Tag: remand

  • کوئٹہ: اعظم سواتی 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کوئٹہ: اعظم سواتی 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو انتشار پھیلانے کا مقدمے میں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ عبدالستار بگٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اعظم سواتی کے خلاف انتشار پھیلانے کا مقدمے میں عدالت نے انہیں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    خیال رہے کہ اعظم سواتی پر اداروں کے خلاف ٹویٹ اور بیان بازی سے متعلق ملک بھر میں مختلف مقدمات درج ہیں، 2 روز قبل انہیں بلوچستان پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

    وفاقی دارالحکومت میں گرفتاری کے بعد وہ چند روز پولیس کی حراست میں رہے تھے اور ضمانت کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں کوئٹہ لے جایا گیا۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔

  • نوکوٹ : خواتین کا اغواء و زیادتی، بااثر ملزمان کا ریمانڈ

    نوکوٹ : خواتین کا اغواء و زیادتی، بااثر ملزمان کا ریمانڈ

    میرپورخاص : نوکوٹ کے قریب لڑکیوں کے اغواء اور زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے گرفتار نو ملزمان کو سول جج ڈگری کی عدالت میں پیش کردیا۔

    نوکوٹ کے قریب 2خواتین کے اغواء اور زیادتی کے کیس میں پولیس نے گرفتار کیے گئے ملزمان کو سول جج ڈگری کی عدالت میں پیش کردیا۔

    زیادتی کی شکار دونوں لڑکیوں کو بھی عدالت میں بیان کے لئے پیش کیا گیا، پولیس نے مزید تفتیش کے لئےایک دن کا جسمانی ریمانڈ لے لیا،

    وکیل نہ ہونے کی وجہ سےدونوں لڑکیوں کوکل عدالت میں پیش کیا جائے گا، واقعے کا ایک مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق زیادتی کے مرکزی ملزمان علی نواز اور نذر حیات تاحال گرفتار نہ ہوسکے، ملزمان کی گرفتاری کے لئےپولیس کی میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔

    دوسری جانب متاثرہ لڑکیوں کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ میرپورخاص پولیس ملزمان کی گرفتاری میں دلچسپی نہیں لے رہی۔

    واضح رہے کہ نوکوٹ میں مسلح درندوں نے دوسری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ بچی سمیت دو لڑکیوں کو گھر سے اغوا کرکے پوری رات اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اگلے روز متاثرہ لڑکیوں کو ایک پولیس اہلکار کے گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

  • وجیہہ سواتی قتل کیس میں ملوث ملزمان کا چار روزہ ریمانڈ

    وجیہہ سواتی قتل کیس میں ملوث ملزمان کا چار روزہ ریمانڈ

    راولپنڈی : عدالت نے امریکی نژاد خاتون وجیہہ سواتی کے اغواء اور قتل کے مقدمے میں ملوث ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں چار دن کی توسیع کردی۔

    پولیس نے وجہیہ سواتی اغواء و قتل کیس کے ملزمان کو ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے سول جج طلعت وحید کی عدالت میں پیش کردیا۔

    ملزمان رضوان، والد حیرت اللہ اور ان کا ملازم سلطان اس کے علاوہ  وقوعہ کی جگہ دھونے والی خاتون ملازمہ زاہدہ، ملازم زید اور ملازم یوسف بھی پیش کردیئے گئے۔

    عدالت کی جانب سے ملزمان کا4 روزہ ریمانڈ پولیس کو فراہم کردیا گیا، ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا، کیس کو اگلی سماعت کیلئے چار جنوری تک ملتوی کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ 2 ماہ قبل خاتون وجیہہ سواتی اغواء ہوئی تھی، ان کے تین کم عمر بچے امریکا میں ہیں، وجیہہ سواتی اپنے سابق شوہر رضوان حبیب سے جائیداد کا معاملہ حل کرنے پاکستان آئی تھی۔

    وجیہہ کے سابق شوہر نے گرفتاری کے بعد اسے قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا اور بتایا کہ اس نے اپنی سابقہ اہلیہ کو پاکستان پہنچتے ہی اغواء کیا تھا اور اسے قتل کرکے لاش ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے لکی مروت میں دفنائی ہے۔

  • امریکی نژاد خاتون ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی : ملزم ریمانڈ پرجیل روانہ

    امریکی نژاد خاتون ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی : ملزم ریمانڈ پرجیل روانہ

    کراچی : امریکی نژاد پاکستانی خاتون ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی کے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیا، عدالت نے پولیس سے ڈی این اے رپورٹ طلب کرلی۔

    کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں فرئیر کے علاقے میں امریکی نژاد پاکستانی خاتون ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی کا کیس کی سماعت ہوئی۔

