Tag: remand

  • کرپشن الزامات میں گرفتار سبطین خان  10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    کرپشن الزامات میں گرفتار سبطین خان 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    لاہور : احتساب عدالت نے کرپشن الزامات میں گرفتار وزیرجنگلات پنجاب سبطین خان کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ، نیب نے تفتیش کیلئے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرجنگلات پنجاب سبطین خان کواحتساب عدالت میں پیش کردیاگیا، ایڈمن جج جوادالحسن کے بجائےجج وسیم اختر نے سبطین خان کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت کی۔

    سبطین خان کی پیشی کےموقع پرسیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

    سماعت شروع وکیل نیب نے کہا جس کمپنی کوٹھیکہ دیا گیا وہ ایس ای سی پی میں رجسٹرنہیں ، پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن نےسیاسی بنیادوں پر جوائنٹ ونچر کیا سبطین خان نے بطور چیئرمین جوائنٹ ونچر کی اجازت دی، قانون میں جوائنٹ ونچر کی گنجائش نہیں۔

    وکیل نیب کا کہنا تھا پراجیکِٹ اس کمپنی کودیا گیا جس کے پاس 25لاکھ سرمایہ تھا ، بڑے ٹھیکے کے لیے اشتہار نہیں دیا گیا۔

    نیب کے وکیل نے مزید بتایا ہائی کورٹ نے معاملے پر نیب کو تحقیقات کا حکم دیا ، قیمتی معدنیات کاٹھیکہ دیتے وقت قوانین کو نظرانداز کیا گیا، ہائی کورٹ کی ہدایات پر تفتیش کےبعدچیئرنیب نےگرفتاری کا حکم دیا اور استدعا کی تفتیش اورشریک ملزمان کی نشاندہی کےلیے 15 روزہ ریمانڈ دیا جائے۔

    وکیل سبطین خان کا کہنا تھا نیب نے عدالت میں حقائق نہیں بتائے ،نیب کہتاہے ٹھیکہ سبطین خان نےدیا جو غلط ہے ، وزیر نےصرف رپورٹ پیش کرنے کا کہا اور کوئی ہدایت نہیں دی گئی، نیب صرف زبانی کلامی الزامات لگا رہا ہے۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا بتائیں کہ جوائنٹ وینچر کیوں کیا ، جس پر وکیل صفائی نے کہا جوائنٹ وینچر سبطین خان نےنہیں کیا ، کہیں بھی ان کے دستخط نہیں ، سبطین خان نومبر2007 تک وزیر تھے،جوائنٹ وینچر 2008 میں ہوا۔

    وکیل سبطین خان کا کہنا تھا جوائنٹ وینچر کی منظوری وزیراعلی نےدی ،نیب نےاور کسی کو گرفتار نہیں کیا، نیب نےجوانکوائری کی اس کے حقائق بھی عدالت کو نہیں بتائے ، نیب کی رپورٹ کےمطابق قومی خزانے کوکوئی نقصان نہیں پہنچا، نیب نے رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرائی ،کہا نیب کامعاملہ نہیں بنتا۔

    مزید پڑھیں : نیب نے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان کو گرفتار کر لیا

    وکیل نیب نے کہا نیب کے مطابق قومی خزانے کو نقصان نہیں پہنچا اورٹھیکہ کینسل ہو گیا، نیب نےہائیکورٹ کوبتایا کہ جرم نہیں ہوا اس لیے انکوائری ختم کر دی ، جس پر وکیل سبطین خان کا کہنا تھا انکوائری ختم ہونےکے5سال بعد بغیرنوٹس کل گرفتار کرلیا گیا ، انکوائری میں پیش ہونے کی تیاری کر رہے تھے کہ رات میں اٹھا لیا گیا۔

    احتساب عدالت نے کرپشن الزامات میں گرفتار سبطین خان کے جسمانی ریمانڈ پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے وزیرجنگلات پنجاب سبطین خان کو 10روزہ جسمانی ریمانڈپر نیب کے حوالے کرتے ہوئے ملزم کو دوبارہ 25 جون کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

    گزشتہ روز نیب لاہور نےگزشتہ روز صوبائی وزیرجنگلات سبطین خان کوگرفتارکیاتھا، بطین خان پرغیرقانونی ٹھیکوں کاالزام ہے، بعد ازاں وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے گرفتاری کے بعد استعفٰی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کوبھجوادیا تھا۔

