Tag: release

  • خرم پرویز کی رہائی کے لیے مظاہرہ

    خرم پرویز کی رہائی کے لیے مظاہرہ

    اسلام آباد: کُل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کی رہائی کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر پر امن احتجاج کیا گیا، جس میں فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور سول سوسائٹی کے ارکان شریک ہوئے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ ز تھامے ہوئے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

    اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھاکہ مقبوضہ کشمیر پر ناجائز تسلط قائم کرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے دلوں پر حکمرانی نہیں کر سکا ۔ بھارتی فوج کے بد ترین مظالم پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔


    پڑھیں: ’’ مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی کا 129 واں روز، 14 نوجوان گرفتار ‘‘


    مظاہرین کا کہنا تھا کہ خرم پرویز سمیت حریت قائدین کو غیر قانونی طور پر جیلوں اور گھروں پر قید رکھا گیا ہے ۔جو عالمی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے عالمی  برادری اور اقوام  نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی آواز بلند کرنے والے خرم پرویز اور حریت قائدین کی فوری رہائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔


    مزید پڑھیں: ’’ مقبوضہ کشمیر،یاسین ملک گرفتار،میر واعظ عمر فاروق نظر بند ‘‘


    یاد رہے رواں سال حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں اور بھارتی فوجیوں کی جانب سے مسلسل کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ مقوضہ وادی میں اب تک سینکڑوں نہتے کشمیری فوجیوں کی فائرنگ سے شہید جبکہ متعدد پیلٹ گن کے چہرے لگنے سے اپنی بینائی کھو چکے ہیں۔

  • پاکستانی سینما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ

    پاکستانی سینما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاک بھارت کشدگی کے باعث انڈین فلموں پر عائد ہونے والی پابندی کے بعد ناظرین کو انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے کے لیے پاکستانی سینما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی فلموں کی ملک میں پابندی عائد ہونے کے بعد پاکستانی فلم انڈسٹری کو مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے بعد اس سینما گھروں کی شان و شوکت کو برقرار رکھنے کے لیے ایرانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے قومی ادارہ برائے لوک اور روایتی ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ ایران کی وہ فلمیں جو ثقافتی انداز میں پاکستانی معاشرے سے قریب تر ہیں، وہ سینما گھروں میں نمائش کی حقدار ہیں تاکہ اس سے ہمارے ناظرین لطف اندوز ہوسکیں۔


    پڑھیں: ’’ فلم اے دل ہے مشکل کی ریلیز، بھارتی انتہا پسندوں نے 5 کروڑ مانگ لیے ‘‘


    انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ’’ایرانی فلموں کو دنیا بھر میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور پاکستان کے ناظرین بھی ان کو بے حد پسند کریں گے‘‘۔

    مقامی سینما کے مارکٹنگ مینیجر مہسن یاسین نے اس فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہمیں ایرانی فلموں کی نمائش کا تجربہ ضرور کرنا چاہیں گے، کیوں کہ فلمیں ثقافتی تبادلے کا بہترین ذریعہ ہیں’۔


    مزید پڑھیں: ’’ جے پور فلم فیسٹیول میں تین پاکستانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ ‘‘


    اُن کا کہنا تھا کہ ‘اس پلیٹ فارم کے ذریعے ایرانی قونصلیٹ کے محکمہ ثقافت سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ثقافتی پروگرام کے تبادلے کے تحت ہماری مدد کریں، اور پاکستان میں ایرانی فلموں کی ریلیز کے لیے ایرانی پروڈیوسرز سے ہمارا رابطہ ممکن بنائیں’۔

    یاد رہے پاک بھارت کشیدگی کے بعد ہندو انتہاء پسندوں کی پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں اور اُن کی فلموں کی ریلیز روکنے کے بعد ملکی فنکار وطن واپس آگئے تھے تاہم جن فلموں میں انہوں نے کام کیا اُن کے پروڈیوسرز کو بھارت میں سخت تنقید کا نشانہ اور ریلیز کے لیے مشروط اجازت دی گئی جس کے تحت وہ ایک خطیر رقم فوجی فنڈ میں جمع کروائیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں: ’’ بھارتی چینلز غیر قانونی طور پر دکھائے جانے پر پابندی عائد  ‘‘


    بعدازاں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور قابض فوجیوں کی بربریت کو دیکھتے ہوئے سینما گھروں کے مالکان نے بھارتی فلمیں ہٹانے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد پیمرا نے بھی تمام بھارتی چینل بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں مستقل بند کروادیا گیا۔

  • پی ٹی آئی کی حمایت: اداکار کاشف محمود کی گرفتاری و رہائی

    پی ٹی آئی کی حمایت: اداکار کاشف محمود کی گرفتاری و رہائی

    لاہور: پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرنے والے اداکار کاشف محمود کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا بعدازاں انہیں رہا کردیا گیا۔

