Tag: report

  • پاکستانی موجودہ حکومت پر یقین رکھتے ہیں، امریکی سروے رپورٹ

    پاکستانی موجودہ حکومت پر یقین رکھتے ہیں، امریکی سروے رپورٹ

    واشنگٹن: معروف امریکی ادارے کی سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی موجودہ حکومت پر یقین رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ادارے انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹیٹیوٹ کی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کو معاشی حالت پر تحفظات ہیں تاہم عوام موجودہ حکومت پر یقین رکھتے ہیں۔

    سروے کے مطابق پاکستانیوں کو جولائی 2018 کے الیکشن پر بھی اعتماد ہے، 57 فیصد کی رائے ہے وزیراعظم عمران خان بہت اچھا یا اچھاکام کررہے ہیں، 56فیصد کی رائے میں حکومتی اقدامات درست ہیں۔

    انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹیٹیوٹ سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چالیس فیصد پاکستانی وعدوں کے لیے حکومت کو ایک سے 2سال دینے کے حق میں ہیں، سروے میں لوگوں کی اکثریت نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا، 18 فیصد کے مطابق غربت، 15فیصد غربت کو بڑا مسئلہ قرار دیتے ہیں۔

    18سے35سال کی عمر کے77فیصد افراد نے روزگار کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا، 84 فیصد افراد جولائی 2018 کے الیکشن کو درست سمجھتے ہیں، 83 فیصد افراد کے مطابق الیکشن مکمل شفاف اور آزادانہ تھے۔

    دریں اثنا ڈائریکٹر آئی آر آئی کا کہنا تھا کہ معاشی بدحالی پر پاکستانی تشویش کا شکار ہیں، پاکستانیوں کو نئی حکومت اور وزیراعظم پر بہت اعتماد ہے، پاکستانی وعدے پورے کرنے کے لیے حکومت کو وقت دینا چاہتے ہیں۔

  • بارشوں سے 23 افراد جاں بحق، 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں: این ڈی ایم اے

    بارشوں سے 23 افراد جاں بحق، 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث 23 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 68 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث سب سے زیادہ نقصان فاٹا میں ہوا، فاٹا میں 9 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے۔ بلوچستان میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے پختونخواہ میں 3 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد جان سے گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق کوٹلی، ٹانک اور چارسدہ سے ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مختلف علاقوں میں 26 سو سے زائد مکانات اور دکانیں گریں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہیوی مشینری کام میں مصروف ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین تک ٹینٹ، کمبل اور کھانے پینے کے 10 ہزار پیکٹ پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ مزید امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دونوں میں موسم سرما کی آخری بارشوں نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں تباہی مچا دی ہے، تباہ کن بارشوں سے مکران، مند، تمپ اور کیچ کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

    بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، مکران ڈویژن میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    مکران اور لسبیلہ میں ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ لسبیلہ اور قلعہ عبداللہ میں 1500 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

  • پولیس مقابلے میں جاں بحق نمرہ کو پولیس کی گولی لگی: رپورٹ

    پولیس مقابلے میں جاں بحق نمرہ کو پولیس کی گولی لگی: رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی میڈیکل کی طالبہ نمرہ بیگ پولیس کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، تحقیقاتی کمیٹی نے مقابلے میں شامل پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے انڈہ موڑ کے قریب پولیس مقابلے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نمرہ کو ممکنہ طور پر پولیس کی گولی لگی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ گولی 50 سے 60 میٹر کی دوری سے لگی، تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ نمرہ کو دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں بڑے ہتھیار کی گولی لگی۔

    رپورٹ میں مقابلے میں شامل پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کو پیش کرے گی۔

    یاد رہے کہ 22 فروری کی رات نارتھ کراچی میں واقع انڈا موڑ کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جس کی زد میں میڈیکل کالج کی طالبہ بھی آگئی تھی، نمرہ کو زخمی ہونے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وینٹی لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    جناح اسپتال منتقل کرنے کے دوران نمرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی جس کے بعد وہاں کی خاتون ایم ایل او (میڈیکل لیگو آفیسر) نے پوسٹ مارٹم کرنے میں تاخیر کی۔

    گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی وسیم قریشی اور پیپلز پارٹی کی رکن ہیرسوہو نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ نمرہ کو طب کی اعزازی ڈگری دی جائے۔ اجلاس میں قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا تھا۔

  • سات مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری75فیصد کم ہوئی، اسٹیٹ بینک

    سات مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری75فیصد کم ہوئی، اسٹیٹ بینک

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری75فیصد کم ہوئی ہے، پاکستان میں جنوری میں14کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی۔

    اسٹیٹ بینک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی سے جنوری تک ملک میں ایک ارب چار کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کی گئی، سات ماہ میں ایک ارب 45 کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اسٹاک ایکسچینج سے سات مہینوں میں 40 کروڑ ڈالر کا انخلاء ہوا، رواں مالی سال سات ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری میں 3ارب نو کروڑ ڈالر کمی ہوئی۔

    رواں مالی سال کے سات مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری گذشتہ سال کے مقابلے میں 3 ارب 9 کروڑ ڈالر کم رہی، سات مہینوں میں براہ راست سرمایہ کاری 17 فیصد کم ہوئی ہے۔

  • پہلی سہ ماہی : اسٹیٹ بینک کی معیشت کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری

    پہلی سہ ماہی : اسٹیٹ بینک کی معیشت کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملکی معیشت کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی, رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران صنعتی شعبے کی کارکردگی منفی ایک اعشاریہ سات فیصد رہی۔

    خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھی، سیاسی تبدیلی کی وجہ سے بیرونی ادائیگیوں کو غیریقینی صورتحال کا سامنا رہا، رواں مالی سال جولائی سے ستمبر دوہزار اٹھارہ روپے کی بے قدری، شرح سود اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں اضافہ اور بڑے پیمانے کی صنعتوں کی افزائش منفی ایک اعشاریہ سات فیصد رہی۔

    نان فائلرز پرجائیداد اور گاڑیوں کی خریداری پر پابندی سے بھی صنعتی نمو میں کمی ہوئی، بارشیں کم ہونے کی وجہ سے زرعی شعبے کی نمو بھی کم رہی، خام تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق پہلی سہ ماہی میں معاشی ماحول چیلنجنگ رہا، عام انتخابات کے بعد سیاسی تبدیلی کی وجہ سے غیریقینی صورتحال کا سامنا رہا، نئی حکومت نے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ترقیاتی اخراجات کم کیے۔

    ٹیکس چھوٹ کو جزوی کم کیا، بیرونی فنانسنگ کے نئے ذرائع تلاش کئے لیکن معیشت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اصلاحات میں تیزی لانا ضروری ہوگی۔

  • بچوں سے زیادتی : بااثر جاگیردار اور سیاست دان ملوث ہیں، وفاقی محتسب کی رپورٹ

    بچوں سے زیادتی : بااثر جاگیردار اور سیاست دان ملوث ہیں، وفاقی محتسب کی رپورٹ

    اسلام آباد : بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں بااثر جاگیردار اور سیاستدان ملوث ہیں، صرف گزشتہ ایک سال میں چار ہزار139 کیس رپورٹ ہوئے، پنجاب سرفہرست رہا، پولیس کو پیسے دے کر رپورٹ دبائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب نے قصور میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی رپورٹ میں اہم انکشافات کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ذیادتی کا شکار ہونے والے متاثرہ بچے غریب ان پڑھ اور پسماندہ خاندانوں کے ہیں۔

    بچوں سے زیادتی کرنے والے زیادہ تر سیاسی بااثر، دولت مند اور پڑھےلکھے افراد ہیں، قصور میں بڑھتے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

