Tag: remote control blast

  • سوات امن کمیٹی کے سربراہ پر ہونے والے دھماکے میں اموات کی تعداد 8 ہو گئی

    سوات امن کمیٹی کے سربراہ پر ہونے والے دھماکے میں اموات کی تعداد 8 ہو گئی

    سوات: سوات میں امن کمیٹی کے سربراہ ادریس خان پر ہونے والے ریموٹ کنٹرول دھماکے میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں سوات کے علاقے برہ بانڈی میں دھماکے کے بعد مزید تین لاشیں برآمد ہو گئی ہیں، جس سے جاں بحق افراد کی تعداد آٹھ ہو گئی۔

    دھماکا گزشتہ شام ہوا، جاں بحق افراد میں سربراہ امن جرگہ ادریس خان بھی شامل ہیں، دھماکے کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی نے نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لی، وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

    اس سے قبل پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ادریس خان کے 2 محافظ اور 2 پولیس اہل کار شامل ہیں، تاہم تین لاشیں صبح جائے وقوعہ سے ملیں جو عام راہگیروں کی معلوم ہوتی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

    ریموٹ کنٹرول دھماکے میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل رامبیل اور کانسٹیبل توحیداللہ کی نماز جنازہ جاوید اقبال شہید پولیس لائن سوات میں ادا کر دی گئی۔

    جنازے میں ریجنل پولیس افسر ذیشان اصغر اور ڈی پی او سوات زاہد نواز مروت سمیت ایس پی لوئر سوات ارشد خان، ایس پی انوسٹیگیشن شاہ حسن، ایس پی اسپیشل برانچ پیر زربادشاہ سمیت دیگر پولیس افسران اور اہل کاروں نے شرکت کی، شہدائے پولیس کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔

  • باجوڑ  میں  ریموٹ کنٹرول دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید

    باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید

    باجوڑ: تحصیل خار میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار کے علاقے راغگان ڈیم میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا، دھماکے کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لیکرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے ، ڈی پی اوعبدال کا کہنا ہے کہ واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کردی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،ایسے بزدلانہ واقعات سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

  • دیر بالا: گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ 7 افراد جاں بحق

    دیر بالا: گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ 7 افراد جاں بحق

    دیربالا : جرگے سے واپس آنے والی گاڑی پر دیر بالا کے علاقے ڈوگ درہ میں ریموٹ کنٹرول بم حملے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق ہونے والوں کا تعلق امن کمیٹی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دیر بالا میں دہشت گردی کی کارروائی میں جرگے سے واپس آنے والی گاڑی پرڈوگ درہ میں ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں سات افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے، واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

    ڈی آئی جی دیر اختر حیات کے مطابق گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق بس کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اڈے سے نکل رہی تھی۔

    پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقو عہ کو گھیرے میں لے لیا، ریسکیو ٹیموں نے ہلاک ہونے والے افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو اسسپتال منتقل کیا۔

    جاں بحق ہونے والوں میں تحصیل کونسلر عادل خان، ولیج ناظم خان محمد ، باچا رحمان، سمیع اللہ، محمود جان ، کبیر اور دیگر شامل ہیں۔

    ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص کی شناخت نہ ہو سکی، جاں بحق افراد کا تعلق امن کمیٹی سے بتایا جاتا ہے، ڈی آئی جی اختر حیات کا کہنا ہے کہ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

     

  • چمن : ریموٹ کنٹرول دھماکہ،  6افراد زخمی

    چمن : ریموٹ کنٹرول دھماکہ، 6افراد زخمی

    چمن:  مارکیٹ کے قریب بم دھماکے میں چھ افراد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے سے متعدد دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ موبائل مارکیٹ کے سامنے ہوا، دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے کیا گیا، زوردار دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    پولیس نے تحقیقات شروع کر دی جبکہ حادثے میں زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    واضح کہ اس سے قبل اسی علاقے سے پولیس نے 8 کلو وزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنایا تھا ۔

  • خیبر ایجنسی: ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، کمانڈر سمیت 4 شدت پسند ہلاک

    خیبر ایجنسی: ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، کمانڈر سمیت 4 شدت پسند ہلاک

    خیبر ایجنسی: تحصیل باڑہ میں ریمورٹ کنڑول بم دھماکے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقہ یوسف تلاب میں دھماکے سے چار شدت پسند ہلاک ہوگئے، چار دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق پولیٹیکل انتظامیہ نے کر دی ہے۔

    حکام کے مطابق شدت پسند گاڑی میں جا رہے تھے کہ یوسف تلاب کے مقام پر ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دھماکے کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور چار شدت پسند موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