Tag: reject

  • شہباز شریف کا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    شہباز شریف کا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہی عوام کے ریلیف کا واحد ذریعہ ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں بجلی کی قیمت میں 3 روپے سے زائد اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی مہنگائی سے عوام کی زندگیاں چھیننے کے بجائے مستعفی ہوجائیں۔

    ن لیگ کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ 4سال میں ثابت ہوا کہ حکومت کے پاس صرف مہنگائی اور کرپشن پلان ہے،اس حکومت میں عوام کو ریلیف تو نہیں مل سکا، صرف تکلیف درتکلیف کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی ہر روز مہنگائی کی بجلی عوام پر گراتے ہیں اور پٹرول بم گرانے کی تیاری ہے، اس نکمی، نااہل ترین اور کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہی عوام کے ریلیف کا واحد ذریعہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غریب دشمن حکومت ہر روز مہنگائی کا نیا حکم جاری کرتی ہے، اب عوام کی طرف سے ان پر عدم اعتماد کا حکم جاری کرنے کا وقت آگیا ہے اور تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عوام کو اس ظالم حکومت سے نجات دلائیں گے۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ کہا کہ یہ حکومت صرف مہنگائی کی تبدیلی لائی، ہرروز اشیاکی قیمت تبدیل ہوجاتی ہے۔

  • آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامسترد

    آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامسترد

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نےاسپیکر سندھ اسمبلی  آغا سراج درانی کے خلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامستردکردی، فاضل جج نے وکیل صفائی سے استفسار کیا  آپ نے ہائی کورٹ میں ریفرنس کیوں چیلنج کیا ؟ماتحت عدالت میں ریفرنس کو چیلنج کیوں نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اسپیکرسندھ اسمبلی سراج درانی کےخلاف ریفرنس منظور کرنے پردرخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نےاحتساب عدالت میں ریفرنس کی کارروائی روکنےکی استدعامستردکردی، فاضل جج نے اسپیکر سندھ اسمبلی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے ریفرنس کیوں چیلنج کیا ؟ ماتحت عدالت میں ریفرنس کو چیلنج کیوں نہیں کیا ؟

    وکیل صفائی نے جواب دیا آغا سراج درانی نےکبھی اختیارات کاغلط استعمال نہیں کیا، نیب نے کال اپ نوٹس بھی جاری نہیں کیا جبکہ نیب وکیل کا کہنا تھا آغاسراج درانی نے بطور وزیر اور اسپیکر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ۔

    مزید پڑھیں : آغا سراج درانی کی نیب کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعامسترد

    عدالت نے دلائل کے بعد نیب کو اکیس اگست کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کرلیا ۔

    یاد رہے دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کےوارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعامسترد کردی،عدالت نےقراردیا وارنٹ پرتوعمل ہوچکا، اب کیسے معطل کرسکتے ہیں؟.

    خیال رہے آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثوں کےالزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں،  نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ، دائر ریفرنس میں آغاسراج سمیت بیس ملزمان کونامزدکیاگیا، ملزمان پر ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہیں۔

    واضح رہے نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔

  • عام انتخابات، مسلمانوں پر تنقید کرنے والے سیاستدان کو عوام نے مسترد کردیا

    عام انتخابات، مسلمانوں پر تنقید کرنے والے سیاستدان کو عوام نے مسترد کردیا

    سڈنی : سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے سیاست دان و اس کی جماعت کو آسٹریلوی عوام نے مسترد کردیا، فریزر ایننگ کی جماعت کلین سویپ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ ہوا تو آسٹریلوی سیاست دان فریزر ایننگ نے مسلمانوں کو کڑی تنقیدکا نشانہ بنایا اور اس حملے کا ذمہ دار مسلمانوں ہی کو قرار دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اب اس نے اپنی دریدہ دہنی کی کڑی سزا پالی ہے کہ آسٹریلوی انتخابات میں وہ خود تو کیا، اس کی پارٹی ہی کلین سویپ ہو گئی ہے اور ایوان بالا یا ایوان زیریں میں ایک بھی نشست نہیں جیت پائی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فریزر ایننگ جہاں سے آیا تھا وہیں واپس چلا گیا، اب وہ پارلیمنٹ میں نہیں ہو گا۔

    لبرل پارٹی کے ایم پی ٹرینٹ زیمرمین کا کہنا تھا کہ فریزر اور اس کی پارٹی کا کلین سویپ ہو جانا اس انتخابات کا سب سے بڑا نتیجہ ہے۔

    واضح رہے کہ مسلمانوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد ایک نوجوان نے بھی اس کے سر پر انڈا پھوڑ دیا تھا۔ اس 17سالہ نوجوان کا نام ’وِل کونیلی‘ تھا۔