    خیال رہے سبطین خان وزیراعظم کے آبائی حلقے میانوالی پی پی 88 میانوالی چار سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور پھر وزیر جنگلات و جنگلی حیات بنے، سبطین خان دو ہزار سات میں صوبائی وزیر معدنیات رہ چکے ہیں۔

  • پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: خواجہ برادران کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

    پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: خواجہ برادران کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت ہوئی۔ سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو سماعت کے لیے پیش کیا گیا۔

    عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا نیب کا والی وارث ختم ہوگیا، کونسی تفتیش ہو رہی ہے؟ عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی تک ریفرنس کیوں نہیں دائر کیا گیا؟

    نیب کے وکیل نے کہا کہ تفتیش مکمل ہوتے ہی ریفرنس دائر کردیا جائے گا۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 18 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    خیال رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو نیب نے گزشتہ برس 11 دسمبر کو اس وقت حراست میں لیا تھا جب احتساب عدالت نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا اور دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

    اس سے قبل آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم ہتھیائی۔

    نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

    دوسری جانب سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پیراگون ہاؤسنگ اسکیم میں خواجہ برادران کے شراکت دار قیصر امین بٹ نے اپنی حراست کے دوران نیب کو بتایا کہ پیراگون سوسائٹی کے کمرشل پلاٹوں کو فروخت کر کے 14 ارب روپے کمائے گئے، سال 2003 میں پیراگون کو ٹی ایم اے سے سعد رفیق نے دباؤ ڈال کر رجسٹرڈ کرالیا۔

    قیصر امین بٹ کے مطابق پیراگون کے کاغذات میں وہ خود اور ندیم ضیا مالک ہیں مگر خواجہ برادران ہی پیراگون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں۔

  • کراچی : علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کار ریمانڈ پر جیل روانہ

    کراچی : علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کار ریمانڈ پر جیل روانہ

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کاروں کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، پولیس نے قتل میں ملوث چار سہولت کاروں حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو پیش کرتے ہوئے ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے چاروں ملزمان کو ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل کرکےچالان 18مارچ کو پیش کیا جائے۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو کھاردار کے علاقے میں کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 5 اہم ملزمان گرفتار

    ملزمان علی رجا عابدی کے قتل میں ملنے والی رقم اور اسلحے کی ترسیل میں بھی شامل تھے، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر مفرور ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا، عدالت سے ملزمان کے14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ 25دسمبر2018کی رات کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا۔

    بعد ازاں سیکورٹی اداروں نے ان کے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا، اہم ملزم ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے حراست میں لیا گیا، اس کی نشان دہی پر مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • منشا بم ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    منشا بم ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    اسلام آباد: لینڈ مافیا کے کارندے منشا بم کی ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ منشا بم اور اس کے بچوں پر زمینوں پر قبضے کے 70 سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق منشا بم کو آج اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت پہنچایا گیا، منشا بم نے کہا کہ میرے وکیل کا انتظار کیا جائے۔

    منشا بم نے عدالت میں کہا کہ پنجاب پولیس پر اعتماد نہیں، قتل کر دیا جائے گا۔

    عدالت نے منشا بم کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزم کو کل متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ یکم اکتوبر کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے لاہور میں سرگرم قبضہ مافیا گروپ کے سرغنہ منشا بم سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پاکستان میں تارکین وطن کی جائیداد پر قبضہ ہوجاتا ہے، منشا بم نے بھی اوور سیز پاکستانی کی جائیداد پر قبضہ کیا ہے۔

    عدالت عظمیٰ نے قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کی گرفتاری اور اس کے قبضے میں تمام اراضی واگزار کرنے کا حکم دیا تھا۔ منشا بم اور اس کے بچوں پر زمینوں پر قبضے کے 70 سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہیں۔

    گزشتہ روز منشا بم ضمانت کے حصول کے لیے سپریم کورٹ پہنچا تاہم اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    گرفتاری سے قبل ملزم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفیق گجر کے بھائی سے لین دین کے تنازعہ پر جھگڑا ہوا، ایس ایس پی شفیق گجر نے میرے خلاف مقدمہ درج کیا اور میرا نام بم رکھا۔

