Tag: Remake

  • سلمان خان فلم ’شعلے‘ کا ریمیک بنائیں گے؟

    سلمان خان فلم ’شعلے‘ کا ریمیک بنائیں گے؟

    بالی ووڈ کے معروف اداکار و سپر اسٹار سلمان خان نے ایکشن ڈرامے فلم ’ شعلے ‘ کا ریمیک بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    حال ہی میں بالی ووڈ کے معروف فلم نگار’سلیم جاوید‘ کی زندگی پر بننے والی دستاویزی سیریز ’اینگری ینگ مین ‘ ریلیز ہوئی ہے اسی سلسلے میں پرائم ویڈیو کے یوٹیوب چینل پر فرح خان کے ساتھ ایک انٹرویو میں سلمان خان، زویا، نمرتا، جاوید اختر، سلیم خان اور فرحان اختر نے شرکت کی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Salman Khan (@beingsalmankhan)

    دورانِ انٹرویو فرح خان نے سلمان خان سے سوال کیا کہ آپ ’سلیم جاوید ‘کی تحریر کردہ کونسی فلم کا ریمیک بنانا چاہتے ہیں؟ جس پر سلمان خان نے کہا کہ اگر مجھے ان کی کسی بھی فلم کا ریمیک بنانے کا موقع ملا تو میں فلم شعلے کا ریمیک بنانا چاہوں گا۔

    جس پر فرح خان نے پوچھا کہ وہ جے یا ویرو میں  سے کس کا کردار ادا کرنا چاہیں گے جس پر اداکار سلمان خان نے کہا کہ میں اس فلم میں جے، ویرو گبر تینوں کا کردار اداکرسکتا ہوں۔

    واضح رہے کہ یہ فلم جاوید اختر اور سلیم خان کی جوڑی کا شاہکار ہے جو بھارتی فلم نگری میں سلیم-جاوید کے نام سے مشہور تھی۔

    اس جوڑی نے کئی نامور فلمیں لکھیں جن میں  ’زنجیر‘، ’دیوار‘، جیسی متعدد بلاک بسٹر فلمیں شامل ہیں لیکن فلم ’شعلے‘ ان کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی، اس فلم میں امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔

  • الفریڈ ہچکاک کے شاہکار کا ری میک، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مرکزی کردار ادا کریں گے

    الفریڈ ہچکاک کے شاہکار کا ری میک، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مرکزی کردار ادا کریں گے

    شہرہ آفاق ہدایت کار اور سسپنس فلموں کی تخلیق میں انسٹی ٹیوٹ کا درجہ رکھنے والے الفریڈ ہچکاک کی ایک شاہکار فلم ورٹیگو کا ری میک بننے جارہا ہے۔

    الفریڈ ہچکاک کو امریکی سینما کی بااثر ترین شخصیات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو سائیکو تھرلر اور جاسوسی فلموں کی تخلیق کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

    6 دہائیوں پر مشتمل اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 50 سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی جن میں سے اکثر ماسٹر پیش قرار دی جاتی ہیں۔

    ان میں سے ایک سائیکو اور دوسری ورٹیگو ہے جو ہالی ووڈ کی تاریخ میں مشہور اور بہترین فلموں کی حیثیت رکھتی ہیں، سنہ 1958 میں ریلیز کی گئی فلم ورٹیگو کا اب ری میک بننے جارہا ہے۔

    امریکی فلم پروڈکشن کمپنی پیرا ماؤنٹ پکچرز نے ورٹیگو کے ری میک کے حقوق حاصل کرلیے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع کردیا جائے گا، فلم میں مرکزی کردار ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر ادا کریں گے جو فلم کے معاون پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق فلم کو نیٹ فلکس کی مشہور سیریز پیکی بلائنڈرز کے مصنف اسٹیون نائٹ تحریر کریں گے۔