  • فوجی طیارے میں سفر کی درخواست مسترد، نینسی پیلوسی نے دورہ افغانستان منسوخ کردیا

    فوجی طیارے میں سفر کی درخواست مسترد، نینسی پیلوسی نے دورہ افغانستان منسوخ کردیا

    واشنگٹن : کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے فوجی طیارے میں سفر کی درخواست منسوخ ہونے پر کمرشل طیارے کے ذریعے دورہ افغانستان ملتوی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے درمیان میکسیکو بارڈر پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر گزشتہ ایک ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے۔

    اسپیکر نینسی پیلوسی نے الزام عائد ہے کہ امریکی صدر سے دورہ افغانستان کیلئے فوجی طیارے درخواست دی تھی جسے ڈونلڈ ٹرمپ منسوخ کرتے ہوئے مسافر طیارے میں سفر کرنے پر زور دیا۔

    نینسی پیلوسی نے ٹرمپ انتظامیہ پر الزام لگایا کہ امریکی صدر اور ان کی ٹیم نے دورہ افغانستان سے متعلق تفصیلات آشکار کرکے جنگ زدہ ملک میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں کو خطرے میں ڈال دیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کانگریس کی اسپیکر نے کہا تھا کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ دورے کے باعث امریکی اہلکاروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے سے منع کیا تھا۔

    صدرٹرمپ نے دیوار کے لیے فنڈز مختص کیے بغیر بجٹ پر دستخط سے انکار کردیا اور ملک آج حکومتی شٹ ڈاؤن کا شکار ہے، شٹ ڈاؤن کی وجہ سے 8 لاکھ سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکہ: حکومتی شٹ ڈاؤن بدترین شکل اختیار کرگیا، ڈیمو کریٹس نے ٹرمپ کا بائیکاٹ کردیا

    شٹ ڈاؤن کے باعث ایک چوتھائی حکومتی امور متاثر ہوئے، قبل ازیں شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے ٹرمپ اور ڈیموکریٹس میں مذاکرات ہوئے تھے جو ناکام رہے۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ضد کے باعث امریکا میں طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن کو 28 روز ہوچکے ہیں، دو روز قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ کانگریس اراکین سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اسپیکر انہیں سمجھوتے سے روک رہی ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ڈیموکریٹس نے میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے بجٹ کی منظوری نہ دی تو حکومتی شٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔

  • چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی، وزیراعظم عمران خان نےخواجہ آصف کانام مستردکردیا

    چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی، وزیراعظم عمران خان نےخواجہ آصف کانام مستردکردیا

    اسلام آباد : چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی پر وزیراعظم عمران خان نے خواجہ آصف کا نام مسترد کردیا اور اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کواہم عہدہ کیسے دے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی جماعت نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے ناموں پر غور کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے خواجہ آصف کا نام مسترد کردی۔

    خواجہ آصف کا نام زیر بحث لانے پر وزیراعظم عمران خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کواہم عہدہ کیسے دے سکتے ہیں۔

    وزیراعظم نے خواجہ آصف کے نام پرمشاورت سےبھی روک دیا اور کہا خواجہ آصف کےنام پرکسی قسم کی مشاورت نہ کی جائے، پی اےسی چیئرمین کیلئےشہرت کےپارلیمنٹیرین کوترجیح دیں۔

    یاد رہے حکومت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے متعلق لچک دکھاتے ہوئے پی اے سی کے چیئر مین کے لیے اپوزیشن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اپوزیشن سے رابطے کی منظوری دی تھی۔

    فاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے پراعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کے منصوبوں کی تحقیقات وہ کیسے کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور اپوزیشن کے درمیان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر اختلاف چلتا آ رہا ہے، وزیرِ اطلاعات نے پی اے سی کی سربراہی حکومت کا حق قرار دیا جبکہ اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ یہ حق اپوزیشن کو حاصل ہے۔

  • کراچی چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا، اضافہ واپس لینے کی درخواست

    کراچی چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا، اضافہ واپس لینے کی درخواست

    کراچی: کراچی چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری لاگت میں اضافے کے علاوہ سی این جی سیکٹر اور عام صنعتوں کے لیے یہ اقدام نقصان دہ ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر قیمتوں میں کیے گئے بے انتہا اضافے کو واپس لینے کی درخواست کی ہے۔

    جنید ماکڈا کا کہنا تھا کہ گیس نرخوں میں اضافے کے نتیجے میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا، جس سے غریب عوام کو سب سے زیادہم متاثر ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کو گیس نرخوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کے ساتھ انہیں اس کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے کے سی سی آئی کی درخواست پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

    آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ درست قرار دے دیا

    ان کا کہنا تھا کہ درخواست کے باوجود گیس نرخوں میں بے انتہا اضافہ کردیا گیا جس سے ملک بھر کے سیکڑوں سی این جی اسٹیشنز بند ہو جائیں گے جس سے غریب عوام کی مشکلات بڑھیں گی اور ملک بھر میں بیروزگاری میں بھی اضافہ ہوگا۔

    صدر کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ گیس لوڈشیڈنگ اور گیس نرخوں میں 40 فیصد اضافہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بند کرنے کے مترادف ہوگا، سی این جی انڈسٹری بند ہونے سے حکومت ٹیکسوں کی مد میں حاصل ہونے والے اربوں روپے سے محروم ہو جائے گی بلکہ پیٹرول کادرآمدی بل میں 1.2 ا رب ڈالر سے بڑھ جائے گا۔

    انہوں نے وزیرخزانہ اور اوگرا سے گیس نرخ بڑھانے کا نوٹی فیکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • چین نے افغانستان میں اپنی فوج کی تعیناتی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

    چین نے افغانستان میں اپنی فوج کی تعیناتی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

    بیجنگ: چین نے افغانستان میں اپنی فوج کی تعیناتی کے الزامات مسترد کردیے، حکام نے ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے متعلق یہ الزامات عائد کیے جارہے تھے کہ وہ اپنی فوجی دستے افٖغانستان میں تعینات کر رہا ہے تاہم حکام نے ایسی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان چینی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی افغانستان ميں چينی فوجی اڈے کے قيام اور افواج کی تعيناتی سے متعلق افواہيں بے بنياد ہيں۔

    وزارت دفاع کے مطابق دفاعی صلاحيت بڑھانے اور انسداد دہشت گردی کے سلسلے ميں کابل حکومت کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے، تاہم اپنی فوجی دستے افغانستان میں تعینات نہیں کر رہے۔

    افغانستان میں سیکیورٹی فورسزاورطالبان میں جھڑپ، 73 طالبان ہلاک

    دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے حملے جاری ہیں، دو روز قبل افغان صوبے فریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 73 طالبان ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے تھے، دو طالبان کمانڈر بھی حملے میں مارے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے افغان طالبان نے اپنی کارروائیوں کا دائر ہ کار افغانستان کے متعدد علاقوں میں پھیلا دیا ہے اور عید الاضحیٰ کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے جنگ بندی کی مشروط پیشکش کو بھی مسترد کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ طالبان کا مطالبہ ہے کہ وہ 17 سال سے جاری اس جنگ کے لیے افغان حکومت کےبجائے براہ راست امریکی حکومت کے ساتھ مذاکرات کریں گے کہ وہی اس جنگ کا اصل محرک ہیں۔

  • فلسطین میں‌ امن کے لیے اقوام متحدہ کی تجویز کو اسرائیل نے مسترد کردیا

    فلسطین میں‌ امن کے لیے اقوام متحدہ کی تجویز کو اسرائیل نے مسترد کردیا

    نیویارک : غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے فلسطینی شہریوں کے تحفظ اور پامال ہونے والے انسانی حقوق کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ میں پیش کی گئی تجویز کو مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر کئی دہائیوں سے قابض صیہونی ریاست اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر فلسطینی عوام کے حقوق کو روندتے ہوئے اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے پیش کی جانے والی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جان و مال کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پامالیوں کی روک تھام کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے پیش کی تھی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل انتونیو گویٹریس کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے پامال ہونے والے حقوق پر 14 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی تھی اور ساتھ ہی ساتھ 4 تجاویز بھی پیش کی تھیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تجاویز پیش کی تھیں فلسطین میں انسانی امداد بڑھائی جائے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مبصرین کو فلسطین بھیجا جائے، فلسطین کے معاملے پر غیر مسلح مبصرین کی خدمات لی جائیں اور اقوام متحدہ کی تفویض کردہ سیکورٹی فورس کو فلسطین میں تعینات کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے گذشتہ 50 برس کے زائد عرصے سے فلسطین پر فوجی قبضہ کیا ہے۔

    انتونیو گریٹریس نے رپورٹ میں کم زور سیاسی اداروں اور امن و امان کی کوششوں میں تعطل کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عملی، قانونی اور سیاسی طور پر مشکل اور پیچیدہ عمل بن چکا ہے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی شہریوں کو صرف سیاسی حل کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے اور جب تک کوئی حل نہیں نکلتا اس وقت تک اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کو فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر کام کرنا چاہیے جو اسرائیلیوں کے لیے تحفظ کا باعث ہوں گے۔