  • بچوں کی فحش فلمیں بنانے کا ملزم چارروزہ ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    بچوں کی فحش فلمیں بنانے کا ملزم چارروزہ ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    لاہور : مقامی عدالت نے چائلڈ پورنو گرافی کے الزام میں گرفتار ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا، بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انہیں انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گزشتہ روز جھنگ سے گرفتار ہونے والے ملزم تیمور کو جسمانی ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا۔

    ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تیمور کمسن بچوں کی فحش ویڈیوز بنا کرغیر ملکی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرتا ہے وہ ایک منظم گروہ سے تعلق رکھتا ہے، اس گروہ کے متعلق غیر ملکی اداروں کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی اور اسے گرفتار کیا گیا۔

    اب ملزم سے تفتیش کے ذریعے مذکورہ ویڈیوز، جائے وقوعہ کی نشاندہی اور اس کے دیگر ساتھی ملزمان کے بارے میں پوچھ گچھ اور ان گرفتاری کیلئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دیاجائے۔

    عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد ملزم کو چار روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، یاد رہے کہ ملزم تیمور الیکٹریکل انجینئر ہے اور اس کو گزشتہ روز جھنگ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے سا ئبرکرائمز خا لد انیس کا کہنا تھا کہ ملزم سے برآمد60جی بی ڈیٹا اسکین کرلیا گیاہے، ممنوعہ فلمیں دیگر ملکوں کے بچوں کی ہیں اس میں پاکستان کے کسی بچے کی کوئی وڈیو شامل نہیں۔

    علاوہ ازیں ایف آئی اے نے بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش اور اس کی روک تھام کے لئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، مذکورہ کمیٹی مختلف علاقوں میں ہونے والی اس طرح کی واردارتوں کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی۔

  • اے ٹی ایم فراڈ کرنے والے چینی ملزمان ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    اے ٹی ایم فراڈ کرنے والے چینی ملزمان ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    کراچی : مقامی عدالت نے اے ٹی ایم کے ذریعے ڈیٹا چرا کر پیسے ہتھیانے والے چھ چینی فراڈیوں کو اٹھارہ جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا،عدالت نے ہدایت کی کہ آِئندہ سماعت پر ملزمان کو چینی مترجم کے ساتھ پیش کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں سینکڑوں پاکستانیوں کو لاکھوں روپے کا چونا لگا نے والے چینی باشندے آخر کار قانون کی گرفت میں آہی گئے، اے ٹی ایم کے ذریعے پاکستانیوں کی جمع پونجی لوٹے جانے کا انکشاف ہوا تو ایف آئی اے سائبر کرائم حرکت میں آیا اور شہر بھر میں کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے بعد عدالت نے مذکورہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو مترجم کے ساتھ ساتھ پیش کیا جائے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تفتیشی افسر کا دعویٰ ہے جلد مزید کامیابی حاصل کریں گے۔

    سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ اب تک پانچ بینکوں کے اے ٹی ایم مشینوں سے ملزمان پاکستانیوں کے لاکھوں روپے لوٹ چکے ہیں۔


    مزید پڑھیں: کراچی، اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے والے دو چینی باشندے گرفتار


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث 5 چینی ملزمان ریمانڈ پرپولیس کے حوالے

    اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث 5 چینی ملزمان ریمانڈ پرپولیس کے حوالے

    کراچی : شہریوں کو اے ٹی ایم فراڈ کے ذریعے چونا لگانے والے پانچ چینی باشندوں کو عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے تین دن کا ریمانڈ دے کرآئندہ سماعت پر مترجم ساتھ لانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم اسکیمنگ کے ذریعے شہریوں کے بینک اکاؤنٹ خالی کرنے والے پانچ چینی باشندوں کو آج سٹی کورٹ کراچی میں پیش کیا گیا۔

    سماعت کے موقع پر جج نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا آپ پر تشدد ہوا ہے؟ جس پر ملزمان نے اشارے سے بتایا کہ ان کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر تشدد کیا گیا ہے۔

    عدالت میں تفتیشی افسر نے دعویٰ کیا مذکورہ ملزم نے خود دیوار پر ٹکر ماری، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان سے مزید اے ٹی ایم کارڈ اور خفیہ کیمرے برآمد کرنے ہیں لہٰذا ان کا ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے مزید تین دن کاریمانڈ دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر مترجم کو لازمی ساتھ لانے کی ہدایت کی۔


    مزید پڑھیں: اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے والے دو چینی باشندے گرفتار


    یاد رہے کہ صدر کراچی کے علاقے عبداللہ ہارون روڈ زینب مارکیٹ کے سامنے نجی بینک میں قائم اے ٹی ایم میں اسکمنگ مشین لگانے والے دو چینی باشندوں کو تھانہ آرٹلری میدان پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔


    مزید پڑھیں: اے ٹی ایم ڈیٹا چوری کرنیوالا چینی باشندہ رنگے ہاتھوں گرفتار


    بعد ازاں کراچی پولیس نے شبیر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے شارع فیصل پر واقع نجی بینک کے قریب سے چینی باشندے کو گرفتار کیا جو اے ٹی ایم اسکیمنگ ڈیوائس کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا حاصل کر کے رقم نکال لیا کرتا تھا۔

     

  • سیاسی جماعت کا کارکن ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    سیاسی جماعت کا کارکن ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کراچی : گزشتہ روز گرفتار ہونے والے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اُس کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    One MQM target killer sent to remand by arynews
    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی گارڈن کی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکن عبد العزیز کو آج  رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں منہ پر کپڑا ڈال کرانسداد دہشت گردی کی عدالت  میں پیش کیا گیا، دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ’’ملزم نے2009 میں ہڑتال کامیاب کرنے اور علاقے میں خوف ہراس پھیلانے کے لیے باسط نامی شخص کو قتل کیا تھا‘‘۔

    پڑھیں:   ایم کیو ایم کی تین خواتین کارکنان کی ضمانت منظور

    تفتیشی افسر نے جج کو آگاہ کیا کہ ’’ملزم سے دیگر مفرور سیاسی جماعت کے کارکنان امتیاز، راحیل،خلیل، ریحان اور ذکی کے حوالے سے تفتیش درکار ہے اور توقع ہے کہ ریمانڈ کے دوران ملزم مفرور افراد کی نشاندہی کر دے کیونکہ ملزم خود بھی مفرور تھا‘‘۔

    مزید پڑھیں:  ایم کیو ایم کے 44 کارکنان کو جیل بھیجنے کا‌ حکم، 6 کارکن پولیس کے حوالے

    عدالت نے تفتیشی افسر کا مؤقف سننےکے بعد ملزم کوایک روزہ  ریمانڈ پر پولیس کے  حوالے کردیا۔
  • لڑکی کو جلانے والی ماں، بھائی اور بہنوئی کا ریمانڈ

    لڑکی کو جلانے والی ماں، بھائی اور بہنوئی کا ریمانڈ

    لاہور: انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو زندہ جلانے کے الزام میں گرفتار تین ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

    پولیس کی جانب سے ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقتولہ زینت کی ماں پروین، بھائی انیس اور بہنوئی ظفر نے پسند کی شادی کرنے پر زینت کو تیل چھڑ ک کر زندہ جلا دیا۔

    پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور پروین بی بی نے جرم بھی قبول کر لیا ہے لہذا ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے جس پر عدالت نے پولیس کی استدعا پر تینوں ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

    واضح رہے کہ لاہور کی رہائشی زینت کو پسند کی شادی کرنے پر زندہ جلا دیا گیا تھا جس پر پولیس نے اس کی ماں، بھائی اور بہنوئی کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • لڑکی کوزندہ جلانے والے ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع

    لڑکی کوزندہ جلانے والے ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع

    لاہور :انسداد دہشت گردی عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو زندہ جلانے کے مقدمے کے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کر دی۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے مقتولہ زینت کی ماں پروین، بھائی انیس اور بہنوئی ظفر کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا۔

    پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مٹی کا تیل چھڑک کر زینت کو زندہ جلایا ماں اپنا جرم قبول کر چکی ہے تاہم بھائی اور بہنوئی کے بیانات میں تضاد ہے جس کی وجہ سے مزید تفتیش ضروری ہے لہذا ملزمان کا مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    پولیس کی استدعا پر عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روز کی توسیع کر دی۔

    یاد رہے کہ لاہور میں پسند کی شادی کرنے والی زینت کو مبینہ طور پر اس کی ماں، بھائی اور بہنوئی نے زندہ جلا دیا جس پر ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔

    مزید پڑھیں:بیٹی کو جلانے کے بجائے نہر میں‌ پھینک دیتی تو بہتر تھا، سنگ دل ماں