Tag: Reinstates

  • سپریم کورٹ کا 16ہزار برطرف سرکاری ملازمین  کے حق میں بڑا فیصلہ

    سپریم کورٹ کا 16ہزار برطرف سرکاری ملازمین کے حق میں بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے 16ہزار برطرف سرکاری ملازمین کو بحال کر دیا ، تاہم مس کنڈکٹ اور کرپشن پر نوکری سے ہاتھ دھونے والے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے 16ہزا برطرف ملازمین سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا، فیصلے میں عدالت نے تمام نظرثانی درخواستیں خارج کرتے ہوئے 16ہزار برطرف سرکاری ملازمین کو بحال کر دیا۔

    چار ایک کے تناسب سےسپریم کورٹ میں تمام نظرثانی درخواستیں خارج کی گئیں ، سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

    سپریم کورٹ میں فیصلہ جسٹس عمر عطابندیال نے پڑھ کرسنایا، جس میں کہا گیا کہ آئین کاایک تقدس ہے جس کے تحفظ کی ہم پر ذمےداری ہے، کوئی ایسا فیصلہ نہیں دے سکتے جو آئین اور قانون سے متصادم ہو۔

    جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ ملازمین کےمسائل ایک انسانی ہمدردی کامعاملہ ہے ، حکومت انسانی پہلو کےحوالے سے جو ریلیف دینا چاہے اسے اختیار ہے، یقینی بنائیں گے کوئی چور دروازے سے سرکاری محکموں میں داخل نہ ہو۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ کسی نا اہل شخص کوغیر ائینی طور پر سرکاری ملازمت کااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ مس کنڈکٹ پرنکالےگئےملازمین بحال نہیں ہوں گے ، گریڈ 8 سے اوپر کے ملازمین کوٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا اور بھرتی کے وقت لازمی ٹیسٹ لازمی کی شرط پرعمل کیا جائے گا، جن ملازمین نے بھرتیوں کے وقت ٹیسٹ نہیں دیا، اب دیں گے۔

    سپریم کورٹ نے مکمل انصاف کے اختیار آرٹیکل 183 شق3 اور آرٹیکل187کے تحت فیصلہ سنایا ، فیصلے سے متعلق تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی ، سپریم کورٹ نے سیکڈ ایمپلائیز ایکٹ ختم کرنے کااپنا فیصلہ برقرار رکھا۔

    خیال رہے نظر ثانی کی درخواستں ملازمین کے علاوہ وفاق نے بھی دائر کی تھیں ، تاریخ کا واحد کیس ہےجس میں کوئی فریق مخالف نہیں تھا، وفاق سمت تمام بڑے وکلا نے نظر ثانی کے حق میں دلائل دیئے۔

  • بحرین کے بادشاہ نے 551 افراد کی شہریت بحال کردی

    بحرین کے بادشاہ نے 551 افراد کی شہریت بحال کردی

    مناما : اقوامِ متحدہ اور دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کی جانب سے شہریت منسوخ کرنے پر شدید تنقید کے بعد بحرین کے بادشاہ نے 551 بحرینی باشندوں کی شہریت بحال کرنے کے احکامات دے دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے رکن ملک بحرین میں بھی عرب بہار کے دوران بادشاہت کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے جو آج بھی جاری ہیں اور بحرینی حکومت کی جانب سے بھی مسلسل اپنے بادشاہت کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد کے خلاف انتقامی کاررائیاں جاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 2012 میں مظاہرین کے خلاف عدالتی کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً 900 افراد، جن میں اکثریت اہلِ تشیع مکتبہ فکر سے تعلق رکھتی ہے، کی شہریت منسوخ کی جاچکی ہے-

    رپورٹ کے مطابق بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’بحرینی حکام حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے عدالتی احکامات کے تحت منسوخ کی جانے والی 551 سزا یافتہ افراد کی شہریت بحال کرنے کے احکامات دے دیئے۔

    امریکی اتحادی ملک بحرین میں سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کے خلاف حکام کے کریک ڈاون کے نتیجے میں سال 2011 سے بد امنی کا سلسہ جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اُس وقت سے اب تک سینکڑوں مظاہرین کو جیل بھیجا جاچکا ہے اور جو افراد دہشت گردی کے معاملات میں ملوث پائے گئے ان سے شہریت چھین لی گئی۔

    بحرین کی جانب سے ان افراد کو تربیت دینے اور حکومت گرانے کے لیے کیے جانے والے مظاہروں کے پیچھے ایران کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے تاہم ایران نے ان الزامات کی ہمیشہ تردید کی۔

    بحرین نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ شاہ حماد، جن کے پاس عدالتی احکامات منسوخ کرنے کے اختیارات موجود ہیں، نے درخواست کی ہے کہ مجاز حکام کو جرائم کی نوعیت کے اعتبار سے اعتماد میں لیا جائے۔

    اس کے ساتھ انہوں نے وزارت داخلہ کو بھی ہدایت کی کہ ہر مقدمے کی چھان بین کر کے ان افراد کی فہرست تیار کی جائے جن کی شہریت بحال کی جاسکتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انسانی حقوق کے گروہوں کا کہنا ہے کہ 2012 میں مظاہرین کے خلاف عدالتی کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً 900 افراد، جن میں اکثریت اہلِ تشیع مکتبہ فکر سے تعلق رکھتی ہے، کی شہریت منسوخ کی جاچکی ہے۔

    خیال رہے کہ شیعہ اکثریتی آبادی والے ملک بحرین پر تقریباً گزشتہ 2 صدیوں سے زائد عرصے سے برطانوی حمایت یافتہ شاہی خاندان آل خلیفہ حکمرانی کررہا ہے۔