Tag: report

  • تجارت اور پیداوار بڑھائے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی: ورلڈ بینک

    تجارت اور پیداوار بڑھائے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی: ورلڈ بینک

    اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیداواری صلاحیت میں اصلاحات اور لیبر فورس میں خواتین کی شمولیت کے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کردی، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت پیداواری صلاحیت میں اصلاحات کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان کی معیشت نازک مرحلے پر ہے۔

    عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں مالی وسائل کی تقسیم سے متعلق خرابیاں دور کرنے پر زور دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو سالانہ 6 سے 8 فیصد معاشی ترقی کی ضرورت ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسائل کے اعتبار سے پیداوار نہ ہونا ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے، تمام شعبوں پر ٹیکسوں کو ہم آہنگ کرنے سے معیشت میں بہتری آسکتی ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے کے بجائے مینو فیکچرنگ اور تجارتی شعبے کو بہتر کیا جائے، تجارتی پالیسی سے برآمدی شعبوں میں برآمد مخالف رویوں کو ختم کیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں 22 فیصد خواتین ملازمت کرتی ہیں اس شرح کو بڑھانا چاہیئے، خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت سے ترقی میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔ خواتین کے لیے روزگار کے 73 لاکھ مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق ملک میں خواتین کو روزگار کی فراہمی سے جی ڈی پی کی شرح 23 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

    عالمی بینک نے پاکستان کا بنیادی مسئلہ نجی حکومتی اخراجات پر انحصار قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جنرل سیلز ٹیکس کو ہم آہنگ کرنا اور بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 دہائیوں میں پاکستان میں فی کس خام قومی پیداوار کی شرح کم رہی، پائیدار ترقی کے لیے دیرینہ عدم توازن کا مسئلہ ہنگامی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔

  • نئے سال کا پہلا مہینہ : مہنگائی میں کتنا اضافہ ہوا ؟ رپورٹ نے ہوش اڑادیے

    نئے سال کا پہلا مہینہ : مہنگائی میں کتنا اضافہ ہوا ؟ رپورٹ نے ہوش اڑادیے

    اسلام آباد : ادارہ بیورو شماریات نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق جنوری2023 میں مہنگائی کی شرح میں 2.90فیصد اضافہ ہوا۔

    ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جنوری میں مہنگائی کی شرح 27.55فیصد رہی جبکہ گزشتہ سال جولائی سے جنوری تک مہنگائی کی شرح 25.40فیصد تک رہی۔

    ماہ جنوری میں چکن 24.6، گندم 16.4 ،چاول 14.1 فیصد مہنگے، آٹا13.2، گندم کی مصنوعات 11.7،پیاز 9.7فیصد مہنگی جبکہ پھل 5.1 ،انڈے 4.3 فیصد مہنگے ہوئے۔

    ادارہ شماریات کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ جنوری 2022کے مقابلے میں جنوری 2023 میں پیاز 468.5فیصد مہنگی ہوئی، ایک سال میں چکن 83.2 ، گندم 78.3 ، چاول 65.2 فیصد مہنگے ہوئے۔

    اس کے علاوہ ایک سال میں آٹا 61.2 ، چنے 50.7 ،دال مونگ 46 فیصد ، چنا 44.5 ، بیسن 43.2 ، دال ماش 37.1 فیصد مہنگی اور پھل 35.3 ، کوکنگ آئل 31.4 ، دودھ 29.2 اور گھی 28.4 فیصد مہنگا ہوا۔

    ادارہ بیورو شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں اسٹیشنری 47.3، ٹرانسپورٹ 29.9، موٹرفیول 47.9 مہنگا اور علاج معالجہ 12.5 اور تعلیم 11.2 فیصد مہنگی ہوئی۔

  • ملک میں بجلی کی پیداوار، گیس کے ذخائر میں کمی: رپورٹ

    ملک میں بجلی کی پیداوار، گیس کے ذخائر میں کمی: رپورٹ

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے بی ڈی) کا کہنا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں 155 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، پاکستان میں سالانہ گیس کے ذخائر میں بتدریج کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک (اے بی ڈی) نے سینٹرل ایشیا ریجن اکنامک کوآپریشن انرجی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی، اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں 155 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے جیسے شدید مسائل کا سامنا ہے، پاکستان کو توانائی کے شعبے میں ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کے مسائل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان میں توانائی کا شعبہ ایکسپلوریشن نہ ہونے کے باعث درآمدی فیول پر منحصر ہے، پاکستان میں 3.0 ٹیرا واٹ بجلی متبادل توانائی کے ذرائع سے پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 2015 سے پاکستان میں متبادل توانائی کے ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہو رہی ہے، پالیسی کے فقدان کے باعث پاکستان میں ایکسپلوریشن میں سرمائے میں فقدان ہو رہا ہے۔