    وفاقی محتسب کے مطابق زیادتی کا شکار بننے والوں سے کیس واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، قصور واقعے پر ریسرچ رپورٹ صدر پاکستان کو بھجوا دی گئی ہے۔

    عام طور پر بچوں سے زیادتی کے واقعات رپورٹ نہیں ہوتے، سال 2018میں بچوں سے زیادتی کے 250سے زائد کیس درج ہوئے, رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں2017میں ذیادتی کے چار ہزار139واقعات رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ پنجاب میں ایک ہزار89کیس رپورٹ ہوئے۔

    اس کے علاوہ قصور میں بچوں سے زیادتی کے272کیسز میں صرف چند ملزمان کو سزا ہوئی، قصور واقعات کی تحقیقات اثر و رسوخ اور پولیس کو پیسے دے کر دبائی گئی۔

    مزید پڑھیں: لاہور،  ایک اور ننھی کلی زیادتی کے بعد موت کے گھاٹ اتار دی گئی

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقامی جاگیردار اور سیاستدان اثرو رسوخ کا استعمال کرتے ہیں، قصور میں ایسے گھناؤنے واقعات کی بنیادی وجہ منشیات کا استعمال، جسم فروشی اور فحش فلموں کی آسانی سے دستیابی ہے۔

  • جے آئی ٹی رپورٹ: پیپلزپارٹی نے اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    جے آئی ٹی رپورٹ: پیپلزپارٹی نے اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    کراچی: جعلی بینک اکائونٹس کی جے  آئی ٹی رپورٹ اور پی پی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالے پر پیپلزپارٹی نے اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکائونٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ اور پی پی کے رہنمائوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے نمٹنے پر غور کیلئے پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس آج دو بجے بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔

    اجلاس کی صدارت بلاول بھٹو اور آصف زرداری کریں گے، اجلاس میں مرکزی وصوبائی رہنما شرکت کریں گے جس میں قانونی ماہرین بھی موجود ہوں گے۔

    جےآئی ٹی رپوٹ اور ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے فیصلے پر مشاورت ہوگی، پیپلزپارٹی کے کل ہونے والے اجلاس میں بڑے فیصلے بھی متوقع ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ہم بھٹو والے ہیں ان کے ای سی ایل سے ڈرنے والے نہیں، پیپلز پارٹی ای سی ایل کی وجہ سے تحریک نہیں عوام کے لیے تحریک چلائے گی۔

    ہم بھٹو والے ہیں ان کے ای سی ایل سے ڈرنے والے نہیں: بلاول بھٹو

    یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی شامل ہے اور ان سمیت 172 افراد کے نام آج ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جاچکے ہیں۔

  • شہباز شریف نے غیرملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے، رپورٹ

    شہباز شریف نے غیرملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے، رپورٹ

    لاہور : شہبازشریف نے دورہ وزارت اعلیٰ میں ملنے والے تمام غیر ملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے، ان میں سے تین قیمتی ترین تحفے وہ اپنے گھر لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے غیر ملکی تحائف سے متعلق رپورٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تمام غیرملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے۔

    حکومت پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو سال دوہزار تیرہ سے دوہزار اٹھارہ تک پینتیس غیر ملکی تحائف ملے، ان میں سے تین تحائف انہوں نے اپنے گھر منتقل کردیئے۔

    شہباز شریف بھارتی ہائی کمشنر سے ملنے والا چاندی کا برتن، چین سے ملنے والی بیش قیمت گھڑی اور آذربائیجان کے وزیر کی جانب سے ملنے والا اللہ تعالی کے ناموں سے مزین قیمتی قالین اپنے گھر لے گئے، قانون کے مطابق دس ہزار مالیت تک کا تحفہ گھر لے جایا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف بیٹوں کوتحائف کی مدمیں 17کروڑکےذرائع آمدن نہ بتاسکے، نیب رپورٹ