    پولیس کی جانب سے ریمانڈ مکمل ہونے پر گرفتار ملزم یاسر کوعدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے ملزم کوعدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

    اس موقع پرعدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے ڈی این اے رپورٹ طلب کرلی، پولیس کے مطابق مبینہ زیادتی کا واقعہ ملزم یاسر کے گھر پر پیش آیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مدعی مقدمہ کی جانب سےدرخواست دیتے ہی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید صورتحال واضح ہوجائے گی۔

    متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کے بیان کے مطابق ملزم نے مجھے گھر پر لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزم نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

  • سانحہ موٹروے : مرکزی ملزم عابد ملہی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    سانحہ موٹروے : مرکزی ملزم عابد ملہی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹروے سانحہ کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی، پولیس کی جانب سے ملزم کا پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسے عدالت پیشی پر لایا گیا۔

    ملزم عابد ملہی کو منگل کی صبح سکیورٹی کے سخت حصار میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عابد ملہی کا پولی گرافک ٹیسٹ کیا گیا ہے۔

    پراسیکیوٹر  کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کا دوبارہ ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا گیا اور اس کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا ہے لہٰذا ملزم سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں۔

    بعد ازاں عدالت نے کارروائی کے بعد ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے حکم دیا کہ اسے دوبارہ یکم دسمبر کو پیش کیا جائے، اس کے بعد کیس کی کارروائی یکم دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

    لاہور : احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 20 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے جبکہ ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں27 اکتوبر تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا، عدالت نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 7دن کی توسیع کرتے ہوئے نیب حکام کے حوالے کردیا۔

    احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے فیصلہ محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کا 20 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب کی میاں شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس کے علاوہ عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 اکتوبر تک توسیع کردی۔

    قبل ازیں کیس سماعت شروع ہوئی تو ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کو پیش کر دیا گیا جبکہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو پیش کرنے میں تاخیر ہوئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کی۔ کیس کی دوبارہ سماعت شروع ہونے پر شہباز شریف کو بھی احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا۔

    شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے کمر کے درد کی شکایت ہے جس کے باعث جو خصوصی کرسی گھر سے منگوائی تھی وہ نیب والوں نے لے لی ہے۔ اب عام کرسی دی گئی ہے جس پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہوں اور کھانا کھاتا ہوں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آپ باقاعدہ درخواست لکھ کر دیں تو تفصیلی حکم عدالت جاری کر دے گی۔

    لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

  • منی لانڈرنگ اور دہشتگردی میں ملوث ملزم ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

    منی لانڈرنگ اور دہشتگردی میں ملوث ملزم ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

    اسلام آباد : عدالت نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی سہولت کاری میں ملوث گرفتار ملزم کو 12روز کے ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، گرفتار ملزم کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم دہشت گردی کی وارداتوں میں مالی معاونت اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، ایف آئی اے نے عدالت سے ملزم کا14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

    جس پر عدالت نے ملزم سید محمد کو12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، یاد رہے کہ مذکورہ ملزم سید محمد کو گزشتہ روز احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے جرمانے اور سزا میں اضافہ

    واضح رہے کہ چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے سزاؤں میں اضافے کی تجویز دی گئی۔

    تجویز میں کہا گیا تھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو 50 لاکھ جرمانہ، 10 سال قید کی سزا اور جائیداد ضبط کی جائے۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے لیے50 لاکھ جرمانے اور زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا اور جائیداد ضبط کی سفارش منظور کرلی۔

  • ریمانڈ مکمل : خورشید شاہ کو آج بھر احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    ریمانڈ مکمل : خورشید شاہ کو آج بھر احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    سکھر : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، پی پی رہنما کا 90رزہ ریمانڈ مکمل ہوگیا مزید ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا 90روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد آج احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔

    خورشید شاہ کو اسپتال سے عدالت پیش کیا جائے گا، ان کو آج سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب سکھرعدالت سے خورشید شاہ کے مزید ریمانڈ کی استدعا کرے گی جبکہ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کی طبیعت خراب ہے،مزید ریمانڈ نہ دینےکی اپیل کرینگے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے عبوری ریفرنس پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ خورشید شاہ کو18 ستمبر کو نیب سکھر اور راولپنڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے18ستمبر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے خورشید شاہ کو راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔اس سے قبل31 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سید خورشید شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی تھی۔

  • پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: سعد رفیق اور سلمان رفیق کے ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

    پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: سعد رفیق اور سلمان رفیق کے ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

    لاہور: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں سابق وفاقی وزیر برائے ریلوے اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ قومی ادارہ احتساب (نیب) نے سخت سیکیورٹی میں خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا۔

