Tag: Relief Operation

  • مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، یو اے ای سفیر

    مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، یو اے ای سفیر

    کراچی : یو اے ای قونصلیٹ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد الزیبی سے بلوچستان کے صوبائی وزیرداخلہ نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں قونصل جنرل بخیت الرومیٹی اور سیکرٹری جنرل یو اے ای ریڈ کریسنٹ حنودالجنیبی کے علاوہ صوبائی وزیر داخلہ، میر ضیاء اللہ لانگو کے ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران بھی موجود تھے۔

    وفد نے پاکستان بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر متحدہ عرب امارات کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر امارات حماد الزیبی نے کہا کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑا نقصان ہوا ہے جس کا ہمیں بہت دکھ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں یو اے ای کی حکومت اور پاکستان اور یہاں کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بلوچستان میں بھی امدادی پروگرام جاری ہے۔

  • پاک فضائیہ کا سیلاب متاثرین کے لیے امدادی آپریشن جاری

    پاک فضائیہ کا سیلاب متاثرین کے لیے امدادی آپریشن جاری

    کراچی : آج پورا پاکستان 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان کے کارناموں کی یاد میں یومِ دفاع منا رہا ہے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کوششوں کو مزید بڑھانے کے ایک نئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس تاریخی دن پر ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششیں ایک نئے جوش اور ولولے کے ساتھ جاری رہیں گی۔

    ضرورت کی اس گھڑی میں پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل بروئےکار لا رہی ہے۔

    پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب زدگان کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کی دن رات مدد کر رہی ہیں۔

    سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کے بحفاظت انخلا، امدادی سامان کی نقل و حمل اور ریسکیو مشنز کے لیے پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ اور ہیلی کاپٹرز فلیٹ مسلسل محو پرواز ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 70 خیمے، 16189 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 1000 پانی کی بوتلیں اور 2331 بنیادی غذائی اجناس پر مشتمل خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیے۔

    مزید براں مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں نے 2012 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔

    پاک فضائیہ کے جوان اس قومی بحران کی گھڑی میں وطن کی سالمیت اور ہم وطنوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کو ہمہ وقت تیار ہیں۔

  • سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی امدادی کارروائیاں جاری

    سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی امدادی کارروائیاں جاری

    اسلام آباد: سیلاب سے متاثر صوبہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں پاک فضائیہ کا آپریشن جاری ہے، متاثرین میں کھانا، پانی اور ادویات تقسیم کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں پاک فضائیہ کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ہالا، مٹیاری، تلہار، ماچھی، بولانی، لاشاری، چوہڑ جمالی، میرپور خاص، سائیں داد، بلو اور جھل مگسی میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے، راشن پیکٹ، پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔

    ترجما کے مطابق شمالی زون کے پی میں پی اے ایف کے بیسز قوم کی پکار پر لبیک کہنے کے لیے ہمہ تن تیار ہیں، پی اے ایف کی میڈیکل ٹیموں کی جانب سے 721 مریضوں کو مفت طبی امداد کی فراہمی کی جارہی ہے۔

  • امداد کی بروقت فراہمی سمیت سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف آپریشن کے لیے اہم فیصلے

    امداد کی بروقت فراہمی سمیت سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف آپریشن کے لیے اہم فیصلے

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم کی زیر صدارت حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال پر گزشتہ رات 3 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ملک میں سیلابی صورت حال سے متعلق ہنگامی بنیادوں پر صوبائی حکومتوں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔

    وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد کو مزید تیز اور منظم کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دیں، جو تمام صوبوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیا کی فوری فراہمی یقینی بنائیں گی۔ وفاقی وزرا اور اتحادی رہنماؤں کی سربراہی میں صاف پانی، خیموں، ادویات، اور راشن پر علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

    وزیر اعظم نے فوری طور پر اسلام آباد میں سفرا کی کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا، جس میں سفیروں کو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اعتماد میں لیا جائے گا، اور انھیں ریسکیو اور امدادی آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے بی آئی ایس پی کے تحت جاری فلڈ ریلیف کیش پروگرام میں تقسیم میں تعطل کا سخت نوٹس لیا، اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ 3 دن کے اندر فلڈ ریلیف کیش کی رقم تقسیم کرنے کی ہدایات پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے بی آئی ایس پی کو 2 ستمبر تک فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 25 ہزار فی متاثرہ خاندان پہنچانے کی دو ٹوک ہدایات جاری کر دیں، اور کہا کہ جو بینک اس ٹارگٹ کو پورا نہ کر سکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کے لیے کشتیوں کی یقینی فراہمی کے لیے ڈی جی ایم او اور نیول چیف سے رابطے کی بھی فوری ہدایت کی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت اقتصادی امور اور خزانہ کو ہدایت کی کہ ڈونرز کانفرنس میں بین الاقوامی اداروں، تنظیموں کی طرف سے امداد متاثرین تک پہنچانے کی جامع حکمت عملی بنائی جائے۔

