Tag: RekoDiq

  • ریکوڈک معاہدے پر 25 فی صد حصہ بلوچستان کا ہوگا: شوکت ترین

    ریکوڈک معاہدے پر 25 فی صد حصہ بلوچستان کا ہوگا: شوکت ترین

    اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ریکوڈک کان کے لیے غیر ملکی کمپنی بیرک گولڈ کے ساتھ 50 فی صد شیئر کے تحت معاہدہ ہو گیا ہے، جس میں 25 فی صد حصہ بلوچستان کا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزرا نے ریکوڈک ذخائر کے سلسلے میں ایک نئے معاہدے کی تفصیلات بتائیں، وزیر خزانہ نے کہا ہم یہ معاہدہ نہ کرتے تو 11 ارب ڈالر جرمانہ لگ جانا تھا، لندن کی عدالت اور عالمی ثالثی عدالت کا مجموعی جرمانہ تقریباً 11 ارب ڈالر تھا۔

    شوکت ترین نے بتایا کہ کینیڈین مائننگ کمپنی بیرک گولڈ معاہدے کے تحت 10 ارب ڈالر خرچ کرے گی، معاہدہ ففٹی پرسنٹ شیئرز پر ہے، جب کہ پچیس فی صد شیئر بلوچستان کو ملے گا، یہ شیئربلوچستان کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔

    ریکوڈک: وزیر اعظم کی جانب سے قوم کے لیے بہت بڑی خوش خبری

    وزیر خزانہ کے مطابق ریکوڈک میں تاخیر پر ملک کو معاشی نقصان پہنچا، اس معاہدے سے آئندہ 100 سال تک بلوچستان کو فائدہ ہوگا، اور اس سے 8 ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    وزیر توانائی حماد اظہر نے بتایا کہ ریکوڈک مائنز کی دنیا میں تانبے اور سونے کا سب سے بڑا ذخیرہ تصور کیا جاتا ہے، جس کا دروازہ آج کھل گیا ہے، زمین سے سونا نکالنے کا اعزاز بھی پی ٹی آئی حکومت کو حاصل ہو گیا ہے۔

    انھوں نے کہا یہ معاہدہ مزید جامع بنانے کے لیے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں بھی پیش ہوگا، بیرک گولڈ دنیا کی سب سے بڑی گولڈ مائننگ کمپنی ہے، حماد اظہر نے کہا کہ ریکوڈک کا یہ صرف ایک حصہ ہے جسے دریافت کیا گیا ہے، باقی رقبہ اس سے زیادہ ہے، نئے معاہدے کے تحت 25 فی صد حصہ وزارت پیٹرولیم اور پی پی ایل کا ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے کہا ریکوڈک میں زمین کے اوپر لوگ غریب ہیں اور نیچے سونے کا خزانہ ہے، آنے والے سالوں میں دنیا کا منافع بخش سیکٹر ڈیولپ ہونے جا رہا ہے۔

  • ریکوڈک: وزیر اعظم کی جانب سے قوم کے لیے بہت بڑی خوش خبری

    ریکوڈک: وزیر اعظم کی جانب سے قوم کے لیے بہت بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوش خبری دیتے ہوئے بلوچستان میں ریکوڈک کے حوالے سے ایک غیر ملکی کمپنی کے ساتھ ہونے والے نئے معاہدے کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرک گولڈ کارپوریشن اور پاکستان کے درمیان ریکوڈک منصوبے کے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط ہو گئے، وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایک کینیڈین مائننگ کمپنی بیرک گولڈ سے معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے کے تحت بلوچستان میں دس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

    انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ 10 سال کی قانونی لڑائی اور مذاکرات کے بعد ریکوڈک کان میں دوبارہ کام شروع ہوگا، 10 بلین ڈالر بلوچستان میں لگائے جائیں گے، جس سے 8 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

    نئے معاہدے کے تحت 50 فی صد بیرک اور 50 فی صد پاکستان اسٹیک ہولڈرز ہوں گے۔ اس معاہدے میں پاکستان پر لگائے گئے 11 بلین ڈالر کا جرمانہ بھی ختم ہو جائے گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک ممکنہ طور پر دنیا میں سونے اور تانبے کی سب سے بڑی کان ہوگی، اور یہ ہمیں اپاہج کر دینے والے قرضوں سے آزاد کرائے گا اور ترقی و خوش حالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    وزیر اعظم نے کامیاب معاہدے پر قوم اور بلوچستان کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پراجیکٹ 2011 میں قانونی تنازع کی بنیاد پر معطل کیا گیا تھا۔