    فلم کی کہانی

    فلم ایک پولیس افسر جون فرگوسن کو پیش آنے والے ایک حادثے سے شروع ہوتی ہے جس میں اس کا ساتھی اہلکار بلندی سے گر کر مر جاتا ہے جس کے بعد جون ایکرو فوبیا یعنی بلندی کے خوف کا شکار ہوجاتا ہے۔

    اس کی منگیتر اس خوف کو دور کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے۔

    بیماری کے بعد جون ملازمت سے ریٹائرمنٹ لے لیتا ہے اور تبھی اس کا ایک دولت مند دوست اسے اپنی بیوی میڈیلین کی نگرانی کرنے کا کہتا ہے جو مختلف نفسیاتی مسائل کا شکار ہوتی ہے۔

    دونوں کے درمیان محبت کا تعلق پنپنے لگتا ہے پھر ایک روز میڈیلین بھی اونچائی سے گر کر خودکشی کرلیتی ہے جس کے بعد جون کی بیماری بدترین صورت اختیار کرلیتی ہے۔

    کہانی اس وقت نیا موڑ لیتی ہے جب جون کو ایک روز میڈیلین کی ہم شکل عورت دکھائی دیتی ہے۔

    مختلف نفسیاتی گتھیوں میں الجھتے ہوئے بالآخر فلم کے اختتام پر جب تمام گتھیاں سلجھتی ہیں تو دیکھنے والے چونک جاتے ہیں۔

    فلم اپنی ریلیز کے فوراً بعد کامیاب نہ ہوسکی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ سینما کی تاریخ کی شاہکار فلم قرار پائی۔

  • کرن جوہر نے بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ بتا دی

    کرن جوہر نے بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ بتا دی

    ممبئی: بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر کرن جوہر نے بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ بتا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کرن جوہر نے فلموں کے ری میک کو بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ قرار دے دیا ہے، اور اس کے لیے انھوں نے دوسروں ہی کو نہیں بلکہ خود کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا۔

    فلم ناقدین ایک عرصے سے اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ آخر بالی ووڈ فلمیں باکس آفس پر کیوں کامیاب نہیں ہو رہیں، اور ناظرین ان فلموں کو کیوں پسند نہیں کر رہے ہیں۔

    باکس آفس پر فلموں‌کے اچھا بزنس نہ کرنے کی وجہ سے بالی ووڈ انڈسٹری خسارے میں ہے، کرن جوہر نے کہا کہ پورے ہندی سنیما میں ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں کہانی پر پختہ یقین نہیں ہے، ہمارے پاس سلیم جاوید کی صورت میں ایک حقیقی آواز تھی، جو سینما میں کردار کو زندہ کرتے تھے۔

    کرن جوہر نے اسکرین رائٹرز سلیم جاوید (سلیم خان اور جاوید اختر) کا خصوصی ذکر کیا، انھوں نے کہا 70 کی دہائی تک انھوں نے اصل کہانیوں اور کرداروں کو سنبھال کر رکھا، لیکن پھر ہم نے 80 کی دہائی میں جنوبی زبان کی فلموں کے ری میک بنانا شروع کر دیے۔

    کرن جوہر نے نہ صرف ری میک فلموں بلکہ ایک فلم کی دیکھا دیکھی اسی طرح کی فلموں کی بھرمار کرنے کے طرز عمل کو بھی بالی ووڈ کی بربادی کی وجہ قرار دیا۔ کرن جوہر نے بتایا کہ نہ صرف یہ بلکہ 90 کی دہائی میں ہم نے ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی کامیابی کے بعد محبت کی کہانیاں بنانا شروع کر دیں، اور اس سب کا قصوروار میں ہوں، اسی طرح ہم نے 70 کی دہائی کی جڑیں کھو دیں۔

    انھوں نے اس سلسلے میں فلم لگان کا ذکر کیا، جس کی کامیابی کو دیکھ کر سب نے اس طرز کی فلمیں بنانا شروع کر دی تھیں، اسی طرح جب فلم دبنگ آئی تب بھی ایسا ہی ہوا۔

