Tag: Repatriation of Pakistanis

  • یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی شروع

    یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی شروع

    یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں  کی واپسی شروع ہوگئی ، پی آئی اے کی خصوی پرواز 232 ہم وطنوں کو لے کر پولینڈ سے پاکستان روانہ ہو گئی ہے۔

    روس اور یوکرین میں جنگ شروع ہونے کے بعد سینکڑوں پاکستانی یوکرین میں محصور ہوگئے تھے اور بحران شروع ہوتے ہی حکومت پاکستان ہم وطنوں کی محفوظ واپسی کیلیے متحرک ہوگئی تھی۔

    منگل کی شام پی آئی اے کی خصوصی پرواز  پولینڈ کے شہر وارسا سے پاکستان واپس روانہ ہوئی ہے، طیارے میں 232 پاکستانی سوار ہیں۔
    مذکورہ فلائٹ آج رات ساڑھے گیارہ بجے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبا کی واپسی کے لیے آپریشن تیار کیا گیا تھا، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اور یوکرین میں پاکستانی سفیر کے درمیان رابطہ ہوا تھاجس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی محفوظ مقام پر منتقلی اور وطن واپسی سے متعلق گفتگو کی گئی تھی اور طیارہ آج صبح ہی پولینڈ کیلیے روانہ ہوا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے عبدللہ خان نے نمائندہ اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ طیارہ وزارت خارجہ کی اجازت پر روانہ کیا گیا ہے، حکومت پاکستان کی ہدایات پر مزید پروازیں بھی آپریٹ کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں 7 ہزار پاکستانی موجود تھے جن میں 3 ہزار طالب علم اور 4 ہزار شہری شامل تھے، ترجمان کے مطابق زیادہ تر شہری 24 فروری کو سفارتخانے کے کہنے پر یوکرین چھوڑ چکے ہیں۔

    دفتر خارجہ نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ 1525 پاکستانیوں کو یوکرین سے ہنگری، پولینڈ، رومانیہ منتقل کیا جاچکا ہے۔

    مزید پڑھیں: پہلا پاکستانی طالب علم یوکرین سے وطن واپس کیسے پہنچا؟

    واضح رہے کہ دو روز قبل یوکرین میں زیر تعلیم ایک پاکستانی طالبعلم مشکلوں سے جان بچاتے ہوئے وطن واپس پہنچا تھا۔

  • فرانس اور اٹلی میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے انتظامات مکمل

    فرانس اور اٹلی میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے انتظامات مکمل

    کراچی : قومی ایئرلائن نے فرانس اور اٹلی میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کیلئے پیرس کی چارٹر کمپنی سے طیارہ حاصل کرلیا، مسافروں کیلیے رعایتی ٹکٹ بھی جاری کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کی بندش کا معاملے پر پی آئی اے نے متبادل انتظامات  مکمل کرلیے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن نے فرانس اور اٹلی میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کیلئے پیرس کی چارٹر کمپنی سے طیارہ حاصل کرلیا۔

    پی آئی اے خصوصی چارٹر پروازوں کے ذریعے پیرس میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن پہنچائے گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پیرس کی چارٹر فلائٹ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    سول ایوی ایشن نے ایئر بز ایوی ایشن کمپنی کے چارٹر طیارے کو 5پروازوں کی لینڈنگ کی اجازت دی ہے، سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ طور پر اجازت نامہ جاری کردیا۔

    پیرس سے خصوصی پرواز 22جولائی کو 250مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی، پی آئی اے کے فرانس کا جی ایس اے خصوصی پرواز آپریٹ کررہا ہے، پی آئی اے کے بکنگ کے حامل مسافروں کو سہولت میسر ہوگی اور رعایتی ٹکٹ بھی جاری کئے جائیں گے۔

    خصوصی چارٹر پرواز 23جولائی کو 200سے زائد مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگی، پی آئی اے خصوصی چارٹر پرواز کے ذریعے اٹلی، بارسلونا اور دیگر یورپی ممالک کیلئے مسافروں کو پاکستان پہنچائے گی۔

    ذرائع کے مطابق خصوصی چارٹر پرواز جنہوں نے پابندی لگنے سے پہلے پیرس اور اٹلی کیلئے بکنگ کرائی ہوئی تھی انہیں سہولت میسر ہوگی۔