    سنہ 2019 میں پاکستان میں مقامی تیل کی پیداوار 40 لاکھ ٹن تھی، پاکستان میں سالانہ گیس کے ذخائر میں بتدریج کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ توانائی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان سالانہ 15 لاکھ ٹن کوئلہ درآمد کر رہا ہے، پاکستان میں تقریباً 3 ارب ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہیں۔

  • ارشد شریف قتل کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات

    ارشد شریف قتل کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات

    اسلام آباد : ارشد شریف قتل کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ارشد شریف کو ایک منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ارشد شریف قتل کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں تہلکہ خیز انکشافات کئے گئیے ہیں۔

    فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ارشد شریف کو ایک منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا اور ارشد شریف مقدمات ،ان سے جڑے خطرات کی وجہ سےملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

    فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بظاہر ارشد شریف کو یواےای اے چھوڑنے پر بھی مجبور کیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا ہے کہ فیصل واوڈا کوبھی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے طلب کیا، فیصل واوڈا نےفیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو نہ شواہد دیے اور نہ ہی بیان جمع کرایا۔

    رپورٹ کے مطابق فیصل واوڈا نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سے تحریری سوالنامہ مانگا تاہم انھوں نے سوالنامے کا تاحال جواب جمع نہیں کرایا۔ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کا زیادہ تر حصہ لوگوں سے کیےگئے انٹرویو پر مشتمل ہے۔

  • مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں 2 افراد کی ہلاکت: علاقے میں پولیس سروس 15 موجود نہیں

    مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں 2 افراد کی ہلاکت: علاقے میں پولیس سروس 15 موجود نہیں

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کی ہلاکت کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پولیس سروس 15 کی سہولت دستیاب نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کی ہلاکت کے معاملے پر محکمہ انسانی حقوق کی تشکیل کردہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پولیس سروس 15 کی سہولت دستیاب نہیں، مچھر کالونی کرائم منشیات اور ڈرگ مافیا کا گڑھ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہجوم کی ہینڈلنگ کے بارے میں پولیس کو تربیت دی جانی چاہیئے، جھوٹی افواہ پھیلانے والوں کے خلاف تحقیقات اور ایکشن لیا جائے، ادارے عوام میں افواہوں کی تصدیق کرنے کے متعلق آگاہی پھیلائیں۔

    رپورٹ میں دی گئی سفارشات میں کہا گیا کہ تمام ملزمان کی گرفتاری، شفاف ٹرائل اور سخت سزاؤں کو یقینی بنایا جائے، ملازمین حفاظتی تدابیر کےحوالے سے تربیت یافتہ ہونے چاہئیں۔

  • بڑی صنعتوں کی پیداوار: ادارہ شماریات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    بڑی صنعتوں کی پیداوار: ادارہ شماریات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    اسلام آباد : ادارہ برائے شماریات نے مجموعی طور پر ملکی معاشی سرگرمیوں میں سست روی کا عندیہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار کے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق جولائی تا ستمبر بڑی صنعتوں کی پیداوار0.4 فیصد گر گئی۔

    رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر بڑی صنعتوں کی پیداوار0.4فیصد گرگئی، ستمبر میں سالانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار0.01فیصد بڑھی۔

    ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ماہ ستمبر میں ماہانہ بنیادوں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں0.1فیصد اضافہ جبکہ جولائی تا ستمبر غذائی شعبے کی پیداوار6.2فیصد کم ہوئی۔

    اس کے علاوہ تمباکو سیکٹر کی پیداوار31.2فیصد گری، ٹیکسٹائل شعبے کی پیداوار3.3فیصد کم ہوئی اور شعبہ ادویات سازی کی پیداوار29فیصد کم ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر مشروبات شعبے کی پیداوار3فیصد بڑھی، کیمیکل مصنوعات کی پیداوار میں6.9فیصد اور فرٹیلائزر شعبے کی پیداوار میں2.2فیصد کا اضافہ ہوا۔

    ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا ستمبر فرنیچر شعبے کی پیداوار126.6فیصد اور آئرن اور اسٹیل شعبے کی پیداوار4.9 فیصد تک بڑھی۔

  • پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سینکڑوں پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ محکمے نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں 306 پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ تعلیم حافظ ابراہیم کے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق صوبے میں 275 پرائمری، 27 مڈل اور 4 ہائی اسکولز کو فعال نہیں کیا جاسکا۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی 3 پرائمری اسکولز بند ہیں۔

