Tag: report

  • نیب لاہور کی جانب سے 3 ماہ میں 34 کروڑ سے زائد رقم کی وصولی

    نیب لاہور کی جانب سے 3 ماہ میں 34 کروڑ سے زائد رقم کی وصولی

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے 3 ماہ میں 34 کروڑ 58 لاکھ سے زائد رقم وصول کی جبکہ اسی عرصے میں متاثرین میں 42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بھی تقسیم کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سنہ 2018 کی دوسری سہ ماہی کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون 2018 کے دوران 3 ہزار 691 شکایات موصول ہوئیں۔

    نیب لاہور نے پلی بارگین سے 3 ماہ میں 34 کروڑ 58 لاکھ سے زائد رقم وصول کی، نیب نے 3 ماہ کے دوران متاثرین میں 42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی۔ 3 ماہ کے دوران 19 افراد کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی۔

    رپورٹ کے مطابق کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی میں 62 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بڑی گرفتاری سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی تھی، علاوہ ازیں پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق سی ایف او کو گرفتار کیا گیا۔

    نیب رپورٹ کے مطابق عمران علی یوسف کے فرنٹ مین اکرام نوید اور صاف پانی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ قمر الاسلام کو گرفتار کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق نیب لاہور میں 167 انکوائریز زیر غور ہیں، 38 انکوائریز منظور کی گئیں۔ 10 انکوائریز کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا گیا۔ نیب لاہور میں اس وقت 49 کیسز کی تحقیقات جاری ہیں، 8 کو ریفرنس میں تبدیل کیا گیا۔

    نیب لاہور نے 8 مزید ریفرنس فائل کیے اور 11 ریفرنسز کا فیصلہ سنایا۔ نیب پراسیکیوشن نے 3 ماہ کے دوران 9 افراد کو سزائیں بھی دلوائیں۔

  • ایمپریس مارکیٹ اور داؤد پوتہ روڈ پر 2500 غیر قانونی دکانیں مسمار: رپورٹ

    ایمپریس مارکیٹ اور داؤد پوتہ روڈ پر 2500 غیر قانونی دکانیں مسمار: رپورٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ایمپریس مارکیٹ اور داؤد پوتہ روڈ پر 2500 غیر قانونی دکانیں اور2 منزلہ عمارت مسمار کی گئی۔ حکام نے سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے لیے عملدر آمد رپورٹ تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیشن کارپوریشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدر آمد رپورٹ تیار کرلی۔ 5 سے 15 نومبر تک کراچی میں کیے جانے والے گرینڈ آپریشن کی رپورٹ کمشنر کراچی کو ارسال کردی گئی۔

    رپورٹ کے ساتھ آپریشن کے بعد کی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایمپریس مارکیٹ اور داؤد پوتہ روڈ پر 2500 غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئیں۔ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے لیے 6 آر سی سی بیسمنٹ اور 2 منزلہ عمارت بھی مسمار کردی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سہراب خٹک روڈ پر 480 غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئیں، سرمد شہید روڈ پر 150 تجاوزات، شارع عراق پر 450 ٹھیلے ہٹائے گئے جبکہ اکبر روڈ اور ملحقہ علاقے میں 7500 سن شیڈز توڑے گئے۔

    مزید پڑھیں: 50 سال بعد ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی

    علاوہ ازیں کراچی کے دیگر علاقوں زیب النسا اسٹریٹ، میگزین لائن، عبداللہ ہارون روڈ، راجہ غضنفر علی روڈ اور میر کرم علی ٹالپر روڈ پر بھی تجاوزات مسمار کی گئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دیگر 6 اضلاع میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ٹریفک جام اور بدامنی کا باعث بننے والی تجاوزات کا 15 روز میں خاتمے کا حکم دیا تھا جس کے بعد کراچی کی مقامی انتظامیہ نے گرینڈ آپریشن شروع کیا۔

    آپریشن میں کراچی کی تاریخی ایمپریس مارکیٹ میں بھی کارروائی کی گئی جہاں غیر قانونی دکانوں اور تعمیرات نے اس تاریخی عمارت کے حسن کو گہنا دیا تھا۔