    نیب نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف خواجہ برادران کی درخواست کا جواب جمع کروایا۔ خواجہ برادران کے وکلا نے کہا کہ کمپنی کے متعلق کیس کی سماعت نیب عدالت نہیں کر سکتی، ایسے معاملات کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) دیکھ سکتی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ نیب کو کمپنی یا منصوبے کے متعلق تفتیش کا کوئی اختیار نہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے خلاف کیس نہیں بنتا۔ نیب آج تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکا۔ عدالت مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے۔

    عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف درخواست پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں چار روزہ توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔

    پیشی کے بعد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے احتساب میں سیاسی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا بیانیہ ہم جیسوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

    یاد رہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں، نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

    نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

    نیب کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق خواجہ سلمان اور ندیم ضیا کے بیٹوں کے نام پر 2 ارب 96 کروڑ کی رقم جاری ہوئی، سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 8 سال کے دوران 46 کروڑ 60 لاکھ منتقل ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 500 سے زائد ٹرانزیکشنز 2010 سے 2018 کے درمیان ہوئیں، سعد رفیق کے ڈی ایچ اے بینک اکاؤنٹس میں 13 کروڑ 30 لاکھ منتقل ہوئے جبکہ دوسرے اکاؤنٹ میں 7 کروڑ 50 لاکھ منتقل ہوئے۔

    تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعد رفیق کے مزید 3 اکاؤنٹس میں 6 کروڑ 70 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سعدان ایسوسی ایٹ کے بینک اکاؤنٹس میں 15 کروڑ منتقل ہوئے۔ ایسوسی ایٹ کے 2 اکاؤنٹس میں 2012 سے 2018 تک رقم منتقل ہوئی۔

  • چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز اور یوسف عباس کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

    چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز اور یوسف عباس کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت جج نعیم ارشد نے کی۔ سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کو 14 روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

    نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شیئرز منتقلی کے متعلق کمپنی سیکریٹری اور سی ایف او سے پوچھا گیا، کمپنی سیکریٹری اور سی ایف او نے شیئرز منتقلی کا ریکارڈ موجود نہ ہونے کا بیان دیا۔ مریم نواز کہتی ہیں کہ کمپنی سیکریٹری اور سی ایف او کے پاس شیئرز منتقلی کی دستاویزات موجود ہیں۔

    پراسیکیوٹر نے کہا کہ چوہدری شوگر ملز 70 کروڑ سے بنی بعد میں 40 کروڑ مزید آنے سے متعلق کچھ نہیں بتایا جارہا۔

    مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ پانامہ کیس میں بنی جے آئی ٹی میں چوہدری شوگر ملز کا معاملہ بھی زیر تفتیش آچکا ہے۔ ایس ای سی پی اور نیب نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیب پہلے دن سے ایک ہی نوعیت کے الزامات کے تحت بار بار درخواست لا رہا ہے، تمام شیئرز دادا میاں شریف نے منتقل کیے تھے، میاں شریف نے اہنی زندگی میں ہی شیئرز منتقل کیے تھے۔ سنہ 1994 سے مختلف تحقیقات کے بعد آج تک ملزمہ کے خلاف کچھ نہیں ملا۔ مریم نواز کا منی لانڈرنگ سے کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔

    وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ اماراتی شہری نصرعبد اللہ لوتھا سے رقم وصولی کا کام عباس شریف نے کیا تھا، تفتیشی افسر کے پاس تمام ریکارڈ ہے کچھ بھی برآمدگی کی ضرورت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خاتون ملزمہ ہونے کی بنیاد پر مریم کے ساتھ بہتر سلوک نہیں کیا جا رہا جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ مریم نواز کے ساتھ خاتون افسران کون کون ہیں؟

    نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 4 خواتین پولیس اہلکار ملزمہ مریم کے ساتھ تعینات کی گئی ہیں۔ جج نے مریم نواز سے استفسار کیا کہ کیا آپ کی اٹینڈنٹ خاتون ہے جس پر مریم نواز نے کہا کہ جی سب جیل میں خاتون ہی مجھے اٹینڈ کرتی ہے۔

    عدالت نے مزید ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کردی، عدالت نے دونوں کو 18 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

    یاد رہے کہ 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کو تفتیش کے لیے بلایا تھا لیکن وہ نیب دفتر میں پیش ہونے کے بجائے والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل چلی گئیں۔

    مریم نواز ملاقات کر کے نکلیں تو نیب ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا تھا جبکہ نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل مریم نواز اور یوسف عباس کو 4 ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا گیا تھا۔