    حافظ ابراہیم کے مطابق محکمہ تعلیم نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور ان کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، محکمہ تعلیم نے گزشتہ چند سال کے دوران درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔

  • ڈالر کی قیمت کم ہونے کے بعد پھر سے بڑھنا شروع

    ڈالر کی قیمت کم ہونے کے بعد پھر سے بڑھنا شروع

    کراچی: امریکی ڈالر کی قیمت میں اچانک کمی کے بعد ایک بار پھر اس کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، بدھ کے روز ڈالر کی قیمت 220 روپے پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز 19 اکتوبر 2022 بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔

    ابتدا میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 29 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 221 روپے کا ہوگیا۔

    دن کے اختتام تک انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی مجموعی قیمت میں 1 روپے 17 پیسے روپے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 220 روپے 88 پیسے پر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینک 221 روپے 35 پیسے میں ڈالر فروخت کر رہے ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 226 سے 229 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد دیکھی جارہی تھی۔

    وزرات خزانہ کی سٹے بازی پر کڑی نگاہ رکھنے اور ہر قسم کے زرمبادلہ کے لین کی مانیٹرنگ کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بلا جواز ڈالر کی خریداری سرگرمیاں منجمد ہوگئیں۔

    تاہم اب ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر بتدریج اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔

    بینکوں کی ناجائز منافع خوری

    دوسری جانب ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے دوران نجی بینکوں نے خوب فائدہ اٹھایا، نجی بینکس نے اس دوران 56 ارب روپے کا منافع کمایا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے پر اسٹیٹ بینک نے نجی بینکوں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے 8 نجی بینکوں کو نوٹسز بھی جاری کردیے ہیں، اسٹیٹ بینک کی تحقیقاتی رپورٹ جلد مکمل ہوجائے گی جو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی جائے گی۔

  • ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    لاہور: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 27 فیصد زائد تیل امپورٹ کیا گیا، قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی، اوگرا کا کہنا ہے کہ مالی سال 21-2020 کے دوران 27.82 فیصد زائد تیل درآمد کیا گیا۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی، قدرتی گیس کی پیداوار کم ہو کر 2 ہزار 6 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی۔

    اوگرا کے مطابق مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں 14.48 فیصد اضافہ ہوا، ریفائنریز میں تیل کی پیداوار سال 21-2020 میں 9.3 سے بڑھ کر 10.66 ملین ٹن رہی۔ مقامی ریفائنریز سے ایل پی جی کی پیداوار میں 25.32 فیصد اضافہ ہوا۔

    اوگرا رپورٹ میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ میں 12.95 فیصد اضافہ ہوا، پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ 17.63 سے بڑھ کر 19.92 ملین ٹن ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق قدرتی گیس سے پنجاب کو 52 فیصد حصہ یعنی 14 سو 26 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے، سندھ کو 39 فیصد حصہ یعنی 1 ہزار 52 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے۔

    رواں مالی سال کے دوران سندھ کو گیس کی سپلائی میں 40 سے 45 فیصد کٹوتی کی گئی، پختونخواہ کو 12 سے 13 فیصد، بلوچستان کو 11 فیصد اور پنجاب کو گیس سپلائی کی صرف 3 فیصد کٹوتی کی گئی۔

  • ڈالر کی قیمت میں مزید کمی

    ڈالر کی قیمت میں مزید کمی

    کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی جاری ہے، آج ڈالر کی قیمت مزید 3 روپے کم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز 12 اگست 2022 جمعے کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوئی۔

    دن کے آغاز پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 93 پیسے سستا ہو کر 215 روپے پر پہنچ گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 213 سے 217 روپے میں فروخت ہوا۔

    دن کے اختتام تک مجموعی طور پر ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے کمی ہوئی اور ڈالر 215 روپے 49 پیسے پر بند ہوا۔

    خیال رہے کہ شہباز شریف حکومت کے 3 ماہ کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں 54 روپے اضافے ہوا جس سے غیر ملکی قرضوں کے حجم میں ساڑھے 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

    جولائی کے مہینے میں روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 17 فیصد کم ہوئی۔

    تاہم اب ڈالر کی قیمت کم ہونا شروع ہوگئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ 28 جولائی کے 239 روپے 94 پیسے کے مقابلے میں اب تک انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 18 روپے 3 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    3 اگست سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوئی اور روپے کی قدر یومیہ بنیاد پر بہتر ہوتی گئی۔