  • اکتوبر میں ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی: اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ

    اکتوبر میں ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی: اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ

    اسلام آباد: اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں پاکستان کی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ دوست ممالک سے ملنے والے قرض سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے پاکستان پر رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں پاکستان کی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ رواں مالی سال میں یہ دوسری بار ہوا ہے۔

    اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ رواں سال ترسیلات زر گزشتہ برس سے زائد رہنے کا امکان ہے، روپے کی قدر میں کمی سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی کرنسی تارکین وطن کے لیے پرکشش ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق گلف ممالک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب سے ترسیلات زر میں 7.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری کھاتوں کے خسارے میں ترسیلات زر سے کمی متوقع نہیں، جاری کھاتے کا خسارہ 18 ارب 30 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔ مالیاتی خسارہ 5.8 فیصد تک ہو جائے گا۔

    اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرضہ پروگرام آئندہ سال کے آغاز سے ملنے کی امید ہے، دوست ممالک سے ملنے والے قرض سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوجائے گا۔

  • محکمہ جیل خانہ جات کا سندھ میں جیلوں کی ابتر صورتحال کا اعتراف

    محکمہ جیل خانہ جات کا سندھ میں جیلوں کی ابتر صورتحال کا اعتراف

    کراچی: محکمہ جیل خانہ جات نے سندھ میں جیلوں کی ابتر صورتحال کا اعتراف کرلیا۔ محکمے کے مطابق 24 سو قیدیوں کی گنجائش والی جیل میں 4 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات نے سندھ کی جیلوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں جیلوں کی ابتر صورتحال کا اعتراف کرلیا گیا۔

    محکمہ جیل خانہ جات کی رپورٹ کے مطابق ہر سال جیلوں میں قیدیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سینٹرل جیل کراچی کی گنجائش 2400 ہے لیکن اس وقت وہاں 4 ہزار 846 قیدی موجود ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کراچی کی ملیر جیل میں گنجائش سے 3 ہزار 449 زائد قیدی موجود ہیں۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ کراچی کے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ جیل کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں ایک ہزار انتہائی خطرناک قیدیوں کے لیے ہائی سیکیورٹی جیل کی تعمیر التوا کا شکار ہے۔

    خیال رہے کہ جیلوں کی ابتر صورتحال سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔ ایک سماعت کے دوران نمائندہ محتسب نے عدالت کو بتایا تھا کہ پاکستان میں 98 جیلیں ہیں۔ جیلوں میں 56 ہزار سے زائد قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ 78 ہزار 1 سو 60 قیدی جیلوں میں موجود ہیں۔

    عدالت نے وفاقی محتسب سے جیل کی بہتری کے لیے تجاویز بھی طلب کی تھیں جس کے لیے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ دی گئی تجاویز اور سفارشات پر عملدر آمد کروانا چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کی ذمہ داری ہے۔

  • جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

    جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ گرفتاریوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ہونے والے احتجاج اور دھرنے کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردی گئی۔

    وزیر اعظم کو دھرنے میں شر پسندی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی پر بریفنگ دی گئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ شرپسندی میں ملوث شناخت کیے گئے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، گرفتاریوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت مسلسل صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ شرپسند افراد کی گرفتاری کے لیے وزارت دفاع سے بھی مدد لی جا رہی ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے حکام سوشل میڈیا پر تلاش کا کام کر رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خادم رضوی کا اکاؤنٹ بھی معطل ہے۔ شر پسندوں کی شناخت کے لیے ویڈیوز اور تصاویر میڈیا کو جاری کی گئیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے دھرنوں اور مظاہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی گئی، جس کے باعث شہریوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ان ہنگاموں میں درجنوں گاڑیاں اور دکانیں جلا کر خوف و ہراس پھیلایا گیا، بعد ازاں مظاہرین کے قائدین سے مذاکرات اور حکومت کی واضح ہدایات کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    وزارت داخلہ کی ہدایت پر سوشل میڈیا پر پھیلنے والی تصاویر اور فوٹیجز کی مدد سے کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں سے اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