    لاہور پولیس نے ویلنشیاء ٹاؤن میں ٹی وی اداکار اور پی ٹی آئی رہنماء کاشف محمود کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کرکے لے گئی، اداکار کے بھائی رحمن محمود نے کہا ہے کہ پولیس سیڑھی لگا کر گھر میں داخل ہوئی ،اہل خانہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور بھائی کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔

    بعدازاں کچھ دیر بعد کاشف محمود کو رہا کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے اداکار کاشف محمود کا کہنا تھا کہ پتا نہیں مجھے اور میرے گھر والوں کو کس جرم کی سزا دی گئی، پولیس نے میرے گھر ایسے دھاوا بولا جیسے ہم بہت بڑے مجرم ہیں، مجھے رہا تو کردیا گیا لیکن مجھے جو تکلیف پہنچ گئی وہ واپس نہیں آسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں میں برداشت ختم ہوتی جارہی ہے، ہم سب کو برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے، بالخصوص حکومت کو، اگر عمران خان کو ووٹ دینا اور انہیں سپورٹ کرنا جرم ہے تو میں یہ جرم بار بار کرتا رہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کو ووٹ دینا یا سپورٹ کرنا ہمارا حق ہے، ایک اداکار کو ایسے پکڑا گیا بلکہ کارکنوں کو بھی ایسے گرفتار کرنا غلط ہے، مجھے جو تکلیف دی گئی میں اسے زندگی بھر نہیں بھولوں گا اور اتنا ہی کہوں گا کہ اختلافات اپنی جگہ لیکن برداشت پیدا کی جائے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی مداخلت پر متحدہ کے 6 کارکنان رہا

    وزیر اعلیٰ سندھ کی مداخلت پر متحدہ کے 6 کارکنان رہا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ایم کیو ایم کے گلستان جوہر سے گرفتار ہونے والے 6 کارکنان رہا کردئیے گئے۔

    Six MQM workers released on directives on Chief… by arynews

    تفصیلات کے مطابق کارکنان کی گرفتاریوں اور چھاپوں کے ایم کیو ایم کی جانب سے خلاف کراچی پریس کلب پر گزشتہ روز سے تادمِ مرگ بھوک ہڑتال کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ بھوک ہڑتال کے دوسرے روز وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر و رہنماء ایم کیو ایم خواجہ اظہار الحسن سے رابطہ کر کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    پڑھیں :  گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کے کارکنان کا شاہراہ فیصل پر احتجاج

    جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو ہدایات جاری کیں کہ ’’گلستان جوہر سے گرفتار افراد میں اگر کوئی بے گناہ ہیں تو انہیں رہا کردیا جائے، جس کے بعد پولیس کی جانب سے متحدہ کے 6 کارکنان ارسلان علی، محمد عدیل، طلحہ علی سمیت دیگر تین کارکنان کو رہا کردیا گیا۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے متحدہ کے کارکنان کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’وزیر اعلیٰ سندھ کی مداخلت اور ہدایت کے بعد پولیس نے بے گناہ کارکنان کو رہا کردیا ہے، رہائی پانے والے تمام کارکنان گلستانِ جوہر سیکٹر سے گرفتار کیے گئے تھے‘‘۔

    مزید پڑھیں: کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کی تادمِ مرگ بھوک ہڑتال

    کارکنان کی رہائی کے بعد دونوں جماعتوں کی قیادت نے رابطہ کیا، جس میں وزیر اعلیٰ نے متحدہ کی قیادت کو خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کرنے پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منگل کے روز گلستان جوہر میں واقع ایم کیو ایم کے دفتر کا محاصرہ کر کے وہاں موجود 7 کارکنان کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، گرفتار ہونے والے افراد میں بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے جنرل کونسلر بھی شامل تھے۔

    خبر پڑھیں :  ایم کیو ایم کا ٹی او آر کمیٹی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ

    بعدازاں عوام کی بڑی تعداد نے شاہراہ فیصل تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے پہنچی جس کے بعد شاہراہ فیصل کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا تاہم ایس پی گلشن اقبال کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور کارکنان کی گرفتاری ظاہر ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے مظاہرہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • فلم ایلس تھرودی لوکنگ گلاس 27 مئی کو ریلیز ہوگی

    فلم ایلس تھرودی لوکنگ گلاس 27 مئی کو ریلیز ہوگی

    لاس اینجلس : والٹ ڈزنی کی فلم سیریز ایلس ان دی ونڈرلینڈ کی نئی اینیمیٹیڈ فلم رواں سال سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ننھے فلم بینوں کیلئے خوشخبری ہے کہ ایلس اور اس کی طلسماتی کہانی بڑے پردے پر ننھے شائقینوں کا دل لُوٹنے ایک بار پھر لوٹ رہی ہے۔

