور دوران تفتیش حماد صدیقی کو واقعہ کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا اور کہا کہ علی انٹر پرائزز میں آگ ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کے کہنے پر لگائی۔

    رحمان بھولا کے انکشافات، سانحہ بلدیہ میں‌ متحدہ قیادت ملوث تھی

    پولیس نے بھی اس ضمن میں تفتیشی رپورٹ جمع کرائی جس کے مطابق حماد صدیقی نے فیکٹری مالکان سے بھتہ مانگا اور منافع میں شراکت داری کا مطالبہ کیا تھا، مالکان کے انکار پر فیکٹری کو آگ میں جھونکا گیا۔

    سانحہ بلدیہ: ہاں آگ میں نے لگائی، رحمان بھولا عدالت میں روپڑا

    عبدالرحمان عرف بھولا نے 22 دسمبر کو بھی عدالت میں اعتراف جرم کیا جس میں وہ رو پڑا اور اس نے کہا تھا کہ آگ حماد صدیقی کے حکم پر لگائی تھی، اپنے کیے پر شرمند ہوں۔

    سانحہ بلدیہ، عبدالرحمان بھولا اپنے بیان سے مکر گیا (دیکھیں ویڈیو)

     12 جنوری کو رحمان بھولا اپنے اعتراف جرم سے مکر گیا، پیشی پر حاضری کے دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ملزم نے دفعہ 164 کے تحت قلم بند کرائے گئے بیان سے یکسر انکار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سخت دباؤ ہے، اس کا بیان سیکیورٹی ایجنسوں نے زبردستی لیا، گھر والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں تھیں۔

    یہ پڑھیں: سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا نائن زیرو میں روپوش رہا، اہلیہ ثمینہ

    بھولا کے پکڑے جانے پر اس کی اہلیہ نے بیان دیا تھا کہ واقعے کے بعد رحمان کئی روز تک نائن زیرو میں روپوش رہا، اسے خرچہ بھی ملتا تھا۔

  • سانحہ بلدیہ، عبدالرحمان بھولا اپنے بیان سے مکر گیا

    سانحہ بلدیہ، عبدالرحمان بھولا اپنے بیان سے مکر گیا

    کراچی: بنکاک سے حراست میں لیے جانے والا سانحہ بلدیہ کا مرکزی ملزم عبد الرحمان عرف بھولا اپنے اعترافی بیان سے مکر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ کیس کا مرکزی ملزم رحمان بھولا نے پیشی پر حاضری کے دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شق 164 کے تحت قلم بند کرائے گئے بیان سے یکسر انکار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سخت دباؤ ہے۔


    *سانحہ بلدیہ ٹاؤن، عبدالرحمان عرف بھولا کا ملوث ہونے کا اعتراف، حماد صدیقی ماسٹر مائنڈ قرار


    اے آر وائی نیوز کے نمائندے فیض اللہ نے بتایا کہ قانون کے مطابق اگر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزم رحمان بھولا یہی بیان دیتا ہے تو اگلی سماعت پر وہ مجسٹریٹ عدالت میں پیش ہو کر بتائے گا کہ ملزم نے دباؤ میں دیا تھا یا از خود بیان دیا۔

    واضح رہے کہ سانحہ بلدیہ کے مرکزی ملزم نے مجسٹریٹ کے سامنے بلدیہ فیکٹری میں آگ لگانے کا اعتراف کیا تھا اور عدالت کی جانب سے سوچ بچار کے لیے وقت اور سازگار ماحول دینے کے بعد بھی ملزم اپنے اعترافی بیان پر قائم رہا تھا۔

  • رحمان بھولا کی نشاندہی پر سانحہ بلدیہ میں ملوث قریبی ساتھی گرفتار

    رحمان بھولا کی نشاندہی پر سانحہ بلدیہ میں ملوث قریبی ساتھی گرفتار

    کراچی: ماڑی پور پولیس نے سانحہ بلدیہ کیس کے  مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا کی نشاندہی پر قریبی ساتھی غلام علی کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماڑی پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک شخص کو  سانحہ بلدیہ کیس میں نامزد ملزم رحمان عرف بھولا  کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔

    پڑھیں: رحمان بھولا کے سنسنی خیز انکشافات، سانحہ بلدیہ میں‌ قیادت ملوث تھی

    پولیس کے مطابق غلام علی عرف گولی  بلدیہ فیکٹری کو آگ لگانے میں ملوث ہے اور ملزم نے سانحے کے بعد پنجاب میں رہائش اختیار کرلی تھی، ملزم سانحہ بلدیہ میں مطلوب بھی تھا۔

    مزید پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ: ہاں آگ میں نے لگائی، رحمان بھولا عدالت میں روپڑا ‘‘