  • پاکستان پیٹرولیم کمپنی میں بدعنوانی کی رپورٹ عدالت میں پیش

    پاکستان پیٹرولیم کمپنی میں بدعنوانی کی رپورٹ عدالت میں پیش

    اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم کمپنی (پی پی ایل) میں بدعنوانی و بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی گئی۔ رپورٹ میں برطانوی کمپنی کے اثاثوں کی خریداری میں گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیٹرولیم کمپنی میں بدعنوانی و بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔

    رپورٹ میں برطانوی کمپنی کے اثاثوں کی خریداری میں گھپلوں کا انکشاف ہوا۔

    نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی پی ایل نے اثاثے 12 کروڑ ڈالر کی زائد قیمت پر خریدے، اثاثوں کی مالیت 6 کروڑ ڈالر تھی، 18 کروڑ ڈالر میں خریدے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ نیب نے ذمے داران و ملزمان کے خلاف انکوائری مکمل کرلی۔ انکوائری میں چیک ری پبلک کے شہری کی بطور بینی فشری نشاندہی کی گئی۔

    رپورٹ میں پی ایس او اور آئل کمپنی کے معاہدے پر بھی سوالات کیے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ معاہدے سے آئل کمپنی کو مالی فائدہ پہنچایا گیا۔

    نیب کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریفرنس دائر کیا جائے گا، وزارت پیٹرولیم، پی ایس او، او جی ڈی ایس ایل اور دیگر کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • رواں مالی سال معاشی شرح نمو 4.8 فیصد رہنے کا خدشہ

    رواں مالی سال معاشی شرح نمو 4.8 فیصد رہنے کا خدشہ

    اسلام آباد: عالمی بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4.8 فیصد رہنے کا خدشہ ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری ہی ملکی معاشی مسائل کا حل ثابت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے اپنی جائزہ رپورٹ اور بجٹ کرنچ جاری کردیا ہے جس کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4.8 فیصد رہنے کا خدشہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 سال سے اوسط شرح نمو 5.5 فیصد تک ریکارڈ کی گئی، رواں مالی سال ترسیلات زر میں استحکام متوقع ہے۔

    عالمی بینک کا کہنا ہے کہ جون 2018 کے اختتام پر قرضوں کا بوجھ 73.5 فیصد ہوگیا، پاکستانی معیشت کو قرضوں میں اضافے سے متعلق خدشات لاحق ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مالی سال 2020 میں معاشی شرح نمو ایک بار پھر ساڑھے 5 فیصد ہو جائے گی جس سے مہنگائی میں اضافے اور شرح نمو میں کمی سے غربت مٹانے کے اقدامات اثر انداز ہوں گے۔

    عالمی بینک کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری ہی ملکی معاشی مسائل کا حل ثابت ہوگی۔

  • دوماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود ساڑھے آٹھ فیصد پر پہنچ گئی

    دوماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود ساڑھے آٹھ فیصد پر پہنچ گئی

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کیا گیا، شرح سود ساڑھے آٹھ فیصد پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی سربراہی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شرح سود کو 100بیس پوانٹس تک بڑھایا جائے جس کے بعد شرح سود کو 8اعشاریہ 5 فیصد کردیا گیا جو اس سے پہلے 7اعشاریہ 5فیصد تھی۔

    پاکستان کی سیاسی صورت حال میں قابل ذکر تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں جن کے کاروبار اور صارفین کے اعتماد پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور جس کی عکاسی مختلف سروے سے ہوتی ہے۔

    اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی،بڑے جڑواں خساروں کی بنا پر معاشی صورت حال کے بارے میں خدشات برقرار ہیں کیونکہ امکان ہے کہ اس سے بلند حقیقی معاشی نمو کی پائیداری متاثر ہو گی۔

    اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، خصوصاً مارچ 2018 سے اب تک مالی سال 19کے ابتدائی دو مہینوں میں5.8فیصد کی اوسط سطح پر رہی ہے جبکہ مالی سال 18کی اسی مدت میں یہ 3.2فیصد اور پورے مالی سال18میں اس کی اوسط 3.9 فیصد تھی۔

