اسلام آباد(22 اگست 2025): ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ریکوڈک منصوبے کیلئے 41 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دیدی، اس پیکج میں 30 کروڑ ڈالر قرض اور 11 کروڑ ڈالر کی گارنٹی شامل ہے۔
اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے جو معیاری روزگار پیدا کرے گا، تانبے اور سونے کی کان کا منصوبہ تاریخ کی بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگا، ریکوڈک منصوبہ پاکستان میں معاشی ترقی اور غربت میں کمی کا ذریعہ بنے گا۔
اے ڈی بی کے صدر ماسا کانڈا نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ عالمی معدنیات کی سپلائی چین کو سہارا دے گا، یہ منصوبہ دنیا میں بڑھتی ہوئی اہم معدنیات کی مانگ کو پورا کرنے میں مدد دے گا، یہ صاف توانائی کی منتقلی اور خطے میں ڈیجیٹل جدت کو بھی آگے بڑھائے گا۔
صدر اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ ریکو ڈک منصوبہ پاکستانی معیشت کو مزید مضبوط اور متنوع بنائے گا، ریکوڈک منصوبہ دنیا کی پانچویں بڑی کاپر مائن ہوگا، پہلے مرحلے میں سالانہ 8 لاکھ ٹن کاپر کانسٹریٹ تیار کیا جائے گا اور منصوبے سے عالمی سطح پر کاپر کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
اے ڈی بی کے صدر کا کہنا ہے کہ کاپر الیکٹرک گاڑیاں ،بیٹریاں، موبائل فون اور ڈیٹا سینٹرز کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، منصوبہ بلوچستان کے سب سے کم ترقی یافتہ ضلع چاغی میں قائم ہے، ریکوڈک منصوبے سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اے بی ڈی کے صدر نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم کے منصوبے، خاص طور پر خواتین کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، ریکوڈک منصوبے کی متوقع مدت کم از کم 37 سال ہوگی، اس سے پیداوار کا آغاز 2028 کے آخر میں متوقع ہے۔