Tag: Renewable Energy

  • سعودی عرب میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے

    سعودی عرب میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے

    ریاض: سعودی عرب میں ماحول دوست قابل تجدید توانائی سے چلنے والے بجلی کے منصوبوں پر جلد کام شروع کردیا جائے گا، منصوبوں سے 33 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں تجدد پذیر توانائی (ری نیو ایبل انرجی) سے 33 سو میگا واٹ بجلی کے 5 منصوبوں کے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔

    سعودی کمپنی نے تجدد پذیر توانائی کے ذریعے بجلی کی پیداوار کے لیے جو نئے منصوبے پیش کیے ہیں ان کا تعلق وزارت توانائی کی نگرانی میں تجدد پذیر توانائی کے قومی پروگرام کے چوتھے مرحلے سے ہے۔

    5 میں سے 3 منصوبے ایسے ہیں جن کے تحت ہوا کے ذریعے جبکہ 2 منصوبوں کے تحت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جائے گی۔

    ہوا کے ذریعے پراجیکٹس سے 18 سو میگا واٹ بجلی تیار ہوگی، ان میں سے ایک منصوبہ ینبع میں قائم کیا جائے گا جس سے 700 میگا واٹ بجلی پیداوار متوقع ہے۔

    الغاظ میں دوسرے منصوبے سے 600 میگا واٹ جبکہ وعد الشمال پروجیکٹ سے 500 میگا واٹ بجلی کی پیدوار ہوگی۔

    شمسی توانائی کے 2 منصوبوں سے کل 1500 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، ان میں سے ایک منصوبہ الحناکیہ میں بنے گا جس کی پیداوار 11 سو میگا واٹ ہوگی جبکہ دوسرا منصوبہ طبرجل میں مکمل ہوگا جس سے بجلی کی پیداوار 400 میگا واٹ متوقع ہے۔

  • پالیسی تیار کر لی، بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی: عمر ایوب

    پالیسی تیار کر لی، بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی: عمر ایوب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ متبادل توانائی پالیسی تیار کرلی گئی ہے، پالیسی میں بجلی کی قیمتیں نیچے آئیں گی، تحریک انصاف کی فلیگ شپ پالیسی ہے کہ بجلی کی قیمت کم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بجلی کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوجائیں گی، ماضی کی پالیسیوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سنہ 2025 تک 8 ہزار میگا واٹ کے منصوبے پاکستان میں لگیں گے، 2030 تک 60 سے 65 فیصد کلین اینڈ گرین انرجی ہمارا ہدف ہے، متبادل (ری نیو ایبل ۔ قابل تجدید) توانائی پالیسی تیار کرلی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ توانائی پالیسی میں بجلی کی قیمتیں مستقبل میں نیچے آئیں گی، تحریک انصاف کی فلیگ شپ پالیسی ہے کہ بجلی کی قیمت کم کریں۔ نواز لیگ دور میں 17 روپے فی یونٹ تک بجلی بنائی گئی۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی سے شمسی ہوا و دیگر ذرائع سے سستی بجلی بنائیں گے۔ سولر پینل اور ہوا سے بجلی بنانے والی کمپنیاں لگانے پر بات چیت جاری ہے۔ متبادل توانائی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ونڈ پاور میں 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے۔

    معاون خصوصی ندیم بابر نے کہا کہ ہماری حکومت کو آئندہ 25 سال کی پلاننگ کرنی ہے۔ توانائی کے ساتھ توجہ مینو فیکچرنگ پر بھی ہے۔ کوشش ہے جو مشینری امپورٹ کرتے ہیں وہ پاکستان میں بنے۔

    انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، نئے اہداف رکھے ہیں جن کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ سولر اور ونڈ پاور کے فروغ سے زر مبادلہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ متبادل قابل تجدید انرجی کی مشینری کی تیاری مقامی سطح پر ہوگی۔