    انھوں نے فلڈ ریلیف کمیٹی کو پاک فوج کو سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن کے لیے مدعو کرنے اور کارروائیوں کو منظم کرنے کی بھی ہدایت کی، اور کہا ڈی جی ایم او کو فوری طور پر اعتماد میں لے کر حکومتی ریسکیو و ریلیف آپریشن اور پاک فوج کے آپریشنز کو یکجا کر کے منظم کیا جائے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں گھروں کے نقصانات کے پیش نظر متاثرین کے لیے خیموں کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر ہنگامی اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے، وزیر اعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

  • پاک بحریہ کا بارش وسیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری

    پاک بحریہ کا بارش وسیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری

    کوئٹہ: پاک بحریہ کا بارش وسیلاب سےمتاثرہ بلوچستان کےعلاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے  جبکہ مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کا بارش وسیلاب سےمتاثرہ بلوچستان کےعلاقوں میں ریلیف آپریشن کیا ، آپریشن میں خوراک، پینے کا پانی اوردیگرضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا گیا۔

    پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں نے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے ، ترجمان کا کہنا ہے کہ لوگوں کومیڈیکل کیمپ میں علاج،ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔

    ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کےجوانوں نےلوگوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ مختلف علاقوں میں کھڑاپانی نکالنےمیں بھی مقامی افرادکی مددکی گئی، پاک بحریہ عوام کو ہر ممکن مددفراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

    خیال رہے بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال، گوادر، تربت، اوماڑہ، چمن، کیچ اور پشین میں کچے مکانات گرگئے، جب کہ رابطہ سڑکیں بھی بہہ گئیں۔

    شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہیں، مختلف علاقوں کا کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

    بلوچستان میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر پاک فوج بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہے، پاک فوج کی جانب سے گوادر،پسنی اور تربت میں امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

  • پاک بحریہ کا  کراچی اور بدین کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری

    پاک بحریہ کا کراچی اور بدین کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری

    کراچی : پاک بحریہ کی بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہے، متاثرین میں تیار کھانے کے پیکٹس تقسیم کئے گیے جبکہ سیکڑوں افراد کی طبی مدد کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے کراچی اوربدین کےمتاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ نےبدین میں ایل بی اوڈی نہرکےشگاف کی مرمت اور مختلف مقامات سے نکاسی آب میں حصہ لیا۔

    ترجمان کے مطابق کراچی کےمختلف علاقوں سے متاثرین کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیاگیا، یونس آباد،ناظم آباد،سرجانی میں تیار کھانے کے پیکٹس کی تقسیم کئے گئے جبکہ سرجانی،یاروخان گوٹھ،یوسف گوٹھ اورخمیسوگوٹھ میں اشیائےخورونوش کی تقسیم کی۔

    بدین میں پاک بحریہ کے میڈیکل کیمپ میں مزیدڈاکٹرزاور طبی عملہ تعینات کردیا گیا ہے ، موبائل میڈیکل کیمپ اورٹیموں نےبدین میں سیکڑوں افراد کی طبی مدد کی اور بدین میں ریلیف کیمپوں میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔

    مزید پؑڑھیں: پاک فضائیہ بھی کراچی میں بارش سے متاثرین کی مدد کیلئے پیش پیش

    یاد رہے ایئر چیف کی ہدایت پر پاک فضائیہ کی جانب سے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے، ضرورت مندخاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا اور امدادی سامان دیا جارہا ہے، جس میں آٹا،چاول، دالیں، گھی اور چینی ودیگر چیزیں راشن میں شامل ہیں۔

    پہلے مرحلے میں پی اے ایف مسرور اور فیصل بیس کے اطراف راشن تقسیم کیا گیا جبکہ بے سروسامان خاندانوں کے لیے پاک فضائیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔

  • کراچی میں مون سون بارشیں، پاک فوج نے سول انتظامیہ کی مدد کیلیے میدان میں آگئی

    کراچی میں مون سون بارشیں، پاک فوج نے سول انتظامیہ کی مدد کیلیے میدان میں آگئی

    کراچی : شہر قائد میں مون سون بارشوں کے بعد پاک فوج نے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا ہے، پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پاک فوج سول انتظامیہ کی مددکوپہنچ گئی، پاک فوج نےکراچی میں ریلیف آپریشن کاآغازکردیا ہے‌۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، نشیبی علاقوں سے پانی نکالا جا رہا ہے جبکہ پاک فوج پانی میں پھنسےلوگوں کو ریسکیوکر رہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق سیلاب اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ 3 روز سے کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے شہر قائد کی سڑکوں پر پانی جمع ہے جبکہ اکثرعلاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کراچی میں 3 دن کی بارش کےدوران مختلف حادثات میں10 افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں۔

    گذشتہ روز صوبائی وزرا سعیدغنی اور ناصرشاہ نے صفوراچورنگی،ایئرپورٹ کے اطراف کا ہنگامی دورہ کیا ، سعیدغنی نے کہا تھا کہ نکاسی کاکام مکمل کرلیاگیاہے،تمام شاہراہیں کلیئرہیں، تمام عملہ ممکنہ آنےوالےاسپیل کیلئےبھی تیارہے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کو کراچی میں ریلیف ورک کی ہدایت کی تھی جبکہ این ڈی ایم اے اور ڈبلیو ایف او کی جانب سے کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی بھی کی گئی۔

  • پاک فضائیہ کا طیارہ سی ون30 امدادی سامان لیکر چترال پہنچ گیا

    پاک فضائیہ کا طیارہ سی ون30 امدادی سامان لیکر چترال پہنچ گیا

    چترال: پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، سیلاب سے تباہ حال علاقوں میں پاکستان ایئرفورس کا طیارہ امدادی سامان لے کر پہنچ گیا۔

    ملک بھر میں سیلاب نے تباہی مچائی، پاک فوج سب سے پہلے امدادی سرگرمیوں کیلئے سامنے آئی، سنگلاخ پہاڑوں میں گھری وادی چترال میں بھی سیلاب مضبوط بند، رابطہ پل اور سڑکیں بہا کر لے گیا، خطرناک راستوں کے درمیان پاک فوج مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

    پاکستان ائیرفورس کا طیارہ سی ون تھرٹی امدادی سامان لیکر چترال پہنچا، فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جارہا ہے، پاک فوج اب تک چھ سو سے زائد مریضوں ،سیاحوں اور مکینوں کوچترال سے محفوظ مقام پہنچاچکی ہے۔

    ائیرفورس کے جہاز میں سیلاب سے متاثرہ زخمیوں کو چترال سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں بھی مصروفِ عمل ہے۔

  • پاکستان کا نیپال کی بحالی کے 1 ملین امریکی ڈالرکی امداد کا اعلان

    پاکستان کا نیپال کی بحالی کے 1 ملین امریکی ڈالرکی امداد کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان نے زلزلے سے متاثرہ نیپال میں زندگی کی بحالی اورتعمیرِنو کے لئے ایک ملین امریکی ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے 25 جون 2015 کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال زلزلے سے متاثرہ ملک نیپال کی بحالی کے لئے پاکستان ایک ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا۔

    مراسلے کے مطابق یہ اعلان کھٹمنڈو میں نیپال کی بحالی کے لئے کی جانے والی عالمی کانفرنس میں پاکستانی مشن کے قائم مقام سربراہ نے کیا۔

    پاکستان ان اولین ممالک میں سے ہے جنہوں نے 25 اپریل 2015 کو نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے چند گھنٹوں کے اندر امدادی کاروائی کا آغاز کردیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے فوری طورپرتیس بستروں پرمشتمل موبائل اسپتال اور 50 افراد پرمشتمل تربیت یافتہ طبی عملہ نیپال روانہ کیا تھا جس نے 1200 سے زائد متاثرین کو فی الفور طبی امداد فراہم کی تھی۔

    طبی عملے کے علاوہ پاکستان کی جانب سے 38 افراد پرمشتمل جدید سازوسامان سے لیس ٹیم بھی روانہ کی گئی تھی جس نے انتہائی جانفشانی سے ملبے میں دفن افراد کا سراغ لگایا اورجدید آلات کی مدد سے کئی افراد کی جان بچانے میں مدد فراہم کی تھی۔

    پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے نیپال کی حکومت اورعوام سے دکھ اورمصیبت کی اس گھڑی میں اظہاریکجہتی کے لئے وافر مقدار میں امدادی سازوسامان جن میں خیمے، شیلٹر، کمبل، ادویات ، چاول، تیار خوردنی اشیا وغیرہ شامل ہیں روانہ کیا تھا۔