Tag: report

  • کراچی ائیرپورٹ سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

    کراچی ائیرپورٹ سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

    لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے ،جلد منظر عام پر بھی لایا جائے گا۔

    علامہ اقبال انٹرنیشل ائیرپورٹ کے حج ٹرمینل کی تزئین آرائش کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شجاعت عظیم نے کہا کہ ائیرپورٹ کولڈ اسٹوریج میں کسی شخص کی ہلاکت نہیں ہوئی، مرنے والے آٹھوں افراد کا تعلق نجی کمپنی جیری دناتا سے تھا جو الگ کمرے میں بند تھے اور انکی نشاندہی دہشت گردی حملے کے وقت نہیں کی جس پر تحقیقاتی رپورٹ میں ہلاکتوں کی ذمہ داری ائیرپورٹ مینجر اور جیری دناتا پر عائد کی گئی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ جیری دناتا کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا کہ مرنے والوں کا معاوضہ جلد ادا کیا جائے ۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ مینجر کو ہدایت کی گئی تھی کہ حملے کے بعد وہ مسلسل ائیرپورٹ پر رہیں مگر ایسا نہیں کیا گیا،ائیرپورٹ پر کیمیکل کے ڈرم بھی موجود تھے جن کی نشاندہی کرنے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی ناکام رہی تھی

  • پاکستان میں سالانہ اٹھارہ سو ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف

    پاکستان میں سالانہ اٹھارہ سو ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف

    اسلام آباد: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان میں سالانہ اٹھارہ سو ارب روپے کی ٹیکس چوری کئے جانے کا انکشاف کیا ہے۔ ٹرانسپیرانسی انٹرنیشنل کے مطابق ملک میں دو ہزارارب روپے سالانہ سے زائد کی ٹیکس چوری ہورہی ہے۔

    ٹرانسپیرانسی انٹرنیشنل کے مطابق ایف بی آرکے سینئر افسر نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں سالانہ اٹھارہ سو ارب روپے سے زائد کی ٹیکس چوری ہورہی ہے۔

    رپورٹ کارروائی کے لئے وزیراعظم میاں نوازشریف، وزیر خزانہ اور نیب کو بھجوادی گئی ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹیکس چوری میں ملوث تین لاکھ سے زائد لوگوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار افراد کو نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ بقیہ کو رواں مالی سال نوٹسسز جاری کئے جائیں گے۔

    سب سے زیادہ ٹیکس چوری فنانس اینڈ انشورنس کے شعبے میں ہورہی ہے۔ پاکستان میں سروسز سیکٹر کی طرف سے ٹیکس کمپلائنس کی شرح بہت کم ہے اور اس میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ بھاری ٹیکس شرح ملک میں ٹیکس چوری کی بڑی وجہ ہے۔