    واضح رہے کہ نیب لاہور نے چند روز قبل اپنی تفتیشی رپورٹ میں کہا ہے کہ شہباز شریف دوران تفتیش بیٹوں کو دیئے گئے تحائف کی مد میں17کروڑ روپے کے ذرائع آمدن بھی نہ بتاسکے۔

    ان کے اکاؤنٹ میں سال2011سے2017 کے دوران14کروڑ روپے آئے، مسرور انور اور مزمل رضا نامی افراد متعدد بار شریف فیملی کے اکاؤنٹ میں رقوم منتقل کرتے رہے۔

    یہ رقوم آشیانہ ہاؤسنگ کے ٹھیکے کے پروسس کے دوران منتقل کی گئی۔ شہباز شریف رقم کی ترسیل کے حوالے سے بھی نیب کو  تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

  • یمن میں خانہ جنگی، تین ماہ کے دوران 1500 عام شہری ہلاک

    یمن میں خانہ جنگی، تین ماہ کے دوران 1500 عام شہری ہلاک

    صنعا: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری شدید خانہ جنگی کے باعث تین ماہ کے دوران ڈیڑھ ہزار عام شہری ہلاک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں حوثی باغی اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان شدید جنگ جاری ہے، جس باعث رواں برس اگست سے لے کر ستمبر تک 1500 عام شہری ہلاک ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی مہاجرین سے متعلق ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1500 سویلین ان تین ماہ کے دوران مارے گئے۔

    یمن میں چار برس میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے حوثی باغی اور یمنی حکام کے وفد کے درمیان سویڈن بات چیت ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی کوششوں سے سویڈن میں ہونے والے ان مذاکرات کا گذشتہ روز دوسرا دن تھا۔

    یمن جنگ کی روک تھام کے لیے امن مذاکرات کا آغاز

    خیال رہے کہ دو روز قبل اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گرفتھز نے کہا تھا کہ یمن جنگ کی روک تھام کے لیے منعقد ہونے والے یہ مذاکرات مشرقِ وسطیٰ کے امن کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان مذاکرات میں دونوں فریقین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہوگیا ہے جس سے ہزاروں خاندان اپنے پیاروں سے مل سکیں گے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل امریکا نے جنگ کے دونوں مرکزی فریقوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جنگ بند کرکے تیس دن کے اندرمذاکرات کی میز پر آئیں ۔ امریکی وزیردفاع جم میٹس کی جانب سے سامنے آنے والے اس مطالبے کی برطانیہ نے بھی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات ہی اس تنازعے کا واحد حل ہیں۔

  • وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری

    وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں سعودی عرب کی طرف سے ملی معاشی مدد، پاک چین تعلقات میں بہتری، متحدہ عرب امارات سے معاہدے، کرتار پور راہداری اور دیگر اہم کامیابیوں کا ذکر شامل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہدایت پر وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کے بیرون ملک دوروں اور حاصل شدہ کامیابیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔

    رپورٹ میں پاکستان کا دورہ کرنے والی اہم شخصیات اور وفود کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔ 11 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں علاقائی اور عالمی معاملات پر ترجیحات درج ہیں۔

    وزرات خارجہ کی رپورٹ میں وزیر خارجہ کے صیربنی یاس فورم، یورپی یونین، جرمنی، جاپان، کوریا اور لیتھونیا کے اعلیٰ سطح کے وفود کے ساتھ مذاکرات کا تذکرہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

    وزیر خارجہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)، آسم سمٹ اور ڈی ایٹ کونسل میں پاکستان کی شرکت کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

    رپورٹ میں سعودی عرب کی طرف سے ملی معاشی مدد، پاک چین تعلقات میں بہتری، متحدہ عرب امارات سے معاہدے، کرتار پور راہداری اور دیگر اہم کامیابیوں کا ذکر بھی شامل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روز مکمل ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان 100 روزہ حکومتی کارکردگی اور حاصل کیے گئے اہداف کے بارے میں قوم کو آگاہ کریں گے۔