    تیل کی عالمی قیمتوں میں توقع سے زیادہ بلند اضافہ ملکی گیس کی قیمتوں میں اضافہ، درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹیوں میں مزید اضافہپچھلی کمی کے اثرات کا تسلسل ہے۔

    مالی سال 18 مالی سال 19 میں معاشی سرگرمی کچھ سست رہے گی کیونکہ عمومی معاشی پالیسی میں توجہ استحکام پر مرکوز کی جار ہی ہے۔ مالی سال19میں کپاس کی پیداوار 14.4ملین گانٹھوں کے ہدف سے کم رہنے کی توقع ہے، جس کے زرعی شعبے کی نمو پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔اسٹیٹ بینک کے ذخائر بھی کم ہو کر9.0 ارب ڈالر پر آگئے جو پہلے 9.8 ارب ڈالر تھے۔

  • عدالت نے سعد رفیق کو ایک ماہ جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی

    عدالت نے سعد رفیق کو ایک ماہ جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی

    لاہور : ریلوے خسارہ از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اور  خواجہ سعد رفیق کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تاہم عدالت نے سابق وزیر ریلوےکو ایک ماہ میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ریلوے خسارے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی جس دوران سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر پیش ہوگئے۔

    ریلوے خسارے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اور سابق وفاقی وزیر برائے ریلوے کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔

    چیف جسٹس نے سماعت کے دوران خواجہ سعد رفیق سے استفسار کیا کہ آپ نے آڈٹ رپورٹ دیکھی؟ جس پر خواجہ سعد رفیق نے جواب دیا کہ ہم نے ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، میں یہاں بے عزتی کرانے نہیں آیا۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ خواجہ صاحب کوئی آپ کی بے عزتی نہیں کررہا، ججز کا کوڈ آف کنڈکٹ ہوتا ہے وہ کسی کی بے عزتی نہیں کرسکتے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آج تو آپ گھر سے غصّے میں آئے ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک ہزار صفحات کی آڈٹ رپورٹ پر کیسے جواب جمع کروائیں، وہ کوئی اکاؤنٹس افسر نہیں، مجھے بتائیں کہ کیا میرے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میں نے بدعنوانی کی یا کرپشن کی۔

    سابق وزیر سعد رفیق نے کہا کہ ان کا الیکشن ہے انہیں جواب جمع کروانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی جائے۔

    خواجہ سعد رفیق نے جواب دیا کہ میں غصّے میں نہیں آیا، جواباً چیف جسٹس نے کہا کہ خواجہ صاحب آپ سے جو پوچھا جارہا ہے، آپ وہ بتائیں۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا، میں شاباش لینے آتا ہوں، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ جواب جمع کروائیں، پھر دیکھتے ہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آپ وکیل کریں اور کسی کنسلٹنٹ سے مشورہ کر کے جواب دیں۔  بعد ازاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو ایک ماہ میں جواب جمع کروانے کی مہلت دیتی ہے۔

  • خانہ جنگی کے باعث افغانستان میں رواں برس دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے: اقوام متحدہ

    خانہ جنگی کے باعث افغانستان میں رواں برس دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے: اقوام متحدہ

    نیویارک سٹی: اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جاری خانہ جنگی کے باعث رواں سال دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جنوری سے ستمبر تک افغانستان میں دو لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے کوارڈینیشن دفتر برائے انسانی معاملات نے اپنے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ تیس ہزار وہ افغان شہری ہیں جو صوبہ غزنی میں اگست کے وسط میں ہونے والی لڑائی کی وجہ سے عارضی طور پر بے گھر ہوئے تھے۔

    افغانستان میں ان دنوں طالبان نے حملے بھی تیز کردیے ہیں، قبل ازیں مختلف علاقوں میں جاری تنازعات کے سبب افغانستان میں گزشتہ برس 445,000 سے زائد افراد بے گھر ہوئے تھے۔

    کابل کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں 2 دھماکے، 20 افراد ہلاک

    خیال رہے کہ آج افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں 2 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    واضح رہے کہ علی الصبح بھی عسکریت پسندوں کی جانب سے افغانستان کے دو مختلف صوبوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے تنیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب افغانستان کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے آج امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کا دورہ کیا، وزیر اعظم عمران خان سمیت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