  • ترکی: دہشت گردی کا مقدمہ، امریکی پادری کی نظر بندی ختم کرنے کی اپیل مسترد

    ترکی: دہشت گردی کا مقدمہ، امریکی پادری کی نظر بندی ختم کرنے کی اپیل مسترد

    انقرہ: ترکی میں دہشت گردی کے الزامات میں قید امریکی پادری کی گھر میں نظر بندی ختم کرنے کی اپیل ترک عدالت نے مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی پادری ’اینڈریو برنسن‘ کو ترکی میں دہشت گردی اور جاسوسی کے الزامات پر مقدمے کا سامنا ہے، جس کے باعث وہ اپنے ہی گھر میں نظر بندی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی پادری کی جانب سے عدالت سے اپیل کی گئی تھی کہ گھر میں نظر بندی ختم کی جائے جسے ترکی کی ایک عدالت نے مسترد کردی۔

    اینڈریو برنسن گذشتہ اکیس ماہ سے ترک سیکیورٹی حکام کی تحویل میں ہیں، قبل ازیں انہیں جیل میں رکھا گیا تھا اور گذشتہ ہفتے ہی انہیں گھر پر منتقل کر کے نظربند کیا گیا تھا۔

    ترکی سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مذکوہ گرفتاری پر ترک اور امریکی حکومتوں کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوچکی ہے، جبکہ ترک استغاثہ نے الزام عائد کر رکھا ہے کہ امریکی پادری جلا وطن مبلغ فتح اللہ گولن کے لیے کام کرتے تھے۔


    ترکی: ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے پر 6 صحافیوں کو دس سال قید کی سزا


    خیال رہے کہ ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد ترک حکام کی جانب سے فتح اللہ گولن پر الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ وہ اس بغاوت میں ملوث ہیں، جبکہ مذکورہ بغاوت میں ملوث ہونے کے شبہے میں متعدد لوگوں کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ 18 جولائی 2016 کو ترکی میں فوج کے باغی گروہ نے اقتدار پر قابض ہونے کی کوشش کی تھی جسے عوام نے ناکام بنادیا تھا، اس دوران عوام سڑکوں پر نکل کر آئے اور فوجی ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے تھے جس کے بعد ترک فوج کے باغی ٹولے نے ہتھیار ڈال کر اپنی شکست تسلیم کی تھی اور پھر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عالمی برادری اسرائیل کے متنازعہ بل کے خلاف چارہ جوئی کرے، سعودی عرب

    عالمی برادری اسرائیل کے متنازعہ بل کے خلاف چارہ جوئی کرے، سعودی عرب

    ریاض : سعودی حکومت نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں پیش کردہ صیہونی ریاست کی منظوری کے بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے متنازعہ بل کے خلاف چارہ جوئی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی پارلیمنٹ میں اسرائیل کو خصوصی طور پر صیہونی ریاست تسلیم کرنے کے متنازعہ مسودے کو منظور کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے باک انداز میں مسترد کردیا ہے۔

    سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے سینئر ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز اسرائیلی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والا بل یہودیت کے بین الااقوامی اصولوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور مترادف ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں یہودی قومیت کے متنازعہ بل کی منظوری کے باعث عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے اور مذکورہ بل کے خلاف چارہ جوئی کرنے پر زور دیا، کیوں کہ یہودی قومیت کے مسودے کی منظوری سے فلسطینیوں کے خلاف نسلی امتیاز پر اسرائیلی کوششیں مزید تیز ہوگیں۔

    سعودی وزارت خارجہ کے سینئر ذرائع بتایا کہ اسرائیل کے قوم پرست اراکین پارلیمنٹ کے مذکورہ اقدامات کے باعث فلسطینوں کی قومی شناخت اور قانونی حقوق کو خطرات در پیش ہیں۔

    یاد رہے کہ غاصب اسرائیل کو صیہونی ریاست تسلیم کرنے کا متنازعہ بل اسرائیلی پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا، جس میں 120 ارکان پر مشتمل اسرائیلی پارلیمنٹ کے 62 اراکین نے بل کے حق میں ووٹ دے کر متنازعہ بل کو منظور کرکے اسرائیل کو صیہونی ریاست کا درجہ دیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں 55 ارکان نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیئے تھے، جبکہ 3 اراکین پارلیمنٹ نے انتخابی عمل میں حصّہ ہی نہیں لیا تھا۔

    خیال رہے کہ غاصب صیہونی ریاست کی آبادی کا 20 فیصد حصّہ عرب یہودیوں پر موجود مشتمل ہے، جنہیں اسرائیلی قوانین کے تحت برابری کے حقوق دیئے گئے ہیں تاہم عرب اسرائیلیوں کی جانب سے طویل سے مدت سے شکایات درج کروائی جاتی رہی ہیں کہ انہیں دوسرے درجے کا شہری گردانا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں