Tag: remains

  • سعودی عرب کے قدیم ترین ایئرپورٹ کے آثار سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز

    سعودی عرب کے قدیم ترین ایئرپورٹ کے آثار سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز

    ریاض: سعودی عرب کے سب سے قدیم ایئرپورٹ کے آثار اب بھی موجود ہیں جو سیاحوں و مقامی افراد کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شمالی حدود کے علاقے الدوید میں مملکت کے سب سے قدیم ہوائی اڈے کے آثار اب بھی موجود ہیں، مذکورہ ہوائی اڈہ 7 دہائی قبل ٹیپ لائن کمپنی نے تعمیر کروایا تھا۔

    یہ قدیم ایئرپورٹ الدوید کے تاریخی قصبے میں تعمیر کروایا گیا تھا جو العویقیلہ کمشنری کے جنوب میں 20 کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔

    قدیم ہوائی اڈے کے 2 رن وے ہیں جو انگلش حرف وائی کی شکل کے بنائے گئے تھے، مرکزی رن وے کی لمبائی 2 ہزار 835 میٹر اور چوڑائی 45 میٹر تھی۔

    دوسرا رن وے 2 ہزار 332 میٹر لمبا اور 45 میٹر چوڑا تھا، قدیم ائیرپورٹ کے ساتھ اس وقت کارکنوں کی رہائش گاہیں بھی تعمیر کی گئی تھیں۔

    اس حوالے سے تاریخ دان اور ماہر آثار قدیمہ عبدالرحمان بن محمد التویجری کا کہنا تھا کہ الدوید گاؤں کا شمار انتہائی قدیم قریوں میں ہوتا ہے، اس علاقے میں میٹھے پانی کے 200 سے زائد چشمے ہیں جو ماضی میں علاقے کے رہائشیوں کے لیے پانی کا سب سے بہترین ذریعہ ہوا کرتے تھے۔

    الدوید قصبے میں عہد رفتہ میں ایک بڑا بازار ہوا کرتا تھا جس کے آثار آج تک باقی ہیں، اس وقت یہاں عراق سے تجارتی قافلوں کی آمد و رفت ہوا کرتی تھی۔

  • اسرائیل کا فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

    اسرائیل کا فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

    مقبوضہ بیت المقدس :‌ اسرائیل نے اپنے ایک فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے 4 اپریل 1982ء کو لبنان جنگ کے دوران میں لاپتہ ہونے والے اپنے ایک فوجی کی لاش واپس ملنے کا اعلان کیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کی باقیات کی واپسی خفیہ انٹیلی جنس کارروائی کے ذریعے ممکن ہوسکی تھی۔

    اسرائیلی فرسٹ کلاس سارجنٹ زیچرے بومل سلطان یعقوب جنگ کے دوران میں لاپتا ہو گیا تھا۔ وہ امریکا میں پیدا ہوا تھا لیکن بعد میں نقل مکانی کرکے اسرائیل منتقل ہوگیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ فوجی صہیونی فوج کی مسلط کردہ جنگ کے دوران میں لبنان کی وادی بقاع میں لاپتا ہوا تھا اور اس وقت اس کی عمر اکیس سال تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک تیسرے ملک کی مدد سے اس فوجی کی لاش واپس لینے میں کامیاب ہوا ہے اور اس کو روس کی ثالثی کے نتیجے میں لبنان میں غائب ہونے والے اس فوجی کی باقیات کا تابوت ملا تھا۔

    تاہم اب یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ روس کی خصوصی فورسز کو شام میں اس فوجی کا تابوت ملا تھا۔

    ایک اسرائیلی عہدے دار نے ہفتے کے روز اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اسرائیل نے جذبہ خیر سگالی کے تحت دو قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس عہدے دار نے رہا کیے جانے والے قیدیوں کی شناخت نہیں بتائی ہے۔ البتہ اسرائیلی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ دونوں قیدی شامی شہری ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شامی یا روسی حکام نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