    والٹ ڈزنی کی فلم سیریز ایلس ان دی ونڈرلینڈ کے سیکول میں ایلس گلاس کے ذریعے ایک بار پھرجادوئی دنیا میں لوٹ جاتی ہے جہاں کی تمام چیزیں اُلٹی ہیں۔ وقت بھی ماضی میں جاتا ہے جہاں ایلس اور اس کے دوستوں کی جان کو خطرہ ہے۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ ایلس کس طرح اپنی اور اپنے دوستوں کی جان بچائے گی۔ ونڈرلینڈ فلم کے مرکزی کردار میاواسیکوسکا اور جانی ڈیپ سمیت تمام اداکارایک بار پھر ایک ساتھ جلوہ گر ہونگے۔

    سائنس فکشن، ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپوراینیمیٹڈ فلم ایلس تھرو دی لوکینگ گلاس رواں سا ستائیس مئی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

  • پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی علی نواز شاہ کو رہا کردیا گیا

    پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی علی نواز شاہ کو رہا کردیا گیا

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی علی نواز شاہ اور ساتھیوں کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

    سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے علی نواز شاہ اور ساتھیوں کی درخواستوں کی سماعت کی، رکن سندھ اسمبلی اور ان کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ انھیں سزا سیاسی بنیادوں پر دی گئی، سزا دیتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔

      عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ، امتیاز شاہ اور خادم علی شاہ کی ضمانت منظور کرلی اور فی کس پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ۔

    عدالت نے نیب کورٹ کی جانب سے علی نوازشاہ کو دی گئی سزا بھی کالعدم قرار دے دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ نیب کورٹ نے بدعنوانی کے الزام میں علی نواز شاہ کو پانچ سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

  • رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء قمر منصور کو رہا کردیا

    رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء قمر منصور کو رہا کردیا

    کراچی : رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء قمر منصور کو رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کردیا، حکام نے رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرادی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ قمر منصور کا نوے روزہ ریمانڈ مکمل نہیں ہوا۔ رہائی طبیعت خراب ہونے پر انسانی ہمدردی کے تحت کی گئی ہے۔

     رینجرز نے بائیس جولائی کو قمر منصور کا نوے دن کا ریمانڈ حاصل کیا تھا، رینجرز کی حراست میں قمر منصور نے کمر میں تکلیف کی شکایت کی۔

    یاد رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور کو رینجرز نے 16 اور 17 کی درمیانی شب کو نائن زیرو پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا، قمر منصور کو پاک فوج کے خلاف ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی نفرت آمیز تقاریر میں سہولت کار کی حیثیت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سیاسی مرکز پر رینجرز کا یہ دوسرا چھاپہ تھا، اس سے قبل 11 مارچ 2015 کو رینجرز نے 90پر چھاپہ مارا تھا، جس میں سینئررہنماء عامرخان سمیت بڑی تعداد میں کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • آرنلڈ شوارزنیگر کی فلم میگی کا نیا ٹریلرجاری کر دیا گیا

    آرنلڈ شوارزنیگر کی فلم میگی کا نیا ٹریلرجاری کر دیا گیا

    لاس اینجلس : خوف اوردہشت انگیزمناظرسےبھرپورہالی ووڈ فلم میگی کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیاہے ۔ ہارر فلموں کے شائقین کے لئے خوفنا ک مناظرسے بھرپورفلم میگی کا نیا ٹریلرمنظرعام پرآگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کےمشہورایکشن ہیروآرنلڈ شوارزنیگراپنی نئی آنتے والی فلم میگی میں ایک نئےروپ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

    فلم کی کہانی میگی نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو ایک موذی مرض میں مبتلا ہو کرایک خوفنا ک بلا کا روپ دھار لیتی ہے،اس پورے سفرمیں میگی کے والد بیٹی کا سہارا بنتے ہیں۔

    فلم کی دیگر کاسٹ میں ایبی گیل بریسلن، جوئیلی رچرڈسن، ایڈن فلاورزاوردیگرشامل ہیں،ہالی ووڈ فلم میگی آٹھ مئی کو سینما گھروں میں خوف اور دہشت کے سائے پھیلائے گی۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ: ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کالعدم ،رہائی کاحکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ: ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کالعدم ،رہائی کاحکم

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، جسٹس نور الحق قریشی نے عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے نظربندی کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیدیا۔

    ذکی الرحمان لکھوی کی ممبئی حملہ کیس میں پہلے ہی ضمانت ہوچکی ہے، جس کی منسوخی کیلئے وفاقی حکومت نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پرفریقین کو نوٹس جاری کیےگئے ہیں۔

    تاہم وفاقی حکومت نے ضمانت کے بعد امن و امان کے خدشے کے سبب ذکی الرحمان لکھوی کو نظر بند کردیا تھا۔ جس کے خلاف ملزم نےاسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

    واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ ذکی الرحمن لکھوی ممبٔی حملہ کیس کا ماسڑ مائنڈ ہیں، جس پر پاکستان نے چند سال قبل انہیں مظفر آباد سے آتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