    ایس ایس پی سٹی نے غلام علی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’گولی کا تعلق ایم کیو ایم لندن کے گروہ سے ہے جبکہ دیگر دو گرفتار افراد میں سے ایک عمر بلوچ اور سبطین کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے ہے۔

    دورانِ کارروائی ملزموں کے قبضے سے ایک رائفل، 2 پستولیں اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ غلام علی عرف گولی سے سانحہ بلدیہ کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • انٹرپول نے رحمان بھولا کا بیان ریکارڈ کرلیا، ایف آئی اے کو ارسال

    انٹرپول نے رحمان بھولا کا بیان ریکارڈ کرلیا، ایف آئی اے کو ارسال

    بنکاک: انٹرپول نے بنکاک سے گرفتار پاکستان کو مطلوب ملزم رحمان بھولا کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا جس میں ملزم نے انتہائی اہم انکشافات کیے ہیں۔


    رحمن بھولا گرفتار، ایف آئی اے کی ٹیم بنکاک روانہ


    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق انٹرپول نے رحمان بھولا کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرکے ایف آئی اے کو بھیج دیا جس میں سانحہ بلدیہ کے مطلوب ملزم رحمان عرف بھولا نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

     

    یہ پڑھیں: بھولا کی گرفتاری، پرانے ساتھیوں کا پہچاننے سے انکار

    ذرائع نے بتایا کہ رحمان بھولا کا کہنا ہے کہ وہ سیاسی کارکن ہے اور اس کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا نائن زیرو میں روپوش رہا، اہلیہ ثمینہ

    اطلاعات کے مطابق بلدیہ ٹائون فیکٹری کیس سے متعلق معلومات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

    سانحہ بلدیہ: مجرموں کو سرعام جلایا جائے، لواحقین کا مطالبہ

    دوسری جانب ملزم کو پاکستان لانے کے لیے اب تک حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا،ایف آئی اے کی دو رکنی ٹیم تیار بیٹھی ہے تاہم وہ گرین سگنل کی منتظر ہے جیسے ہی اسے جانے کی اجازت ملے گی وہ فورا تھائی لینڈ روانہ ہوجائے گی۔

  • رحمن بھولا گرفتار، ایف آئی اے کی ٹیم بنکاک روانہ

    رحمن بھولا گرفتار، ایف آئی اے کی ٹیم بنکاک روانہ

    بنکاک : تھائی لینڈ میں روپوش بلدیہ فیکٹری کیس میں مطلوب اہم ملزم رحمان بھولا کو انٹر پول نے تھائی پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا، پاکستان سے ایف آئی اے کی ٹیم ملزم کو لینے کے لیے جلد روانہ ہوگی۔


    Key Baldia factory fire accused arrested in… by arynews

    تفصیلات کے مطابق بنکاک پولیس نے ایک ہوٹل کے کمرے سے پاکستانی شخص عبدالرحمان کو حراست میں لیا ہے، ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ہے جسے انٹر پول کے ذریعے بنکاک پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عبدالرحمان المعروف بھولا بلدیہ فیکٹری کیس میں مطلوب اہم اور مرکزی ملزم تھا جسے عدالت نے ہر حالت میں اگلی پیشی پر پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد انٹر پول کے ذریعے ملزم گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    fia-notification

    تازہ دم اطلاعات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو بنکاک سے لانے کے لیے ایف آئی اے کی دو رکنی ٹیم مقرر کردی گئی ہے،ٹیم میں ایف آئی اے کاونٹر ٹیررازم کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بدرالدین بلوچ اورایف آئی اے کے انسپکٹر رحمت اللہ ڈومکی شامل ہیں۔

    وزارت داخلہ نے دونوں افسران کی تھائی لینڈ روانگی کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد ایف آئی اے ٹیم آج رات یا کل صبح مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو لینے تھائی لینڈ روانہ ہو جائے گی اور وزارت داخلہ کے احکامات کے مطابق اسے بنکاک سےکراچی منتقل کرے گی۔

     اسی سے متعلق : سانحہ بلدیہ کا ملزم عبد الرحمان عرف بھولا ایئر پورٹ سے گرفتار

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں بھی ملزم عبدالرحمن کی کراچی ا یئر پورٹ سے بیرون ملک جانے کی کوشش کے دوران گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی تا ہم ملزم کو نہ تو کسی عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور نہ ہی کسی تھانے میں ریکارڈ موجود ہے۔

    رحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد تھائی لینڈ کی پولیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرموں کو اپنی سرزمین پناہ حاصل کرنے نہیں دیں گے، انٹرپول کے ساتھ جرائم کی سرکوبی کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

    تھائی لینڈ پولیس کا کہنا تھا کہ رحمان بھولا کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرارہے ہیں برآمد سامان خاص طور پر سگریٹ کا فرانزک تجزیہ کیا جارہا ہے جب کہ رحمان بھولا سے متعلق پاکستانی حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