Tag: release from jail

  • تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو جیل سے رہا کردیا گیا

    تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو جیل سے رہا کردیا گیا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ، شعیب صدیقی نے کہا علیم خان کے خلاف نیب کوئی ثبوت پیش نہ کرسکی، نیب قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق ایم پی اے شعیب صدیقی روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے، روبکار جیل حکام نے موصول کئے ، جس کے بعد علیم خان کو جیل سے رہا کردیا گیا۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما عبدالعلیم نے عدالتی فیصلے کے مطابق 10 ، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے تھے ، مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرائےگئے۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کاعمل مکمل ہونے علیم خان کی رہائی کے روبکارجاری کردیئے، پی ٹی آئی رہنما شعیب صدیقی کا کہنا تھا علیم خان نے پہلے دن استعفیٰ دیكر مثال قائم كی، آج رہا ہوگئے، جس نے كرپشن كی اسے ضرور پكڑیں مگر پہلے تحقیقات كریں ، علیم خان كو نہ صرف اہلخانہ بلکہ لوگوں كی خدمت سے دورركھاگیا۔

    گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے ضمانت کیس کا 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری  کیا تھا ،  تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ علیم خان کی درخواست ضمانت منظور کی جاتی ہے، علیم خان دس دس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ انویسٹمنٹ کرنے والے کسی شخص نے عبدالعلیم خان کے خلاف بطور گواہ بیان نہیں دیا۔ علیم خان کے اثاثے ان کی وزارت سے پہلے یا بعد کے ہیں اس دوران کے نہیں۔

     مزید  پڑھیں:  عبدالعلیم خان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

    عدالتی فیصلے کے مطابق برطانیہ میں علیم خان کے فلٹیس بارے میں ابھی تک ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے جبکہ نیب نے ابھی تک عبدالعلیم خان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا۔ علیم خان نے الیکشن کمیشن میں اثاثے ظاہر کئے اس وقت ان کے خلاف کسی نے شکایت بھی نہیں کی۔

    عدالت نے قرار دیا کہ بغیر ٹھوس شواہد کے کسی کو بلا جواز جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔

    یاد رہے  لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے علیم خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں علیم خان نے پر رہائی ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں کہا تھا ایک روپے کی بھی اگر کرپشن کی ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا،  مجھ سے کسی نے نا انصافی کی تو انصاف مجھے اللہ ہی دیں گے، قانون میں سقم ہے، تفتیش تک جیل میں ڈالنا بہت بڑا ظلم ہے۔

    واضح رہے 6 فروری کو نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اورآف شورکمپنیوں کیس میں پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو گرفتار کیا تھا۔

  • شہباز شریف ضمانت کے بعد سب جیل سے رہائی کے منتظر

    شہباز شریف ضمانت کے بعد سب جیل سے رہائی کے منتظر

    اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو آج جیل سے رہا کیاجائےگا، شہبازشریف منسٹرکالونی سب جیل سے رائیونڈ جائیں گے ، لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف ضمانت کے بعد آج سب جیل سے رہائی کے منتظر ہیں ، شہباز شریف کا ذاتی سیکیورٹی اسٹاف لاہور سے منسٹر کالونی پہنچ گیا، سب جیل حکام کوضمانت پررہائی کےلیےعدالتی روبکار کا انتظار ہے۔

    عدالتی حکم پر جیل انتطامیہ آج کاغذی کارروائی مکمل کرے گی، کوٹ لکھپت جیل سے کارروائی مکمل ہونے پر سب جیل کا درجہ ختم کردیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ، رہائی کے بعد شہباز شریف رہائی کے بعد آج لاہور روانہ ہوں گے، جہاں وہ سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملیں گے جبکہ میاں نواز شریف اور پارٹی رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔

    دوسری جانب شہبازشریف کے وکلا نے ایک ایک کروڑ روپے کے 2مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرادیئے ہیں، احتساب عدالت کوتاحال ہائیکورٹ کافیصلہ موصول نہیں ہوا، ہائی کورٹ کافیصلہ موصول ہونے پر مزید کارروائی کی جائےگی۔

    مزید پڑھیں : لاہورہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظورکرلی

    گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اوررمضان شوگرملزکیس میں شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے 1 ،1 کروڑ روپے مچلکے جمع کرانے اور رہائی کا حکم دیا تھا۔

    اسپیشل پراسکیوٹر نیب اکرم قریشی نے دلائل دیے تھے کہ میاں شہباز شریف نے ملز کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرکاری خرچ سے نالہ تعمیر کیا، تاہم شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبے کی منظوری پنجاب اسمبلی اور کابینہ نے دی۔

    عدالت نے قرار دیا تھا کہ جب نیب ملز کے سابق چیف ایگزیکٹو حمزہ شہباز کو تعاون کرنے پر گرفتار نہیں کرنا چاہتی تو شہبازشریف جو کبھی رمضان شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹو رہے ہی نہیں ان کی گرفتاری کی کیا ضرورت ہے۔

  • سابق متحدہ رہنما سلیم شہزاد جیل سے رہا

    سابق متحدہ رہنما سلیم شہزاد جیل سے رہا

    کراچی:سابق ایم کیو ایم رہنما سلیم شہزاد جیل سے ضمانت پر رہا ہوگئے ۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سابق رہنما کراچی سینٹرل جیل سے آج رہا ہوگئے، رہائی کے بعد سلیم شہزاد گلستان جوہر اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے، وہ کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہیں۔

    سلیم شہزاد کو 7فروری کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا، ان پر دہشت گردوں کے علاج سمیت 5 مقدمات درج ہیں، عدالت نے ان پانچوں مقدمات میں ان کی ضمانت منظور کرلی ہے تب ہی ان کی رہائی ممکن ہوسکی ہے۔

    یہ پڑھیں : ایم کیوایم رہنما سلیم شہزاد کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار

    قبل ازیں سلیم شہزاد نے گزشتہ ماہ 4 مقدمات میں ضمانتیں حاصل کی تھیں اب پانچویں مقدمے میں بھی ان کی ضمانت ہوئی تو ان کی رہائی ممکن ہوسکی ہے۔

    سلیم شہزاد کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمات درج ہیں وہ جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں نامزد ہیں، یہ مقدمات تقریباً 25 سال پرانے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سلیم شہزاد کے طبی معائنے کی درخواست

    یاد رہے کہ سلیم شہزاد کو رواں برس پاکستان واپس آتے ہی ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں دہشت گردوں کے علاج ومعالجہ کے الزام میں ائیر پورٹ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    اسی سے متعلق: سلیم شہزاد کی اپیل پر عمران خان نے ان کے علاج کی ہامی بھرلی 

    قبل ازیں 17 اپریل کو انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اپنا علاج کرانے کی اپیل کی تھی جسے عمران خان نے منظور کرتے ہوئے صوبائی قیادت کو سلیم شہزاد کے علاج کا حکم دیا تھا