    واضح رہے کہ بالی ووڈ میں ریمیک فلموں کا رجحان کافی بڑھ گیا ہے، فلم ساز اور اداکار لگاتار ریمیک بنانے میں مصروف ہیں، جو نہ تو باکس آفس پر کامیاب ہو رہی ہیں اور نہ ہی شائقین کو پسند آ رہی ہیں۔

  • تہلکہ خیز فلم ”فیس آف” کے مداحوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    تہلکہ خیز فلم ”فیس آف” کے مداحوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    گزشتہ صدی90کی دہائی میں پیش کی جانے والی تہلکہ خیز فلم ”فیس آف” اب شائقین کیلئے دوبارہ نئے انداز سے پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

    کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم "فیس آف” نے1997 میں39 ارب روپے کا بزنس کیا تھا اور سال بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں گیارہویں نمبر پر رہی تھی۔

    1997کی بلاک بسٹر فلم ” فیس آف ” کی شاندار کامیابی کے24سال بعد اس کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    فلم "فیس آف” کے مرکزی کرداروں میں جان ٹریولٹا اور نکولس کیج شامل تھے، فلم کی کہانی میں دونوں کردار ایک دوسرے کی جان کے دشمن ہوتے ہیں مگر ان کے چہرے آپس میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔

    بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق ہدایت کار ایڈم ونگرڈ ’فیس آف‘ کا سیکوئل بنائیں گے تاہم جان ٹریولٹا اور نکولس کیج کو فلم کا حصہ بنایا جائے گا یا نہیں اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا گیا۔

    فیس آف کے سیکوئل کے بارے میں ایک رائے یہ بھی ظاہر کی گئی کہ اس فلم کا سیکوئل نہیں بلکہ فلم کو دوبارہ بنایا جا رہا ہے۔

    ہدایت کار ایڈم ونگرڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ میں فیس آف کو دوبارہ بنانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا کیونکہ یہ ایک مکمل اور بہترین کامیڈی اور ایکشن فلم ہے۔ تاہم ہم اس کا سیکوئل بنا رہے ہیں۔

  • دی وزرڈ آف اوز کا ری میک بنانے کا اعلان

    دی وزرڈ آف اوز کا ری میک بنانے کا اعلان

    ہالی ووڈ کی کلاسک فلم دی وزرڈ آف اوز کا ری میک بنانے کی تیاری کی جارہی ہے، سیریز واچ مین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نیکول کاسیل اس نئی فلم کی ہدایات دیں گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اے ٹی اینڈ ٹی ان کارپوریشن وارنر برادرز اسٹوڈیو کے یونٹ نیو لائن سینما نے کہا کہ وہ ڈوروتھی کی کہانی اور اوز کی سرزمین پر اس کی سیر کو نئے سرے سے بنانا چاہ رہے ہیں۔

    یہ کہانی ایل فرنک باؤم کی تحریر کردہ بچوں کی کتاب دی ونڈرفل وزرڈ آف اوز میں تھی، جو 1900 میں شائع ہوئی تھی۔

    اسٹوڈیو کے مطابق ایچ بی او کی ایمی ایوارڈ یافتہ سیریز واچ مین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نیکول کاسیل اس نئی فلم کی ہدایات دیں گی۔

    نیکول کاسیل کا کہنا ہے کہ یہ بڑے پیمانے پر ایک مشکل کام ہے اور ایک نئی پیلی اینٹوں کی سڑک کے راستے پر میں اپنے بچپن کے ان ہیروز کے ساتھ رقص کے لیے بے چین ہوں۔

    نئی فلم کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں دی گئیں لیکن یہ فلم میوزیکل نہیں ہوگی۔

    دی وزرڈ آف اوز کی اوریجنل فلم 1939 میں ریلیز ہوئی جس میں اداکارہ جوڈی گارلینڈ موجود تھیں، اس وقت سے لے کر اب تک اس کہانی کے کئی ری میکس اور اسپن آفس بن چکے ہیں جن میں 2013 میں ریلیز ہونے والی ڈزنی فلم اوز دی گریٹ اینڈ پاورفل بھی شامل ہے۔